ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(صحت) حسینی ھیموٹیالوجی سینٹر قلندریہ چوک نارتھ ناظم آباد میں تھلسیمیا فیڈریشن سندھ کے تعاون سے تھلیسمیا کی بیماری سے آگاہی اور اس کے جدید طریقہ علاج پر سیمینار منگل 18اپریل کو صبح 9بجے منعقد ہوگا۔ جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ حکومت سندھ ڈاکٹر توفیق اور ڈاکٹر زاہد انصاری ہونگے جبکہ ڈاکٹر جواریہ منان ،ڈاکٹر سرفراز حسین جعفری، ڈاکٹر عادل ،ڈاکٹر سلمان ،ڈاکٹر ثاقب انصاری اور دیگر ماہرین اظہار خیال کرینگے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی وی یا لاؤڈ اسپیکر سے دور بیٹھے ہوئے اپنی پسندیدہ موسیقی چلانا تو کوئی انہونی بات نہیں، تاہم انسان کی سوچ یا اس کے دماغ میں اٹھنے والی لہروں کی مدد سے موسیقی چلنے لگے تو یقینا یہ تعجب دلانے والی بات ہوگی۔ مگر آنے والے سال میں یہ تعجب دلانے والی بات حقیقت بن جائے گی۔ جی ہاں لندن کے نیورو سائنس کے ماہرین، موسیقار اور کمپنیز ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کرنے میں مصروف ہیں جو دماغ میں اٹھنے والی لہروں کو پڑھ کر موسیقی چلانے کے قابل ہوگا۔ یہ ایک ایسا سافٹ ویئر ہوگا جس میں مختلف طرز کی موسیقی محفوظ ہوگی، اور یہ سافٹ ویئر ایک مختلف الیکٹرانک ہیڈ فون سے منسلک ہوگا۔ الیکٹرانک ہیڈ فون میں انسانی دماغ میں اٹھنے والی لہروں کو سمجھنے یا پڑھنے کی صلاحیت ہوگی، اور وہ ہیڈ فون اٹھنے والی لہروں کو سافٹ ویئر تک پہنچائے گا، جس کے بعد سافٹ ویئر ان لہروں سے مطابقت رکھنے والی موسیقی چلانا شروع کردے گا۔ رائل ہاسپیٹل فار نیورو ڈس ایبلٹی (آر ایچ این) لندن کے ماہرین گزشتہ 2 سال سے ایسا سافٹ ویئر تیار کرنے میں مصروف ہیں، جو دماغی لہروں کی مدد سے موسیقی چلانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ ماہرین نے اس سافٹ ویئر کو ابتدائی شکل دے دی ہے، اور اس کے مختلف تجربات بھی کرلیے، مگر تاحال اسے حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ ماہرین نے اس سافٹ ویئر کی مرگھی، نیند کی خرابی کی شکایات والے مریضوں اور دیگر دماغی امراض میں مبتلا افراد کے اوپر آزمائش بھی کی جو کامیاب ثابت ہوئی۔ ماہرین کو امید ہے کہ یہ سافٹ ویئر دماغی امراض میں مبتلا افراد کو سکون فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اس سافٹ ویئر کی تیاری کا خاص مقصد بھی ایسے ہی افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)عراق کے سفیر ڈاکٹر علی الرحمانی نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے سی ای او احسن مختار زوبیری کے ہمراہ اقراء یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انھیں یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں اورنئی نسل کیلئے جدید دور کے مطابق پاکستان اور دنیا میں بڑے پیمانے پر انسانی سرمائے کی ضرورت سے متعلق آگاہی فراہم کیے جانے کے حوالے سے بتایاگیا ۔ اقراء یونیورسٹی کے نائب صدرنے عراقی سفیر کا استقبال کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ بزنس ایڈمنسٹریشن فکلٹی ، انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی فکلٹی کے ڈینز اور ایکٹنگ رجسٹرار بھی موجود تھے۔ a

 

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو معذور افراد کی مدد کے لیے الیکٹرک وہیل چیئر بھی دنیا میں آچکی ہیں، جن کی مدد سے ان افراد کو نقل و حرکت کرنے میں مدد ملی ہے، تاہم اب معذور افراد کی آسانی کے لیے ایک ایسی الیکٹرک وہیل چیئر بنائی جا رہی ہے، جو سیڑھیوں سمیت ایسے دشوار گزار راستوں سے بھی گزر سکے گی، جن سے گزرتے وقت انہیں کسی انسان کی ضرورت پڑتی تھی۔ سوئس یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے تیار کی جانے والی اس الیکٹرانک وہیل چیئر کو ’سکیوو‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسے پیٹریون نامی ادارے کے ماتحت بنایا جارہا ہے۔ یہ ادارہ جدید الیکٹرانک آلات تیار کرنے سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجی کے حامل آلات تیار کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ویل چیئر نہ صرف سیڑھیوں بلکہ دشوار گزار راستوں پر بھی چلنے کی اہلیت رکھتی ہے، جب کہ یہ خراب موسم اور گیلے رستے پر بھی چلنے کے قابل ہے۔ سکیوو نامی اس وہیل چیئر کے نیچے فوجی ٹینک جیسی چین لگی ہوئی ہے، جو ہر طرح کے ناہموار راستے سمیت گیلے یا کیچڑ سے لدے ہوئے راستے پر بھی چلنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس وہیل چیئر کو ابتداء میں ایک تعلیمی منصوبے کے لیے بنایا گیا تھا، تاہم اب اسے عام افراد کے لیے تیار کرکے فروخت کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ادارے کے مطابق ان وہیل چیئرز کو 2018 میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا جبکہ کمپنی اسے آن لائن فروخت کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔a

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول مشرف کالونی کی طالبات کا ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا، طلبہ کا پیر کو پرچہ ہے تاہم اسکول نے طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں کئے جس کی وجہ سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے ۔ دوسرے مرحلے کے تحت ہفتے کو سائنس گروپ کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے، امتحانات کے پہلے روز امتحانی مر کز کی بجلی نہ ہونے پر والدین نے چیئر مین میٹر ک بورڈ کی گاڑی روک کر احتجاج کیا۔ امتحانی مرکزگورنمنٹ کمپری ہینسوگرلز اسکول نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں امتحانات کے دوران بجلی منقطع ہونے پروالدین سراپا احتجاج ہوگئےاور انہوں نے نعرے بھی لگائے۔ اسکول کی بجلی کئی ماہ سے منقطع ہونے کے باوجود اسے امتحانی مرکز بنادیا گیاجس کی وجہ سے طالبات گرمی میں امتحان دینے پر مجبورہیں ، والدین سے یہ ستم دیکھا نہ گیا تو وہ سراپا احتجاج ہوگئے جبکہ ا متحانی مرکز کے باہر سے لڑکوں کو بلا کر طالبات کو پانی پلانے پر بھی والدین نے اعتراض کیا۔ والدین نے احتجاجاً چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعیدالدین کی گاڑی روک دی، چیئرمین نے گاڑی سے اتر کر والدین کی شکایات سنی اور شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ والدین کا احتجاج رنگ لایا اور امتحانی مرکز کی بجلی ایک گھنٹے بعد بحال ہوگئی۔چیئر مین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات کے دوران امتحانی مرکز کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے کے الیکٹرک کو خط ارسال کیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ سندھی کے تحت اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے تعاون سے ’’پاکستانی ادب میں امن و محبت کا پیغام‘‘ کے موضوع پر 19سے20اپریل صبح10سے شام4بجے تک ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم گلشن اقبال کیمپس میں دو روزہ پانچویں قومی ادبی کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ پروگرام کے چیئرمین و سیکریٹری ڈاکٹر عنایت حسین لغاری ہیں۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کریں گے جبکہ مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید سردار علی شاہ اور رئیس کلیہ آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین ہوں گے۔ کانفرنس کی پہلی نشست کی صدارت کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نواز علی شوق،ڈاکٹر شکیل احمد فاروقی،رئیس کلیہ آرٹس سندھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نور افروز خواجہ اور اکادمی ادبیات پاکستان کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر قادر بخش سومروں ہوں گے ۔ چیئرمین شعبہ کیمیکل انجینئرنگ مہران یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید فرمان علی شاہ رضوی،نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ڈاکٹر امجد بھٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر حاکم علی برڑو اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر سکینہ سموں مقالہ جات پیش کریں گے۔ کانفرنس کی دوسری نشست کی صدارت لاہور یونیورسٹی شعبہ اردوکے پروفیسر ڈاکٹر علمدار حسین،مہمان خصوصی جامعہ کراچی کے سابقہ چیئرمین شعبہ سندھی پروفیسر ڈاکٹر خورشید عباسی،مہمان اعزازی شاہ عبداللطیف بھٹائی یونیورسٹی خیر پور کے سابقہ چیئرمین شعبہ سندھی پروفیسر ڈاکٹر ادل سومروہوںگے جبکہ سابقہ پرنسپل گورنمنٹ کمرشل انسٹیٹیوٹ پروفیسر اللہ بچایو آریسر،ڈی جے سائنس کالج کے ڈاکٹر قدیر احمد کاندھڑو،جامعہ کراچی شعبہ سندھی کے ڈاکٹر شیر مہرانی مقالے پیش کریں گے ۔کانفرنس کے دوسرے روز پہلی نشست کی صدارت محکمہ ثقافت ، سیکریٹری سیاحت و نوادرات سندھ اکبر لغاری اور مہمان خصوصی بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے ڈاکٹر نسیم اختر ہوں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(ما نیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے کسانوں کی مدد کرنے والا انوکھا روبوٹ بنایا ہے جو کسی سلوتھ کی طرح جھولتا رہتا ہے اور اسے ’’ٹارزن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ کسی بلند تار یا الگنی پر یہ روبوٹ سسست رفتاری سے سفرکرنے والے جانور سلوتھ کی طرح جھولتا ہوا آگے بڑھتا ہے اور اس دوران یہ سورج سے توانائی حاصل کرتا رہتا ہے اور کسی انسانی مداخلت کے بغیر اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ ماہرین نے اسے کچھ اس طرح ڈیزائن کیا ہے کہ یہ مستقبل میں ازخود کئی کام کرسکے گا۔ اسے بنانے والے انجینئر کا کہنا ہےکہ اس سے فصلوں پر دیر تک نظر رکھنے، خراب پودوں کی نشاندہی کرنے اور خشک سالی نوٹ کرنے کا کام لیا جاسکتا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے یونیورسٹی آف جارجیا کے کھیتوں میں آزمایا جائے گا جو عام حالات میں بہت وقت طلب اور محنت کا کام ہوتا ہے جب کہ روبوٹ میں بعض تبدیلیاں کرکے اس سے بہت سارے کام لیے جاسکتے ہیں۔ لیکن ضروری ہے کہ روبوٹ کے لیے بلندی پر تار لگائے جائیں تاکہ وہ اس کے ذریعے آگے بڑھ سکے۔ ٹارزن کے بازوؤں کے درمیان سینسر لگائے گئے ہیں جو ڈیٹا حاصل کرکے اسے مرکزی نظام تک بھیجتے رہتے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے زبان و ادب کے ذریعہ قومی سالمیت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت چھ علاقائی زبانوں پنجابی، سندھی، پشتو بلوچی ،براہوی اور سرائیکی کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، منصوبے کے پہلے مرحلے میں ’’پاکستانی زبانوں کے ادب میں امن و آشتی کا پیغام ‘‘کے زیر عنوان دو روزہ قومی کانفرنس 28اپریل کو منعقد کرائی جا رہی ہے۔ جس میں نامور اسکالرز ، محققین، ماہرین تعلیم اور طلبہ شرکت کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی مظالم ، قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی ، نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف اور تحریک آزادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت کی مشاورت سے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس 19 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے متفقہ لائحہ عمل اور حکمت عملی کی اپیل کرے گی ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی آئین کے تحت انتخابی ڈرامے کو جرات اور دلیری کے ساتھ ناکام بنایا جس کے بعد بھارت نے اپنی دہشتگردی بڑھا دی ، بھارت کشمیر میں سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کمیشن بھیجے ، جولائی میں آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں کشمیر پر عالمی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کے مظالم اور جنگی جرائم کو رکوانے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لئے درخواست جمع کرائے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی بھارت سے ہر قسم کے تعلقات کا بائیکاٹ کرے ، میڈیا بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے کردار ادا کرے ۔ ہماری حکومت بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) طبی ماہرین نے لیچی کو جگر كے امراض اور ہاتھ پاؤں كی جلن كے علاج كے لیے انتہائی مفید قرار دیا ہے۔ لیچی ایک لذیذ اور صحت بخش پھل ہے جو پیاس بجھانے كے علاوہ جگر كے امراض اور ہاتھ پاؤں كی جلن سمیت یرقان كے علاج كے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔ طبی ماہرین کا كہنا ہے كہ لیچی قدرت كا ایسا انمول تحفہ ہے جس میں كیلشیئم، میگنیشیئم، پوٹاشیئم، وٹامن اے، بی، سی، تھائمین، زنک اور دیگر صحت بخش اجزاشامل ہوتے ہیں جو دل كی كمزوری، جگر كے امراض اور یرقان وغیرہ سمیت مختلف امراض میں انتہائی مفید ہے، اس کے علاوہ لیچی ہر قسم كے كینسر سے بھی تحفظ فراہم كرتی ہے۔