ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (تجارت)عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے پر مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا دو سوروپے اضافےسے 51 ہزار دو سو روپے کا ہوگیا ۔
آل سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا 15 ڈالر مہنگا ہوکر بارہ سو اٹھاسی ڈالر فی اونس پر آگیا۔اس اضافے کا اثر مقامی صرافہ بازار میں بھی ہوا۔
جس سے فی تولہ سونا دو سو روپے مہنگا ہوکر51 ہزار دو سو روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 172 روپے اضافے سے 43 ہزار 885 روپے ہوگئی ہے ۔
واضح رہے کہ تین روز میں فی تولہ سونا 450 روپے اور دس گرام سونا 386 روپے مہنگا ہوچکا ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)کپاس کے کاشتکار کھیلیوں پر کاشت کے لئے 6تا8کلوگرام تصدیق شدہ زہر آلود بیج استعمال کریں۔
کپاس کے کاشتکار بی ٹی اقسام کے ساتھ 20فیصد رقبہ پر روائتی اقسام کاشت کریں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکارکپاس کی بہتر پیداوار کیلئے پودے سے پودے کا فاصلہ 9سے 12انچ رکھیں.
کپاس کی کاشت کیلئے 17500سے 23000فی ایکڑ پودوں کی تعداد یقینی بنائیں،پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں تھوڑے وقت میں زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی جا سکتی ہے
ترجمان نے کہا کہ کپاس کی اچھی پیداوار کیلئے ایسی ذرخیز میرا زمین بہتر رہتی ہے جو تیاری کے بعد بھربھری اور دانے دار ہو جائے،اس میں نامیاتی مادہ کی مقداربہترہو، پانی زیادہ جذب کرنے اور دیر تک وتر قائم رکھنے کی صلاحیت بھی موجودہو، زمین کی نچلی سطح سخت نہ ہو تا کہ پودے کی جڑوں کو نیچے اوراطراف میں پھیلنے میں دشواری نہ آئے،اس لیے زمین کی تیا ر ی کیلئے گہر ا ہل چلائیں اور زمین کی ہمواری بذریعہ لیزر لیولر کریں تا کہ پودے کی جڑ یںآ سا نی سے گہرا ئی تک جا سکیں اور وتر دیر تک قائم رہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ پچھلی فصلوں کی باقیات کو جلانے کی بجائے انہیں اچھی طرح زمین میں ملانا چاہیے، اس مقصد کیلئے روٹا ویٹر، ڈسک ہیرو یا مٹی پلٹنے والا ہل استعمال کریں تاکہ بوائی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے امریکا میں منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش ’’ایف آئی ایم ای‘‘ میں شرکت کے خواہشمند تجارتی و برآمدی اداروں سے 27 اپریل 2017ء تک درخواستیں طلب کی ہیں۔
اتھارٹی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عالمی تجارتی میلے میں ہسپتالوں کے آلات، طبی مصنوعات، آلات جراحی، طبی لیبارٹری کے آلات، طبی مصنوعات اور خدمات وغیرہ تیار و برآمد کرنے والے ادارے شرکت کے ذریعے عالمی خریداروں کے سامنے اپنی مصنوعات کی نمائش اور کاروباری معاملات طے کر سکیں گے۔
جس سے قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ عالمی تجارتی نمائش 8 تا 10 اگست 2017ء کو اورلینڈو فلوریڈا میں منعقد ہوگی۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی ہدایت پر جامعہ کے طلبہ و طالبات نے اپنی مدد آپ کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ اور داؤد یونیورسٹی کے سامنے واقع یادگار ’ورلڈ میپ‘ کی صفائی کی اور مصنوعی آبشار میں موجود گندگی اور کیچڑ کے ڈھیر کو نکالا۔
داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے طلباء نے اس یادگار کو آئندہ بھی صاف ستھرا رکھنے کیلئے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں میں موجود شہریوں سے چندہ بھی جمع کیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم) گزشتہ سال 35ہزار نئے تعلیمی اداروں کے اضافے کے ساتھ پاکستان بھر میں تعلیمی اداروں کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
ملک بھر میں سرکاری تعلیمی اداروں کی تعداد ایک لاکھ 91ہزار اور نجی تعلیمی اداروں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار ہے۔
وزارت تعلیم کے ذیلی ادارہ کی رپورٹ کے مطابق دینی مدارس کی تعداد 17ہزار اضافہ کے ساتھ 32ہزار سے تجاوز کر گئی۔
پرائمری اسکولوں کی تعداد کم ہو کر ایک لاکھ 45 ہزار 829رہ گئی۔ ایک سال میں862 نئے اسکولوں کے ساتھ مڈل اسکولوں کی تعداد 45ہزار 680ہو گئی۔ 485نئے کے ساتھ ہائی اسکولوں کی تعداد 31ہزار 740اور 8نئے کے ساتھ ڈگری کالجوں کی تعداد ایک ہزار 418ہو گئی۔
اساتذہ کے 3نئے اداروں کے ساتھ تربیتی اداروں کی تعداد 209ہو گئی۔ اسی طرح 167نئے اداروں کے اضافہ سے تکنیکی اور پیشہ ورانہ اداروں کی تعداد 3ہزار 746ہو گئی جبکہ پاکستان ایجوکیشن فائونڈیشن نے 4ہزار 786ادارے تعمیر کئے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ جو پیار ملا عوام سے ملا پی سی بی سے کوئی امید نہیں .مجھے پی سی بی سے الوداعی میچ نہیں چاہئے۔ایک صحافی نے سیاسی جماعت کے حوالے سے سوال کیا تو شاہد آفریدی نے کہا کہ کے اگر میڈیا ساتھ دے تو اپنی سیاسی جماعت بنا سکتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ میرا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ، سیاستدان کا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی غلط کام کر کے اپنی عزت برقرار نہیں رکھ سکے ۔ ہمیں بیٹسمین کی ضرورت ہے ۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میرا تعلق کراچی سے ہے اس لیے کراچی کنگز کا حصہ ہوں ۔ پی سی بی کو یاد رکھنا چاہئیے کہ پلیئرز کی وجہ سے بورڈ ہے ۔ سرفراز کی پرفارمنس بہت اچھی ہے ، ٹیم کو ساتھ لے کر چلے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹیم کا اچھا پرفارم کرنا خوش آئند ہے ۔ کرکٹ فاسٹ ہو گئی ہے اس لیے ہمیں بھی وقت کے ساتھ چلنا ہے ۔سابق کپتان نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال پر کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان نے بہترین فیصلہ کیا ۔

 

ایمز ٹی وی (تجارت)ملک بھرمیں یوٹیلیٹی اسٹورزپر700 اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں2 روپے سے50 روپے تک کی کمی کرنے کا علان کی گیا ہے۔
ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کے مطابق گھی، کوکنگ آئل، چائے، مشروبات، کھجور سمیت 700 اشیاء کی قیمتوں میں کمی پر فوری طور پر عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان سے پہلے یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی جبکہ کمی کا اطلاق رمضان کے بعد بھی جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق حکومت نے قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف دینے کے لیے کی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے دائرہ کار کو چیلنج کر دیا ہے۔
زرائع کے مطابق قومی ٹیم کے معطل کرکٹر خالد لطیف نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرائی ہے جس میں انہوں نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ اور ٹریبیونل کھلاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق نہیں رکھتا کیونکہ یہ پی سی بی کے آئین کی خلاف ورزی ہے۔
خالد لطیف نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ میرے خلاف امتیازی سلوک روا کر رہا ہے لہذا اسے تحقیقات سے فوری طور پر روکا جائے۔ خالد لطیف کی درخواست کے قابل سماعت یا ناقابل سماعت ہونے کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

 

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کی عزت کی ضرورت نہیں کیونکہ میرے لیے شائقین کی محبت کافی ہے لیکن پی سی بی کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کی وجہ سے ہی ہے۔
کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے فیئرویل میچ یا پی سی بی کی جانب سے کسی عزت کی ضرورت نہیں کیونکہ میرے لیے شائقین کی محبت اور پیار ہی کافی ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں نے جو بیڑا اٹھایا تھا اس کی وجہ سے اب یونس خان اور مصباح الحق کو پی سی بی اچھے طریقے سے رخصت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد محض ایک روایت ڈالنا تھا کہ جن کھلاڑیوں نے ملک کی خدمت کی انہیں باعزت طریقے سے رخصت کیا جائے، پی سی بی نے مجھے تو فیئرویل میچ نہیں دیا اور اب مجھے اس کی ضرورت بھی نہیں لیکن خوشی ہے کہ یونس اور مصباح کو باوقار طریقے سے رخصت کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مصباح اور یونس خان ابھی مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتے تھے لیکن انہوں نے باعزت طریقے سے ٹیم سے رخصت ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور پی سی بی نے بھی انہیں اس کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے نئے کپتان سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 اور ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت اچھے طریقے سے ٹیم کی قیادت کی۔
اس موقع پر انہوں نے ٹیم کو تیز رفتار اور جدید دور کی کرکٹ کھیلنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اسپن یا فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر کی شدید ضرورت ہے کیونکہ اب کرکٹ تیز ہو چکی ہے اور اہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو اختتامی اوورز میں تیزی سے بیٹنگ کر سکیں۔
’ٹیم کو عبدالرزاق یا مجھ جیسے آل راؤنڈرز کی ضرورت ہے جو نیچے آ کر تیزی سے بیٹنگ کر سکیں‘۔
سابق کپتان نے پاکستان میں بیٹنگ کا نیا ٹیلنٹ سامنے نہ آنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ای سے ہمیں اچھے باؤلرز ملے لیکن اچھے بلے باز سامنے نہیں آ رہے، اتنی بڑی آبادی میں صرف ایک بابر اعظم ملا ہے لہٰذا اچے بلے باز آتے رہنے چاہئیں جو انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ کر سکیں۔
انہوں نے کوچنگ کے حوالے سے کہا کہ میرے اندر اتنی برداشت اور تحمل نہیں جو کوچنگ کیلئے درکار ہوتی ہے، فی الحال کراچی کنگز کے ساتھ سندھ اور پھرا پاکستان بھر سے نوجوان کھلاڑیوں خصوصاً جارحانہ بیٹنگ کرنے والوں کو ڈھونڈوں گا جس سے آگے چل کر پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مردان میں یونیورسٹی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردان واقعہ قابل مذمت ہے اور جنگل کا قانون نہٰیں چل سکتا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے عبدالولی خان یونیورسٹی میں گزشتہ روز ہونیوالے ہنگامے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رات سے آئی جی کے پی کے سے رابطے میں ہوں،جنگل کا قانون نہیں چلے گا,ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی انتہائی ضروری ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مردان کی خان عبدالولی خان یونیورسٹی میں طلباء کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔