ایمز ٹی وی(بیجنگ) چینی حکومت صوبے سنکیانگ کے مسلمان مردوں کے داڑھی رکھنے اور خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اِس پابندی کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔چینی حکومت نے انتہا پسند عقائد کے فروغ اور انہیں پھیلانے کو بھی خلاف ضابطہ قرار دے دیا گیا ہے۔ چینی حکومت نے اپنے شہریوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں جن میں داڑھی رکھنے اور خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی اس کے علاوہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر حکومتی پالیسیوں کے بارے میں پیش کیے جانے والے پروگرامز کو سننے یا دیکھنے سے انکار بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔چینی حکومت کی جانب سے نافذ کیے جانے والے ضابطوں کے تحت بچوں کو نیشنل تعلیمی پروگرام سے دور رکھنے کی بھی ممانعت کر دی گئی ہے۔ ان حکومتی پابندیوں کا متن صوبائی اور مرکزی حکومتوں کی ویب سائٹس پر بھی جاری کر دیا گیا ہے
ایمز ٹی وی(لاہور) لاہورہائیکورٹ کے جسٹس کاظم رضا شمسی ، جسٹس ملک شہزاداحمد خان اورجسٹس عاطرمحمود پرمشتمل فل بنچ نے ایڈیشنل سیشن جج کے ساتھ بدتمیزی اورتشدد میں ملوث بیرسٹراحتشام امیر الدین سمیت تین وکلاءکا معاملہ پنجاب بارکونسل کے سپرد کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا عدالت دیکھے گی کہ توہین عدالت کہاں ہوئی ہے، بیرسٹر احتشام نے 2013 ءمیں ہائیکورٹ کی ایک خاتون جج کے چیمبر میں گھس کر بھی بد تمیزی کی تھی ، وکلاءکی ویڈیو دیکھی ہے بیرسٹر احتشام میز پر ناچ رہا ہے ، اگر آج ان وکلاءکو معاف کر دیا گیا تو کیا گارنٹی ہے کہ کل کو ایسا نہیں ہو گا؟ فاضل بنچ نے ایڈیشنل سیشن جج لاہورعرفان انجم سے بدتمیزی اور تشدد کے معاملے پرکارروائی کی توبیرسٹراحتشام امیرالدین اوران کے دوساتھی وکلا ءمہراحسن اورمحمد انعام آفریدی فل بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔ تینوں وکلاءکی جانب سے رائے بشیراحمد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا اس معاملہ پرتھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج ہوچکا ہے ، معاملہ چونکہ وکلاءکے پیشہ ورانہ مس کنڈیکٹ کا ہے تواس لیے اس معاملے کو پنجاب بارکونسل کوبھجوادیا جائے، جسٹس سید کاظم رضا شمسی نے قراردیا کہ یہ مس کنڈیکٹ کا ہی نہیں بلکہ ایڈیشنل سیشن جج سے بدتمیزی کرنے کی وجہ سے توہین عدالت کا معاملہ بھی ہے، اس لیے اس کیس کو ہائیکورٹ ہی سنے گی ،عدالت نے رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ سے استفسارکیاکہ کیا آپ نے ان وکلاءکی جانب سے وکالت نامہ جمع کروایا ہے، جس پررائے بشیراحمد ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ انہوں نے ابھی تک ان وکلاءکی جانب سے وکالت نامہ جمع نہیں کرایا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وکالت نامہ اورجواب دینے کےلئے مہلت دی جائے ، جس پرعدالت نے اس کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی
ایمز ٹی وی(رحیم یار خان) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک کو نوازشریف کی نہیں ، درود شریف کی ضرورت ہے،حکمران پانامہ کیس میں ملوث ہیں، وکی لیکس میں ان کے نام ہیں ، لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک چھپاتے ہی، حکمرانوں کی چھتری تلے جاگیردار اور وڈیرے کسانوں کی محنت چوری کر رہے ہیں ، کسان خون پسینہ ایک کر کے فصل اگاتے ہیں جس کا انہیں مناسب معاوضہ نہیں ملتا، گندم کی فصل آتی ہے تو حکومتی پالیسیاں نہیں بنتیں اور گنا شوگر مافیا کھا جاتا ہے ، کاشتکار محنت کرنے کے باوجود فاقہ کشی پر مجبور ہیں کرپشن ، غربت ، مہنگائی و لوڈشیڈنگ حکمرانوں کا تحفہ ہیں ، کرپشن کے خلاف رد الفساد ناگزیر ہو گیاہے، جب تک جاگیرداری اور وڈیرہ شاہی کی سرپرستی حکمران ٹولہ کرتا رہے گا ، کسان اور مزدور بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور رہیں گے ۔ رحیم یارخان میں بڑے عوامی جلسہ سے خطا ب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں کے ظلم و ستم اور استحصال کا سب سے زیادہ شکار جنوبی پنجاب ہے جہاں کاشتکاروں کو زمینوں کے لیے پانی دستیاب ہے اور نہ ان کی بھیڑ بکریوں کو پینے کے لیے پانی ملتا ہے ، جنوبی پنجاب کے لوگ سارا سال محنت و مشقت کرتے ہیں اور جب فصل اٹھانے کا وقت آتاہے تو حکومت کی پالیسی آڑے آ جاتی ہے اور آڑھتی کسانوں سے اونے پونے گندم خرید کر انہیں ان کی محنت کی کمائی سے محروم کردیتاہے ۔ انہو ں نے مطالبہ کیاکہ گندم کے حوالے سے فوری طور پر سرکاری پالیسی کا اعلان کیا جائے تاکہ کسان کا استحصال نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ رحیم یارخان میں گنے کا کاشتکار ملز مافیا کے ظلم کا شکار ہے ، شوگر ملز مالکان کسانوں سے گنا خرید لیتے ہیں مگر انہیں قیمت ادا نہیں کی جاتی اور کسان بے چارہ سارا سال شوگر مافیا کے ہاتھوں ظلم کی تصویر بنارہتاہے ۔انہوں نے کہاکہ شوگر مافیا راج کی بجائے کسانوں اور مزدوروں کا راج دیکھنا چاہتاہوں، چارہ کسان اور کاشتکار ڈالتاہے اور بھینسوں کا دودھ اور مکھن جاگیردار اور وڈیرے کھاتے ہیں ، وہ دن دور نہیں جب غریب کسان اور مزدور اسمبلیوں میں پہنچیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ظالم جاگیرداراپنے لیے بجٹ بناتاہے تاکہ اس کی جاگیریں ، فیکٹریاں اور بنک بیلنس بڑھ جائے ، یہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلاموں کی اولاد ہیں ، یہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے ماہر ہیں، معاشی دہشتگردوں کی وجہ سے عوام تعلیم ، صحت و روزگار سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران نسل در نسل حکمران اور عوام نسل در نسل غلام ، یہ نظام مزید برداشت نہیں کریں گے،حکمران کہتے ہیں کہ نوجوان ناچنا سیکھیں ، ملک کو ہالی وڈ کے اداکاروں کی نہیں محمد بن قاسم اور ڈاکٹر قدیر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ناموس رسالتﷺ کے مسئلے پر حکمران کچھ نہیں کر سکے ، ممتاز قادری کو شہید کیا گیا ، حکمران کہتے ہیں کہ بین الاقوامی پریشر تھا ، بھارت کلبھوشن بھیجتاہے اور حکمران انڈیا کو بجلی دینے کا اعلان کرتے ہیں ، حکمرانوں نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے جماعت اسلامی کے منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم اقتدار میں آ کر تعلیم اور صحت کی سہولتیں ہر پاکستانی کے لیے مفت کریں گے، نوجوان کو روزگار اور بزرگوں کو بڑھاپا الاﺅنس دیں گے ، کسانوں کو زمین کی پیداوار اور مزدروں کو کارخانوں کی پیدا وار میں شامل کریں گے
ایمز ٹی وی(نوشہرہ) برطانوی ایئر چیف مارشل سر سٹیفن جان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فضائیہ کا کردار قابل تحسین ہے ۔”پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں “۔ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ کر رہی ہے ۔ ریسالپور میںپی اے ایف کیڈٹس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ایئر چیف نے کہا کہ پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں شرکت میرے لیے باعث اعزاز ہے ۔ برطانیہ کے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات رہے اور مستقبل میں بھی یہ تعلقات قائم رہیں گے اور مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج دہشتگری کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں جس میں پاک فوج کو بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔تقریب سے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بھی خطاب کیا ۔
ایمز ٹی وی(واشنگٹن) سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی ای میلز میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے 2010ءمیں اپنے شوہر بل کلنٹن کی علالت کے دوران ان کے جنازے اور تدفین کی تیاری کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ ہیلری کلنٹن کی لیک ہونے والی ای میلز میں پتا چلا ہے کہ 2010ءمیں بل کلنٹن کے دل کی سرجری کی گئی تو ان کی حالت کافی تشویشناک تھی۔ ہیلری نے اپنی معاون ھما عابدین کو فروری 2010ءکو اپنے شوہرکی سرجری کے ایک ہفتے بعد ان کے جنازے تجہیز وتکفین کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی تھی
ایمز ٹی وی(کابل) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانہ نے 6 افراد کو منشیات استعمال کرنے کے الزام پر ملازمت سے برخاست کر دیا ہے وال سٹریٹ جنرل کے مطابق کل 22 افراد کو فارغ کیا گیا جن میں سفارت خانے کے ملازمین کے علاوہ کنٹریکٹرز بھی شامل ہیں جبکہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ حکام کے مطابق الزامات کی انکوائری کرنے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیاکہ تفتیش کس کی سربراہی میں کی گئی۔برخاست ہونیوالوں میں سے زیادہ تر امریکی ٹھیکیداری کا کام کر تے تھے۔
ایمز ٹی وی(پارا چنار) نور مارکیٹ پارا چنار میں دھماکے کے زخمیوں کو نکالنے کیلئے آرمی کے ہیلی کاپٹر روانہ کردیئے گئے ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پارا چنار بھیجے جانیوالے ہیلی کاپٹر آرمی ایوی ایشن یونٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔پارا چنار دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ 30 افراد زخمی ہیں جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔زخمیوں کو پاراچنار قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فوجی دستے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
ایمز ٹی وی(لاہور) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے ایڈیشنل سیشن ججز کا ماہانہ پٹرول بڑھا دیا ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی منظوری کے بعد فیول بڑھانے کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔ مراسلے کے مطابق ایڈٰشنل سیشن ججز کو ماہانہ 125 لٹر پٹرول ملے گا۔ اس سے پہلے ایڈیشنل سیشن ججز کو صرف 100 لٹر پٹرول ملتا تھا۔
ایمز ٹی وی(کراچی) عالمی منڈی میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی 10 روپے کلو تک کمی ریکارڈ کی گئی ،گھریلو سلنڈر کی قیمت میں120روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 480 روپے کی کمی ہوگئی۔عالمی منڈی میں ایل پی جی کی قیمت 92 ڈالرفی میٹرک ٹن کمی کے بعد 552 ڈالر فی میٹرک ٹن سے کم ہوکر 460 ڈالر فی میٹرک ٹن پر آگئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسو سی ایشن کے مطابق کراچی میں ایل پی جی کی قیمت 80 روپے کلو اور گھریلو سلنڈر 910 روپے ، لاہور، گجرانوالہ، فیصل آباد ، سیالکوٹ اور پشاور میں 85 روپے فی کلو اور گھریلوں سلنڈر 970 روپے ، رحیم یار خان، صادق آباد، گجرات، میرپور آزاد کشمیر میں 100 روپے کلو اور گھریلوں سلنڈر 1150 روپے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ایل پی جی 105 روپے فی کلو اور گھریلوں سلنڈر 1210 روپے کا ہوگیا ہے۔