جمعہ, 17 مئی 2024

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) صدر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ ڈیو کیمرون نے پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل کوچ فل سمنز کی برطرفی کا دفاع کیا ہے،

انھوں نے کہا کہ میں بھی یہ سمجھتا ہوں کہ ٹیم کی روانگی والے دن فل سمنز کی برطرفی کوئی مناسب وقت نہیں تھا لیکن بورڈ کو ایسا ہی جراتمندانہ قدم اٹھانا تھا جو میں نے اٹھایا۔

ڈیو کیمرون نے عندیہ دیا کہ مستقبل میں مزید ایسے فیصلے کیے جاسکتے ہیں، واضح رہے کہ یواے ای میں ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریزمیں پاکستان کے ہاتھوں کیریبیئن سائیڈ کی وائٹ واش شکست کے بعد بورڈ اس حوالے سے شدید تنقید کا شکار رہا،

ڈیوائن براوو اور کیرون پولارڈ نے فل سمنز کی برطرفی پر کھلے عام تنقید کی تھی، واضح رہے کہ فل سمنز نے ویسٹ انڈین بورڈ سے اختلاف رائے کیا تھا۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) امریکی ریاستوں فلوریڈا اور شمالی کیرولائنا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان میتھیو کا زور ٹوٹ گیا۔ ادھر ہیٹی میں ہلاکتوں اور تباہی کے بعد صدر نے ملک میں 3روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی کیرولائنا سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان میتھیو کا زور ٹوٹ گیا۔ اس سے قبل طوفان کے باعث ریاست میں شدید بارشیں ہوئیں ،جس کے نتیجے میں متعدد علاقے زیر آب آگئے ۔

ریسکیو ٹیموں نے کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ مختلف حا دثات میں امریکا میں ہلاک افراد کی تعداد 16 ہو گئی ۔

میتھیو طوفان نے سب سے زیادہ تباہی ہیٹی میں مچائی ،جہاں تقریبا 900 سے زائدافراد ہلاک ہوئے۔ ہیٹی کے صدر نے ہلاکتوں اور تباہی کے باعث تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

 

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) یورپی ریاست اسٹونیا میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کیرسٹی کالیولائٹ کو ملک کی صدر منتخب کر لیا گیا ہے ، وہ یورپین کورٹ آف آڈیٹرز کی رکن اور ملک کی مقبول شخصیت ہیں، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیرسٹی کالیولائٹ کو صدر بنانے کا فیصلہ ایک ماہ تک جاری رہنے والی سیاسی کشمکش اور تعطل کے بعد کیا گیا ہے ، ایسٹونیا 1991 میں سابق سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد خود مختار ممالک بنا تھا، اس کے بعد کالیولائٹ ملک کی پانچویں صدر ہوں گی ۔


ایمزٹی وی(کابل)افغان صدر اشرف غنی اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے باضابطہ طور پر امن معاہدے پر دستخط کردیئے۔
امن معاہدے پر دستخط کی تقریب صدارتی محل میں منعقد ہوئی جس میں حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے بذریعہ ویڈیو لنک معاہدے پر دستخط کئے جب کہ تقریب کو سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا،2001 میں طالبان کے اقتدار کے خاتمے کے بعد یہ پہلا معاہدہ ہے جس کے بعد حکومتی حلقوں میں امید ظاہر کی جارہی ہے کہ دیگر گروپوں سے بھی امن معاہدوں کو تقویت ملے گی، 25 نکاتی امن معاہدے کے تحت گلبدین حکمت یار اور ان کے ساتھیوں کو ماضی میں ہونے والی کارروائیوں پر استثنیٰ حاصل ہوگا اور انہیں سیاست کرنے کا پورا اختیار حاصل ہوگا۔

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ حزب اسلامی کے ساتھ امن معاہدے کے بعد طالبان اور دیگر مسلح گروہوں کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے آئندہ کے فیصلے سے آگاہ کریں کہ وہ امن کے کارواں کا حصہ بننا چاہتے ہیں یا بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کے لئے تصادم کی راہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے گلبدین حکمت یار کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست سے نکالے جانے پر امریکا اور اقوام متحدہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب گلبدین حکمت یار کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میں تمام فریقین سے کہوں گا کہ وہ امن معاہدے کی حمایت کریں اور خاص طور پر اپوزیشن جماعتیں حکومت کا ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے امن معاہدے کا حصہ بنیں اور امن کی راہ پر چلتے ہوئے اپنے مقاصد حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایک دن غیرملکی افواج کی ملک میں مداخلت کا خاتمہ ہوگا اور غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد ملک میں امن ہوگا۔
ادھر پاک افغان امور پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ حزب اسلامی اور افغان حکومت کے درمیان امن معاہدے کے بعد کابل اور اسلام آباد کے درمیان دوریاں کم ہونے میں مدد ملے گی


ایمز ٹی وی(کراچی) شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر نائب صدر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

شارع فیصل پولیس کا کہنا ہے کہ51 سالہ محمد صادق صدیقی کو گلستان جوہر میں مشتبہ ڈاکوؤں نے ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن ڈاکٹر فہد احمد کا کہنا تھا کہ محمد صادق گلستان جوہر میں واقع راڈو بیکری میں کچھ خریدنے کے لیے گئے تھے،جہاں 2 ڈاکوؤں نے ان سے کار چھیننے کی کوشش کی۔

ڈکیتی کی کوشش پر محد صادق نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے انہیں گولی مار کر شدید زخمی کردیا اور ان کی گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر نائب صدر محمد صادق صدیقی زخموں کی تاب نہ لاسکے اور دم توڑ گئے۔واضح رہے کہ نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر نائب صدر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) روس کے پارلیمانی انتخابات میں صدر پیوٹن کی یونائیٹڈ رشیا پارٹی کو سبقت حاصل ہے جبکہ لبرل ڈیموکریٹس دوسرے اور کمیونسٹ پارٹی تیسرے نمبر ہیں۔

روس میں عام انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق صدر پیوٹن کی یونائیٹڈ رشیا کو حریف لبرل ڈیموکریٹک پارٹی پر واضح برتری حاصل ہے جبکہ کمیونسٹ پارٹی تیسرے نمبر ہے۔

ابتدائی سرکاری نتائج کے مطابق صدر پوتن کی جماعت یونائیٹیڈ رشیا کو 50 فیصد سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔

لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ولادی میر زرینوسکی نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا ہے۔ لبرل ڈیموکریٹ رہنما کا مزید کہنا تھا انتخابات میں ہمارا مقابلہ کسی جماعت سے نہیں ریاستی مشینری سے تھا۔

خیال رہے کہ پہلی مرتبہ ان انتخابات میں کریمیا میں بھی ووٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، 2014 میں روس نے یوکرائن کے اس علاقے کا روس سے الحاق کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ 2011 کے پارلیمانی انتخابات کے بعد بھی عوامی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جب بھی اپوزیشن نے الزام عائد کیا تھا کہ انتخابی عمل میں دھاندلی کی گئی تھی۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے ثقافت اور اسٹریٹجک معاملات میں اختلافات کے باعث ہیڈ کوچ فل سمنز کو برطرف کردیا۔

کرک انفو کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ثقافتی اور اسٹریٹیجک معاملات میں اختلافات کے باعث ٹیم کوچ فل سمنز کو عہدے سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا اور بورڈ کے چیف ایگزیکٹو مائیکل موئرہیڈ نے فل سمنز کو بورڈ کے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کردیا۔ فل سمنز کی برطرفی کے بعد پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے سابق فاسٹ بولر جوئل گارنر ویسٹ انڈیز کے کوچ ہوں گے جب کہ ہینڈرسن اور روڈی ایسٹرک کوچنگ میں ان کی معاونت کریں گے۔

واضح رہے کہ فل سمنز کو 2015 میں 3 سال کے لئے ویسٹ انڈیز کا کوچ تعینات کیا گیا تھا لیکن بہت سارے معاملات پر ان کے بورڈ سے اختلافات زیر گردش رہے۔ سمنز کو 2015 میں ٹیم سلیکشن میں مداخلت کی شکایت پرمعطل کردیا گیا تھا لیکن بعد ازاں انہیں عہدے پر بحال کردیا گیا۔ فل سمنز کی ہی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹہ ورلڈ کپ جیتا تھا۔

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل) فلپائنی صدر نے کہا ہے کہ امریکی خصوصی فوجی دستوں کو جنوبی فلپائن سے نکلنا ہو گا،تاہم امریکہ کے مطابق اسے فلپائن کی جانب سے سرکاری طور پر ملک سے فوجی نکالنے کا مطالبہ موصول نہیں ہوا۔

تفصیلات کےمطابق امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان جان کربی کاپریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ انہوں نے صدر دوتیرتے کے بیان سے متعلق رپورٹیں دیکھی ہیں لیکن انہیں اس سلسلے میں فلپائنی کی حکومت کی جانب سے کسی باضابطہ مطالبے کا علم نہیں ہے۔ صدر دوتیرے نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے امریکی کب نکالے جائیں گے،تاہم انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی جانب سے مسلسل شورش کی وجہ فلپائن کے مغرب کے ساتھ تعلقات ہیں۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کے ایک اجتماع سے کہا’یہ امریکی فوجی، انہیں منداناؤ سے جانا ہو گا۔ (مسلمان ان کی وجہ سے) اور زیادہ مشتعل ہو جاتے ہیں۔ اگر انہیں کوئی امریکی نظر آیا تو وہ اسے قتل کر دیں گے۔‘
صدر دوتیرتے کے مطابق جزیرہ منداناؤ میں مسلسل امریکی فوجی موجودگی کی وجہ سے حالات بگڑ سکتے ہیں۔وہ اس جزیرے میں مسلمان باغیوں اور کمیونسٹوں کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے فلپائنی صدر کی جانب سے امریکی صدر اوباما کی والدہ کے بارے میں نازیبا الفاظ کے استعمال کرنے پر اوباما نے فلپائنی صدر سے ملاقات منسوخ کردی تھی۔

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل) امریکی صدررونالڈریگن پر قاتلانہ حملہ کرنے والے شخص جان ہنکلی جونیر کو 35سال بعد رہا کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی صدر رونالڈریگن پر قاتلانہ حملہ کرنے والے61 سالہ جان ہنکلی جونیر کو واشنگٹن کے نفسیاتی مرکزسے رہائی کے بعد ورجینیا میں والدہ کے گھر منتقل کردیاگیا۔

جان ہنکلی جونیر اگلے 6ماہ تک ولیم برگ میں نفسیاتی ڈاکٹر سے معائنہ کرواتے رہے گا،فیڈرل جج نے جولائی میں ہنکلی کو رہاکرنےکاحکم دیاتھا۔

یاد رہے کہ 30 اپریل 1981 میں صدرریگن پرواشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل کے سامنے قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا،تاہم وہ محفوظ رہے،سیکورٹی پرمامور خفیہ اہلکاروں نے ہنگلی کوموقع پرہی گرفتارکیا تھا۔

واضح رہے کہ اس حملےمیں صدر رونالڈ ریگن کی جان بچانے والا خفیہ اہلکارجیری پارگزشتہ سال اکتوبرمیں 85 برس کی عمرمیں انتقال کرگیا۔

ایمزٹی وی(کراچی) دنیا بھر کی طرح کراچی اور حیدر آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں آباد بوہرا برادری آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عید الاضحیٰ منا رہی ہے۔
کراچی میں بوہرا برادری کی جانب سے نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا، اس کے علاوہ آدم مسجد نزد سٹی کورٹ، سولجر بازار ، حیدری اور شبیر آباد سمیت کئی دیگر مقامات پر بھی عید الاضحٰی کی نماز ادا کی گئی۔

ملک کی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر بوہری برادری نے اپنے طور پر سیکیورٹی انتظامات کئے تھے تاہم مساجد کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔


نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوا۔
واضح رہے کہ بوہرا برادری مصری کیلنڈر کے مطابق اسلامی سال کا آغاز اور تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔

Page 9 of 16