ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے 16ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کے لئے 167 رنز کا ہدف دیدیا ہے، پشاور زلمی نےکامران اکمل کے شاندار 53رنز کی بدولت 6وکٹوں پر 166رنز بنائے۔
ٹاس جیت کر پشاور زلمی نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پہلی وکٹ6 رنز پر گری ،تمیم اقبال 5رنز بناکر عامر امین کا شکار بنے ۔
دوسری وکٹ پر محمد حفیظ اور کامران اکمل نے 53رنز کی شراکت قائم کی ،اس موقع پر 13رنز بنانے والے محمد حفیظ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ،انہیں یاسر شاہ نے پویلین کا راستہ دکھایا۔
پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 94کے اسکور پر گری ،9چوکوں کی مدد سے 58رنز بنانے والے کامران اکمل کو بھی یاسر شاہ نے آئوٹ کیا ۔
چوتھی وکٹ پرمارلن سیموئل اور شکیب الحسن نے 38رنز کا اضافہ کیا،سیموئل 17رنز بناکر پویلین لوٹے،انہیں سنیل نارائن نے آئوٹ کیا،اس موقع پر پشاور زلمی کا اسکور 4وکٹ پر 132رنز ہوچکا تھا ۔
پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 147کے اسکور پر گری جب شاہد خان آفریدی 10رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے،چھٹی اور آخری وکٹ 150رنز پر گری جب 30کے اسکور پر کھیل رہے شکیب الحسن لاہور قلندر ز کے سہیل تنویر کا شکار بنے۔
کپتان ڈیرن سیمی ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے 17رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔لاہور قلندرز کی طر ف سے یاسر شاہ نے 2جبکہ عامر امین، سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے 1،1کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو ’ ٹیبلٹ‘ دینے کی منظوری دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر کے تمام 53 ہزار اسکولوں کے طلبہ کو ٹیبلٹ کمپیوٹرز دینے کی منظوری دی ۔ وزیر اعلیٰ کے منظوری دینے کے بعد بہت جلد اسکولوں کو ٹیبلٹس کی فراہمی شروع کردی جائے گی ۔
ایمزٹی وی(کراچی) سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہوگئی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ شرجیل میمن کو ضمانت میں توسیع دیناعدالت سے مذاق کے مترادف ہے۔
شرجیل میمن نے باربار ضمانت میں توسیع لی، عدالتی نظام کا ناجائز فائد ہاٹھایا ،شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات میں کرپشن، زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں، ایسی صورتحال میں شرجیل میمن کو ضمانت میں مزید توسیع نہیں دے سکتے۔
عدالت میںشرجیل میمن کا 27 فروری کا وطن واپسی کا ٹکٹ پیش کیا گیا، شرجیل میمن کے وکیل نے 26 فروری تک ضمانت میں توسیع مانگی تھی
ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان بھر میں سونے کی قیمت میں 600 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 50 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 51 ہزار 500 روپے کا ہوگیا۔
کراچی صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کے اثرات پاکستان کے صرافہ بازاروں میں بھی دیکھے گئے اور سونا 600 روپے مہنگا ہوگیا۔
کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ ، پشاور ، اسلام آباد اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں فی تولہ سونا 51 ہزار 500 روپے کا ہو گیا۔
دوسری جانب دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 514 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 10 گرام سونا 43 ہزار 628 روپے سے بڑھ کر 44 ہزار 112 روپے کا ہوگیا۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ردالفسادآپریشن کا فیصلہ خوش آئندہے ۔حکومتی سیاستدان اور دیگر گروپ دہشت گردوں کی پشت پناہی سے گریز کریں۔
بھارت کے اشارے پر دہشتگردی پھیلانے والوں کیخلاف آپریشن ردالفساد دہشتگردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ دہشتگردوں کو آخری انجام تک پہنچائیں گے ۔ بھار ت سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتا ۔
ایمزٹی وی(آزادکشمیر)پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی صدارت میں پی ٹی آئی کشمیر کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے حالیہ دھاندلی والے انتخابات کو کالعدم قراردیکر آزاد کشمیر میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔
شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا اس موقع پریہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی ٹی آئی کشمیر پاکستان کے آئندہ انتخابات میں عمران خان کی بھرپور انتخابی مہم چلائے گی
بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹرسلطان نے کہا کہ ہم نے دھاندلی کے باوجود حکومت کو 6ماہ کی مہلت دی مگر کوئی تبدیلی نظرنہیں آئی ، پی ٹی آئی آزاد کشمیر سے کرپشن اورتعصب کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردارادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹی کے اندر مخالفت کرتے رہے ہیں یا متحرک نہیں رہے انکی جگہ نئے عہدیدار لائے جائیں گے ۔
ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ممبران اسمبلی کا احترام کرتا ہوں لیکن اپنے سفید کپڑوں پر داغ نہیں لگنے دوں گا۔ بات کرنے کا سلیقہ ہونا چا ہئے ۔32سال سے سیاست میں ہوں اگر کوئی ایک پیسے کی کرپشن ثابت کردے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ جس کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ اسمبلی میں لے آئے سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں۔ ادارے آئین و قانون کے تحت چلتے ہیں۔آئین وقانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے ممبران اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ بھرپور تیاری کیساتھ اسمبلی میں آئیں۔سوالات کریں،وزراء جواب دیں گے ۔ وزیراعظم نے خود بھی وقفہ سوالات کے دوران ممبران اسمبلی کے سوالات کے جواب دیئے ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کیا کچھ ہوتا رہا ہر چیز سے واقف ہوں۔ ماضی سے پردہ نہیں اٹھانا چاہتا، وزیراعظم نے کہا کہ سفاری پارک اور دیگر منصوبوں میں سابق وزراء میں رسہ کشی رہی جس کی وجہ سے منصوبہ تعطل کا شکا ر ہوا۔ اس جگہ جنگلات کی اراضی موجود ہے ۔ نیلم جہلم ٹنل کیساتھ ہی سفاری پارک بنایا جائیگا، اجلاس میں لاہور، سیہون شریف ،پشاور اور دیگر مقامات پر دہشتگردی کے واقعات اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ، ایوان نے فیملی کورٹ ترمیمی ایکٹ ، چائلڈ لیبر ایکٹ، آزادجموں وکشمیر اوورسیز کمیشن ایکٹ 2016 کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔
ایمزٹی وی(پشاور) ریجنل پاسپورٹ آفس پشاورکوافغان شہریوں کے ویزوں میں توسیع دینے کااختیاردےدیاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیروفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے پاک افغان بارڈربندش کے باعث افغانیوں کی مشکلات کانوٹس لیتے ہوئے ویزوں میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرداخلہ نے متعلقہ حکام کو افغان شہریوں کے ویزوں سے متعلقہ مسائل فوری طورپرحل کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توسیع دینے کا مقصد قانونی طریقے سے پاکستان آنیوالوں کو سہولت پہنچانا ہے
۔واضح رہے کہ پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کے بعد پاک افغان بارڈر کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے ہیں اور اسے بھارت کے خلاف 298 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ 59 رنز اور مچل مارش 21 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے دوسرے روز 256 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں صرف 1 سکور کے اضافے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خاتمہ ہو گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا نے 68، ڈیوڈ وارنر نے 38، سٹیو سمتھ نے 27، شان مارش نے 16، پیٹر ہینڈزکومب نے 22، مچل مارش نے 4، میتھیو ویڈ نے 8، مچل سٹارک نے 61، اسٹیو اوکیٹ نے 0، نیتھن لیون نے 0 اور جوش ہیزل ووڈ نے1 سکور بنایا۔
آسٹریلوی ٹیم کو اتنے کم سکور پر آﺅٹ کر کے بھارتی ٹیم خوب خوشیاں منا رہی تھیں اور ابھی یہ خوشی کم نہ ہوئی تھی کہ آسٹریلوی باﺅلرز نے بھارتی شیروں کی درگت بناتے ہوئے انہیں بھیگی بلی بنا دیا ہے اور پوری ٹیم کو 105 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بھارتی کھلاڑی اپنے ہی بنائے ہوئے جال میں پھنس گئے اور اسٹیو او کیف کی گھومتی گیندوں سے ایسے چکرائے کہ صرف 11 رنز کے عوض 7 کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے۔ بھارتی اوپنر لوکیش راہول نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جس کے بعد تمام بلے باز خزاں کے پتوں کی طرح جھڑ گئے اور 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔
ویرات کوہلی کو مچل سٹارک نے کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا تو او کیف کی ”بمباری“ شروع ہو گئی جنہوں نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جس کی بدولت بھارت کی پوری ٹیم صرف 105 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے لوکیش راہول نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں مرلی وجے نے 10، چتیشور پجارا نے 6، ویرات کوہلی نے 0، اجنکیا ریحانے نے 13، ایشوین نے 1، وردھیومن ساہا نے 0، رویندرا جدیجہ نے 2، جیانت یادیو نے 2، اومیش یادیو نے4 اور ایشانت شرما نے 2 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سٹیو اوکیف مرد میدان ثابت ہوئے جنہوں نے ناصرف ایک اوور میں 3 وکٹیں حاصل کیں بلکہ مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مچل اسٹارک نے 2، اور جوش ہیزل ووڈ ، نیتھن لیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے 155 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو بھارتی سپنر روی چندرن ایشوین بھی زخمی شیر کی طرح جھپٹے اور 10 کے مجموعی سکور پر ہی ڈیوڈ وارنر کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ 23 کے مجموعی سکور پر شان مارش بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ پیٹر ہینڈزکومب 19 اور میٹ رینشا بھی 31 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے تاہم کپتان سٹیو سمتھ بھارتی باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے اور 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ مچل مارش 21 رنز کے ساتھ وکٹ کی دوسری جانب ان کا ساتھ دے رہے ہیں اور کل نامکمل اننگز کا آغاز کریں گے۔ آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف مجموعی طور پر 298 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے اور اس کی 6 وکٹیں تاحال باقی ہیں۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین نے 3 اور جیانت یادیو نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)انٹرپول نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈوارنٹ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے انٹرپول کو الطاف حسین کے ریڈوارنٹ کی درخواست دی تھی جس کا انٹرپول نے جواب دیا کہ کراچی میں درج کیا گیا مقدمہ سیاسی نوعیت کا لگتا ہے جبکہ انٹرپول نے ایف آئی اے سے چند سوالوں کے جواب بھی مانگ لیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بانی ایم کیو ایم کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا اور انٹرپول ہیڈکوارٹر فرانس کو ریڈ وارنٹ کیلئے درخواست دی تھی۔