جمعہ, 10 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(میکسکو سٹی) میکسکو میں دو نوجوان لڑکیاں رن وے پر اپنی سیلفیا ں بناتے ہوئے جہاز کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئیں ۔میکسیکو کے علاقے چی ہوا ہوا میں جہاز رن وے پر لینڈ کر رہا تھا جہاں 18سالہ نزیہ مینڈو کورل اور 17سالہ کلاریسا مرنڈا سلیفیاں لینے میں مصروف تھیں ،دونوں لڑکیاں رن وے پر موجود اپنی وین کے پیچھے سیلفیاں لے رہی تھیں اس لیے انہیں پتہ نہیں لگا کہ پیچھے سے جہاز آرہا ہے جس کے پروں سے ٹکرا کر دونوں لڑکیاں موت کے منہ میں چلی گئیں ۔رپورٹ کے مطابق لوگوں نے حادثے سے قبل دونوں لڑکیوں کو خطرے سے متعلق آگاہ بھی کیا تھا تاہم ان دونوں اس خطرے کو نظر انداز کردیا تھا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(جکارتہ) انڈونیشیا نے سزائے موت کے قانون پرعمل درآمد روکنے پرغور شروع کردیا۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ پھانسی کی سزاؤں پرعمل درآمد روکنے کے لئے تیاری کررہے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے صدر ویدودو نے ملک میں پھانسی کے قانون میں ترمیم کا عندیہ دیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ سزائے موت پر پابندی پرغور کررہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ کیوں نہیں مگر میں پہلے اپنی کابینہ سے پوچھوں گا۔ صدر نے کہا کہ اگر عوام سزائے موت روکنے پر راضی ہوں تو وہ دی گئی موت کی سزاؤں پرعمل درآمد روکنے کے لیے اقدامات کریں گے۔واضح رہے کہ 2015ء میں لیے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے میں کہا گیا تھا کہ انڈونیشیا کے 85 فیصد شہری منشیات کی روک تھام کے لیے منشیات کے سودا گروں کو سزائے موت دینے کے حامی ہیں۔صدر جوکو ویدودو کے اقتدار سنھبالنے کے بعد 15 غیر ملکیوں سمیت 18 افراد کو منشیات کے دھندے میں ملوث ہونے کے جرم میں پھانسی دی گئی تھی

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت) سافٹ ڈرنکس کے مضر صحت ہونے کی باتیں ہر جگہ کی جاتی ہیں لیکن نائیجیریا کی ایک عدالت نے کوکاکولا کی مشہور پراڈکٹس سپرائٹ اور فانٹا کو زہر قرار دے دیا ہے جس کے بعد نائیجیریا کے عوام بڑے پیمانے پر ان سافٹ ڈرنکس کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ ویب سائٹ سی این این کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ان مشروبات میں بینزوئک ایسڈ اور سن سیٹ ایڈیٹوز کی بھاری مقدار وٹامن سی کے ساتھ مل کر صارفین کی صحت کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔

جسٹس آدے دایو اوئے بانجی نے نائیجیرین باٹلنگ کمپنی کو حکم دیا کہ فانٹا اور سپرائٹ کی بوتلوں پر یہ وارننگ تحریر کی جائے کہ اسے وٹامن سی کے ساتھ استعمال نہ کیا جائے۔ عدالت نے نیشنل ایجنسی فار فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اینڈ کنٹرول کی صحت کے معیارات کو یقینی بنانے میں ناکامی پر اس کے خلاف 20 لاکھ نائیرا (تقریباً ساڑھے 6 لاکھ پاکستانی روپے) کی ادائیگی کا حکم بھی سنایا۔


سافٹ ڈرنک بنانے والی کمپنی کےخلاف ایکشن وجہ... by aimstv_tv

فیصلے میں کہا گیا کہ اس ادارے کو ایک ایسے مشروب کو انسانی صحت کے لئے موزوں قرار دینے پر سزا سنائی گئی جو دراصل وٹامن سی کے ساتھ مل کر زہر کی صورت اختیار کرجاتا ہے۔ نائیجریامیں مشروب تیار کرنے والی کمپنی ضرورت سے زائد سن سیٹ اور بینزوئک ایسڈ استعمال کررہی ہے۔ بینزوئک ایسڈ وٹامن سی کے ساتھ مل کر کینسر پیدا کرنے والے مرکبات میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) داعش نے سی پیک منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے چینی ماہرین سمیت غیر ملکی باشندوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی اور دیگر مقامات پر سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے ماہرین باالخصوص چینی باشندوں انجینئرز کی داعش اور حمایتی گروپوں نے ٹارگٹ بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے جس میں داعش(مبشر گروپ)ملوث ہے اور اسے بلوچستان میں بی ایل اے کی حمایت بھی حاصل ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شام اور عراق سے داعش کے کئی لوگ واپس انڈونیشیا‘افغانستان اور پاکستان آرہے ہیں اور چین کے صوبے شی جیانگ میں بھی پہنچ رہے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) لیونل میسی پر چار بین الاقوامی میچوں کی پابندی ارجنٹینا کی ٹیم کو مہنگی پڑگئی،اہم میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔
فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچ ارجنٹینا کی ٹیم میسی کے بغیر میدان میں اتری تو بولیویا نے اسے 2-0سے مات دیدی۔
فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارجنٹینا اور چلی کے درمیان میچ کے دوران میسی کو اسسٹنٹ ریفری پر غصہ آ گیا تھا۔
یہ غصہ میسی کو بہت بھاری پڑا کہ ان پر چار بین الاقوامی میچوں کی پابندی اورساڑھے دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے لئے مسجد کا درجہ رکھتا ہے اس کی جانب جو کوئی دیکھے گا تو اس کی آنکھیں چیر دیں گے۔ملک بھر کے 500پی ایچ ڈی ڈاکٹرز سے ملاقات کرکے انہیں پاکستان کا 50سالہ منصوبہ بنانے کا ٹارگٹ دوں گا، ڈاکٹرز کی جانب سے مختلف شعبوں میں بنائے گئے 50سالہ منصوبے کو نصاب تعلیم کا حصہ بناﺅں گا۔ حکمران پاکستانی پاسپورٹ کی تحقیر کا باعث بن رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب ساری دنیا میں سبز پاسپورٹ کی دنیا بھر میں توقیر ہوگی. گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز کے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان میجر عزیز بھٹی شہید، راشد منہاس شہد اور کرنل شیر خان شہید کی امانت ہے اگر ہم نے اس پاکستان کا تحفظ نہیں کیا تو ہم شہدا کے خون سے غداری کریں گے اور خدا بھی ہمیں معاف نہیں کریں گے۔پاکستان شہدا کی امانت ہے اس کا تحفظ سب پر فرض ہے ۔نوجوان رنگ ونسل سے بالاتر ہوگا پاکستان کی حفاظت کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ قومیت اور رنگ ونسل پر مبنی نعرے دفن کرکے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانا ہوگا۔ سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ اشرافیہ ملک کے تحفظ میں ناکام ہوگئے، یہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلام ابن غلام ہیں اور انہوں نے یہی غلامی پاکستانی قوم پر مسلط کردی ہے ۔ حکمران کرپشن کے ماسٹر ہیں۔ انہوں نے نئی نسل کو کرپشن کا تحفہ دیا۔ عام سیکرٹری کی قالینوں ، پانی کی ٹنکیوں اور فریجوں سے کروڑوں روپے مل رہے ہیں۔ یہ کرپشن کے کینسر میں مبتلا ہیں انہیں اس کرپشن سے نجات کے لئے بڑا آپریشن کرنا ہوگا۔ رد الفساد آپریشن کے باعث ملک میں امن و امان بہتر ہوا ہے۔ معاشی اور سیاسی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لئے پوری قوم تیار ہوجائے۔ اپنے دیہاتوں اور شہروں میں جاکر پاکستان کے ایمبسٹر بننا ہوگا اپنے ووٹ کے ذریعے ان دہشت گردوں کا بڑا آپریشن کریں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ لکھنا ، پڑھنا اور سیکھنا نبی مہربان ﷺ کا حکم ہے اس کی تعمیل ضروری ہے۔ملک بھر کے500پی ایچ ڈی ڈاکٹرز سے ملاقات کرکے ان سے 50سالہ منصوبہ بنوا کر قوم کے سامنے پیش کروں گا۔ اس پچاس سالہ منصوبے کو نصاب کا حصہ بنائیں گے تاکہ حکومتوں کے آنے جانے سے ملک کی ترقی میں رکاوٹ نہ آئے۔ میٹرک کے طالب علم کے سامنے بھی پاکستان کی ترقی کانقشہ ہوگا۔ شرجیل میمن کا چوہدری نثارکو مناظرے کا چیلنج، وزیر داخلہ کو جتنی تنخواہ ملتی ہے اتنی بات کریں: پی پی رہنما سراج الحق نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کا معیار تعلیم اتنا بلند کریں گے کہ دنیا بھر کے طلبہ وطالبات پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کریں اور ہم لاہور ائرپورٹ پر ان طلبہ کا استقبال کریں گے جو سعودی عرب، چین، بھارت اور دیگر ممالک سے پاکستانی جامعات میں داخلہ لینے کے لئے آئیں ۔ امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی تعلیم اور صحت کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت 20کروڑ لوگوں کی تعلیم اور صحت پر سالانہ ایک سو گیارہ روپے خرچ کر رہی ہے۔ جبکہ ان کے کتے روزانہ 11ہزار کے بسکٹ کھا جاتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب ان کی حکومت آئی تو وہ تعلیم و صحت پر توجہ دیں گے۔ وہ پانچ بیماریوں کا مفت علاج کرائیں گے جبکہ تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے پرائمری تعلیم دینے والے اساتذہ کو سب سے زیادہ سہولیات دیں گے۔

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو ڈوئل کیمروں والے متعدد فونز سامنے آچکے ہیں مگر اب موٹرولا بھی اس طرح کا اسمارٹ فون جلد متعارف کرانے والی ہے۔
جی ہاں موٹرولا کا موٹو ایکس 2017 ڈوئل لینس کیمرے سے لیس ہوگا جس کی تصویر لیک ہو کر سامنے آئی ہے۔
اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کا ڈوئل لینس کیمرہ تصویر میں آئی فون سیون پلس اور ایل جی جی سکس جیسا نظر آتا ہے۔
تاہم اس میں فلیش موڈیول کو کیمرے کے نیچے دیا گیا ہے جو اسے دیگ فونز سے کچھ مختلف بناتا ہے۔
اس فون کے فیچرز کی تفصیلات بھی کسی حد تک لیک ہوکر سامنے آئی ہیں جس سے موٹرولا کے اس نئے فلیگ شپ فون کے بارے میں کافی اندازہ ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فون اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر کے ساتھ ہوگا جبکہ تھری جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج وغیرہ سے لیس ہے۔
اسی طرح فنگر پرنٹ اسکینر بھی دیا گیا ہے اور یہ میٹل باڈی والا فون ہوگا۔
اس کی اسکرین کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ 5.5 انچ کی فل ایچ ڈی ورژن کی حامل ہوگی۔
یہ فون آئندہ چند ماہ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور قیمت کے بارے میں بھی معلومات جب ہی سامنے آسکے گی۔
 

 

ایمز ٹی وی(سکھر) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب ریاستی ستونوں کو کمزور کر رہے ہیں،حکمراں جماعت لاہور کو ہی پاکستان سمجھی بیٹھی ہے۔ پیپلزپارٹی پنجاب میں آگئی ہے اورمخالفین کو ڈرہے کہ ان کی ضمانتیں ضبط نہ ہوجائیں جبکہ گوادر میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے۔ ہم پر تو الزام ہے فرینڈلی سیاست کرتے ہیں، آصف زرداری نے کہاتھا حکمراں جماعت کو4سال سیاست کاموقع دینگے لیکن پاکستان میں ابھی تک لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی مگر ہم نے اپنے تمام وعدے پورے کیے۔انہوں نے کہا کہ ہم پرالزام ہے موٹروے نہیں بنائی،ہمیں بتائیں کہ ہم کیسے بناتے؟ عالمی معاشی بحران تھا،جبکہ ہم نے این ایف سی ایوارڈ دیا،پینشن بڑھائی۔ 2010،2011میں سیلاب آیا، پورے طریقے سے کا م کاموقع نہیں ملا،حکمراں جماعت نے سکیموں کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایااورسپرہائی وے کی لین بڑھاکر موٹروے کانام دیاگیالیکن اب عوام کو ڈراموں کا اندازہ ہوگیاہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ن لیگ تکنیکی کرپشن کا دوسران نام ہے ، حکومتی وزرا جو کل تک سائیکل پر سوار تھے وہ آج ارب پتی بن گئے ہیں ،ان کے پاس یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے ؟ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خطاب کے ردعمل میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے جن میگاپراجیکٹس کا پور ے ملک میں شور مچایا ہو اہے وہ تمام منصوبے دراصل میگاکرپشن کا ذریعہ ہیں۔پانامہ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل ہے۔ اس وقت بھی مسلم لیگ ن کرپشن کا راگ الاپ رہی ہے، مگرنہ جانے کتنے کھرب روپے بیرون ملک منتقل کر رہی ہے، آج کے غبن اگلے سالوں میں عوام کے سامنے آئیں گے۔آخر میں انہوں نے وزیرداخلہ چودھری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو چائے پلانے والے کبھی خواجہ آصف کو چائے پر بلائیں ۔وزیرداخلہ چکری سے خود الیکشن ہارے ہوئے ہیں ،دوسروں کو چھوڑیں اور اپنی ضمانت کی فکر کریں۔

 

 

ایمز ٹی وی(گوجرانوالہ) گوجرانوالہ میں ایک اور بیٹی معاشرتی جبر کا نشانہ بن گئی۔ ساس اور نند نے پٹرول چھڑک کر خاتون کو آگ لگا دی۔ متاثرہ خاتون تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کردی گئی۔ گوجرانوالہ کے علاقے باسی والامیں ساس اورنند نے مبینہ طورپرپٹرول چھڑک کربہوکوآگ لگادی۔متاثرہ خاتون کے جسم کا50فیصد سے زائد حصہ جھلس گیاہے جسے تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیوہسپتال گوجرانوالہ سے لاہورکے اسپتال روانہ کردیاگیاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی 2سال قبل شادی ہوئی تھی۔ متاثرہ خاتون پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والی ملزمہ ساس اورنند کےخلاف کارروائی کی جا رہی ہے