جمعہ, 17 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی:(کرچی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این ٹی ایس کا پیپر آﺅٹ ہونے پر انکوائیری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام طلبا کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور میرٹ وشفافیت کے خلاف کسی بھی ادارے کو طلبا کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی امتیاز شیخ نے وزیراعلی ہاﺅس میں ملاقات کی، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاعل بھٹو زرداری نے شکار پور کے تمام ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) بلاول ہائوس لاہور میں فیصل آباد ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران زرداری نے کہا کہ ملکی سیاست میں طوفان بدتمیزی برپا ہے،ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں اورمنشور کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ گزشتہ انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے تھے،گزشتہ انتخابات میں مجھے ایوان صدر سے نہیں نکلنے دیا گیا۔ نواز شریف نے ملکی معیشت تباہ کر دی، ن لیگ فیصل آباد کے رہنما شہباز لونہ نے بلاول ہائوس لاہور میں آصف زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن گزر گئے جب انتخابات کے نتائج چوری کیے جاتے تھے، اب نہ نتائج چوری ہونے دیں گے اور نہ آر اوز من مانی کر سکیں گے۔ بدھ کو زرداری ہائوس میں پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں کے اہم اجلاس اور30نومبر کو پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسے لوگ ہمارا کیا مقابلہ کر سکتے ہیں جو مچھر سے ڈر جاتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن نہ جیل سے ڈرے نہ پھانسیوں سے گھبرائے اور نہ آمریت کے خلاف جھکے، اب نتائج چوری ہونے دیں گے نہ آراوزمن مانی کرسکے گے۔ بلاول نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کو تیز کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں کو ن لیگ اور تحریک انصاف کے ناراض کارکنوں سے فوری رابطے کی ہدایت کردی۔

 

 

ایمز ٹی وی (عمرکوٹ) شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیوالی کے موقع پر عمرکوٹ کے لامبا گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری کو تھر اور عمرکوٹ سے عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا ہے اور کہا ہے کہ آصف علی زدارری اقتدار میں ہیں اور پیسہ بھی بہت ہے، لیکن تھرپارکر سے اگر وہ انتخابات میں حصہ لیں گے تو میں پی ٹی آئی کے ایک ورکر کی حیثیت سے ان کا مقابلہ کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جو کام ضیا اور آمریت نہ کرسکے،

وہ آصف علی زرداری نے اپنی کرپشن کے ذریعے کردکھایا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کا جنازہ نکال دیا ہے۔ اب پیپلز پارٹی تباہ و برباد ہوگئی ہے، پنجاب سے پہلے ہی پیپلزپارٹی کا نام و نشان مٹ گیا تھا، کے پی کے میں پیپلزپارٹی کا کوئی نام لیوا نہیں اور بلوچستان پیپلزپارٹی کو پہلے ہی فارغ کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب عمران خان نے فیصلہ کیاہے کہ اب سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا ہے۔

جلسے میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی، حلیم عادل شیخ، لال مالہی، نذہت پٹھان، سردار غلام مصطفی خاصخیلی،ملتان سے ایم این اے ملک عامر ڈوگراور کنری تھانہ حملہ کیس سے شہرت پانے والے نواب زید تالپور سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حق اور باطل کی لڑائی چلی آرہی ہے اوریہ لڑائی جاری رہے گی۔ مجھے جیتنے کی فکر اور ہارنے کاکوئی خوف نہیں ہے۔

انھوں نے آصف علی زرداری کو عمر کوٹ سے اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے کاچیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری دولت، پی پی پی اور اقتدار تمہارے پاس ہے، تم یہاں سے کھڑے ہو میں تمہارا مقابلہ کروں گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت قائد اعظم نے کہا تھا کہ مسلمان مساجد اور ہندو مندروں میں جائیں، حکومت کے لیے سب برابر ہیں، حلیم عادل شیخ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چور ڈاکو لٹیرے ایم این اے ایم پی اے عمرکوٹ میں ہیں،مظلوم اور غریب لوگوں کا پانی بند کرنے والے یزیدکے خاندان کے لوگ ہیں،یہاں عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آنے میں اب صرف چند ماہ رہ گئے ہیں،پھر شاہ محمود قریشی کے ہاتھ میں ڈنڈا ہوگا جو سب کو سیدھا کریں گے اور پھر عوام کی زندگی میں تبدیلی آئے گی۔

ملتان سے ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ میں تبدیلی کی بارگشت پورے پاکستان میں سنی جارہی ہے،سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی،صوبائی رہنما چیلا رام نے کہا کہ عمرکوٹ اب پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ بن گیا ہے، نزہت پٹھان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر بھٹو نے عوام کی بات کی مگر آج سندھیوں کی بات کرنے کے لیے کوئی موجود نہیں جبکہ سردار غلام مصطفیٰ خاصخیلی نے کہا کہ جمہوریت کو نون لیگ اور پیپلزپارٹی سے خطرہ ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (حیدرآباد) سینئر صوبائی وزیرخوراک اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کراچی کے شہداء کو سلام پیش کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد آرہے ہیں جہاں وہ تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے. حیدرآباد میں رونقیں اپنے عروج پر ہیں اور حیدرآباد کے عوام پیپلز پارٹی سے والہانہ محبت کا اظہار جلسے کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ہٹڑی بائی پاس پر ہونے والے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ گاہ سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نثار کھوڑو نے بتایا کہ جلسہ گاہ کے لیے بنایا جانے والا اسٹیج 160 فٹ لمبا اور بیس فٹ چوڑا ہے جبکہ اسٹیج کے عقب میں اسکرین بھی آویزاں کی جائیگی اور ساؤنڈ سسٹم بھی لگایاجائیگا تاکہ دور تک عوام اپنے لیڈر کو دیکھ اور سن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ 40 ہزار سے زائد کرسیاں جلسہ گاہ میں موجود ہوں گی، اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اگر کارنر میٹنگ کرے تو بھی ہزاروں لوگ ہوتے ہیں۔

سیکورٹی کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم سیکورٹی کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے جانثار وں پر انحصار کرتے ہیں جبکہ 18 اکتوبر سانحہ کارساز میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر اپنی قائد شہید بینظیر بھٹو کو محفوظ رکھا۔

اس موقع پرپی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، پی پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر علی نواز شاہ رضوی، راشد ربانی، صدر پی پی پی ضلع حیدرآباد صغیر قریشی اور دیگر صوبائی عہدیداران بھی موجود تھے۔

 

ایمز ٹی وی (حیدرآباد) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ٹنڈوجام کے علاقے راہوکی پہنچے جہاں انہوں نے حیدرآباد کی ڈویژنل انتظامیہ کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو،صوبائی وزیر فیاض بٹ،صوبائی وزیر امداد پتافی کے علاوہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد مگنیجو،ڈی آئی جی حیدرآباد،ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز بھی موجود تھے۔

اجلاس میں 18 اکتوبرکو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے پی پی پی کے جلسے سے متعلق سیکورٹی پلان اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلسے میں عوام کے لیے ٹریفک کاموثر پلان تشکیل دیں تاکہ ٹریفک کی روانگی متاثر نہ ہو۔ ا

جلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ کراچی،حیدرآباد سمیت سندھ بھر سے آنے والے عوام کے لیے علیحدہ علیحدہ پارکنگ کا انتظام کیا جائے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو جلسے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) اٹھارہ اکتوبرکوحیدرآباد میں ہونے والے جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پیپلزپارٹی کی رہنما ایم این اےفریال تالپور کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کے رہنماوں کا اجلاس زرداری ھاوس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو وقار مہدی ،راشد ربانی، سعید غنی اور دیگرنے شرکت کی، پیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثارکھوڑو نے اجلاس میں فریال تالپور کو 18 اکتوبر کو حیدر آباد جلسہ کے تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں جیالے اپنے قائد کے استقبال کے لئیے بےتاب ہیں۔ اس موقع پر فریال تالپورکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 2018 کے انتخابات میں پتہ لگ جائے گا کہ سندھ کے عوام کس کے ساتھ ہیں انہوں نے کہاکہ بھٹو کے جیالے ہر جگہ پی ٹی آئی کو شکست دیں گے اورسندھ سے پی ٹی آئی کا صفایا کردیں گے۔

 

یمز ٹی وی( ڈی آئی خان )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بڑے ڈاکوؤں کو جیل میں ڈال کر دکھائیں گے،آصف زرداری سینما کے ٹکٹ بلیک کرتا تھا،آج زرداری کے پاس سندھ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی اور19 شوگر ملوں کا مالک ہے، ہم نے قانون کو سب کے لیے ایک بنانا ہے،کسی طاقتور کو پکڑا جائے تو یہ نہ کہے کہ مجھے کیوں نکالا۔ ڈی آئی خان میں تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جو ملک دنیا میں آگے نکلا اس میں میرٹ کا نظام بہتر تھا،مسلمان بادشاہت کی طرف چلے گئے اور یورپ والے میرٹ پر آگئے۔ اگر ن لیگ میں میرٹ ہوتی تو مریم بی بی کیسے آگے آجاتیں،اگر پیپلزپارٹی میں میرٹ ہوتی تو اعتزاز احسن اور بلاول میں کیا مقابلہ تھا،بینظیربھٹو کے بعد زرداری نے کاغذ دکھایا کہ میں اور بلاول پارٹی سربراہ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ 2018 میں تحریک انصاف پاکستان کے سارے صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا بھر میں مانا گیا۔ پاکستان میں گزشتہ 2سال میں 2ڈگری گرمی بڑھی، بارشیں کم ہوئیں،ہم سارے پاکستان کو ہرا بھرا کرنے کا پروگرام لائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جانور تو اتنا کھاتا ہے جس سے اس کا پیٹ بھر جائے،انسان جب جانوربنتا ہےتو کھاکھاکربھی اس کاپیٹ نہیں بھرتا،انسان میں انسانیت ختم ہوجائے تو وہ جانور سےبھی نیچےچلاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کا راز یہ ہےکہ برےوقت سےخوف زدہ نہیں ہونا چاہیے،انسان نے سوچا کہ چاند پر چلا جائے اور وہ چلا گیا،میں نے9 سال کی عمرمیں فیصلہ کیاکہ ٹیسٹ کرکٹربنوں گا اور بن گیا،میرے کزن کہتے تھے کہ میں ٹیسٹ کرکٹر نہیں بن سکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب تک انسان ہار نہیں مانتا ہار انسان کو ہرا نہیں سکتی،میچ کےبعد اس وقت تک نہیں سوتا تھا جب تک اپنی غلطیوں پر سوچ نہ لوں۔

 

 

ایمز ٹی وی(سندھ) سینئر صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ 18اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والا پیپلزپارٹی کا جلسہ سندھ کی تاریخ بدل دے گا، ماضی میں بھی سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی سندھ سمیت پورے ملک کے عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیکر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم منتخب کرانے میں اہم کردار ادا کریں گے ، نواز شریف کی حکومت کو عدلیہ نے ختم کیا، اس میں پیپلزپارٹی شامل نہیں۔

ان خیالات کا اظہار نثار احمد کھوڑو نے ٹنڈو محمد خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور بخاری ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والا پیپلزپارٹی کا جلسہ سندھ کی تاریخ بدل دے گا، سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، ملک میں جب بھی انتخابات کا سال آتا ہے تو سندھ میں عوام کے مسترد کردہ لوگ مختلف ناموں سے اتحاد بنا کر پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرتے ہیں، لیکن سندھ کے عوام ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف بننے والے اتحاد کو مسترد کر دیتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، جس کی مثال کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات ہیں، آئ انتخابات میں بھی سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ دیں گے اور سندھ کا آئندہ وزیر اعلیٰ بھی پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا. 

نہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پیپلزپارٹی سے بیوفائی کی جس کی پاداش میں آج انہیں برے دن دیکھنا پڑ رہے ہیں، اگر نواز شریف جمہوریت کی مضبوطی کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلتے تو آج انہیں ان حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور سندھ ا کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا . اس موقع پر ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، جنرل سیکریٹری، خرم کریم سومرو، عزیز ہالیپوٹو، ڈسٹرکٹ چیئرمین سید ذیشان شاہ، وائس چیئرمین شیر امین لاکھو، میونسپل چیئرمین سید شاہنواز شاہ،سید کشف شاہ ، نور محمد ویسریو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثنا شاہ پورچاکر سے نمائندے کے مطابق سروری جماعت ضلع سانگھڑ کے صدر انجینئر سعید خان ڈاہری نے یوسی حاجی دائم خان دھامراہ کے گوٹھ یارو ڈاہری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اور سروری جماعت ایک آواز ہیں، ہم اپنی سروری جماعت کے روحانی پیشوا اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جمیل الزمان کے ہر حکم پر لبیک کہتے ہوئے 18 اکتوبر کو ہونے والے پیپلز پارٹی کے جلسے میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے .

اس موقع پر سروری جماعت کے رہنماؤں عبدالحمید منگھار، یوسی دائم دھامراہ کے چیئرمین علاؤالدین، حاجی محمد یامین، نورل گاھو، غلام انور ڈاھری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

ایمز ٹی وی (حیدرآباد) 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی لیبر بیورو کے حیدرآباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 9 اضلاع کے سابق صدور، دیگر عہدیداران اور ٹریڈ یونینز سے وابستہ محنت کشوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع سے پیپلز لیبر بیورو کے قافلے جلسہ عام میں جوش و خروش کے ساتھ بھرپور شرکت کریں گے اور جلسہ گاہ کے باہر پیپلز لیبر بیورو کا ایک بڑا استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔

اس موقع پر لعل بخش کلہوڑو نے کہا کہ سانحہ کار ساز کی دسویں برسی پر حیدرآباد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا 18 اکتوبر کو ہونے والا جلسہ شرکاء کے اعتبار سے ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (بونیر)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں،ایک خاندان کی چوری چھپانے کیلئے ملک تباہ کیا جا رہا ہے ، دوبارہ سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، نوازشریف اور زرداری بڑے ڈاکو ہیں، اسمبلی نے قانون منظور کیا ہے کہ چور، ڈاکو اور جھوٹا شخص بھی پارٹی سربراہ بن سکتاہے ،آئندہ انتخابات میں ن لیگ اور پی پی کو شکست دیکر پورے ملک میں تبدیلی کا انقلاب لائیں گے ۔بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ۔ عمران خان نے کہا کہ ایک آدمی کرپشن چھپانے کے لئے اداروں ، ملک اور قوم کو تباہ کررہا ہے ،عدلیہ اور فوج پر نواز شریف کے حملوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ منی لانڈرنگ کی سزا سے بچ جائیں۔اگر سزا ہوگئی تو تمام جائیدادضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد ہوجائیں گے ،وہ کرپشن بچانے کے لئے فوج کو بدنام کررہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ قوم تب اٹھتی ہے جب وہ اپنا کردار ٹھیک کرتی ہے ۔ جس قوم کے لیڈر صادق اور امین ہوں وہ قوم عظیم بنتی ہے ۔ اسمبلی نے قانون پاس کیا ہے کہ جھوٹا شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے صرف ادارے تباہ نہیں کئے بلکہ قوم کی اخلاقیات تباہ کیں۔ قومیں کبھی بمباری یا شکست سے تباہ نہیں ہوتیں بلکہ اخلاقیات ختم ہونے ے تباہ ہوتی ہیں۔ ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا جارہا ہے ہمیں عوام کے پیسے کی حفاظت کرنی ہے ، کبھی کسی کرپٹ لیڈر کو حکومت میں نہیں آنے دینا، قوم فیصلہ کرلے ہمیں ظلم کا مقابلہ کرنا ہے ۔لگتا ہے پاکستان کو بچانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔

نااہل نواز شریف کو ابھی بھی اپنا وزیراعظم کہنے والے شاہد خاقان عباسی شرم کرو ،شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔عمران خان نے کہا کہ 2018 میں سارے پاکستان میں انقلاب آئے گا ،یہ تبدیلی کا انقلاب ہوگا،2018 کے انتخابات میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے شکست کھائیں گی ،ہم اپنی حکومت کے ابتدائی چار سالوں کے دوران ہی پاکستان کی نصف غربت ختم کر دینگے

۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے تبدیلی کا انقلاب شروع کرنے کا موقع دیا۔ پرویز خٹک نے لوگوں کے لئے کچھ کیا ہوگا اس لئے لوگ تالیاں بجا رہے ہیں، چار سال میں خیبرپختونخوا میں غربت آدھی ہوگئی،ماضی میں کامیابی نہیں ملی لیکن اب بونیر پی ٹی آئی کا ہوگا۔ فضل الرحمن اسلام کے نام پر سیاست کرتے ہیں۔ ان کو مولانا کہنا پسند نہیں کرتا ،

زرداری اور نواز شریف قوم کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، ڈیزل دونوں کے ساتھ فٹ ہوجاتا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے آنے تک ہر پاکستانی پر35 ہزار قرضہ تھا، اس وقت ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا قرضہ ہوگیاہے ۔چوروں اور ڈاکوؤں کی کرپشن کی قیمت عوام غربت سے ادا کرتی ہے ۔ کرپٹ مافیا نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے ، ان سب کی ایک کوشش ہے کہ ملک میں احتساب نہ ہو ۔پاکستان میں بجلی اور گیس پورے برصغیر میں سب سے زیادہ مہنگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جمہوریت اور مسلم ممالک میں بادشاہت آگئی، جمہوریت میں میرٹ اور بادشاہت میں خون کار شتہ ہے ، اسی بنیاد پر جمہوریت نے بادشاہت کو شکست دی۔انہوں نے کہا کہ میرٹ ہو تو بلاول بھٹو اور مرادسعید کا کوئی مقابلہ نہیں، مراد سعید میرٹ پر اوپر آیا۔ پیپلز پارٹی میں میرٹ ہوتا تو بلاول اوراعتزاز احسن میں کیا مقابلہ ہے ۔

اگر مسلم لیگ ن میں میرٹ ہوتا تو ڈپٹی وزیر اعظم مریم نواز اور ڈپٹی وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا چوہدری نثار سے کیا مقابلہ تھا ،بلاول پاکستان کے کسی حصے میں ایک کلو میٹر چل کر نہیں گئے اور لیڈر بن گئے ، بلاول بھٹوانگریزی لہجے میں اردو بولتے ہیں،حمزہ شہباز اور مریم نواز کا کیا میرٹ ہے ۔

بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی میں جدوجہد کی مشکلیں برداشت کیں، ذوالفقار علی بھٹو بڑے لیڈر تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 45 فیصد بچے خوراک کی کمی کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ سے باہر چلے جاتے ہیں۔ نوازشریف اور شہباز ارب پتی بن گئے ، ان کے بچے بھی ارب پتی بن گئے ۔ اسحاق ڈار کے والد سائیکلوں کی دکان چلاتے تھے ، آج بیٹا اربوں پتی ہے ،اس موقع پرجمشید خان اورفاروق خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی،عمران خان نے دونوں کو خوش آمد ید کہا۔

 

Page 7 of 15