ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔پاک افغان سرحدی علاقےمیں 80 کلو بارودی مواد سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی ،2 دہشت گرد گرفتار،گاڑی کو قندھارمیں تیار کر کے پاکستان لایا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے تحت آپریشن رد الفساد کے تحت سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ میں آپریشن کر کے بڑےپیمانےکی دہشتگردی کامنصوبہ ناکام بنادیا۔سیکورٹی فورسزنےخفیہ معلومات کی بنیادپر چمن اورپاک افغان سرحدی علاقےمیں آپریشن کیااور دہشتگردی میں استعمال ہونیوالا80کلوگرام بارودی مواد تحویل میں لے لیا ،بارودی موادگاڑی میں چھپایا گیا تھا۔ دہشتگردوں کاگاڑی میں بارودی موادرکھ کرتخریب کاری کامنصوبہ تھا،آپریشن کےدوران2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتاہے کہ گاڑی کو افغان شہرقندھارمیں تیار کیا گیا،خفیہ اطلاع کے مطابق گاڑی افغانستان سے پاکستان لائی گئی تھی ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)کراچی اور حیدرآباد کو ملانے والی سپرہائی وے ٹرالر خراب ہونے کے بعد کئی گھنٹے بند رہی جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سپرہائی وے پرتعمیراتی کام جاری ہے اور اس سلسلے میں ٹریفک کو متبادل راستوں سے موڑا جارہا ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق سپر ہائی وے پر لکی چڑھائی کے قریب متبادل راستے پر موجود ٹرالر خراب ہوگیا۔ ٹریلرکو تو کچھ دیر میں ہی ہٹادیا گیا لیکن دونوں ٹریک پرگاڑیاں آمنےسامنےآگئیں۔ حیدرآباد سےکراچی آنےوالےٹریک پرگاڑیاں پھنسی رہیں۔ اور کئی گھنٹے تک شہری گاڑیوں میں پریشان بیٹھے رہے۔ موٹروےپولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ٹریکس کوکلیئرکر دیا گیا ہے

 

ایمزٹی وی(تجارت)یورپی ملک اٹلی کی ایک عدالت نے آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی اوبر کی سروس کو غیر منصفانہ مقابلہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے گزشتہ برس دسمبر میں اٹلی ٹیکسی ایسو سی ایشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک درخواست پر سماعتیں کرنے کے بعد اوبر پر پابندی عائد کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ روم کی مقامی عدالت کے جج نے درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس میں اوبر کی جانب سے موبائل ایپس اورجدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو غیر منصفانہ مقابلہ قرار دیا۔ عدالت نے اوبر کو ایپ کے ذریعے سفری سہولیات بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے کسی بھی ایپ یا اسمارٹ فون کے استعمال سمیت کسی شتہار کا سہارا نہ لیا جائے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد اٹلی بھر میں اوبر کی سروس بند ہوگئی۔ دوسری جانب اٹلی کے مقامی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ اوبر نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا۔ اوبر نے اپنے بیان میں کہا کہ اٹلی میں ایپس اور اسمارٹ فونز کے ذریعے کئی ہوٹلز اور دیگر کمپنیاں بھی سہولتیں فراہم کر رہی ہیں، مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جرمنی اور ڈینمارک سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں بھی اوبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی گئی تھی، جس کے بعد آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنے نے یورپ کے کئی شہروں میں اپنی سروس محدود کردی تھی۔ علاوہ ازیں اوبر کو تائیوان سمیت دیگر ممالک میں بھی قانونی چارہ جوئیوں کا سامنا ہے۔ پاکستان میں بھی کمپنی کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ابھی تک پاکستان میں ان کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی گئی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)ایف بی آر نے برآمدی شعبوں کو زیروریٹڈ کیے جانے کے باوجود سیلزٹیکس ریفنڈ کلیمز کی بلند شرح کے باعث تمام ریفنڈپے منٹ آرڈرز (آرپی اوز) کو چھان بین کے لیے متعلقہ لارج ٹیکس پیئریونٹس اور ریجنل ٹیکس آفسز کو ارسال کر دیے ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے تمام چیف کمشنرزان لینڈ ریونیو ایل ٹی یوز/ آرٹی اوزکوبھیجے خط میں ہدایت کی ہے کہ مالی سال2016-17 کے ریفنڈکلیمز کے لیے جاری کردہ آرپی اوز کی اچھی طرح چھان بین کے بعد 30 اپریل2017 تک رپورٹ مرتب کرکے ہیڈکوارٹرز ارسال کی جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ برآمدی شعبے نے یقین دہانی کرائی تھی کہ زیروریٹنگ سہولت کے بعد سیلزٹیکس ریفنڈ کلیمز میں نمایاں کمی آئے گی تاہم مزکورہ شعبوں کی جانب سے داخل کرائے گئے گوشواروں کی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا ہے کہ سیلزٹیکس ریفنڈ کی شرح اب بھی بلند سطح پر ہے، اس لیے ریونیو کے تحفظ اورغلط ریفنڈز کے خدشات کے پیش نظر مالی سال2016-17 کے تمام ریفنڈ پے منٹ آرڈرز جن کا ریفنڈ برائے برآمدات تناسب زیادہ ہے کومتعلقہ ایل ٹی یوزاور آرٹی اوز میں مناسب جانچ پڑتال اور سیلزٹیکس آٹومیٹڈ ریفنڈ ریپوزیٹری (ایس ٹی اے آرآر) ای سسٹم کے ذریعے پروسیسنگ کے لیے دوبارہ بھیجا جا رہا ہے۔ دوسری جانب تمام ایل ٹی یوزاور آرٹی اوز کوجانچ پڑتال کے لیے ہدایت دی گئی ہے کہ ریفنڈ کلیمزکا ایکسپورٹ سے تعلق ثابت ہونا چاہیے، پیکیجنگ میٹریل پرریفنڈکلیم ممنوع ہے، خریداری وفروخت کی تفصیلات اشیاء کی معلومات وغیرہ جو گوشواروں میں دی گئی ہیں کوریفنڈ کلیم کے ساتھ مطابقت دیکھی جائے، کلیم کیا گیا ان پٹ ٹیکس سیلزٹیکس ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے مطابق ہو۔ مشکوک ریفنڈ کی صورت میں سیکشن10(3) کے مطابق تحقیقات اور آڈٹ کیا جائے اور مذکورہ جانچ پڑتال کے بعد حقیقی یا اصل رقم کا ریفنڈ پے منٹ آرڈرجاری کیا جائے، یہ عمل 30 اپریل2017 تک مکمل کرکے رپورٹ ایف بی آرہیڈکوارٹرز کوبھیجی جائے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دوسرا ون ڈے آج گیانا میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہو گا۔ تین میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے لیکن پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم سیریز کے بقیہ میچز میں کم بیک کرتے ہوئے جیتنے کی کوشش کرے گی۔ پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 308 رنز بنائے لیکن کیربین بلے بازوں نے 44 سالہ تاریخ میں پہلی بار مقررہ بڑے ہدف کو صرف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

 

 

ایمزٹی وی(سیہون)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں کو بانی متحدہ کی کمی محسوس ہو رہی ہے اور دونوں دھڑے ان ہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ سیہون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کا وائٹ پیپر تعصب پر مبنی ہے جس میں کوئی سچائی نہیں اور انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ سندھ میں 6 ڈویژن ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے لگتا ہے کہ ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں کو بانی متحدہ کی کمی محسوس ہو رہی ہے اور دونوں دھڑے ان ہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں کیوں کہ جس طرح بانی ایم کیوایم نے نفرتیں پھلائیں یہ بھی وہ کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ یہ لوگ بانی متحدہ کا نام بھی لینا پسند نہیں کر رہے لیکن سیاست ویسی ہی کررہے ہیں۔ آئی جی سندھ کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ معذرت کے ساتھ کہ آئی جی کے معاملے کو میڈیا نے ایشو بنایا، افسران آتے جاتے رہتے ہیں کوئی فرق نہیں پڑتا جب کہ آئی جی کا معاملہ عدالت میں ہے اورہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیہون میں درگاہ لعل شہباز کی سیکیورٹی کا ازخود جائزہ لیا ہے اورعرس کے دوران سیکیورٹی کے موٴثر انتظامات کیے جائیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اور پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اگلے سال 6 ٹیمیں پی ایس ایل کا حصہ ہون گی، جن کے درمیان 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ نجم سیھٹی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے
تیسرے ایڈیشن کے دوران 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
 
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دئیے گئے ایک پیغام میں نجم سیھٹی نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانا بڑی کامیابی تھی، پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے مقامی پلیئر کو بے شمار مواقع میسر آئیں گے، پی ایس ایل کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق 6اپریل2017ء کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 3.63فیصد اضافہ ہوگیا ۔
ملک کے17بڑے شہروں سے53 اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا جس میں سے 10اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ15 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 28اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے ۔
اس ہفتہ کے دوران ملک میں پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، چاول اری (6)، دال ماش، دہی، چاول باسمتی(ٹوٹا)، چائے، دودھ(تازہ)، گھی(کھلا)، کیلا کی قیمتوں میں اضافہ ایل پی جی (سلنڈر)، گندم، دال مسور، دال چنا، دال مونگ، سرخ مرچ (پسی ہوئی)، آٹا، گڑ، چینی، پیاز کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
چکن (زندہ)، مٹن، خوردنی تیل، آگ جلانے والی لکڑی، ویجیٹیبل گھی، کوکنگ آئل، انڈہ(فارمی)، آلو، لہسن، بیف پلیٹ، گیس چارجز، ماچس، الیکٹرک بلب، واشنگ سوپ، لوکل کال اور دیگر کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(پنجاب)واہ کینٹ میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ انتظامی مشینری اور بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عام آدمی کی طاقت اور آواز بنیں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے میری معاونت کریں۔ تعلیم صحت، پینے کے صاف پانی،کرپشن جیسے مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاست کو بدکرداری اور کرپشن کا ذریعہ بنانے والے افراد سیاست اورجمہوریت دونوں کے لئے زہرقاتل ہیں، پاکستان میں چند سیاستدان اور جماعتیں سیاست کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانے کی روش پر چل نکلی ہیں اور ایسے لوگ نہ کسی سیاسی جماعت کے وفادار ہیں اور نہ ہی کسی اصول یا عوامی مفاد پر کھڑے ہوسکتے ہیں عوام کو چاہئے کہ وہ سچ ،جھوٹ، ثابت قدمی ، مفاد پرستی، سیاست اور تجارت کرنے والوں کےدرمیان تفریق کریں۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) وزیر مملکت عابد شیر علی اور خواجہ آصف کی جانب سے لوڈشیڈنگ ختم ہونے اور کراچی میں بجلی سپلائی کا نظام بہتر بنانے کے بلند و بانگ دعوے ایک طرف ، اب انکشاف ہوا ہے کہ لاہور میں گزشتہ 6ماہ کے دوران 20ارب روپے کی بجلی چوری ہوئی ۔
زرائع کے مطابق لیسکو حکام نے لاہور میں گزشتہ 6ماہ کے دوران 1ارب 36کروڑ یونٹس ضائع کیے جس کے بدولت ادارے کو 20ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔
خیبر پختونخوا حکومت نے چین کو ایسی چیز درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا کہ سن کر آپ بھی ہنسنے پر مجبور ہو جائیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سٹیشن سے لیسکو کو 12 ارب یونٹس فراہم کئے گئے لیکن لیسکو نے 1 ارب یونٹس لاسز اور بجلی چوری میں ہی ضائع کردئے جبکہ مجموعی طور پر سسٹم سے 1 ارب 36 کروڑ یونٹس کا نقصان کیا گیا اور بجلی عوام کے گھروں میں پہنچنے کے بجائے لائن لاسز کی نظر ہو گئی ۔