ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کردی، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کی ایک درجہ ترقی ہوگئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق پاکستان نویں سے آٹھویں نمبر پر آگیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کےبعد نویں نمبر پرچلی گئی ہے۔ تازہ رینکنگ میں جنوبی افریقا پہلے، آسٹریلیا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبرپر ہے۔ بھارت چوتھی، انگلینڈ پانچویں، سری لنکاچھٹی اور بنگلادیش ساتویں پوزیشن پر ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا آج اجلاس ہوا اجلاس میں وفاقی حکومت نے ملک بھر میں گیس کے نئے کنکشن پر 8 سال سے عائد پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی ۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے سرکاری حج اسکیم کے اخراجات بڑھانے کی تجویزمسترد کر تے ہوئے اسکیم کے اخراجات پچھلےسال والے برقرار رکھنے اور حاجیوں کوہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں جعلی دواؤں اورآلات کی روک تھام کے لیےڈرگ ترمیمی ایکٹ منظور کر لیا گیا۔ اس ایکٹ کےتحت ادویات، آلات کی ٹریکنگ کے لیےبارکوڈنگ کی جائےگی۔ صارفین اسمارٹ فون سے دواؤں اور آلات کی بارکوڈنگ سےٹریکنگ کرسکیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نےکابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہرآدمی کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے۔ ایسی حکمت عملی بنا رہے ہیں کہ ہرشخص اپنامکان حاصل کرسکے، ترقیاتی کاموں کی وجہ سے شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے، ملک بھرمیں مکانات کی طلب پورا کرنے کیلیےموثراقدامات کی ضرورت ہے۔a

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت نے گیس کے نئے کنکشنز پر 8سال سے عائد پابندی اٹھالی ۔ صنعتی ،کمرشل ،نئی ہاؤسنگ اسکیموں ،کالونیز کے لیےگیس کنکشنز کی فراہمی میں نرمی کر دی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں گیس کے نئے کنکشنز پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دی گئی ۔گیس کے نئے کنکشنز پر پابندی 2009 میں لگائی گئی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) غیرقانونی طورپر گردے نکالنے پر سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے تحقیقات کرکے ایک مہینے میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ محمدعمران کاگردہ نکالنے کامعاملہ اسلام آباد میں پیش آیا، اس کے ذمہ دار کون ہیں ؟ ایس ایس پی ساجد کیانی نے کہا کہ تحقیقات چل رہی ہیں،ایف آئی آر میں 3افراد نامزد کیے گئے تھے جن میں سے2کوگرفتارکر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا عمران کا گردہ نکالنے کامعاملہ کس اسپتال میں پیش آیا؟ ساجد کیانی نے کہا کہ پتانہیں چل سکاکہ متاثرہ شخص کاگردہ کس اسپتال میں نکالا گیا، ملزمان ریمانڈ پرتھے کہ مدعی نے راضی نامہ کرلیا۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ غیرقانونی طریقے سے گردے نکالنا ہمارے معاشرے کاناسور ہے، جس اسپتال میں گردہ نکالا گیاوہ خلا میں نہیں اسی زمین پرہوگا۔ ان اسپتالوں کی نشاندہی کرنی ہے جہاں یہ مکروہ دھندہ ہوتاہے ۔ ساجد کیانی نے کہا کہ مدعی نے تعاون نہیں کیا، تحقیقات کادائرہ بڑھاناچاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نےکیس کی سماعت 6 ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے تحقیقات کرکے ایک مہینے میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی شادی کی آج ساتویں سالگرہ ہے،شعیب ملک نےویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے کی سنچری اہلیہ کے نام کردی۔ گیانا سے شعیب ملک نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ ثانیہ مرزا کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ تم نےمیرےخوابوں کوتعبیر اورحوصلوں کونئی طاقت دی۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا 12اپریل 2010کوحیدرآباد دکن کے تاج کرشنا ہوٹل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ، ولیمے کی تقریب 15 اپریل کو اسی ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔ نکاح کےموقع پر ثانیہ مرزا نے سرخ ساڑھی زیب تن کی ہوئی تھی جبکہ شعیب ملک سیاہ شیروانی اور روایتی سیاہ ٹوپی پہنے ہوئے تھے۔ واضح رہے شعیب ملک اس وقت دورہ ویسٹ انڈیز پر ہیں اور گزشتہ روز پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے تیسرے ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، شاندار پرفارمنس پر انہیں مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا تھا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو ، ایک سے فتح حاصل کی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف گلوکار عاطف اسلم لکس اسٹائل ایوارڈ ز2017ءکی میزبانی کے فرائض سرا نجام دیں گے ۔ زرائع کے مطابق اداکار فہد مصطفی کے انکار کے بعد لکس سٹائل ایوارڈز 2017ءمیں عاطف اسلم گلوکاری کے ساتھ ساتھ میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیں گے ۔فہد مصطفی ان دنوں بیرون ملک اپنی فلم ”نامعلوم افراد 2“ کی شوٹنگ میں مصروف ہوں گے جس کے بعد یہ ذمہ داری عاطف اسلم کو سونپی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لکس اسٹائل ایوارڈز 2017ءکی میزبانی کے لیے گلوکار عاطف اسلم سے پہلے فہد مصطفیٰ انتظامیہ کی پہلی ترجیح تھے تاہم اپنی مصروفیت کے باعث انہوں نے تقریب کی میزبانی سے انکار کردیا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپینز ٹرافی 2017ءکیلئے 8 سفیروں کا اعلان کر دیا ہے اور پاکستان کیلئے شاہد خان آفریدی کو سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2017ءکیلئے 8 سفیروں کا اعلان کیا ہے اور پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز اسٹار آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی کو ملا ہے۔ آئی سی سی نے بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ، سری لنکا کی جانب سے کمار سنگاکارا، جنوبی افریقہ کیلئے گریم سمتھ، نیوزی لینڈ کے شین بونڈ، آسٹریلیا کے مائیک ہسی، بنگلہ دیش کے حبیب البشر، انگلینڈ کے این بیل کو سفیر مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ چیمپینز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے انگلینڈ میں ہو گا جس میں صرف 50 دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 4 جون کو ہو گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) نیٹی جیٹی پل پر تیز رفتار ٹرالر کی گاڑی کو ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔ میڈیا زرائع کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں نیٹی جیٹی پل پر تیز رفتار ٹرالر نے موڑ کاٹتے ہوئے سوزوکی پک اپ، ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو روندھ ڈالا جس کے نتیجے میں سوزوکی پک اپ مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ دیگر گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ حادثے میں سوزوکی پک اپ میں سوار 65 سالہ نسیم اختر، 35 سالہ فرزانہ شفیق، 12 سالہ مناب، 6 سالہ آمنہ اور گاڑی کا ڈرائیور شامل ہے۔ حادثے میں جاں بحق افراد ایک ہی روز قبل لاہور اور گجرانوالہ سے کراچی آئے تھے اورعبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دینے کے بعد بلدیہ سعیدآباد میں واقع گھر واپس جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ کلینر کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس کے مطابق حادثے کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بذریعہ سمندر پاکستان سے امارات تک حلال مصنوعات کی ترسیل کی اجازت دے دی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں چھٹی بین الاقوامی حلال کانفرنس میں غیر ملکی وفود اور مقامی کاروباری افراد سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی (پی ایچ ڈی اے) کے چیئرمین جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ترسیل کی اجازت ملنے کے بعد مال برداری کا کرایہ ایک تہائی فیصد تک کم ہوجائے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔ پی ایچ ڈی اے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مختلف ممالک اور منتظمین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے میں مصروف ہے تاکہ اپنی تصدیق کے عمل پر ان کی رضامندی حاصل کرچکے۔ خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان حلال اتھارٹی فعال ہے اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پہلا اجلاس 13 اپریل کو ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی اے قصابوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کررہی ہے تاکہ انہیں لائسنس جاری کرنے سے پہلے شرعی ضروریات سے متعلق آگاہی فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس پر زور دیا کہ پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی اور چیمبر کے درمیان قریبی رابطے کے لیے فوکل پرسن کی تقرری کی جائے۔ چیئرمین خلیل الرحمٰن کے مطابق چھٹی بین الاقوامی حلال کانفرنس کے ذریعے ملک میں حلال کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کا کہنا تھا کہ حلال اشیاء اہم عالمی مارکیٹ کی شکل اختیار کرچکی ہیں تاہم اس میں پاکستان کا حصہ اب بھی بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’وقت آگیا ہے کہ پاکستان غیرملکی امداد نہیں بلکہ اپنے حلال کھانوں کے محدود کام کو وسعت دے کر خود کو آگے لائے‘۔ خلیل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ حلال عالمی معیشت میں کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر بینکنگ اور تکافل تک کا کام شامل ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) مشیر برائے قومی سلامتی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت ہمیشہ دشمن نہیں رہ سکتے اور تنازعات کے حل کے لیے دونوں ممالک کا آپس میں رابطہ ضروری ہے۔ گزشتہ روز ناصر خان جنجوعہ اور پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر پیری جان کیلڈرووڈ کی ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات، دہشت گردی کے خاتمے، انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سمیت پاک -بھارت تعلقات اور امریکی ثالثی کی پیشکش پر بات ہوئی۔ مشیر قومی سلامتی نے نیوکلیئرز سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں پاکستان کی شمولیت پر غور کرنے کے لیے غیرامتیازی نقطہ نظر کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ خطے میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹیجک عدم توازن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک مفادات کے لیے مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کررہی ہے۔ ناصر خان جنجوعہ نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری اخلاقیات اور انسانی حقوق کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت اور پاکستان کے درمیان امریکی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا تھا تاہم انڈیا نے یہ پیشکش مسترد کردی۔ مشیر قومی سلامتی کے مطابق ایک جانب بھارت کشمیر کو دوطرفہ مسئلہ قرار دیتا ہے مگر مذاکرات سے انکار کرکے اس کی اہمیت نظرانداز کردیتا ہے۔ ناصر جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے، کئی دہائیوں کی حمایت اور ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے کینیڈا معاونت فراہم کرتا رہا ہے اور پاکستان ان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان میں کینیڈا کے سفیر پیری جان کیلڈرووڈ نے بھی تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کینیڈا کا اہم ساتھی ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کی قدر کرتے ہیں‘۔ ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ کینیڈا کے تعلقات تجارت اور تعلیمی مواقع کے ساتھ ساتھ امن کے فروغ، جرائم اور دہشت گردی سے مقابلے اور جمہوری اداروں کی حمایت تک پھیلے ہوئے ہیں۔