بدھ, 25 دسمبر 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46

(ایمز ٹی وی) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کرکٹ کی دنیا کے تیسری کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے ایک ہی میچ میں سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ دس وکٹیں بھی حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ کے آل راؤنڈر ایئن بوتھم اور پاکستان کے عمران خان نے یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔

بنگلہ دیش نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ شکیب الحسن نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں80 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں 44 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

شکیب نے یہ کارنامہ زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انجام دیا۔ بنگلہ دیش یہ میچ 162 رنز سے جیت گیا ہے۔ شکیب الحسن نے پہلی اننگز میں 137 رنز سکور کیے تھے۔ بنگلہ دیش اور زمبابوے کے دوران تیسرا اور آخری ٹیسٹ بدھ کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔

ایمز ٹی وی نیوز ڈیسک پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اتوار سے ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے 

پاکستانی ٹیم اگر تین صفر سے بھی یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تب بھی وہ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہی رہے گی البتہ اس کے اور نمبر دو ٹیم آسٹریلیا کےدرمیان پوائنٹس کا فرق کم ہوجائے گا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم جو اس وقت عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے سیریز جیتنے کی صورت میں اپنی رینکنگ بہتر کرسکے گی اور پاکستان کی رینکنگ متاثر ہوگی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم آخری بار انگلینڈ کے خلاف گزشتہ سال ٹیسٹ سیریز ہاری تھی اس کے بعد سے اس نے ایک ٹیسٹ سیریز برابر کھیلی ہے اور تین جیتی ہیں جن میں اسی سال بھارت کے خلاف ایک صفر کی جیت بھی شامل ہے۔

پاکستا ن نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اسی 16 رکنی سکواڈ کو برقرار رکھا ہے جس نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتی ہے۔

نیوزی لینڈ کی موجودہ ٹیم میں کپتان برینڈن مک کیولم راس ٹیلر ولیم سن بی جے واٹلنگ اور ون ڈے کی تیز ترین سنچری بنانے والے کورے اینڈرسن شامل ہیں لیکن پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کی اسپن بولنگ پر کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

(ایمز ٹی وی) 'جی جی ٹو' لیڈر شپ ایوارڈ کی شاندار تقریب میں برطانیہ کی 101 با اثر ترین ایشیائی شخصیات کے ناموں کا اعلان بدھ کی شام لندن میں کیا گیا۔

 

سال2015 ء کے لیے برطانیہ کی طاقتور ترین ایشین شخصیات کی فہرست میں پاکستانی نژاد برطانوی وزیر ثقافت ساجد جاوید کا نام سب سے اوپر ہے جنھوں نے 'بااثر ترین ایشین' کا ایوارڈ حاصل کر کے اس فہرست میں شامل بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

 

'لیڈر شپ اینڈ ڈائیورسٹی ایواڈز' کی سالانہ تقریب میں 100 سے زائد با اثر ترین ایشیائی افراد کی فہرست میں گزشتہ سال کی فاتح نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کا نام دوسرے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ 10 سر فہرست بااثر ترین ایشیائی شخصیات کے ناموں میں برطانوی رکن پارلیمنٹ صادق خان ساتویں اور میوزک گروپ ون ڈائریکشن کے گلوکار زین ملک دسویں نمبر پر ہیں۔

 

اس موقع پر ججز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ساجد جاوید نے با اثر ترین ایشین کا ایوارڈ اس وجہ سے جیتا ہے کیونکہ وہ حکومت کی اگلی صفوں میں شامل واحد جنوبی ایشیائی ہیں اور وہ اس ایوارڈ کے مستحق اس لیے بھی ہیں کیونکہ انھوں نے برطانیہ میں بسنے والے تمام لوگوں کے لیے تہذیب وثقافت کا دروازہ کھولنے کا عزم کر رکھا ہے۔

 

ان کے علاوہ ٹوری کی رکن پارلیمینٹ پریتی پٹیل اور سالیش وارا نے چھٹی اور نویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ طاقتور ایشین کی فہرست میں پہلی بار برطانوی کرکٹر معین علی کا نام 28 ویں نمبر پرشامل کیا گیا ہے۔

 

ایشین پاورلسٹ کے مینجنگ ڈاریکٹر کالپیش سولنکی نے کہا کہ جی جی ٹو لیڈر شپ ایواڈز ایسے غیر معمولی افراد کی کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے  جنھوں نے اپنی اعلی کارکردگی کے ذریعے راہ کی رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (نیشنل ڈیسک) چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف نے چین کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور پاکستان میں میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور کمپنیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چین پاکستان پر کافی عرصے سے دباؤ ڈال رہا ہے کہ پاکستان قبائلی علاقوں میں پناہ لیے ہوئے سنکیانگ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔

چینی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 20 سے زیادہ معاہدے ہوئے ہیں جن میں ایٹمی ری ایکٹر اور گوادر پورٹ شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے چین کے ساتھ مختلف منصوبوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جن دو طرفہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں کوئلے کی کان کنی، ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے معاہدے، اور شمسی توانائی کے معاہدے شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ ان کا دورہ چین پاکستان میں بجلی کے بحران کو حل کردے گا۔

ایمز ٹی وی (خیبر پختونخوا) پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے سرچ آپریشن کیا گیا اور اس دوران سترہ افراد کی لاشیں ملی ہیں جنھیں شناخت کےلیے شاہ کس کے علاقے میں منتقل کیا جارہا ہے۔

پولیٹکل حکام کا خیال ہے کہ مرنے والے تمام افراد شدت پسند ہیں جو سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن ’خیبر ون‘ کے دوران مارے گئے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ہلاک شدگان کا تعلق کس گروپ سے ہے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن ’خیبر ون‘ کی وجہ سے مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

خیال رہے کہ چند ہفتے قبل سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی میں آپریشن ’خیبر ون‘ کے نام سے شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی میں آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے سے شدت پسندوں کا مکمل طورپر خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ خیبر ایجنسی میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے تین آپریشن کیے گئے ہیں تاہم وہ تمام کارروائیاں اتنی زیادہ موثر ثابت نہیں ہو سکیں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی پولیس نے ایدھی سینٹر میں ہونے والی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایدھی سینٹر واردات کا کوئی ملزم گرفتار نہیں ہے۔  واردات کے شبہہ میں حراست میں لیا گیا شخص مظہر بے گناہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واردات میں ملوث ملزمان کا ڈیٹا اکھٹا گیا ہے۔ کراچی پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کراچی میں موجود نہیں ہیں جبکہ ملزمان گرفتاری کے ڈر سے اپنی جگہ روز تبدیل کرتے ہیں۔ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے تاہم اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سابق چیف جسٹس رانا بھگوان داس نے چیف الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کرلی ،پیپلز پارٹی رہنماءاور سینیٹر رضا ربانی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں رانا بھگوان داس سے ملاقات کی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں رانا بھگوان داس کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تاہم رانا بھگوان داس نے عہدہ سنبھالنے سے معذوری ظاہر کی اور کہا کہ وہ اس عہدے پر کام کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔

 

ایمزٹی وی:(کراچی) بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم پرتیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد زخمی ہوگئے، 30سالہ گلزار مسیح دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا جبکہ 29سالہ طارق کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے آپس میں دوست اور پپری کے رہائشی ہیں، گلشن معمار کے علاقے مکھی روڈ ناردرن بائی پاس افغان کیمپ کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 3افراد زخمی ہوگئے ،16سالہ میر حسن دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے مولوی قاسم روڈ گلشن معمار کے رہائشی ہیں۔

ماڑی پور کےعلاقے ناردرن بائی پاس پرٹریلر اور سوزوکی پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار ایک شخص شدید زخمی ہوگیا اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا، پولیس نے بتایا کہ متوفی سوزوکی کا ڈرائیور تھا،لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے رکشا الٹ گیا جس کے نتیجے میں35 سالہ عزیز ولد تاج ملوک ، 30سالہ عیسی اور36 سالہ بنارس زخمی ہو گئے، ناظم آباد نمبر2سبحانی بیکری کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار24سالہ فوادشدید زخمی ہو گیا، شریف آباد کے علاقے لیاقت آباد نمبر4ارم بیکری کے قریب گاڑی کی ٹکر سے11سالہ عبد اﷲ زخمی ہو گیا۔

ایمز ٹی وی (بنوں) شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین بنوں میں آئی ڈی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ،موسم سرد ہونے کی وجہ سے انکی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور طرح طرح کی بیماریوں کاشکار ہورہے ہیں آئی ڈی پیز کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان سے جب وہ لوگ نقل مکانی کرکے آرہے تھے تو ان کو کہا گیاتھا کہ ایک ماہ بعدان کی واپسی ہوگی اسی وجہ سے وہ تمام سامان وہاں چھوڑ آئے تھیں اب جبکہ چار مہینے گزرگئے ہیں اور سردی کی شدت میں بھی مزید اضافہ ہوگیا تو انکو سردی کے کپڑوں کی ضرورت ہے جو اب تک ان کو نہیں ملے۔ جس کی وجہ سے انکی خواتین اور بچے بیمار ہورہے ہیں ۔دوسری طرف ڈاکٹر کی کمی اور ادویات کی سہولیات بھی نہ کافی ہیں انکا کہنا ہے کہ یا تو حکومت انکی واپسی کو یقینی بنائے یا پھر سردی کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی نے عوامی روپ پہنا ہے، چین کے ساتھ کئے گئے معاہدوں سے پسماندہ علاقے ترقی کریں گے اور نوجوانوں کو روز گار ملے گا، اقتصادی راہداری منصوبے سے ترقی صرف شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پسماندہ علاقے بھی ترقی کریں گے، انھوں نے کہا کہ نئے منصوبوں سےگوادر میں بھی ترقی ہو گی جس سے بلوچستان ترقی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ توانائی منصوبوں سے پاکستان کو 10 ہزار 500 میگا واٹ اضافی بجلی ملے گی، جبکہ کوئلے سے ساڑھے 3 سال میں بجلی حاصل ہوسکے گی۔انھوں نے کہا کہ چین کے ساتھ شمسی توانائی، پن بجلی ، ہوا اور پانی سے بجلی کے منصوبوں پر دستخط کئے گئے ہیں، جس سے پاکستان میں انرجی بحران ختم ہو گا جس کے باعث ملک میں نئے کاروبار شروع ہوں گے۔