ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آبا د)زیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کا انجام پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے اور دہشتگردی کی پشت پناہی کرنے والوں کیلئے بھی وارننگ ہے ۔”ملک دشمنوں کیلئے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گیا اور ریاست ایسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی “۔
ذرائع ان کا کہنا تھا کہ ہماری سالمیت کیخلاف دشمن ملک سے کوئی شخص آئے گا اور ہماری سر زمین پر بیٹھ کر سازشیں کریگا تو اس سے ریاست پوری قوت کے ساتھ نمٹے گی ۔ ایسے شخص کیلئے کسی کے دل میں کوئی جزبہ نہیں ہو گا اور نہ ہونا چاہئیے ۔بھارت پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے ۔
خواجہ آصف نے ایک سوال پر کہا کہ ہم دہشتگردی کیخلاف جتنی قربانیاں دے چکے ہیں وہ بھی ہم سے مطالبہ کرتی ہیں کہ ان جیسے افراد کیساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے ۔”کلبھوشن یادیو کو بھارتی حکومت کی سرپرستی حاصل تھی اور اب اگر بھارت شور مچائے گا اور بین الاقوامی فورم پر احتجاج کریگا تو پاکستان اس کے خلاف بھرپور دفاع کریگا “۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے ، ہمیں مشرقی بارڈر پر بھی بھارتی جارحیت کا سامنا ہے اور مغربی بارڈر پر بھی جارحیت ہو رہی ہے ۔بھارت سے تعلقات خوشگوار اور آئیڈیل نہیں ۔کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں کارروائیوں کا اعتراف کیا ۔پاکستانی قانون کے مطابق سزا دی گئی ۔ سزا شر پسند عناصر کیلئے وارننگ ہے ۔ ہم قانون اور قاعدے کی پوری فورس کے ساتھ ان کے خلاف حرکت میں آئیں گے ، ہماری فوج ، قوم اور سول اداروں نے دہشتگردی کے خلاف اتنی قربانیاں دی ہیں جو مطالبہ کرتی ہیں کہ ان دہشتگردوں کے خلاف کوئی رعایت نہ کی جائے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاکستان مخالف سرگرمیوں کے الزام میں بلوچستان سے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے لیے کام کرنے والے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس آفیسر 41885z کمانڈر کلبوشن سدھیر یادیو عرف حسین مبارک پٹیل کو 3 مارچ 2016 ایک خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے جاسوسی اور پاکستان کے خلاف تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کلبھوشن یادیو کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا، کارروائی کے دوران اس پر لگائے گئے تمام الزامات درست پائے گئے جس پر اسے سزائے موت دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلبھوشن یادیو کو دی گئی سزا کی توثیق کردی ہے۔
 
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ را ایجنٹ کلبھوشن سدھیر یادیو کا کورٹ مارشل 1952 کے پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعہ 59 اور 1923 کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت کیا گیا اور اس دوران اسے مکمل قانونی معاونت فراہم کی گئی۔ کلبھوشن یادیو نے میجسٹریٹ اور عدالت کے روبرو اس بات کا اعتراف کیا کہ اسے ’’را‘‘ نے پاکستان میں جاسوسی اور اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کی ذمہ داری سونپی تھی۔ اس کے علاوہ بلوچستان اور کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل تھا۔
واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو ایران کی ساحلی شہر چاہ بہار میں ایک تاجر کی حیثیت سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا اور اس کے لیے اس نے حسین مبارک پٹیل کا نام اختیار کررکھا تھا۔ کلبھوشن یادیو کو گزشتہ برس بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا اور دوران تفتیش اس نے بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں تخریب کاری کی کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا۔
کلبھوشن یادیو سے کی جانے والی تحقیقات کی روشنی میں ہی بھارتی خفیہ اداروں کے نیٹ ورک کو پکڑا گیا تھا اور اس حوالے سے پاکستان سے اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورم پر آواز بھی اٹھائی تھی جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بھی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے حوالے کئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی ٹیم میں شمولیت کے بعد مسلسل کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بڑے بڑے بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 22 سالہ بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 125 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اپنے کیرئیر کے مجموعی اسکور کو 1306 تک پہنچا دیا جو کسی بھی بلے باز کی پہلی 25 اننگز میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز انگلینڈ کے جوناتھن ٹروٹ کے پاس تھا جنہوں نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیرئیر کی پہلی 25 اننگز میں 1280 رنز بنا رکھے تھے۔
اس سے قبل بابر اعظم نے تیز ترین 1000 رنز مکمل کر کے سر ویوین رچرڈز، کونٹن ڈی کوک، کیوین پیٹرسن اور جوناتھن ٹروٹ کیساتھ ریکارڈ بک میں جگہ بنائی، یہ تمام بلے باز 21 اننگز میں 1000 رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ بابراعظم نے ایک اور قدم آگے بڑھایا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے میچ میں اپنے کیرئیر کی 25 ویں اننگز کھیلی اور 125 رنز بنائے جس سے ان کے کیرئیر کا مجموعی اسکور 1306 ہو گیا۔
ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز نے اپنی ابتدائی 25 اننگز میں 1211، انگلینڈ کے کیوین پیٹرسن نے 1189 اور جنوبی افریقہ کے کوانٹن ڈی کوک نے 1181 رنز بنا رکھے تھے۔
 

 

 

 

ایمزٹی وی(صحت) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جیکب آبادکی جانب سے دماغی اورنفسیاتی امراض سے متعلق سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر عالم ابراہیم صدیقی ، پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین جونیجو،ڈاکٹر چنی لعل ،ڈاکٹر نعیم بلو،ڈاکٹر موتی رام بھاٹیا،ڈاکٹر عبدالغفورمگسی ،ڈاکٹر عنایت اللہ اعوان اوردیگرکا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی 5 کروڑ افراد ذہنی امراض کا شکار ہیں جن میں بالغ افراد کی تعداد ڈیڑھ سے ساڑھے 3کروڑ کے قریب ہے دماغی امراض اورنفسیاتی مریضوں کو دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے ،توجہ سے ایسے مریض ٹھیک ہوجاتے ہیں
 
ماہر ڈاکٹرزنے نفسیاتی امراض میں مرگی ،ذہنی دباؤ ،خودکشی ،مریض کی تشخیص وعلاج ،طبی نامعلوم علامات سمیت مختلف موضوعات پر لیکچر دیتے ہوئے کہاکہ ماضی میں دماغی اور نفسیاتی مریضوں کو کمروں اور گھروں میں بند کرکے رکھا جاتاتھا لیکن اب ایسانہیں ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ فلم'نام شبانہ'سے دہشت گردی کے حوالے سے مواد نہ ہٹانے کے باعث پاکستان سینسر بورڈ نے پاکستان میں اس فلم کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔ گزشتہ ہفتے 'نام شبانہ'کو پاکستان سینسر بورڈ کی طرف سے ریلیز ہونے کرنے کی اجازت مل گئی تھی لیکن دہشت گردی سے متعلق مواد نہ ہٹانے پر اس پر دوبارہ پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقامی ڈسٹریبیو ٹرز ایڈیٹنگ کے بعد فلم کو ریلیز کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں ۔ فلم میں تاپسی پنوں، اکشے کمار، انو پم کھیر اور منوج واجپائی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے جبکہ فلم 31مارچ کو پاکستان میں ریلیز ہونی تھی۔ تاپسی پنوں فلم میں شبانہ کا کردار نبھا رہی ہیں جو ایک غصہ اور منتقم مزاج کی لڑکی ہے اور اپنے ملک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے خائف نظر آتی ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالات کشیدہ ہونے کے باعث پاکستان میں انڈین فلموں پر پابندی عائد کردی گئی تھی جسے بعد میں اٹھا لیا گیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اداکار مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی آنے والی فلم 'سیکریٹ سپر اسٹار' کی ریلیز تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارعامر خان کی فلم مسلسل تاخیر کا شکار ہورہی تھی تاہم فلم کے ہدایتکا ر ادویت چندن نے بل آخر فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر کے مداحوں کو خوش کردیا۔ یاد رہے کہ فلم رواں سال دیوالی پر سینمہ گھروں کی زینت بنے گی جبکہ فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی پر مبنی ہے جو گلوکارہ بننا چاہتی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) پاکستان ریلوے نے شالیمار ایکسپریس کا انتظام 2 سال کے لئے نجی کمپنی کے سپرد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شالیمار ایکسپریس کا انتظام نجی کمپنی کے حوالے کرنے کے بعد ٹرین کراچی سے پہلے سفر کے لئے روانہ ہو گئی ہے، ڈی ایس ریلوے نثار میمن نے شالیمار ایکسپریس کا افتتاح کیا۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے شالیمار ایکسپریس کو پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت نجی کمپنی کو دیا گیا ہے۔ ٹرین کا انتظام سیف اینڈ کمپنی اور ایس جمیل اینڈ کمپنی کے سپرد کیا گیا ہے۔ نئی انتظامیہ نئی کوچز کے ساتھ لوگوں کو بہتر سفری سہولیات پیش کرے گی، عوام کو ایڈوانس بکنگ کی سہولت 24 گھنٹے کینٹ، کراچی سٹی، لانڈھی اور ڈرگ روڈ سے حاصل کر سکیں گے، نئی ٹرین پارلر کار سپر ڈیلکس، اے سی اسٹینڈ، اور اکانومی کلاس پر مشتمل ہے۔ شالیمارایکسپریس نے مسافروں کے لیے وائی فائی، ایل ای ڈی، ساؤنڈ سسٹم اور نئی نشستوں سمیت جدید سہولتیں فراہم کی ہیں اور شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور تک کا سفر 18 گھنٹوں میں مکمل کرے گی۔ ڈی ایس ریلوے نثار مین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شالیمار ایکسپریس 17 کوچز پر مشتمل ہے جس میں ایک اے سی پارلر، 2 اے سی لوئر، 11 اکانومی کوچز، ایک پاور وین، ایک لگیج وین اور ایک بریک وین شامل ہے، انھوں نے بتایا کہ نجی کمپنی 1 ارب 80 کروڑ روپے سالانہ بمعہ 10 فیصد ود ہولڈنگ ایڈوانس جمع کرائے گی جو سابقہ بولی کی رقم سے 70 فیصد زائد ہے۔ نثار میمن نے بتایا کہ شالیمار ایکسپریس کی نئی انتظامیہ ہفتہ وار 3 کروڑ 80 لاکھ اور یومیہ 49 لاکھ 31 ہزار 849 روپے جمع کرائے گی، ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ نئی انتظامیہ کے ساتھ کیا جانے والا معاہدے کا دورانیہ 2 سال ہو گا جو کہ باہمی رضا مندی اور اچھی کار کردگی کی بنا پر مزید ایک سال تک بڑھا جا سکتا ہے، اس سے قبل شالیمار ایکسپریس سالانہ 74 کروڑ روپے منافع دے رہی تھی اور سابقہ انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کا دورانیہ مکمل ہونے کے بعد اسے حکومتی تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم آل طالب کا کہنا ہے کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کا دین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں نماز فجر کی امامت کے بعد اپنے بیان میں امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مسلمان پاکستان کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اللہ پاکستان کو ہر قسم کی برائیوں اور شر سے محفوظ رکھے اور امت مسلمہ کی حفاظت فرمائیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ اسلام اعتدال اور محبت کا دین ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اللہ اپنے مخلص بندوں کے ہاتھوں دین کی حفاظت کرواتا ہے جب کہ مسلمانوں کی بقا اتحاد میں ہی ہے اور اللہ کے گھر خانہ کعبہ کو خطرہ مسلم اتحاد کو خطرے کے مترادف ہو گا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مذہب اور مسلک کی تفریق کے بغیر قائم کیا گیا، پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، سعودی عرب اسلام کا مرکز ہے اس لئے اس کا دفاع عالم اسلام کا دفاع ہے۔