ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کےلاپتہ پروفیسر اور سماجی کارکن سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے تصدیق کی ہے کہ ان کے بھائی 'محفوظ اور خیریت' سے ہیں۔تاہم ذیشان حیدر نے اپنے بھائی سلمان حیدر کے حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق گمشدگی کے بعد سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے بتایا تھا کہ وہ 6 جنوری کی شام بنی گالا کے علاقے میں اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود تھے اور انھوں نے اپنی اہلیہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ رات 8 بجے تک گھر پہنچ جائیں گے، 10 بجے کے قریب اہلیہ نے انھیں فون کیا مگر انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔ ذیشان حیدر کا مزید کہنا تھا کہ سلمان حیدر کے نمبر سے ان کی اہلیہ کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا کہ کورال چوک سے ان کی گاڑی لے لی جائے۔
واضح رہے سلمان حیدر ان 5 بلاگرز میں شامل تھے، جو رواں ماہ ملک کے مختلف شہروں سے لاپتہ ہوئے، دیگر لاپتہ بلاگرز میں وقاص گورایہ، عاصم سعید، احمد رضا نصیر اور ثمر عباس شامل ہیں۔
پروفیسر سلمان حیدر رواں ماہ 6 جنوری کو اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے لاپتہ ہوئے تھے۔سلمان حیدر پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں اور 5 سال سے زائد عرصے سے فاطمہ جناح یونیورسٹی سے منسلک ہیں، وہ ادب، تھیٹر میں اداکاری، ڈرامہ نگاری اور صحافت بھی کر چکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام )وفاقی وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی انوشے رحمان ورلڈ اکنامک فورم میں جنرل (ر) راحیل شریف کا خطاب شروع ہونے سے پہلے ہی اٹھ کر چلی گئیں اور بعد ازاں یہ خبریں پھیلانا شروع کر دیں کہ یہ تو ”فوجیوں کا شو ہے۔“
تفصیلات کے مطابق معروف دفاعی ماہر اکرام سہگل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے ڈیووس میں ناشتے کی سالانہ تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا تھا تاہم انہوں مصروف شیڈول کے باعث آنے سے معذرت کر لی جس کے بعد انہوں نے جنرل (ر) راحیل شریف کو دعوت دی۔
ایڈیٹر عارف نظامی کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اکرام سہگل نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈیووس میں عوامی سطح پر بات چیت میں حصہ نہیں لیا البتہ انہوں نے مختلف ریاستوں کے سربراہان اور بل گیٹس سمیت کاروباری افراد کیساتھ باہمی بات چیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کو بھی خطاب کرنے کا موقع دیا گیا اور انہوں نے تقریباً 8 سے 10 منٹ تک بات چیت کی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ”میں خطاب کیلئے جنرل (ر) راحیل شریف کو دعوت دیتی ہوں۔“ جنرل (ر) راحیل شریف نے ڈائس پر آ کر ابھی بسمہ اللہ ہی پڑھی تھی کہ انوشے رحمان اپنا بیگ اٹھا کر چلی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انوشے رحمان اپنے وفد کے پاس چلی گئیں اور یہ خبر پھیلانا شروع کر دی کہ وہ تو ”فوجیوں کا پروگرام“ تھا۔ اکرام سہگل نے جنرل راحیل شریف کی تقریر کی تعریف کی اور کہا کہ اس کے باعث بالخصوص پاکستان کا موقف واضح ہونے میں بہت مدد ملی۔
انہوں نے بتایا کہ جنرل (ر) راحیل شریف نے پانچ مختلف تقریبات میں حصہ لیا جن میں سے تین عوامی سطح پر تھیں جبکہ 2 نجی تقاریب تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ”1500 افراد وہاں موجود تھے، اور جنرل (ر) راحیل شریف سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے پانچ افراد میں شامل تھے

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 182 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ کوشل مینڈس 62 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ عمران طاہر اور وین پارنل کی شاندار باﺅلنگ کے باعث سری لنکا کی پوری ٹیم محض 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو باﺅلرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ عمران طاہر اور وین پارنل کی زبردست کارکردگی کے باعث سری لنکن بلے باز گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئے۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 62 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں نیروشن ڈیکویلا نے 1، ساندیون ویراک کودی نے 5، دنیش چندی مل نے 22، اوپل تھرنگا نے 6، دی سلوا نے 28، اشیلا گونارتنے نے 10، نووان کلاسیکرا نے 17، جیفری واندرسے نے 8، سورنگا لکمل نے 3 اور لکشن سنداکان نے 2 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تمام باﺅلرز نے مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم عمران طاہر اور وین پارنل کی کارکردگی لاجواب رہی جنہوں نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کرس مورس نے 2 اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کی آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ اورون ڈے سیریز میں شرمنا ک شکست کے بعد آدھی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔شکست کے بعد دبئی سے پاکستان ٹیم اظہرعلی کی قیادت میں لاہور پہنچی تو ایئرپورٹ پر کرکٹ شائقین نے قومی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹیم کی کارکردگی پر غم و غصے کا اظہارکرتے رہے۔
ایئرپورٹ پر ایک فین نے اظہر علی پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے جملے کسے کہ ”کپتانی چھوڑ دو“جس پر اظہر علی خاموشی کے ساتھ وہاں سے چلتے بنے۔قبل ازیں آج قومی ٹیم کی واپسی پر کھلاڑیوں نے صحافیوں سے بات کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے ہمیں میڈیا سے بات نہ کرنے کی تلقین کی ہے جس کی وجہ سے ہم آپ سے بات نہیں کرسکتے۔
یاد رہے آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی 4-1 اسے شرمناک شکست دی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) سرگودھامیں گندم خریداری سیزن کی تیاریوں کا آغاز ، خسرہ گرداوری کا سابقہ ریکارڈ محکمہ مال کو بھجواتے ہوئے چھان بین کے بعد تازہ ترین ریکارڈ طلب کر لیاگیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ مال کی طرف سے مرتب کر دہ خسر ہ گرداوری کے ریکارڈ میں ہر مرتبہ بے ضابطگیاں سامنے آتی ہیں .

جس پر ڈی ایف او کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ لینڈ ریکارڈ سنٹرز سے تصدیق شدہ خسرہ گرداوری کی تازہ تفصیلات ایک ماہ کے اندر اندر ارسال کی جائیں ۔ دریں اثناء ضلع بھر کے سرکاری گوداموں میں گندم کے موجودہ اسٹاک کی فیزیکل چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف ماڈل مہرین سید انکم ٹیکس کی مد میں 8لاکھ 33ہزار روپے کی نادہندہ نکلیں،ایف بی آر نے ایم سی بی گلبرگ برانچ میں انٹرنیشنل فیشن اکیڈمی کی ڈائریکٹر اور ٹاپ ماڈل مہرین سید کے اکاؤنٹس منجمد کر کے ریکوری کر لی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی ٹیم نے فیشن انڈسٹری میں منفرد شناخت رکھنے والی معروف ماڈل مہرین سید کے بنک اکاؤنٹس منجمد کر دئیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معروف ماڈل مہرین سید کا سال 2012ء کا انکم ٹیکس آڈٹ کرنے کے بعد آٹھ لاکھ تینتیس ہزار روپے انکم ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کی ٹیم نے نوٹسز کے باوجود ٹیکس ادائیگی نہ کرنے پر مہرین سید کے ایم سی بی گلبرگ برانچ میں اکاؤنٹس منجمد کر دئیے ہیں۔
ایف بی آر کی ریکوری ٹیم نے انٹرنیشنل فیشن اکیڈمی کی ڈائریکٹر اور معروف ماڈل مہرین سید کے اکاونٹس سے آٹھ لاکھ تینتیس ہزار روپے کی ریکوری کر لی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پشاورچیئرمین تحریک انصاف عمران خان حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان اسپورٹس کمپلیکس میں تقریب سے خطاب بھی کریں گے جبکہ ان کے ہمراہ سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی بھی ہیں۔ 

سربراہ پی ٹی آئی نے اسپورٹس کمپلیکس میں موجود پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی سے بھی ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے وہاں موجود کھلاڑیوں کی کھیل سے متعلق کاوشوں کو سراہا اور ان سے ان کے علاقوں کے بارے دریافت کیا۔
عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کو ہدایت کی کہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیو ں کو مستقبل میں مواقع فراہم کرنے کیلئے ان کی بھرپور مددکی جائے۔
عمران خان نے کھلاڑیوں کو کہا کہ اگر ہار کا تصور کرلیا تو ہار یقینی ہوجاتی ہے۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی بھی عمران خان کے ساتھ موجود ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(سیالکوٹ)مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ وزیراعظم عدالت میں سرخرو ہونگے اور2018 ء میں عوامی عدالت میں بھی سرخرو ہونگے۔کہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا ہے حواس باختہ لوگ پارسائی کا سبق نہ دیں۔دنیا میں کسی لیڈر نے اپنی تین نسلوں کا حساب نہیں دیا،الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں نہیں جھانکتے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017 ء کے آغاز سے الیکشن کا سال شروع ہوگیا ہے،سیالکوٹ میں 18 کروڑ کی ابتدائی رقم سے سمبڑیال کے قریب نسٹ کے کیمپس کیلئے 150 ایکڑ زمین مختص کردی گئی ہے،سمبڑیال سے نئی سڑک کی تعمیر شروع ہوگی۔انہو ں نے کہا کہ ہم نے خالی نعرے نہیں لگائے،صرف اقتدار کی جنگ نہیں لڑی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا ہے،سیالکوٹ کے مسائل میں نمایاں کمی آئی ہے،مخالفین نے ہر قدم پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کیں۔
2018 ء میں ہم روشن پاکستان دیکھیں گے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگی،ہم نے سیالکوٹ کو میڈیکل یونیورسٹی اور خواتین یونیورسٹی کے منصوبے دیئے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشتگردی مکمل نہیں تو ستر اسی فیصد ختم ہوگئی ہے،ٹھوس اقدامات سے دہشتگردی کم ہوئی،سینکڑوں جانیں ضرب عضب میں بہادر فوجیوں کی قربان ہوچکی ہے۔ جب تک مذہب بکتا رہے گا امت کبھی متحد نہیں ہوسکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں کہا تھاکہ جس وقت لوگوں کے آباؤ اجداد کرپشن کی وجہ سے نوکریوں سے نکالے جارہے تھے میرے قائد کا خاندان لوگوں کو روزی فراہم کررہا تھا،یہ روشن مثالیں میرے قائد نے قائم کی ہیں اس کی کوئی تقلید تو کرکے دکھائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بغیر کسی حیا اور شرم کے الزام لگادیئے جاتے ہیں،ہم وفاؤں کا حق ادا کرنا جانتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) کارڈیلرز ایسوسی ایشن نے نیو ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کیا، ڈپٹی کمشنر سے مذاکرات کامیاب ہونےکے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
پولیس کے مطابق نیو ایم اے جناح روڈ پر کارڈیلرز ایسوسی ایشن نے ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کیا، بعد ازاں کارڈیلرز ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے۔
کارڈیلر ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یہ فیصلہ سامنے آیا کہ شوروم مالکان کو اپنی دکان کے آگے صرف ایک گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ مالکان اپنی گاڑیوں فٹ پاتھ پر کھڑی کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے شوروم مالکان پر واضح کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی اور پولیس سڑک پر کھڑی ہونے والی گاڑی اٹھا کر لے جائے گی، جس پر مالکان رضامند ہوئے اور مظاہرہ ختم کردیا۔
دوسری جانب شاہراہوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے اور سرکاری زمین پر قبضے کی دفعات کے تحت 38شوروم مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں فٹ پاتھ کو کاروبار کے لیے استعمال کرنے والے مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ نے حکام پر واضح کیا کہ فٹ پاتھ پر کھڑی ہونے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر پولیس نے سخت ایکشن بھی لیا۔
 

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم /لاہور) پنجاب حکومت نے لاہور کے اہم عوامی مقامات پر فری وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر دی ہے جس کے باعث شہری انتہائی خوش ہیں۔ تفصیلات کے پنجاب حکومت کی کاوش کے باعث لاہور شہر کے اہم عوامی مقامات، پر انٹرنیٹ کی سہولت عام ہو گئی ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے شہر کے 250 مقامات پر وائی فائی راﺅٹرز لگائے گئے ہیں۔ یہ راﺅٹرز مختلف تفریحی پارکس، مارکیٹس، ہسپتالوں، ریلوے سٹیشن، ائیرپورٹ اور بس اڈوں پر لگائے گئے ہیں۔ شہریوں بالخصوص طلباءو طالبات نے اس سہولت کو خوب سراہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے رابطوں میں آسانی کے علاوہ تعلیم کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ ذرائع کے مطابق فری وائی فائی سہولت کے مثبت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ویڈیو سٹریمینگ اور ڈاوؤن لوڈنگ پر پابندی ہے اور صرف براﺅزنگ کی جا سکتی ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی) کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ اس سروس کو جلد ہی دوسرے شہروں میں بھی فراہم کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسی طرح کا منصوبہ ملتان میں بھی جاری ہے جس کیلئے راﺅٹرز کی تنصیب کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے اور جلد ہی مفت انٹرنیٹ ملتان کے شہریوں کو بھی فراہم ہو گا۔