جمعہ, 20 ستمبر 2024

ایمزٹی وی (راولپنڈی) خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز کی فضائی کاروائیوں میں 57 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ تازہ کاروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 20 فضائی حملے کئے گئے جسکے نتیجے میں 57 دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔

ایمزٹی وی ( پشاور) چیف جسٹس پاکستان ناصرالملک نے پشاورشہر کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نےتعزیتی ریفرنس سے خطاب کیا۔ جسٹس ناصرالملک کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کہنا ہے کہ سانحہ پشاور المناک واقعہ ہے، سزائے موت کے فیصلے پر عملدر آمد کیلئے اسلام آباد میں ججز کا اجلاس بلالیا ہے ۔

  ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور میں آرمی پبلک ا سکول پر حملہ کرنے والے سات دہشت گردوں کی لاشوں کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سات دہشت گردوں نے سکول پر حملہ کر کے 132بچوں سمیت 141 کو افراد کو شہید کر دیا تھا۔ تمام دہشت گرد حلیے سے غیر ملکی معلوم ہوتے ہیں ۔ سکول کے طلباءکی طرف سے ان دہشت گردوں کے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ تمام افراد آپس میں عربی زبان میں گفتگو کر رہے تھے جس کی تصدیق بعد میں ڈی جی آ ئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے بھی کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کون تھے اور ان کو کہاں سے ہدایات مل رہیں تھیں یہ سب پتا چلایا جا چکا ہے، پشاور کے سکول پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کے فنگرپرنٹس لے لیے گئے ہیں اوراُن کی عمریں 20سے 30کے درمیان تھیں  تاہم میڈیا کے ساتھ اس وقت یہ حساس معلومات شیئر نہیں کی جا سکتیں۔

 ایمز ٹی وی (پشاور) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کاؤنٹرٹیررزام ایکسپرٹ کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی ہے،انہوں نے یہ تجویز گورنرہاؤس میں قومی پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں پیش کی ۔ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں پر مشتمل امن کمیٹی قائم کی جائےجو مستقل بنیادوں پر قائم ہو۔

ایمزٹی وی (سیاسی) کوئٹہ میں انسداد پولیو کی تین روزہ خصوصی مہم آج آخری روز بھی جاری ہے، حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ مقررہ ہدف حاصل کرلیںگے۔ محکمہ بلوچستان ذرائع کے مطابق خصوصی مہم کےدوران کوئٹہ میں تقریبا چار لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ہدف کی تکمیل کے لئے پولیو ٹیمیں اور محکمہ صحت کے رضاکار شہر کے مختلف علاقوں، بس اڈوں اور مراکز صحت میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو آج دوسرے روز بھی انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں جبکہ مہم کے دوران موبائل ٹیموں کےعلاوہ مختلف ٹرانزٹ مقامات پر بھی بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم کےدوران پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں رواں سال کوئٹہ میں اب تک پولیو وائرس کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

ایمزتی وی (اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین یونس خان نے سانحہ پشاور کے سوگ میں آج پاک نیوزی لینڈ میچ ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جیو سوپر سے گفتگو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ پشاور سانحے کے بعد کھلاڑیوں کا میچ کھیلنا کافی مشکل ہوگا، وہ نہیں جانتے کہ کھلاڑی کس طرح کھیل پر اپنی توجہ مرکوز رکھ سکتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی موت پرمیچ ملتوی ہوا تھا، چوتھا ون ڈے بھی ملتوی ہوجائے تو حرج نہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چيف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پر پاکستانی ٹیم کی طرح انکے دل بھی غمزدہ ہيں، وہ آج کے میچ سے متعلق پاکستان ٹیم کے فیصلے کے منتظر ہیں، پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گا وہ اسکا احترام کریںگے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) جیمز فرینکو کی نئی ایکشن کامیڈی فلم"دی انٹرویو" کے نئے کلپس اور انٹر نیشنل ٹریلر جاری کردیا گیا۔ ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار جیمز فرینکو کی نئی ایکشن کامیڈی فلم "دی انٹرویو" کے نئے کلپس اور انٹرنیشنل ٹریلر جاری کردیے گیے۔ہدایتکار ایون گولڈ برگ اور سیتھ روجن کی اس فلم میں خود سیتھ روجن سمیت جیمز فرینکو، لزی کیپلان اور رینڈل پارک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ایون گولڈ برگ، سیتھ روجن اور جیمز ویور کی مشترکہ طور پر پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی ٹاک شو کے میزبان ڈیوڈ اسکائی لارک (جیمز فرینکو) اور اسکے پروڈیوسر آرون ریپا پورٹ (سیتھ روجن) کے گرد گھومتی ہے جو شمالی کوریا کے آمر کم جونگ انکے ساتھ انٹرویو کرتے ہیں۔ انٹرویو کو دیکھتے ہوئے سی آئی اے ڈیوڈ اسکائی لارک اور پروڈیوسرآرون ریپا پورٹ کو کم جونگ کو مارنے کا ٹاسک دیتی ہے جس پر یہ دونوں قتل کرنے کے پراجیکٹ کیلئے خود کو سب سے غیر موزوں منوانے پر تلے ہوئے ہیں۔ پوائنٹ گرے پکچرز اسٹوڈیو کے اشتراک سے بننے والی یہ فلم دی انٹرویو کولمبیا پکچرز کے تحت رواں سال کرسمس کے موقع پر25 دسمبر کو امریکی سینما گھروں کی زینت بنے گی ۔

ایمزٹی وی (تجارت) نئے سال 2015ء کی پہلی 15000 روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی 2 جنوری بروز جمعہ کو ہو گی جو رواں سال کی پہلی اور مجموعی طور پر61ویں قرعہ اندازی ہے ۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سانحہ پشاور کے بعد وفاقی تعلیمی اداروں کیلئے نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق تعلیمی اداروں کے چوکیداروں کیلئے یونیفارم لازمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے سانحہ پشاورکے پیش نظر وفاقی تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اور وہاں زیر تعلیم بچوں اور اساتذہ کی حفاظت کیلئے نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے سیکیورٹی پلان کے تحت تعلیمی اداروں کے چوکیدار یونیفارم پہنیں گے جبکہ عمارت میں داخل ہونے والے افراد کی میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کی جائے گی۔

ایمزٹی وی (صحت)  امریکی یونیورسٹی آرکینساس میں کی جانے  والی  تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات کا کھانا کھانے کے دوران نیلے رنگ کی روشنی مردوں کی خوراک پر اثر انداز ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ  کم کھانے کو ترجیح دیتے ہیں تاہم خواتین کی خوراک پر نیلے رنگ کی روشنی سے کوئی اثر نہیں پڑتا اور وہ معمول کے مطابق اپنی خوراک جاری رکھتی ہیں۔

تحقیق کاروں کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ  نیلے رنگ کی روشنی میں رات کا کھانا زیادہ اچھا اور ذائقہ دار نظرنہیں آتا جس کی وجہ سے  مرد اس روشنی میں کم  کھانا پسند کرتے ہیں کیوں کہ مرد کھانے کی ظاہری شکل کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ خواتین ظاہری شکل  کے بجائے کھانے کی خوشبو سے اس کے ذائقہ کا اندازہ لگاتی ہیں۔