جمعہ, 17 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(کراچی)سابق صدر آصف زرداری نے اپنی بیٹیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، عرفان اللہ مروت کے معاملے میں مزید پیش رفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے اپنے بیٹیوں کا موقف مان لیا ہے اور عرفان اللہ مروت کے معاملے میں مزید پیش رفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے پارٹی رہنماﺅں کو مزید بیان بازی سے بھی روک دیا ہے۔
 
جبکہ دوسری جانب سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ عرفان اللہ مروت کا الزام مضحکہ خیزہے، پارٹی میں پھوٹ ڈلوانے کا سوچ بھی نہیں سکتا،اگرکوئی ایسا سوچتا ہے تواس کا ذہنی توازن درست نہیں۔
واضح رہے عرفان اللہ مروت کی آصف زرداری سے ملاقات پر بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی جانب سے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے سخت موقف اختیار کیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(مظفرآباد)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے آئندہ صدر بننے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ اس بارے بیرسٹر سلطان محمود نے پیپلزپارٹی کے مرکزی سینئر رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کیں جبکہ محترمہ فریال تالپورسمیت اعلیٰ شخصیتوں سے واپسی کے لئے گرین سگنل ملنے کے بعد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہوم ورک شروع کردیا ہے
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری سے پیپلزپارٹی میں واپسی کے لئے 13ملاقاتیں کرچکے ہیں جودبئی اور لندن میں کی گئی ہے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گزشتہ عرصے سے پیپلزپارٹی میں واپسی کے خوہشمند ہیں جبکہ شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اس وقت واپسی آنے کے لئے گرین سگنل دینے کے بجائے ریڈ سگنل دے دیا جس پر آصف علی زرداری نے صاف انکار کرتے ہوئے پارٹی پالیسی کے خلاف قرار دیتے ہوئے انکار کر دیا .
انھوں نے کہا کہ پارٹی کو چھوڑ کر جانے والوں کے لئے واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہے جس پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پارٹی اعلیٰ قیادت بلاول بھٹو سمیت دیگر سینئر رہنماﺅں سے ملاقات کی اور پارٹی چھوڑ کر جانے پر انھوں نے کہا کہ غلطی ہوگئی ہے جس کی بھاری قیمت میں ادا کرنے پر تیار ہوں کیونکہ پیپلزپارٹی کی وجہ سے آزادکشمیر کا وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر رہا اور عوام کی بھاری اکثریت میرے ساتھ تھی پیپلزپارٹی چھوڑنے کے بعد میں اپنی سیٹ جیت نہ سکا اس لئے میں پیپلزپارٹی میں واپس آکر پرانی تمام غلطیوں کا ازالہ کروں گا جس پر پیپلزپارٹی کی وفاقی قیادت نے طویل عرصے کے بعد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو واپسی کے لئے گرین سگنل دے دیا اور بہت جلد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریںگے جس کی پریس کانفرنس کراچی میں ہوگی تمام تر انتظامات مکمل پیپلزپارٹی کے زرائع نے بھی اس عمل کی تصدیق کردی جبکہ تحریک انصاف کے زرائع نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میں شامل نہیں ہونگے ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ سیہون شریف انتہائی افسوس ناک ہے تاہم ہم سب ملکر کام کریں گے اور کسی پر الزام عائد نہیں کرنا چاہئیے۔”بار بار کہتے ہیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے “۔
ذرائع کے مطابق نوابشاہ ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری نثار علی خان الزامات نہ لگائیں یہ الزامات کا وقت نہیں ہے ۔ ہم سب ملکر کام کریں گے اور کسی پر بھی الزام عائد نہیں کرنا چاہئیے۔بلاول بھٹو زرداری نے زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے ان کے علاج معالجے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت سے بار بار کہتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے ، صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آپ جذباتی نہ ہوں ہم وفاقی حکومت کو دیکھ رہے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(بہاولنگر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور سابق رکن صوبائی اسمبلی شوکت بسرا نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی جبکہ ان کا سیکرٹری جاں بحق ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق شوکت بسرا ہارون آباد میں ریلی میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ راستے میں ان کی سیاسی مخالفین سے تلخ کلامی ہوگئی، جس نے بڑھ کر پہلے ہاتھا پائی اور پھر فائرنگ کے تبادلے کی شکل اختیار کرلی، مخالفین کی فائرنگ سے شوکت بسرا اور ان کا سیکرٹری امتیاز شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال ہارون آباد پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امتیاز دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی ہے جب کہ علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے تاہم اب تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نا ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شوکت بسرا پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے.
 
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو ڈرایا نہیں جاسکتا، شوکت بسرا عوام اور جمہوریت کے سپاہی ہیں، شوکت بسرا پر حملہ اور ان کے سیکریٹری کی شہادت کھلی دہشت گردی ہے، اس حملے سے مسلم لیگ (ن) اور ضیا کے حواری بری الذمہ نہیں ہوسکتے، دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرکے سزا دی جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیر کے مسئلہ کو تمام عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ،کشمیر پر قابض بھارتی فوج کے مظالم سے ہزاروں کشمیری شہید ہوئے ،ہم بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر سے وابستہ رہنے کے عزم کا اعادہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا تھا ،ہم مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اٹھائیں گے، پاکستان کشمیر کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ، پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ادارے برائے امن کے تحت منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ7 اسلامی ممالک کے باشندوں کے امریکہ داخلے کی پابندی کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان ”دشمنی کی میزبانی“ کریں گے۔
 
پاکستانی افراد پر بھی امریکہ داخلے پر پابندی سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ ” یہ بھی ایک بہت برا تاثر ہو گا کہ امریکہ اب ان سے بھی منہ موڑ رہا ہے جو اس کیلئے کھڑے ہوئے۔ مجھے امید ہے کہ یہ نیا رجحان نہیں ہو گا۔“ پی پی چیئرمین نے کہا کہ بہت غیر یقینی صورتحال تھی کہ مستقبل کی پالیسیاں کیا ہوں گی اور میں اس معاملے پر مزید انتظار کرتے ہوئے نقطہ نظر دیکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ کا مسلمانوں پر پابندی ”بہت زیادہ متنازعہ فیصلہ“ محسوس ہو رہا ہے۔
بلاول نے کہا کہ ” دنیا بھر میں میری نسل کے ترقی پسند مسلمانوں کیلئے یہ دیکھنا بہت ہی حوصلہ شکن ہے کہ ممالک کسی دوسرے کے ڈر کے جواب میں ایسا کر رہے ہیں۔ ہم نے تاریخ سے سیکھا ہے کہ مسائل کو حل کرنے کا یہ طریقہ نہیں ہے۔ میں نے بات چیت، دوسرے لوگوں کی یونیورسٹی میں پڑھنے، مشترکہ ثقافت کے بارے میں پڑھ کر اور تاریخ سے سیکھا ہے کہ چند جرائم پیشہ افراد کو تمام افراد کیلئے حالات خراب کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔“
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اسے مسلم ممالک میں بنیاد پرستی پر مبنی انتہاءپسندی سے لڑنے والوں کیلئے حوصلہ شکن قرار دیا اور کہا کہ ”لوگ روزانہ اس سے لڑنے کیلئے اپنی زندگیاں داﺅ پر لگاتے ہیں، جس پر وہ یقین رکھتے ہیں، امریکی آئیڈیلز یا آزادی کیلئے نہیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ”اس فیصلے سے متاثرہ افراد کی حمایت میں آواز بلند کر کے دنیا کو ایک مثبت جواب دیا گیا ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ معاملہ جلد ہی حل ہو جائے گا۔ کیونکہ یہ ایک غلط تاثر پیدا کر رہا ہے اور ہم میں موجود ان لوگوں کیلئے مسائل پیدا کر رہا ہے جو اسلام کے نام پر دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں۔“

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے،
جنوبی ایشیا کو معیشت اور توانائی کا منبع بننا چاہیے۔ یونائیٹڈ سٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کی داخلی اور خارجہ پالیسی میں قابل ذکر کامیابی نظر نہیں آتی۔ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں پاکستان اور بھارت میں نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے۔ مستقبل میں امریکا کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں آ کر اقلیتوں کیلئے قانون سازی کرے گی۔ جنوبی ایشیا کو معیشت اور توانائی کا منبع بننا چاہیے ۔ امید کرتا ہوں بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرے گا۔ پاکستان کو مسئلہ نہیں مسئلے کے حل کا حصہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل آرڈر کی ناکامی نے دنیا پر گہرے اثرات چھوڑے۔ افغانستان کو امن عمل میں پہل کرنا ہوگی،طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں۔ افغانستان پاکستان کے استحکام کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔امریکا نے افغان جہاد کے بعد پاکستان کو اکیلا چھوڑ دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں اور پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔اس جنگ میں پاکستانی شہریوں اور فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(خیرپور)مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی والوں کو جنرل ضیاء الحق کے دور میں میاں نواز شریف کے پنجاب کے وزیر اعلٰی بننے پر اعتراض ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو جنرل ایوب خان اور جنرل یحیٰ خان کے ساتھ رہے پیپلزپارٹی کو اس پر اعتراض کیوں نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کرپشن کے خلاف سندھ میں ریلیاں نکالیں سندھ 2008ء سے کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ وہ جیم خانہ کلب خیرپور میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ سید شاہ محمد شاہ نے کہاکہ ان کو اس طرح کی بات کرنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ پیپلزپارٹی والے میاں نواز شریف کو بار بار جنرل ضیاء الحق کے دور میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہنے کے طعنے دے رہے ہیں لیکن وہ یہ بات بھو ل بیٹھے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو طویل عرصہ فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان کی کابینہ میں اہم وزارتوں پر فائض رہے جبکہ اس کے بعد وہ جنرل یحیٰ خان کے ساتھ بھی رہے اور پاکستان کے چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹربھی بنے۔

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کر پشن کے خلاف پنجاب میں ریلیاں نکال رہے ہیں لیکن افسوس کہ ان کو اپنے والد محترم آصف علی زرداری کا دور یاد نہیں آرہا کہ اس دور میں کیا ہوتا رہا۔ سید شاہ محمد شاہ نے کہاکہ ملک کی اعلیٰ عدالتیں اور بیشتر محب وطن رہنماء 2008ء سے سندھ کو کرپشن کا گڑھ قرار دیتے رہے ہیں جبکہ سب کو پتہ ہے کہ سندھ میں گذشتہ ساڑھے 8برس سے میرٹ کا جنازہ نکلتا رہا ہے سرکاری نوکریاں فروخت ہوتی رہی ہیں جیالوں اور افسر شاہی نے مل کر سندھ کا دیوالیہ نکال رکھا ہے لیکن بلاول بھٹو زرداری کرپشن کے خلاف ریلیاں پنجاب میں نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کرپشن کے خلاف اگر ریلیاں سندھ میں نکالیں گے تو ہمیں خوشی ہوگی اور ہم واہ واہ کریں گے انہوں نے کہاکہ عمران خان بھی کرپشن کے خلاف ڈھول بجا رہے ہیں لیکن فیصلہ 2018ء میں عوام کرےگی کہ کون کرپٹ اور کون صاف و شفاف ہے

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) بلاول بھٹو زرداری نے امداد پتافی کی مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی سے بدتمیز ی کا نوٹس لیتے ہوئے امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم جاری کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ نصرت سحر عباسی سے بدکلامی پر امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور ان کیخلاف سخت ایکشن لینے کا بھی حکم جاری کر دیاہے ۔
 
بلاول بھٹوزراری نے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اورصوبائی پارلیمانی لیڈرکوامداد پتافی کیخلاف کارروائی کاحکم دیاہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بختاور بھٹو کی جانب سے اپنے ٹویٹ میں امداد پتافی سے نصرت سحر عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد امداد پتافی نے معافی مانگی لیکن نصرت سحر عباسی نے معافی قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان کے اسمبلی سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیاہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(فیصل آباد) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سستی روٹی، آشیانہ اسکیم اور دانش اسکول سمیت شہباز شریف کے تمام پروجیکٹس فیل ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کا دماغ بھی فیل ہوگیا ہے۔
وہ فیصل آباد میں اپنے چار مطالبات کی منظوری کے لیے دیے گئے الٹی میٹم کے اختتام پر حکومت مخالف تحریک کے آغاز پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ آج جس شہرمیں آیاہوں وہ پاکستان کاصنعتی مرکزکہلاتا تھا یہاں مِلیں چلا کرتی تھیں تو لوگوں کو روزگار ملتا تھا افسوس کا مقام ہے کہ آج یہاں تمام مِلیں بند ہیں۔
بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ ہم نے حکومت مخالف تحریک کا آغا ز کر دیا ہے جو عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی تک جاری رہےگی جس کے پہلے مرحلے میں لاہور سے فیصل آباد آیا ہوں جہاں شاندار استقبال، پذیرائی اور عاجزی پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور یاد رکھیے کہ تاریخ گواہ ہے بڑی تحریکوں کے آغاز عاجزانہ ہی ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی دورمیں بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے کیوں کہ موجودہ حکمرانوں کی ذاتی تعلقات پرمبنی خارجہ پالیسی نے دنیا بھر میں پاکستان کوتنہا کردیا ہے لیکن اب پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش مزید نہیں چلے گی ملک کو مستقل وزیر خارجہ اور وزیرداخلہ کی ضرورت ہے۔
پاناما کیس کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ احتساب سےمتعلق پیپلزپارٹی کابل منظور کیا جائے ہماری قیادت کو جیل میں رکھا جاتا ہے جب کہ نوازشریف خود اپنا سرمایہ باہر بھجواتے رہے لیکن اب ہم اب ایسا نہیں ہونےدیں گے ملکی خزانے میں نقب لگا کر بیرون ملک سرمایہ کی منتقلی ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کیسے باپ ہیں؟ جوخود کو بچانے کے لیے اپنے بچوں کو آگے کرتے ہیں، ہم میں اور آپ میں یہی فرق ہے آپ اپنامال بچانے کے لیے اپنے بچوں کو آگے کر رہے ہیں جب کہ دوسرے شریف صرف شوبازیاں کرتے ہیں۔
چیئرمین پیلز پارٹی نے کہا کہ ہماری ریلی پر آج کسان خوشیاں منا رہے ہیں کیوں کہ کسان جانتے ہیں کہ ان کا محفوظ مستقبل اور خوشحال روزگار پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے جب کہ موجودہ دور میں غریب کسان کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں اور کسان خود کشی کر رہے ہیں جب کہ نہ جانے میاں برادران کس ترقی کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے شریف برادران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غریب کابچہ تعلیم حاصل نہیں کرسکتا، مریض اسپتالوں کے ٹھنڈے فرش پر سسک سسک کر دم توڑ رہے ہیں، تین سال میں قرضے دگنے کر دیئے ہیں پھر آپ کس ترقی کی بات کرتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ آپ نے تو دعوی کیا تھا کہ حکومت 3سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے میں پوچھتاہوں کیا لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی؟ لوڈ شیڈنگ تو ختم نہ ہوئی البتہ بجلی ضرور مہنگی ہو گئی ہے، لوڈ شیڈنگ نے تو بے نظیر بھٹو نے ختم کر دی تھی اور ہمارے ہی دور حکومت میں بجلی 8 روپے فی یونٹ تھی جب کہ آج 16 روپے فی یونٹ ہے جب کہ عالمی منڈی میں تیل بھی سستا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ترقی صرف جاتی امراء میں ہو رہی ہے عوام کوغریب بناکرذاتی کاروبارچمکایاجارہاہے جب کہ قومی اداروں کو ترقی و وسعت دینے کے بجائے اسے دوستوں میں بانٹا جارہا ہے اسی لیے اگر پاکستان کی معیشت کو بچاناہے تو شریفوں کونکالنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب نےمنشور میں کہا تھا کہ ایکسپورٹ 100ارب ڈالر تک لے کرجائیں گے لیکن میاں صاحب تو حکومتی منصوبے اپنا سریا اور دوستوں کاسیمنٹ بیچنے کے لیے بناتے ہیں

 

Page 10 of 15