جمعہ, 17 مئی 2024

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) اوباما تمہارا صدر ہوگا مگر یہ ہمارا ملک اور ہمارا ایئرپورٹ ہے، چینی افسر نے امریکی صدر کے ساتھ پہنچنے والی صحافی کو جھڑک کر پروٹوکول سے علیحدہ کردیا۔

امریکی صدر براک اوباما جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچے تو روایتی پروٹوکول سے ان کا استقبال کیا گیا لیکن صدر اوباما کے اسٹاف اور سیکورٹی آفیشلز کے درمیان تو کچھ اور ہی بحث چل رہی تھی۔

قصہ کچھ یوں ہے کہ چینی آفیشلز نے صدر اوباما کے ساتھ آنے والے صحافیوں کو اوباما کے بہت قریب ہونے سے روکا تو دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی۔

وائٹ ہائوس آفیشل کا کہنا تھا کہ یہ ایک امریکی طیارہ ہے اور وہ امریکی صدر ہیں جس پر چینی آفیشل نے سختی سے واضح کیا کہ یہ ہمارا ملک ہے اور یہ ہمارا ائیرپورٹ ہے۔

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے بعد سیفٹی چیک کا آپشن جاری کردیا۔ یاد رہے کہ پیر 8 اگست کی صبح بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال انور کاسی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، ان کی میت جب سول ہسپتال لائی گئی تو شعبہ حادثات کے گیٹ پر ایک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے۔ دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد فیس بک نے صارفین کے لیے سیفٹی چیک کا آپشن متحرک کردیا، تاکہ وہ اپنے پیاروں کی خیریت سے آگاہ ہوسکیں۔

واضح رہے کہ فیس بک انتظامیہ نے ’سیفٹی چیک‘ کے فیچر کو 2014 میں متعارف کرایا تھا اور نومبر 2015 میں پیرس حملوں سے قبل اسے صرف 5 بار قدرتی آفات کے وقت متحرک کیا گیا۔ اکتوبر 2015 میں پاکستان میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد بھی فیس بک کی جانب سے اس فیچر کو استعمال کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

ایمزٹی وی(بزنس)چین نے اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت کام کی رفتار کو سراہتے ہوئے اسے صدر شی چنگ پنگ کی جانب سے2013 میں پیش کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا اہم عنصر قرار دیا ہے جس کا مقصد ایشیا، یورپ اور افریقہ کے درمیان کثیرجہتی اور مختلف سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔

یہ بات چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں وزارت خارجہ میں پانچویں یوروایشیا نمائش کے حوالے سے ’’مشترکہ کاوشیں اور مشترکہ مفادات، شاہراہ ریشم کے مواقع اور مستقبل‘‘ کے موضوع پر سترہویں لینٹنگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت تمام بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے ساتھ ساتھ 70 سے زیادہ ممالک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی حمایت کررہے ہیں جبکہ چین اور 44 مختلف ملکوں کے درمیان معاہدے بھی طے پائے ہیں تاکہ پائیدار ترقی کے مقصد میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔

سی پیک پر عملدرآمد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے نفاذ کے حوالے سے فی الوقت وسطی ایشیائی اور یورپی ملکوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں سمیت متعدد اسکیموں میں ڈھالا جارہا ہے جنہیں مختلف مراحل میں پورا کیا جائیگا۔ یورو ایشیا اقتصادی راہداری کے حوالے سے وانگ یی نے کہا کہ یہ شاہراہ ریشم کی اقتصادی پٹی کا اہم عنصر ہے جسے اکیسویں صدی کی میری ٹائم سلک روڈ سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے تاکہ عالمی تاریخی و ثقافتی ورثے پر نظر ثانی کے ساتھ ساتھ مشرق اور مغرب کے درمیان تبادلے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے بھارتی میجر اور فوجیوں سے اللہ اکبر اورآزادی کے نعرے لگوادیے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز سے وابستہ میجر اپنے چند اہلکاروں کے ساتھ قاضی گنڈ کے گاؤں ویسو میں داخل ہوا اور لوگوں سے اوقاف کمیٹی کے صدر کا پتہ پوچھا، اس دوران کشمیری نوجوانوں نے بھارتی افسر سمیت فوجی اہلکاروں گرد گھیراڈال لیا جس پر بھارتی میجرنے خطرہ محسوس کرتے ہی فوراً ’’ہم کیا چاہتے، آزادی‘‘ اور ’’نعرہ تکبیر ، اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے۔ نوجوانوں نے میجر کو کندھوں پر اٹھایا اور دوبارہ نعرے لگانے کیلیے کہا، میجر اور اس کے فوجیوں نے دوبارہ 20 منٹ تک نعرے لگائے۔

ادھرسری نگر، بڈگام، گاندربل ، بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہ مولہ، شوپیاں، کولگام، اسلام آباد اور پلوامہ میں کشمیریوں نے کرفیو توڑتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر پاکستان اور آزادی کے حق اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ ہزاروں افراد نے ضلع اسلام آباد کے کئی علاقوں میں آزادی روڈ شو کا اہتمام کیا۔ بھارتی فوج اورپولیس نے مظاہرین پر طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا جس سے درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے۔

بھارت نواز سیاستدانوں کے سوشل بائیکاٹ کی اپیل کے بعد پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور نیشنل کانفرنس کے رہنما روپوش ہوگئے ہیں، بی جے پی سے تعلق رکھنے والے تمام نام نہاد ارکان اسمبلی بھی وادی کشمیر سے بھاگ نکلے ہیں۔

ایمزٹی وی(بزنس)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے کاروبار کی نئی راہیں کھلیں گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو عاطف اکرام شیخ کی سربراہی میں اسلام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ایوان صدر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، بہتر اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی درجہ بندی میں شامل کیا ہے، حکومت کاروباری اور تاجر برادری کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

صدر مملکت نے چیمبر کے وفد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاجروں کو ایوارڈ سے نوازیں تاکہ ان میں زیادہ سے زیادہ مقابلے کا رجحان پیدا ہو، کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کاروباری اور تاجر برادری کو اپنے مجوزہ ٹیکس دینے چاہئیں تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اسلام آباد چیمبر کے صدر نے صدر مملکت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ترکی اور روس کے سفارتی تعلقات میں کشیدگی کم ہونے لگی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ترک صدر طیب اردوان نو اگست کو روس کا دورہ کریں گے۔

طیب اردوان روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے سینٹ پیٹرز برگ میں ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات او ر عالمی معاملات زیر بحث آئیں گے۔ ترکی کی جانب سے روسی جنگی طیارہ گرائے جانے کے بعد دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات ہو گی۔

دوسری طرف ترکی کی ناکام بغاوت کے بعد باغیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ افغانستان میں تعینات دو ترک جنرلوں کو دبئی ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں جنرل ترکی میں ہونے والی بغاوت میں ملوث تھے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ترک صدر رجیب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ عوام چاہتے ہیں کہ سزائے موت کے قانون بحال کیا جائے اور حکومت کو لازمی ان کو بات سننی ہوگی.

تفصیلات کے مطابق جرمنی ٹیلی ویژن اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے اردگان کا کہنا تھا کہ ترکی کے عوام کی خواہش کو حکومت رد نہیں کرسکتی،حکومت کو ان کی بات کو سننی ہوگی. اس سے قبل یورپی یونین کمیشن کے صدر جین کلاڈ نے کہا ہے کہ ترکی حکومت کا سزائے موت بحال کرنے کا فیصلہ اس کو یورپی یونین میں شمولیت سے پیچھے کردے گا. ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حکومت ایک نئے آئین کا مسودہ تیار کرنے میں تمام اہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے.

یاد رہے دو روز قبل ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد حکومت اوراپوزیشن جماعت نے جمہوریت کی حمایت میں ریلی نکالی،ہزاروں افراد نے ریلی میں شرکت کی تھی. استنبول میں تقسیم اسکوائر پرریلی کےشرکاکاکہناتھاکہ ناکام بغاوت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جمہوریت اور ہر طرح کی آزادیاں کتنی قیمتی ہیں.

یاد رہے کہ رواں ماہ 16 جولائی کو ترکی میں فوج کے باغی گروہ کی اقتدار پر قبضے کی کوشش عوام نے ناکام بنادی تھی،عوام سڑکوں پر نکل کر ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے جبکہ ترک فوج کے باغی ٹولے نے باسفورس پل پر ہتھیار ڈال دیے اور ان کو گرفتار کرلیا گیا تھا.

واضح رہے کہ چار روز قبل ترک صدر نے صدارتی محل میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ’مسلح افواج سے تمام وائرس صاف کر دیے جائیں گے‘.

ایمزٹی وی(کراچی) سابق صدر آصف علی زرداری 60 برس کے ہوگئے ، آصف علی زرداری اپنی سالگرہ اپنے بچوں کے ساتھ دبئی میں منائیں گے۔

سابق صدر کو دوستوں، پارٹی رہنماؤں، کارکنوں نے دبئی میں پھول اور تحائف بھی بھیجے ہیں، سابق صدر 26 جولائی 1956ء میں پیدا ہوئے۔

آصف علی زرداری کی والدہ کا تعلق آفندی گھرانے سے ہے، سابق صدر کے والد حاکم علی زرداری مرحوم زرداری بلوچ قبیلے کے سردار تھے۔

آصف زرداری نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرکس اور بعد میں کیڈٹ کالج کراچی میں حاصل کی، سابق صدرنے سٹیزن اسکول آف اکنامکس اینڈ بزنس سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

آصف زرداری کی 18 دسمبر 1987ء کو بے نظیر بھٹو سے شادی ہوئی ، آصف زرداری نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کی قیادت سنبھالی۔

آصف زرداری ستمبر2008 میں صدر کے عہدے پر فائز ہوئے، اس وقت آصف زرداری پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر کے طور پر سیاست میں سرگرم ہیں

ایمزٹی وی(بزنس) وفاقی سیکریٹری برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری امیر خان مروت نے کہا ہے کہ کراچی میں جلد ٹیکسٹائل سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے وفاق نے سندھ حکومت کو زمین کی مد میں 30 کروڑ روپے ادا کردیے ہیں۔ فیڈریشن ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت ٹیکسٹائل شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کررہی ہے، ٹیکسٹائل شعبہ 40 فیصد روزگار اور 60 فیصد زرمبادلہ فراہم کررہا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے اجلاس میں سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب، نائب صدر ذوالفقار علی شیخ، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اپیرل نقی باری، اکرام راجپوت، فرزانہ خان اور دیگر شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل پالیسی 2015 میں اس صنعت کی ترویج و ترغیب کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جس میں اہم قدم اچھی کارکردگی پیش کرنے والی انڈسٹری کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا، مزید یہ کہ ٹیکسٹائل صنعت کو آئندہ 5 سال کے دوران ڈی ایل ٹی ایل، طویل مدتی سرمایہ کاری سہولت کے لیے ہر سال6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
امیر خان مروت نے کہا کہ وفاق فیصل آباد کی طرز پر کراچی میں بھی ٹیکسٹائل سٹی کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قانونی معاملات کے بعد ٹیکسٹائل سٹی کی زمین الاٹ کردی جائے گی۔ ریفنڈز سے متعلق وفاقی سیکریٹری نے کہا کہ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق 20 ارب روپے کے ریفنڈز کلیم واجب الادا ہیں لیکن حقیقی ریفنڈ کلیمز کے سروے کے بعد ادائیگیاں کردی جائیں گی۔
قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب نے صنعت کاروں کے تحفظات کے حوالے سے وفاقی سیکریٹری کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو نقصان پہنچانے کے لیے 600 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت بھارت ہماری برآمدات پر ضرب لگانے کا ارادہ رکھتا ہے لہٰذا وفاق اس حساس مسئلے کے حل کے لیے فوری طور پر وفاقی وزیر تعینات کرے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف صنعتوں کے ریفنڈ کلیمز کی مد میں 300 ارب واجب الادا ہیں، حکومت فوری ادائیگی کے لیے اقدامات کرے۔
ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ کپاس کی کاشت کے علاقوں کو حکومت مراعات دے۔ نقی باری نے کہا کہ زیرو ریٹ کے اعلان کے باوجود پیکنگ مٹیریل پر تاحال سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے،حکومت سیلزٹیکس کے خاتمے کیلیے فوری ایس آر او جاری کرے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد جنرل امیت دندار کو نیا قائم مقام آرمی چیف مقرر کر دیا گیا ، ترک صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ بغاوت کرنے والوں کو فوج سے باہر نکال دیں گے ۔ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد نئے آرمی چیف کا تقرر کر لیا گیا ۔ ترک وزیراعظم کے مطابق جنرل امیت دندار کو ترکی کا نیا قائم مقام آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے ۔ ترک فوج کی بغاوت کے بعد 25 کرنل اور 5 جنرلز کو بھی عہدے سے فارغ کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ انقرہ اور استنبول میں فوج کے باغی ٹولے نے سرکاری عمارتوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 60 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ۔ تاہم بعد ازاں ترکی میں نہتے عوام مسلح باغیوں کے سامنے سینہ سپر ہو گئے اور بغاوت کو ناکام بنا دیا ۔

Page 10 of 16