ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو) شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے صوبے میں ایک فیمیل کیمپس قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں کے غریب نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید کیمپسز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ کراچی میں بھی ایک کیمپس کا قیام ضروری ہے۔ موجودہ کیمپسز میں مارکیٹ اور ضرورت کے مطابق نئے تعلیمی شعبے شروع کروائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر آفس میں تمام کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز کے ساتھ کیے گئے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے کہا کہ کراچی میں مقابلے کی فضا ہے جبکہ نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم مہنگی ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں بھی جامعہ سندھ کے کیمپس کا قیام عمل میں لانا چاہئے۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے ناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور راولا کوٹ میں ہونے والے ایم اے (پرائیویٹ) سال اول سیاسیات اور اردو کے سالانہ امتحانات2015 منعقدہ امتحان اکتوبر2016کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کراچی میں ہونے والے سیاسیات کے امتحان میں44طلباء رجسٹرڈ ہوئے جن میں36طلباء نے امتحانات میں شرکت کی اور23طلباء کامیاب قرار پائے جبکہ مجموعی رزلٹ63.89فیصد رہا۔ اردو کے امتحان میں41طلباء رجسٹرڈہوئے جن میں 37طلباء نے امتحانات میں شرکت کی اور34طلباء کامیاب قرار پائے جبکہ مجموعی رزلٹ91.89فیصد رہا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کامرس ریگولر، آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے ضمنی امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کا اعلان بروز جمعہ 3مارچ 2017ء کو دوپہر 3بجے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے تلاش کمیٹی کو8 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ جن کے انٹرویوز آئندہ 15روز کے اندر ہونے کا امکان ہے جبکہ امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ جو 3مارچ یا 4مارچ کی جائے گی۔ این ای ڈی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق کی چار سالہ مدت 16 مارچ کو مکمل ہو رہی ہے، ان کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی ہے تاہم وہ دوسری مدت کے لیے بھی امیدوار ہیں اور درخواست دینے والے 8امیدواروں میں ان کا نام بھی شامل ہے جن 8امیدواروں نےجامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ ان میں ڈاکٹر سروش لودھی ، پروفیسر عثمان علی، نظام الدین قریشی، پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ، پروفیسر ڈاکٹر قمر وہاب، سرفراز احمد ملک اور موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق سمیت 8امیدوار شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جامعہ این ای ڈی کے ساتھ ہی دیگر دو جامعات دائود انجینئرنگ اور لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی چار سالہ مدت بھی ختم ہو رہی ہے تاہم ان دونوں جامعات کے وائس چانسلر کے تقرر کے لیے اشتہار نہیں دیا گیا ۔ جس کے باعث امکان ہے کہ دونوں جامعات کے وائس چانسلر کی مدت میں دوسری مرتبہ توسیع کر دی جائے گی۔ دریں اثنا جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق اور دیگر امیدواروں نے این ای ڈی کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں دیے جانے والے اشتہار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔