جمعہ, 17 مئی 2024

ایمز ٹی وی(لاہور) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ترک قیادت نے کرپشن پر قابو پا کر ترقی کی شاندار مثال قائم کی ہے، پاکستان اور ترکی مل کر اسلامی دنیا کی قیادت کرسکتے ہیں،ترکی میں حالیہ بغاوت کی ناکامی پر پاکستانی قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی،ترکی خلافت عثمانیہ کا مظہر اور خلافت کا آخری مرکز ہونے کے ناطے مسلمانوں میں خاص اہمیت کا حامل ہے،دنیا بھر کے مظلوم انسان طیب ایردوان کو اپنی آخری امید قرار دیتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک صدر طیب ایردوان کے مشیر اعلیٰ ایچ اِلنورچیویک سے منصورہ میں ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سکرٹری جنرل محمد اصغر ، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز اور آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اور ترکی دو نوں برادر اسلامی ممالک اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ، عالم اسلام کو موجودہ انتشار اور انارکی سے نکالنے اور اتحاد امت کے لیے دونوں ممالک موثر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ طیب ایردوان کی قیادت میں ترکی نے ترقی کا جو شاندار سفر طے کیاہے ، وہ ان کی سیاسی بصیرت اور بہترین معاشی منصوبہ بندی کا مظہرہے، پورے عالم اسلام کو اس کامیاب تجربے سے سیکھنے کی ضرورت ہے ، طیب ایردوان ترک عوام کے اندر غیر متنازعہ شخصیت کے طور پر ابھرے ہیں اور عالم اسلام میں بھی ان کی شخصیت ایک مدبر مسلم رہنما کے طور پر مسلمہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں اور ان کی موجودہ قیادت کے ساتھ عقیدت و محبت کا تعلق رکھتے ہیں،ترک عوام نے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے جو قربانی دی ہے ، دنیا بھر کے آزادی پسندوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ترک صدر کے مشیر ایچ اِلنورچیویک نے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ترکی کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی اور جماعت اسلامی کی منزل ایک ہے ۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو ترک صدر طیب ایردوان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ۔

ایمز ٹی وی(کراچی) وفاقی حکومت نے سندھ میں گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا‘ سابق چیف جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نئے گورنر سندھ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ آج صبح اسلام آباد میں صدرِ مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات میں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے معاملات بہتر بنانے کے لیے گورنرسندھ کی تبدیلی ناگزیر ہے لہذا ان کی جگہ سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ تعینات کیا جائے۔

جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہیں کہ انہیں گورنر سندھ تعینا ت کردیا گیا ہے‘ تاہم ان سے اس عہدےکے لیے عندیہ ضرور لیا گیا تھا۔

موجودہ گورنر سندھ عشرت العباد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے گورنر ہیں اور تیرہ سال انتہائی کامیابی کے ساتھ گزار چکے ہیں۔

یاد رہےکہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی صدارتی انتخابات میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مدمقابل مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔

سعید الزماں صدیقی 1 دسمبر 1937ء کو لکھنؤ, حیدر آباد، بھارت میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے پندرہویں منصف اعظم تھے۔ وہ 1 جولائی 1999ء سے26 جنوری 2000ءتک منصف اعظم رہے۔

سعید الزماں صدیقی نے ابتدائی تعلیم لکھنئو سے حاصل کی۔ 1954ء میں انہوں نے جامعہ ڈھاکہ سے انجنیرنگ میں گریجویشن کی۔ جامعہ کراچی سے انہوں نے 1958ء میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد سن 2002 سے گورنر سندھ عہدے پر فائز ہیں اوراس عرصے میں وہ سابق آرمی چیف پرویز مشرف‘ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران وفاق کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ایمز ٹی وی ( واشنگٹن ) امریکی صدر باراک اوباما کی مدت ختم ہورہی ہے اور امریکہ کے نئے صدر کا انتخاب ہونا ہے، امریکی صدارتی انتخابات میں پندرہ لاکھ سے زائد مسلمان اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں، مسلمانوں کے ووٹ کسی بھی امیدوار کی کامیابی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ تازہ ترین سروے کے مطابق امریکا بھر میں تیس لاکھ سے زائد مسلمان بستے ہیں، جن میں سے پندرہ لاکھ ووٹنگ کیلئے رجسٹرڈ ہیں، جو کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گےاس وقت مسلمانوں کی مختلف تنظیمیں اور مساجد میں مسلمانوں کو ہیلری کلنٹن کو ووٹ دینے کی تلقین کی جارہی ہے تاہم کچھ مسلمان جو پہلے ہی ٹرمپ کو پسند نہیں کرتے ہیلری کو ووٹ دینے کیلئے بھی تیار نہیں۔ ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف بیانات پر امریکا میں مسلم کمیونٹی شدید نالاں نظر آتی ہے اور اسی ناراضگی کے اظہار کیلئے مسلمانوں کو ہیلری کلنٹن کو ووٹ کاسٹ کرنے کی درخواست کی جارہی ہےواشنگٹن میں قائم تنظیم ’کونسل آن امریکن اسلامک رلیشنز (کیئر)‘ نے رائے عامہ کی ایک جائزہ رپورٹ مرتب کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مسلمان امریکی ووٹروں میں سے 86 فی صد کے نام درج ہوچکے ہیں، جو اس سال ووٹ دینے کا سوچ رہے ہیںامریکا میں اٹھارہ برس سے کم عمر مسلمانوں کے اندراج میں پہلی باراضافہ ہوا ہے، 18 برس سے کم عمرہزاروں امریکی مسلمان پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدر بننے کے بعد مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے بیان کے بعد ریپبلکنز کے حامی مسلمان بھی اس بار ڈیموکریٹس کو ووٹ دینے کا ارادہ کر رہے ہیں

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)سعودی عرب کی ایئر فورس کے سربراہ جنرل محمد بن صالح القتیبی چار روزہ دورے پر اتوار کو پاکستان آئیں گے۔

اس دورے کی دعوت انہیں ان کے پاکستانی ہم منصب ایئر چیف مارشل سہیل امان نے دی تھی۔وہ نور خان ایئر بیس پر اتریں گے جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ان کا استقبال کریں گے۔ وہ پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی آلات کی خریداری پر بات چیت کریں گے

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) چین میں “مقدس” سمجھے جانے والے بندر نے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا ممکنہ صدر بننے کی پیشگوئی کی ہے۔

جس بندر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کی پیشگوئی کی یہ وہی ہے جس نے رواں سال یورپین فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں پرتگال کی ٹیم کی کامیابی کی پیش گوئی کی تھی جب کہ چین میں اس بندر کو “گیڈا” کے نام سے جانا جاتا ہے جس کا مطلب گتھی سلجھانے کے ہیں۔

چین کے شیانہو ایکولوجیکل ٹورازم پارک کی انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر بندر کی پیشگوئی سے متعلق کہا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار کے ممکنہ انتخاب کی پیشگوئی کے لئے بندر سے رائے لی گئی اور یہ جاننے کے لئے ایک طرف ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن اور دوسری طرف ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر رکھی گئی۔ بندر سے جب پوچھا گیا کہ 8 نومبر کوامریکی انتخاب میں کون سا امیدوار کامیاب ہوگا تو بندر نے تھوڑی دیر سوچ بچار کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر پر لپکتے ہوئے تصویر کو پیار کیا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں 2010 میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران پال نامی آکٹوپس نے اپنی پیشگوئیوں کی بدولت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی تھی۔ میچ سے قبل آکٹوپس کے سامنے دونوں ممالک کے پرچم رکھے جاتے تھے اور آکٹوپس جس پرچم کا انتخاب کرتا وہی ٹیم کامیاب ہوتی تھی۔

 

ایمز ٹی وی(کراچی) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق سینیٹر اور پیپلزپارٹی کے سابق رہنما فیصل رضا عابدی کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کےمطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نےرات گئےسچل تھانے کی حدود میں نیو رضویہ سوسائٹی میں واقع فیصل رضا عابدی کےگھر پر چھاپامار کارروائی کرتے ہوئےانہیں حراست میں لے لیا۔

فیصل رضاعابدی کو پوچھ گچھ کےلیےنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اب تک کسی سکیورٹی ادارے کی جانب سے فیصل رضا عابدی کی با قاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔

قانون نافذ کرنےوالےاہلکاروں نے آدھے گھنٹے تک فیصل رضا عابدی کے گھر کی تلاشی لی۔اس دوران اطراف کی سڑکیں بند کر کے گھر کو حصار میں لیاگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فیصل رضا عابدی کے گھر سے اسلحہ بھی برآمد ہوا،واقعے پر شیعہ تنظیم پاسبان عزا نے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔

تنظیم کے صدر راشد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی فیصل رضا عابدی کے پارٹی چھوڑنے کا بدلہ لے رہی ہے،اگر معاملےکو جلد حل نا کیا گیا تو صبح 10 بجے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

 

ایمز ٹی وی(جامشورو) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں جانے والے قافلوں کو روکا نہیں جائےگا۔

جامشورو میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے اور تحریک انصاف کے قافلوں کو سندھ میں کسی بھی جگہ روکنے کے لیے سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھاکہ تحریک انصاف سندھ کی قیادت سے رابطہ کرکے بتایا گیا ہے کہ اگر سندھ میں احتجاج کرنا ہے تو وہ پرامن طریقے سے ہونا چاہیے کسی فرد کو بھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


مراد علی شاہ کا کہناتھاکہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں وفاقی حکومت کو اس معاملے کا سیاسی حل نکالنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھاکہ سی پیک منصوبے کےلیے سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے 22 دورے کیے لیکن اس منصوبے سے جو فائدہ سندھ کو ملنا چاہیے تھا وہ نہیں مل رہا جس پر ہمیں اعتراضات ہیں

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مونگ پھلی کی درآمد کے لیے امپورٹ پرمٹ کا اجراء روک دیا۔

صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم کو امپورٹ پرمٹ جاری کرنے کے لئے خط لکھ دیا۔

صدرکراچی چیمبر کے خط میں کہا گیا ہے کہ مونگ پھلی کے پرمٹ جاری نہ کرنےکی پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے کوئی وجہ نہیں بتائی۔

خط کے مطابق پاکستان میں مونگ پھلی کی سالانہ کھپت ایک لاکھ 50 ہزار ٹن ہے، جس کا 83 فیصد درآمداور باقی مقامی سطح پر اُگا کر کیا جاتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مونگ پھلی کی پیداوار اس سال خراب رہی ہے جبکہ امپورٹ پرمٹ جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے مونگ پھلی کی قیمت 100 روپے کلو تک بڑھ چکی ہے۔

 


ایمز ٹی وی(لاہور) پاکستان تحریک انصاف کا پیدل مارچ صوبائی صدر اعجاز چوہدری کی قیادت میں سادھوکی پہنچ گیا ہے جب کہ کل گوجرانوالہ میں سارا دن احتجاج ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر پولیس کے چھاپے اور کارکنان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ملک میں جمہوریت کے منافی اقدامات کو نہیں چلنے دیں گے کارکنان کے ساتھ بربریت کا مظاہرہ کرنے والے شریف برادران کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااعجاز چوہدری کی قیادت میں لاہور سے پیدل چلنے والا قافلہ ‘سادھوکی’ پہنچ گیا ہے جہاں مقامیرہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا اور شرکاء پر گل پاشی کی۔

اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 لگا کر کارکنوں کو سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے ، تشدد کے بد ترین واقعہ میں پولیس نے خواتین اور ممبران اسمبلی کو بھی نہیں چھوڑا اور 150 سے زائد کارکنان کو بلا جواز گرفتار کر لیا ہے۔

اس لیے کارکنان تیار ہو جائیں اور عمران خان کی کال پر کل گوجرانوالہ میں یوم احتجاج منایا جائے گا اور پنجاب حکومت کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں چوہدری اعجاز نے مزید کہا کہ دو نومبر کو شریف برادران کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے،انہوں نے بتایا کہ لاہور سے چلنے والا یہ پیدل مارچ اپنے مقررہ منازل طے کرتا ہوا صبح دس بجے گوجرانوالہ پہنچے گا

 

مئیر کراچی وسیم اختر کی اہلیہ بھی شوہر کے خلاف میدان میں آگئیں

ایمز ٹی وی(کراچی) مئیر کراچی وسیم اختر کی اہلیہ نائلہ وسیم نے وسیم اختر کے جیل سے جاری بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ مئی کی تحقیقات کرنی ہے تو سب سے کی جائیں ،وسیم اختر کو کام سے روک کر کراچی کو یتیم کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دیگر اہل خانہ کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کی اہلیہ نائلہ وسیم کا کہنا تھا کہ میئر کراچی وسیم اختر کسی سیاسی پارٹی کے نہیں بلکہ عوام کے نمائندے ہیں۔ پریس کانفرنس میں نائلہ وسیم نے ایک بار پھر مئیر کراچی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جیل سے جاری وسیم اختر کے اعترافی بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

وسیم اختر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ بارہ مئی میں صرف وسیم اختر کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس وقت کے صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف بھی کیس چلایا جائے۔

اہلیہ مئیر کراچی نے دعوی کیا کہ وسیم اختر پر مئیر بننے سے پہلے کوئی کیس نہیں تھا اور ان پر قائم تیس میں سے وہ تئیس مقدمات میں ضمانت بھی کر اچکے ہیں۔ وسیم اختر کے لیے مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آتیں.

نائلہ وسیم نے کہا کہ وسیم اختر کو کام سے روک کر کراچی کو یتیم کیا جا رہا ہے۔ وسیم اختر کی اہلیہ اور ان کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ وسیم اختر کے ٹرائل کو منصفانہ طور پر چلا کر جلد از جلد مئیر کراچی کو رہا کرکے کراچی کی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے۔

 

Page 8 of 16