ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) کے الیکٹرک کی جانب سے ’پلانٹ فار پاکستان‘ پروگرام کے تحت این ای ڈی یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔
اس تین روزہ مہم کے دوران ہزاروں طلباء و طالبات نے شرکت کی اور ہر طالب علم نے ایک درخت لگانے اور اس کی دیکھ بھال کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر کے الیکٹرک کی جانب سے یونیورسٹی میں 6000سے زائد پودے تقسیم کیے گئے اور 300سے زائد پودے لگائے گئے۔
گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کے الیکٹرک کی پالیسی کے تحت ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کے آغازسے اب تک 62,000 درخت لگائے جا چکے ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) سندھ یونیورسٹی جامشورو میں انسٹیٹیوٹ آرٹ اینڈ ڈیزائن میں بغیر اشتہار بغیر امتحان اور انٹرویو کے نا اہل افراد کو مختلف ا سامیوں پرتعینات کردیا گیا ۔
لیٹر نمبر ADMIN/TEACH/883 زیر دستخط رجسٹرار محمد سلیم چانڈیو جاری ہوا جس کے مطابق مختلف پوسٹوں پر ٹیکنیکل اسسٹنٹ ، ریسرچ اسسٹنٹ، ماسٹر کرافٹ مین، وزیٹنگ فیکلٹی اور اسٹوڈیو ٹیکنیشن کی اسامیوں پر میرٹ کے خلاف تقرریاں کی گئی ہیں۔
لیٹر میں یونیورسٹی کے پہلے سمسٹربرائے سال 2017کیلئے عبدالمجید سومرو کو 400روپے فی لیکچر کے حساب سے وزیٹنگ فیکلٹی مقرر کیا گیا ہے جبکہ اُنکے پاس متعلقہ شعبے کی ڈگری ہی نہیں ہے ۔
فتح داؤد پوٹہ نامی شخص کو500 روپے کے حساب سے وزیٹنگ فیکلٹی مقرر کیا گیا ہے جبکہ موصوف کے پاس کوئی کلاس ہی نہیں ہے اور انکی ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی متنازع ہے ۔
مس شیخ ر باب علوی کو بھی بغیر اشتہاربغیر انٹرویو بغیر امتحان کے 400روپے فی لیکچر کے حساب سے وزیٹنگ فیکلٹی مقرر کردیا گیا ہے ۔
ولی الله میرانی کو بھی 400روپے فی لیکچر کے حساب سے وزیٹنگ فیکلٹی مقرر کردیا گیا ہے۔
سعید احمد لاکھو کو 20000ہزار روپے ماہوار پر ٹیچنگ اسسٹنٹ مقرر کیا گیا ہے،امجد علی منگی کو 10000 ہزار روپے ماہوار پر اسٹوڈیو ٹیکنیشن مقرر کیا گیا ہے ۔
انکے علاوہ کئی اسامیوں پر تعینات ہونے والے مختلف اساتذہ اور انتظامی افسران کے رشتے دار بتائے جاتے ہیں ۔
رابطہ کرنے پر شیخ الجامعہ سندھ یونیورسٹی جامشورو پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مذکورہ واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کر تے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔
اس موقع پر ترجمان نادر مغیری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت میرٹ کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کرتے وہ حقدار کو اسکا حق دیتے ہیں انہوں نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور بہت جلد تحقیقات کرکے میرٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کرینگے ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(سندھ)سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہو گئی،لیکن وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ داخلہ کی توسیع سے متعلق سمری پر دستخط نہیں کئے جبکہ پیپلز پارٹی رینجرز کے خصوصی اختیارات کو محدود کرنے کیلئے اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہو گئی ہے لیکن رینجرز اختیار کی توسیع کے معاملے پرسندھ حکومت ایک بار پھر شش و پنج کا شکار ہے۔ رینجرز کو چھاپوں اور گرفتاریوں کیلئے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ مل سکی۔آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں کی گمشدگی کے بعد اور اہم افراد کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے پر سندھ حکومت رینجرز کو اختیارات دینے میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آتی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے پانچ اپریل کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رینجرز کے خصوصی اختیارات میں نوے روز کی توسیع کیلئے سمری ارسال کی تھی لیکن نو روز گزرنے کے بعد بھی سمری پر دستخط نہیں ہو سکے۔آخری مرتبہ رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں پندرہ جنوری کو نوے روز کیلئے توسیع کی گئی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات 2017جو کہ 28اپریل سے شروع ہو رہے ہیں بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد کے مطابق پہلے مرحلے کے امتحانات دونوں شفٹوں میں لئے جائیں گے۔
سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، جنرل سائنس، میڈیکل ٹیکنالوجی اور ہوم اکنامکس صبح کے اوقات میں لئے جائیں گے
جبکہ دوسری شفٹ میں کامرس ریگولر و پرائیویٹ دوپہر کے اوقات میں لئے جائیں گے، پہلے مرحلے میں صبح کی شفٹ میں 103727جبکہ دوپہر کی شفٹ میں 78305طلباء و طالبات کی شرکت متوقع ہے اس طرح پہلے مرحلے کی مجموعی تعداد 183302ہے صبح کی شفٹ میں طلباء کیلئے 67سینٹرز اور طالبات کیلئے 52سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
جن کی مجموعی تعداد 119 ہے اسی طرح دوپہر کی شفٹ میں طلبا کیلئے 60 اور طالبات کیلئے 45سینٹرز مقرر کئے گئے ہیں جن کی مجموعی تعداد 105 ہے۔
کامرس پرائیویٹ، امپروومنٹ آف ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹ کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز ان کے دیئے ہوئے رہائشی پتوں پر روانہ کر دیئے گئے ہیں۔
جبکہ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس، ہوم اکنامکس، میڈیکل ٹیکنالوجی اور کامرس کے ریگولر امیدواروں کےایڈمٹ کارڈ 19اپریل تک ان کے متعلقہ کالجوں میں روانہ کر دیئے جائیں گے۔
ماڈل پیپرز کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ماڈل پیپر میں امتحانی پرچوں کا پیٹرن مکمل تبدیل نہیں کیا گیا ہے بلکہ موجودہ پیٹرن کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) موسم کی ستم ظریقی کے ساتھ ہی ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کی حکومت کے چار سال مکمل ہونے کو ہیں اور موجودہ موسم گرمااس کے لیے انتہائی اہم ہے ،سوال یہ ہے کہ کیا حکومت لوڈشیڈنگ میں کمی کے وعدے پورے کر پائے گی ؟
اب تک تو مر حلہ وار لوڈ شیڈنگ میں کمی کے وعدے پورے ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ،شہروں میں 4اور دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بات آگے نکل چکی ہے۔
شہروں میں 8سے 10جبکہ دیہی علاقوں میں 12سے14گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں، پارہ چڑھنے کے ساتھ ہی وزارت پانی وبجلی میں قائم وفاقی شکایت سیل میں فون پہ فون آ رہے ہیں۔
انچارج وفاقی شکایت سیلم مشتاق شاہ کے مطابق کچھ دنوں سے لوڈ بڑھ گیا ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کے مطابق صورتحال پن بجلی کی قلت کے باعث پیدا ہوئی ،مگر انہیں امید بھی ہے کہ اپریل کے آخر یا مئی کے شروع میں پانی اور دیگر ذرائع سے4 سے ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی اور صورتحال بہتر ہوجائے گی،جس کے بعد لود شیڈنگ شہروں میں3 سے 4 اور دیہی علاقوں میں 5 گھنٹے تک واپس آجائے گی۔
ملک میں ان دنوں بجلی کا شارٹ فال اوسطاً 4 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہے ، بجلی کی پیداوار ساڑھے 12 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب ساڑھے 16 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہے۔
پانی سے 2800 سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 2200 جبکہ نجی بجلی گھروں سے ساڑھے 7 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) منیجنگ ڈائریکٹر کیرج فیکٹری اسلام آباد محمد یوسف نے کہا ہے کہ کیرج فیکٹری اپنے قیام سے لیکر ابتک 2363 نئی ریل کوچز تیار کرنے سمیت 1020 پرانی ریل کوچز کو از سرے نو مرمت کر چکی ہے۔
جبکہ فیکٹری میں سالانہ 120اور ہر ماہ 10 نئی کوچز کی تیار ی کا عمل جاری ہے اور یہ کوچز پاکستان ریلوے کے سکواڈ کا حصہ بن رہی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوارمیں حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے فیکٹری بحرانی کیفیت سے دوچاررہی2010ءاور 11میں پیداواری صلاحیت ختم ہو کر رہ گئی ۔
مگر اب موجودہ حکومت نے ریلوے کی اہمیت کو مد نظررکھتے ہوئے کیرج فیکٹری کو مکمل طور فعال کر دیا ہے۔
اس وقت فیکٹری میں تمام ملازمین کی تعداد 1735ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک کوچ کی تیاری پر 1کروڑ10لاکھ اخراجات آتے ہیں اور خرچہ فی کوچ چار ماہ میں پوری کرلیتی ہے

 

ایمز ٹی وی (تجارت) ایشیاکی مرکزی ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ میں حصص کے بھاؤگر گئے۔
ذرائع کے مطابق کاروبار ہفتے کے آخری روز جمعہ کو ٹوکیو اسٹاک کا بنچ مارک نکئی 225 انڈیکس 0.34 فیصد ڈاؤن کے ساتھ 18,345.68 پر اور ٹاپکس انڈیکس 0.51 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 1,460.89 پر بند ہوا۔
ڈالر کی ٹوکیو فوریکس میں شرح تبادلہ 109.14 ین رہی۔ہانگ کانگ،سڈنی،سنگا پور اور ممبئی کی اسٹاکس اور دوسری مالیاتی مارکیٹس عوامی تعطیلات کی وجہ سے جمعہ کو بند رہیں۔
 

 

ایمز ٹی وی (صحت) اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ قحط کے شکار صومالیہ میں ہیضےکی وبا پھیل رہی ہے اور اس سے ملک میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہونے کا خطرہ اب بہت ہی قریب ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز کے بعد ہیضے کی بیماری سے21 ہزار افراد متاثر ہوئے جن میں سے 533 ہلاک ہو گئے۔
ریڈ کراس نے بھی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ صرف گزشتہ چند دنوں میں صومالی لینڈ کے نیم خود مختار علاقے میں ہیضے سے28 افراد ہلاک جبکہ دیگر 170 اسپتال میں داخل ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ہیضے سے ہلاک ہونے والوں کی شرح اموات 2اعشاریہ3 فیصد ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 62 لاکھ افراد جو صومالیہ کی آبادی کا نصف سے بھی زیادہ ہیں نہیں فوری امداد کی بھی ضرورت ہے۔ ان میں سے لگ بھگ29 لاکھ افراد شدید بھوک کا شکار ہیں ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شہزاد اختر نے کہا ہے کہ میٹرک آرٹس کے پرامن امتحان کرانے پر چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹرسعید مبارک باد کے مستحق ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیک کے مرکزی آفس ڈی ایچ اے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں میٹرک آرٹس امتحان اورہیٹ اسٹروک سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ میں مستقل سیکرٹری اورکنٹرولر کی عدم موجودگی کے باوجود میٹرک آرٹس امتحان میں بہترین اقدامات کر کے ڈاکٹر سعید نے اچھی مثال قائم کی ہے۔
بورڈ کے اس طرح کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
اس موقع پر ممبر میٹرک بورڈ غلام عباس بلوچ نے ڈاکٹرسعید کی تعریف کی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن( آپٹما) کے مرکزی چیئرمین عامر فیاض نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ تین ماہ قبل وزیر اعظم نے برآمدی سیکٹرکیلئے 180ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ۔
لیکن ابھی تک اس حوالہ سے کسی بھی صنعتکارکو ایک روپیہ بھی نہیں ملا جس سے کاروباری برادری کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔
ایک طرف برآمدی صنعت کو پیداوار بڑھانے کا کہا جاتا ہے اور دوسری طرف ان سے کئے وعدے بھی پورے نہیں کئے جاتے تو پھر اعلانات پر پیداوار کیسے بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفنڈ کی ادائیگیوں کے احکامات کو واپس لینے پر چیئرمین ایف بی آر سمیت اس سے متعلقہ تمام افسر استعفیٰ دیں ، ایف بی آر حکومت کی ساکھ کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔ صنعتوں کیلئےگیس کی قیمت دوسرے صوبوں کے برابر کی جائے۔