اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسٹار آل راؤنڈر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی شعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کھیلنے کے لیے رضامند کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رائٹ ہینڈ بیٹسمین شعیب ملک نے بتایا، 'میں پاکستان میں اپنے ساتھ سیکیورٹی نہیں رکھتا، میں نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ میری اہلیہ ہندوستانی ہیں اور وہ بھی جب پاکستان آتی ہیں تو اپنے ساتھ سیکیورٹی نہیں رکھتیں'۔
جب ان سے پی ایس ایل کے دیگر ٹی 20 انٹرنینشل لیگز سے موازنے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو شعیب ملک نے بتایا، 'اگرچہ میں نہیں سمجھتا کہ لیگز کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنا چاہیے، لیکن میرا خیال ہے کہ پی ایس ایل نے کرکٹ کے اسٹینڈرڈ کے لحاظ سے ایک بڑا اسٹینڈ لیا ہے اور اللہ کی رحمت سے اس میں دن بدن بہتری آرہی ہے'۔
انھوں نے پیش گوئی کہ آنے والے دنوں میں پی ایس ایل کو مزید کامیابیاں ملیں گی لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے کھلاڑیوں، میڈیا اور پاکستانی عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
نئے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے حوالے سے سوال پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں شامل نئے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، تاہم انھوں نے ہمیشہ ان سے یہی کہا ہے کہ ایک کھلاڑی صرف ٹیلنٹ کی بناء پر ہی نہیں چل سکتا بلکہ اسے بہتری کی جانب مسلسل گامزن رہنا چاہیے۔
شعیب ملک نے نئے کھلاڑیوں پر پی ایس ایل میں بہترین پرفارمنس دکھانے پر زور دیتے ہوئے کہا، 'اگر آپ کے پاس فزیکل فٹنس ہے تو آپ کی پرفارمنس مستحکم رہے گی'۔
اپنی ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شعیب نے کہا کہ رواں سیزن میں کراچی کنگز کی کارگردگی نسبتاً بہتر ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'لیکن یہ اب بھی کچھ بہت زیادہ بہتر نہیں ہے'۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 5 مارچ کو دبئی کی جگہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کے اعلان کے ساتھ ہی لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں دہشت گرد حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے سیکیورٹی ایجنسیز کے لیے نئے چیلنج کھڑے ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے اعلان کے بعد سے انتہائی پرجوش ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی پیشرفت میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر اعظم نوازشریف ترکی سے وطن واپسی کیلئے روانہ ہو گئے ۔
زرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان ترکی کا تین روزہ کامیاب سرکاری دورے کرنے کے بعد پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں ۔وفد میں انکے ہمراہ اعلیٰ حکومتی ارکان بھی شامل ہیں۔
روانگی سے قبل انہوں نے دارالحکومت انقرہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی جس میں انکا کہنا تھا کہ وسط ایشیائی ریاستیں اور ترکی ملکر سی پیک کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) خبریں ہیں کہ نوکیا 3310 ایک بار پھر واپس آرہا ہے یا کم از کم بہت جلد متعارف کروا دیا جائے گا۔
آئیکون کا درجہ رکھنے والے اس فون کو 26 فروری کو بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور یہ ماضی کے مقابلے اب کچھ مختلف ڈیزائن کا ہوسکتا ہے۔
آج کے اسمارٹ فونز کے کمالات یعنی فور جی انٹرنیٹ کنکشن، ٹچ اسکرین اور لاتعداد ایپس سے محروم سترہ سال پہلے موبائل فون مارکیٹ پر راج کرنے والا 3310 اب بھی متعدد افراد کے دلوں میں خاص جگہ رکھتا ہے۔
ماضی میں نوکیا نے اس فون کے 10 کروڑ سے زائد سیٹس فروخت کیے تھے جبکہ اس کے نئے ورژن کی قیمت 63 ڈالرز (6603 پاکستانی روپے) ہوسکتی ہے، مگر یہ آج تک لوگوں کو پسند کیوں ہے؟
اس کی چند وجوہات ہیں۔
بہترین بیٹری لائف
اگر آپ خوش قسمت ہوں تو آج کل کے اسمارٹ فون کی بیٹری ایک دن تک ہی چل پاتی ہے، جبکہ 3310 کو ایک ہفتے سے زائد عرصے تک بھی استعمال کیا جاسکتا تھا، اس کی اسکرین کے دائیں جانب اوپر بنے چار سیاہ نقطے طویل عرصے تک برقرار رہتے تھے (اور آج کے فونز کی طرح گھبراہٹ میں مبتلا نہیں کرتے تھے)، چونکہ یہ اپنے دور کا مقبول ترین فون تھا تو ہر ایک کے پاس موجود چارجر اس کے لیے کارآمد تھا۔
ٹوٹنا لگ بھگ ناممکن تھا
اگر کبھی آپ کے اسمارٹ فون کی اسکرین ٹوٹی ہو یا ہوم بٹن خراب ہوگیا ہو تو آپ کو نوکیا 3310 کے وہ دن آتے ہوں گے جب فون کو کئی منزلہ عمارت سے بھی نیچے پھینکا جاتا تو بھی اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا تھا، 3310 کے پلاسٹک کور اور بٹن کو جب مرضی نکال کر بدلا جاسکتا تھا، جو اسے مضبوطی فراہم کرتے تھے۔
فون کال کا بہتر معیار
ایپل نے ایک تحقیق کے دوران تسلیم کیا تھا کہ اس کی ڈیوائسز کی کالز نئے فونز میں آسانی سے کٹ جاتی ہیں، اسی طرح ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بیشتر میٹل اور گلاس اسمارٹ فونز فون کال کے سگنلز کو متاثر کرتے ہیں جبکہ نوکیا 3310 میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
جب مرضی شکل بدلنا
3310 ایک ایسا فون تھا جس کا رنگ ویسے تو نیوی بلیو تھا مگر جب دل چاہتا کسی نئے کور سے اس کی شکل بدلی جاسکتی تھی اور اپنے مزاج کے مطابق اسے ڈھالا جاسکتا تھا جس سے آج کل کے فونز محروم ہیں۔
اپنے وقت کا اسمارٹ فون
ویسے تو 3310 آج کے فونز کے مقابلے میں 'ڈمب' قرار دیا جاتا ہے مگر اُس وقت کے لحاظ سے یہ اسمارٹ فون تھا، جس میں اسٹاپ واچ، الارم کلاک، کیلکولیٹر اور 140 حروف سے زیادہ کے ایس ایم ایس بھیجنے کی صلاحیت تھی، اسی طرح اس میں موجود گیمز کا آپشن تو سب کو ہی پسند تھا، خاص طور پر اسنیک ٹو، جسے اب ٹچ اسکرین میں دوبارہ تیار کرکے پیش تو کیا گیا ہے مگر 2، 4، 6 اور 8 کے بٹن سے اسے کھیلنے کا مزہ دستیاب نہیں۔
اب یہ کیسا ہوگا؟
ویسے تو جب تک سامنے نہیں آجاتا یہ کہنا مشکل ہے مگر ایک شخص نے یوٹیوب ویڈیو میں اس کا کانسیپٹ ڈیزائن پیش کیا ہے جس میں اس کے بقول ڈیڑھ انچ اسکرین، 256 کے کلرز، کیمرہ، ایف ایم ریڈیو، 8 جی بی اسٹوریج، مائیکرو یو ایس بی پورٹ، 1650 ایم اے ایچ بیٹری جو کہ 235 گھنٹے یا لگ بھگ چوبیس دن کے اسٹینڈ بائی ٹائم کی حامل ہوگی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ )خوف اور دہشت سے بھرپور فلموں کے دیوانے ہوجائیں تیار کیونکہ ہالی ووڈ تھرلر فلم ’ڈیول ان دی ڈارک‘ کا پہلا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ ٹم براؤن کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی دو ایسے بھائیوں کے گرد گھوم رہی ہے جو شکار کرنے کیلئے جنگلات کارْخ کرتے ہیں اور وہاں ایک پراسرار مخلوق کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں ڈین پین، رابن ڈون، برائینا بکماسٹر، ڈینیل کڈمور، جیٹ کلائن اور ریبیکا ریچرٹ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ ٹم براؤن اور بین گراہم کی مشترکہ پروڈیو س کردہ یہ سنسنی خیز مناظر سے بھرپور فلم 7مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ )طلسماتی تلوار اور بہادر جنگجو پر مبنی ایکشن سے بھرپور ہالی ووڈ کی نئی ایڈونچر ڈرامہ فلم’کنگ آرتھر؛ لیجنڈ آف دی سورڈ‘کا نیاٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ ہدایتکارگائے ریٹچی کی اس سنسنی خیز فلم کی کہانی ایک ایسے جانباز جنگجو نوجوان پر مبنی ہے جو چٹان میں دھنسی ایک طلسماتی تلوار کو بزورِ بازو کھینچ نکالتا ہے اور پھر ایسے ایسے کارنامے انجام دیتا ہے کہ بادشاہ، اور رعایا سمیت تمام سلطنت حیران رہ جاتی ہے ۔

اسٹیو کلارک، جوبی ہیرولڈ اورٹوری ٹنل کی مشترکہ پروڈیوس کردہ اس فلم میں مرکزی کردار ہالی ووڈ اداکارہ و پروڈیوسر چارلی ہننام نبھا رہے ہیں جن کے علاوہ اینا بیل ویلیس، اینڈریئن گیلن، کیٹی مارگریٹ، جیوڈ لاء، ٹام وو، ایلن پاؤل اور مشہورِ زمانہ فٹ بالر اسٹار ڈیوڈبیکہم بھی جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ 102ملین ڈالر لاگت سے تیارہونیوالی ایکشن ، ایڈونچر اور ڈرامے کا مکس تڑکا لئے یہ سنسنی خیز فلم وارنر بروس پکچرز کے تحت24مارچ کو سنیما گھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے۔