ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(تجارت) عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے بعد پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی ،زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور اصلاحات کا عمل بہتر ہوا ۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو میں موڈیز کے نمائندے نے کہا کہ سی پیک سے آئندہ 2سا ل میں معیشت 5فیصد ترقی کرے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، ریفارم پروگرام سے پاکستان کی معاشی ساکھ بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے ،محصولات میں اضافے سے مالیاتی خسارہ کم ہو سکتا ہے

 

 

 

ایمز ٹی وی( تجارت) سندھ آباد گار بورڈ کا کہنا ہے کہ بار دانے پر کمیشن سو روپے تک جا پہنچا ہے، کاشتکار شدید پریشان ہیں۔ کاشتکاروں سے آڑھتی گیارہ سو روپے فی من گندم خرید رہے ہیں جبکہ سندھ نے سرکاری قیمت تیرہ سو روپے مقرر کی ہے ۔ سندھ آباد گار بورڈ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ذوالفقار نے بتایا کہ سندھ میں گندم کے کاشتکار شدید پریشان ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث بار دانے پر 50 سے سو روپے تک کمیشن لیا جارہا ہےجبکہ انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی پر بار دانے کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔جس سے کاشتکاروں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی گندم ضائع ہونے کی وجہ سے کاشتکار کم قیمت پر گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔ سندھ میں گندم کی سرکاری قیمت 1300 روپے ہے جبکہ آڑھتی گیارہ سو روپے فی من گندم خرید رہے ہیں ۔ سندھ آباد گار بورڈ کے مطابق رواں برس سندھ حکومت نے گندم کی خریداری کا ہدف 13 لاکھ ٹن مقرر کیا ہے جبکہ وفاق حکومت 1 لاکھ ٹن گندم خریدے گی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاک سرزمین پارٹی کے تحت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے کراچی پریس کلب پر دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے۔ مرکزی رہنماؤں نے کیمپ میں رات گزاری۔ پاک سر زمین پارٹی کاکراچی پریس کلب پر 6 اپریل سے دھرنا شروع ہواتھا، ساتویں روز بھی دھرنے میں بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پرچیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا تھا جن کے ہاتھوں میں قلم ہونا چاہیے تھا وہ بچے پانی ،صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی نے رات کیمپ میں گزاری۔ ترجمان پی ایس پی کا کہنا ہے کہ مرکزی رہنما آسائشوں سے بھرپور زندگی چھوڑ کرعوام کے لیے اپنی نیندیں قربان کر رہے ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستا ن اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کے مین آف دی سیریز اور تیسرے ون ڈے کے مین آف دی میچ شعیب ملک نے کہا ہے کہ دونوں ایوارڈز جیتنے پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کرکٹر کی حیثیت سے زیادہ ذمےداری محسوس کرتا ہوں، حفیظ نے ساتھ نبھایا اور مجھ پر دباؤ کو کم کیا۔ شعیب ملک نے مزید کہا کہ سیریز کو جیتنا اہم ہے، حفیظ نے جس طرح کھیلا، اس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ تیسرے ون ڈے میچ میں شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 101رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پہلےمیچ میں شکست ہوئی، ہارنا نہیں چاہیے تھا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ حفیظ اور شعیب کی بیٹنگ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ون ڈے ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ شعیب ملک اور حفیظ نے اپنا تجربہ دکھایا جبکہ ہماری بولنگ بھی اچھی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایم سی سی (میری لیبون کرکٹ کلب) نے کرکٹ کے بنیادی قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے بعض نئے قوانین بھی متعارف کردیئے ہیں۔ کرکٹ قوانین میں تبدیلی اور نئے قوانین متعارف کرائے جانے کے بعد امپائرز کو آن فیلڈ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے پلیئرز کو میدان سے باہر بھیجنے اور حریف ٹیم کو پینلٹی رنز دینے کا اختیار مل گیا ہے۔ ایم سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ترامیم کے تحت پلیئرز کے آن فیلڈ کنڈکٹ کو 4حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت میچ کے دوران نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے پلیئر کو محدود مدت سے لے کر مکمل اننگز کیلئے میدان سے باہر کرنا اورحریف ٹیم کو 5پینلٹی رنز دینا فوری سزا میں شامل ہے۔ لیول تھری اور فور میں اگر کپتان پلیئر کو باہر بھیجنے سے انکار کرتا ہے تو امپائر کو حق حاصل ہوگا کہ وہ حریف ٹیم کوفاتح قرار دیدے۔ نئے قوانین کے تحت ہیندلڈ دی بال کے قانون کو ختم کرکے اسکو آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ میں شامل کردیا گیا ہے جبکہ بیٹ کے سائز کے حوالے سے بھی نئے قوانین متعارف کرادیئے گئے ہیں۔ ایم سی سی کے مطابق نئے قوانین یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ میں ان قوانین کے نفاذ کا اختیار آئی سی سی کو ہے جس کی کرکٹ کمیٹی مئی میں قوانین کا معائنہ کرکے منظور کیلئے سفارشات ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیجے گی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2سے جیت لی۔ پاکستان نے234 رنز کا ہدف 44ویں اوور میں عبور کرلیا۔ شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کی اور101 رنز بنائے جس میں 2چھکے اور 10چوکے شامل ہیں ۔انہوں نے میچ کے آخر میں چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی ۔وہ مین آف دی میچ اورمین آف دی سیریزقرارپائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ81 رنز اور سرفراز احمد24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ میچ میں پاکستان کے اوپنرز نہ چل سکے ۔کامران اکمل صفر اور احمد شہزاد 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم 16 رنز ہی بناسکے۔ ویسٹ انڈیز کے شینن گیبریل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 234رنز کا ہدف دیا تھا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 71رنز جبکہ جیسن محمد نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 59رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کی ، اس کی پہلی وکٹ 31 رنز پر گر ی جب لیوس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، والٹن 19 اور پاول 23 رنز بناکر چلتے بنے،چوتھی وکٹ پر شائی ہوپ اور جیسن محمد نے 101 رنز کی شراکت بنائی۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن محمد 59 اور شائی ہوپ 71 رنز بناکرنمایاں رہے، اس طرح ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے ۔ محمد عامر ،جنید خان اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)واپڈا نے نیپرا کو پن بجلی کے نرخوں میں اضافے کی درخواست دے دی ہے۔
واپڈا کی جانب سے نیپرا کو دی جانے والی درخواست میں پن بجلی کے نرخوں میں 1 روپیہ 73 پیسے تک اضافے کی درخواست کی ہے، نیپرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے کی صورت میں پن بجلی کے نرخ 1 روپیہ 88 پیسے سے بڑھ کر 3 روپے 61 پیسے فی یونٹ ہوجائیں گے۔
واپڈا کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ پن بجلی کے نرخوں میں اضافہ مالی سال2017-18 کے لیے طلب کیا گیا کیونکہ مالی سال 2017-18 کے دوران واپڈا نے صوبوں اور ارسا کو 33 ارب سے زائد کی ادائیگی کرنی ہے جب کہ خیبر پختوانخواہ کو 25 ارب 74 کروڑ اور پنجاب کو 9 ارب 52 کروڑ سے زائد ادا کرنے کی تجویز ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہد کی مکھیوں نے طالبات پر حملہ کردیا ،25سے زائد طالبات کو مکھیوں نے ڈس کر زخمی کردیا ۔
 
گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک درخت کے ساتھ لگے شہد کے چھتے کو کسی نامعلوم بچے نے باہر سے پتھر مار دیا ،جس کے باعث مکھیوں نے چھتے سے اڑ کر اچانک اسکول میں پڑھائی میں مصروف طالبات پر حملہ کیا ،اور 25سے زائد طالبات کو ڈس لیا ، اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد خاور شہزاد ریسکیو اور میڈیکل ٹیموں کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے ،اور متاثرہ طالبات کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا ،جہاں انہیں طبی امداد دی گئی ۔