ایمزٹی وی (تعلیم)مہران یونیورسٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ خیرپور میرس کیمپس کے سکبدوش ہونے والے پرووائس چانسلر انجینئر غلام سرور کندھر کے اعزاز میں الوداعی تقریب وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی ․
تقریب سے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہران یونیورسٹی نےتعلیمی اداروں میں رہنمائی کے طور پر اپنا مقام قائم کیا اور برقرار رکھا ہے اور اس میں ہر استاتذہ ، افسران اور ملازمین کا ایک جیساکردار ہے ․ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کردار زیادہ ہوتا ہے اور انہیں ضرور یاد رکھا جائے۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بھارتی کار ریسر ایشوین سندر اور ان کی اہلیہ ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ چنائی کے سینٹ ہوم ہائی روڈ پر پیش آیا جب ان کی بی ایم ڈبلیو کار بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے لگے درخت کیساتھ جا ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق کار درخت کیساتھ ٹکرانے کے بعد دیوار اور درخت کے درمیان پھنس گئی جس کے باعث سندر اور ان کی اہلیہ حادثے کے بعد کار میں پھنس گئے اور دروازے کھول کر باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ حادثے کے فوراً ہی بعد کار نے آگ پکڑ لی اور دونوں ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت کار سندر چلا رہا تھا۔
حادثے کی جگہ سے گزرنے والے ایک شخص نے گاڑی کو آگ لگی دیکھی تو چنائی سٹی پولیس کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع دی جس کے بعد ایڈیار ٹریفک انویسٹی گیشن ونگ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں بھی مائلاپور سے آ گئیں جنہوں نے 30 منٹ کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
اڈیار ٹریفک انویسٹی گیشن ونگ پولیس کی انسپکٹر ونیتھا اور ان کی ٹیم نے کار کے مختلف حصے کاٹ کر دونوں میاں بیوی کی لاشوں کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کیلئے رویاپیتا ہسپتال بھیج دیا۔
ابتدائی طور پر پولیس کو معلوم نہ ہو سکا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے کون ہیں؟ بعد ازاں انہیں کار کی شناخت کی مدد سے پہچان لیا گیا اور رجسٹریشن نمبر کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والا جوڑا پورور کے قریب الاپکام میں رہتا ہے۔ دونوں میاں بیوی راجہ انامالائی پورم میں واقعہ ایم آر سی نگر میں اپنے دوستوں کے گھر گئے تھے اور جب واپس آ رہے تھے تو حادثہ پیش آ گیا۔
ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق 28 مارچ سے شروع ہونے والے نویں و دسویں جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات، ایڈمٹ کارڈ اور ڈیٹ شیٹ جاری کرنے کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
یہ امتحانات صبح کی شفٹ میں 9:30سے 12:30بجے تک ہوں گے جبکہ ایڈمٹ کارڈ اور ڈیٹ شیٹ بورڈ کی جانب سے بنائے گئے حب سینٹر پر 20مارچ سے 22مارچ تک اسکولوں کے سربراہان یا ان کے نمائندگان شناختی کارڈ کی کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ دی گئی تاریخوں میں صبح10بجے سے 5بجے تک حاصل کر سکتے ہیں اور پرائیویٹ طلبہ وطالبات کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں نہ ملنے کی صورت میں22مارچ کے بعد فیس چالان کی سلپ اور گزشتہ ایڈمٹ کارڈ کی کاپی کے ہمراہ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن بلاک Aکمرہ نمبر5سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی(صحت) سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ میں 42ہزار افراد ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں ۔ میڈیا زرائع کے مطابق سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 2015تک 8ہزار 58لوگ ایچ آئی وی کے مرض میں مبتلا تھے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایڈز کے مریضوں کی شرح 8.3سے بڑھ کر 17.7تک جا پہنچی ہے ۔اس حوالے سے سندھ ایڈز کنٹرو پروگرام کے مینجر ڈاکٹر یونس چاچڑ نے کہا ہے کہ ایڈز سے بچاﺅ کے لیے فوری طبی امداد دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایڈز سے بچاﺅ سے آگاہی کے لیے مختلف پروگرام جاری ہیں اور علاج کے لیے سول اسپتال کراچی اور لاڑکانہ میں سینٹرز قائم ہیں ۔ڈاکٹر یونس چاچڑ نے مزید کہا کہ ایڈز سے بچاﺅ کے لیے قانون سازی بھی کی گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس)اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل ہونے والے چوتھے کرکٹرشاہ زیب حسن نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات ماننے سے انکار کردیا ہے اور قانونی جواب دینے کیلئے ٹربیونل میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر شاہ زیب حسن نے فکسنگ میں ملوث ہونے پی سی بی کے تین الزامات کو مسترد کردیا ہے اور تحریری جواب تیار کرلئے ہیں جس کیلئے قانونی ماہرین کی بھی مدد لے لی گئی ہے۔
شاہ زیب حسن نے کہا کہ انہوں نے کسی کھلاڑی کو نہیں اکسایا ،جو جانتا تھا بتادیا،کیس سے متعلق بورڈ کی مدد کرنے کو تیار ہوں۔ شاہ زیب حسن آئندہ دو روز میں پی سی بی کو تحریری جواب جمع کرائیںگے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان،خالد لطیف اور محمد عرفان کے بعد شاہ زیب حسن کو بھی پی سی بی نے معطل کردیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ انہوں نے فکسنگ کیلئے کھلاڑیوں کو اکسایا۔
ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کارکن اپنے حوصلے بلند رکھیں ہم معاملے کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں ۔
فیصل سبزواری کا فاروق ستار کی گرفتار ی اور رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے زیادہ کسی جماعت کو کراچی کا سیاسی استحکام عزیز نہیں ہے،حالانکہ ہمارے پاس جمہوری احتجاج کا حق بھی موجود ہے لیکن ہم پھر بھی آرام سے بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کررہے ہیں اورکسی جلد بازی سے کام نہیں لے رہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں بردباری سے فیصلے لئے ہیں اور اب بھی بردباری سے ہی کام لے رہے ہیں جبکہ فاروق ستار کیساتھ قابل نفرت رویہ اپنانا ہمارے ووٹرز کی توہین ہے ایسارویہ اپنانے سے ووٹر زناراض ہوسکتے ہیں
ایمز ٹی وی(اسپورٹس)ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ کر نے والے کھلاڑ یوں کو رولز کے مطابق سخت سزادینی چاہیے،کھلاڑیوں نے نہ صر ف اپنی عزت کو داؤ پر لگا یا بلکہ پاکستان کی بد نا می کا باعث بھی بنے ۔
میڈ یا سے بات چیت میں ٹیسٹ کر کٹر سعید اجمل نے کہا کہ پی ایس ایل دبئی میں نہیں بلکہ توقع رکھنی چاہئےکہ آ نے والا پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں جن لوگوں پر میچ فکسنگ کے الزا مات ہیں یا جنہو ں نے جواریو ں سے رابطے کیے اس سے ملک کی بد نا می ہو ئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور سلیکٹرز کی جانب سےچانس کےمنتظر ہیں ۔
ایمز ٹی وی(کراچی) ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کو گرفتار نہیں کیا گیا، پولیس جب انہیں گرفتار کرنے گئی تو وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے
ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو گرفتاری کے کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا
نجی ٹی وی دنیانیوز کے مطابق ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت فاروق ستار کی گرفتار ی سے لاعلم تھی۔فاروق ستار پندرہ مقدمات میں عدالت سے مفرور قرار دئیے گئے تھے انہوں نے ضمانت نہیں کرائی تھی انہیں گرفتار کرنا پولیس کی مجبوری تھی تاہم پولیس گرفتار کرنے گئی تو فاروق ستار فرار ہوگئے ۔
دوسری جانب ٹی وی چینلز نے فاروق ستار کی گرفتاری کی ویڈیو بھی براہ راست نشر کی جس میں فاروق ستار اپنے ساتھ موجود لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ فوری طور پر میری گرفتاری کا ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماءعامر خان کو بتائیں۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 80 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں اور بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری نکولس نے سب سے زیادہ 118 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں جیت روال نے 36، ٹام لیتھم نے 8، کین ولیم سن نے 2، نیل بروم نے 0، جیمز نیشام نے 15، بی جے واٹلنگ نے 34، کولن ڈی گرینڈہوم نے 4، ٹم ساﺅتھی نے 27، جیتن پٹیل نے 17 اور نیل ویگنر نے 2 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مورنی مورکل، کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے 268 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے تاہم تیمبا باووما اور کوانٹن ڈی کوک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور پوری ٹیم 359 رنز بنا کر 91 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ کوانٹن ڈی کوک نے سب سے زیادہ 91 رنز بنائے جبکہ تیمبا باووما نے 89، سٹیفن کوک نے 3، ڈین ایلگر نے 9، کاگیسو ربادا نے 9، ہاشم آملہ نے 21، جے پی ڈومنی نے 16، فاف ڈوپلیسس نے 22، ویرنون فلینڈر نے 37، کیشو مہاراج نے 1 اور مورنی مورکل نے 40 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن ڈی گرینڈہوم اور نیل ویگنر نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹم ساﺅتھی نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ جیتن پٹیل اور جیمز نیشام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
کیویز بلے بازوں نے دوسری اننگز میں مزید بدتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 91 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع ہونے والی دوسری اننگز کا خاتمہ 171 کے مجموعی سکور پر ہو گیا اور یوں جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے صرف 80 رنز کا ہدف مل گیا جو چوکرز نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دوسری اننگز میں 6 شکار کئے جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جنوبی افریقہ نے اس جیت کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 25 مارچ سے 29 مارچ تک ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر اعزاز احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان کا عسکری نہیں سیاسی حل درکار ہے جس کے لئے پاکستان اور امریکا مل کر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اعزاز چودھری نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پہلی پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے لئے پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ ہم مل کر افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد کے دونوں اطراف دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لئے سرحد کی نگرانی ضروری ہے۔