Reporter SS
بھارتی اداکار ایوشمان کھرانہ بھی پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے دوران امپائر کے غلط فیصلے پر بول اٹھے۔
اس حوالے سے میچ کے دوران ایوشمان نے بھی اس متنازع آؤٹ پر تبصرہ کیا اور سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا 'یہ شمسی آؤٹ تھا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس اہم میچ میں ڈی آر ایس کی ایک غلطی تسلیم کرلی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے دکھائے گئے ڈی آر ایس ری پلے میں غلطی تھی جب کہ دوسرا ڈی آر ایس ری پلے درست تھا اس لیے وین ڈر ڈوسن کو 21 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا کیونکہ اسامہ میر کی فلیپر گیند سیدھی وکٹوں کو چھورہی تھی۔
ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی،جنوبی افریقا نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا۔
میچ میں ایک موقع ایسا آیا کہ جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 8 رنز اور پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔
کراچی:پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رواں سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن آج کو ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جزوی چاندگرہن کا نظارہ پاکستان میں بھی کیا جاسکے گا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چاندگرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 11بج کر 02 منٹ پر ہوگا، چاند گرہن رات 1 بجکر 14 منٹ پر اپنے عروج کو پہنچے گا اور چاند گرہن کا اختتام 29 اکتوبر کی رات 3 بج کر 26 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا نظارہ پاکستان کے علاوہ ایشیا، یورپ، آسٹریلیا، امریکا کے مختلف حصوں، افریقا اور اٹلانٹک میں بھی کیا جاسکے گا۔
ورلڈکپ کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ہوا جہاں قسمت نے افریقی ٹیم کا ساتھ دیا اور انہیں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل ہوئی۔
البتہ اس میچ میں شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم کی یہ مسلسل چوتھی شکست تھی، اس ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں سے شروع کے 2 نیدرلینڈز اور سری لنکا سے جیتے جب کہ بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا سے شکست ہوئی۔
اس وقت قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر موجود ہے، پاکستان کے اب سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہوچکے ہیں لیکن مکمل طور پر پاکستان اب تک ورلڈکپ سے باہر نہیں نکلا۔
پاکستان کو نا صرف آئندہ کھیلے جانے والے 3 میچز جیتنا ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا، یعنی وہی اگر مگر والی صورتحال کا ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کو سامنا ہے
پاکستان اس صورت میں سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے جب آسٹریلیا اپنے چار میچز میں سے تین میں شکست کھائے جو کہ مشکل ہے کیونکہ کینگروز کے دو میچز افغانستان اور بنگلا دیش کے خلاف ہیں، اگر اپ سیٹ ہوا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔
اگر آسٹریلیا بنگلا دیش یا افغانستان کے خلاف جیتتا ہے لیکن نیوزی لینڈ سے ہار جاتا ہے تو نیٹ رن ریٹ سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی پلئیرز کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر راشد لطیف نے دعویٰ کیا کہ بابراعظم گزشتہ دو روز سے چیئرمین ذکا اشرف سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کو میسج کررہے ہیں لیکن کوئی جواب نہیں ملا جبکہ پاکستانی پلئیرز کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے میڈیا پر بہت سی چیزیں ہو رہی ہیں، شاید وہ جھوٹی ہیں لیکن میں آپکو سچی خبر فراہم کروں گا جو روکی ہوئی ہے، کھلاڑیوں کو پانچ ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی تو وہ کیسے کھیلیں گے؟۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں کیے گئے سینٹرل کنٹریکٹس پر بورڈ دوبارہ غور کرے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہےکہ جو تنقید ہو رہی ہے صحیح ہورہی ہے میں اچھی پرفارمنس نہیں دے پارہا، جس ٹیم کی بولنگ فارم اچھی ہوگی وہ ٹیم آگے جائے گی۔
بھارت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب کپتان شاداب نے کہا کہ اب یہ صورتحال ہے کہ ہر میچ جیتنا لازمی ہے ، پاکستان ٹیم برے وقت سے نکلی ہے اور نکلے گی، فیلڈنگ سے ٹیم کھڑی ہوتی ہے ، جب آسان کیچز ڈراپ ہوں گے اور آسان باؤنڈری نہیں روکیں گے تو دباؤ بن جاتا ہے۔ برے دن آتے ہیں اور کل سے اچھے دن شروع ہوں گے، جو تنقید ہو رہی ہے صحیح ہورہی ہے میں اچھی پرفارمنس نہیں دے پارہا، جس ٹیم کی بولنگ فارم اچھی ہوگی وہ ٹیم آگے جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اچھا کھیلنا ہوگا، دوسروں کی تنقید پر نہیں ہمیں اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی، ہماری ٹیم متحد ہے، کھلاڑیوں میں اتفاق ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں مسلسل تین شکستوں کے باوجود قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ہمت نہ ہاری
اس مشکل صورتحال کے بعد کپتان کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے میں مصروف ہیں
پی سی بی کے ایکس اکاؤنٹ پر کھلاڑیوں کی پریکٹس کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، ویڈیو میں ایک طرف جہاں کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس کرتے دیکھا گیا وہیں بابر اعظم کی پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں سے گفتگو او ر ان کی حوصلہ افزائی کو بھی سنا جا سکتا ہے
دوران پریکٹس بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہم ایسا بہت بار کر چکے ہیں کہ نیچے سے اوپر اٹھے ہیں لیکن جب ہم نیچے سے اٹھتے ہیں تو سیدھا ٹاپ پر جاتے ہیں، تمام کھلاڑی وہ وقت یاد رکھیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے تو آسانی ہوگی، ہمیں ایک دوسرے سےکندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے، ہم نے پہلے بھی کرکے دکھایا ہے، ہم کم بیک کر چکے ہیں اور اب بھی ایسا کر سکتے ہیں، آپ لوگوں نے ہمت نہیں ہارنی۔
خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو پہلی بار ون ڈے میں شکست دی تھی، پاکستان اپنا اگلا میچ کل یعنی 27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔
کراچی: جامعہ کراچی کی دو طالبات کو اغواکرنے کی کوشش کے معاملے پر تحقیقات کاآغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کی دو طالبات نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے انہیں زبردستی رکشا میں اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے بھاگ کر جان بچائی۔
جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ کے باہر شادی ہال کے قریب دو طالبات اپنی دیگر ساتھی طالبات کے ہمراہ موجود تھیں کہ رکشا میں سوار افراد وہاں پہنچے اور انہیں اسلحے کے زور پر رکشا میں بٹھانے کی کوشش کرنے لگے۔
طالبات نے دعویٰ کیا کہ وہ فوری طور پر وہاں سے شور مچاتی ہوئی بھاگ گئیں جس کی وجہ سے رکشا میں سوار افراد بھی فرار ہوگئے۔
اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو طالبات کے اغوا کی کوشش کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جائے واقعہ کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، دعویٰ کرنے والی طالبات کی دیگر ساتھیوں کو ڈھونڈا جا رہا ہے ان کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد صورتحال کچھ واضح ہوسکے گی۔
ویب ڈیسک: ایکس (ٹوئٹر) میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرادیا گیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فی الحال اس فیچر کو ابھی آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا ہےجبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو یہ کچھ عرصے بعد دستیاب ہوگا۔
ایکس کے متعدد نئے فیچرز کی طرح آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر بھی صرف ایکس پریمیئم یعنی ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو ہی دستیاب ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ صارفین آڈیو یا ویڈیو کالز کو ڈائریکٹ میسجز سیٹنگز کے ذریعے کنٹرول کر سکیں گے جبکہ کسی فرد کو کال کرنے کے لیے اسے ایکس پر کم از کم ایک ڈائریکٹ میسج بھیجنا ضروری ہوگا۔
خیال رہے کہ اگست 2023 کو ایلون مسک نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا تھا کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کرنے کے لیے کسی فون نمبر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ایلون مسک کے مطابق ایکس ایک گلوبل ایڈریس بک ہے اور اسی لیے کالز کے لیے فون نمبر کی ضرورت نہیں۔
یہ نئی تبدیلی ایلون مسک کی جانب سے ایکس کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایکس کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔
ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح یہ کمپنی پیمنٹ فیچر کو بھی ایکس کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
نئی دہلی: بھارت کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے حوالے سے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے۔
کچھ روز قبل بنگلا دیش کیخلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے متعلق خبر سامنے آئی تھی کہ ہاردک تاحال مکمل فٹ نہیں ہو سکے ہیں لہٰذا ہاردک پانڈیا کی انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک بتائی گئی تھی۔
اب بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی ہیں ہاردک کو معمولی چوٹ کا سامنا بھی ہے جس کے باعث بھارتی آل راؤنڈر انگلینڈ کے میچ کے ساتھ ورلڈکپ کے مزید 3 میچز میں بھی شرکت نہیں ہو سکیں گے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم انھیں انجری سے مکمل صحت یابی تک گیم میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دے سکتی، میڈیکل ٹیم کے مطابق وہ ہاردک کو جلد ہی پچ پر بھیجنے کے حوالے سے پرامید ہیں۔
دوسری جانب بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ ہاردک پانڈیا کا متبادل لانے کے بجائے ورلڈکپ کے اہم میچز کیلئے ہاردک کا انتظار کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا انجری کے باعث اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ 29 اکتوبر کو لکھنؤ میں شیڈولڈ ہے۔
اسلام آباد:نگراں حکومت نے آئی ٹی طلبہ کیلئے لازمی امتحانی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے۔
نگران وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی کے ساتھ ملکر آئی ٹی گریجویٹس کیلئے لازمی معیار مقرر کرنے جارہے ہیں، ان کیلئے سنٹرلائزڈ امتحان ہوگا، جو گریجویٹس یہ امتحان پاس کریں گے ان کو پریکٹیکل اپرنٹس پروگرام بھی کروائے جائیں گے، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹک) سے مل کر 16 ہزار لوگوں کو تربیت دینے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کے طلباء کیلئے یہ امتحان لازمی ہوگا، ایک سال میں دو لاکھ لوگوں کو تربیت دی جائے گی، یہ تربیت یافتہ لوگ پچاس سے ساٹھ ہزار ڈالر کما سکیں گے، اس اقدام سے سالانہ پانچ ارب ڈالر تک کا زرمبادلہ ملے گا
نگران وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انفرادی اسٹرکچر موجود نہیں جہاں بیٹھ کر یہ فری لانسرز کام کرسکیں، اس لیے ایک بہت بڑا ای پروگرام لارہے ہیں، جو چند ہفتوں میں شروع کیا جائے گا، حکومت قرضے فراہم کرے گی، نجی شعبہ کے ساتھ مل کر فری لانسرز کو کام کرنے کیلئے جگہ فراہم کی جائے گی، پانچ لاکھ فری لانسرز کیلئے کام کی جگہ فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا توقع ہےاگلے چار سے چھ ہفتے میں پے پال اور اسٹرائپ کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہو جائیں گی، اگلے چند ہفتے میں پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ قائم کرنے جارہے ہیں، دنیا کی پائے کی وینچر کیپیٹل فرمز کے تعاون سے یہ فنڈ قائم کیا جائے گا۔
نگران وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے مزید کہا کہ ہمارے پاس 300 میگاہرٹز کا اسپیکٹرم دستیاب ہے، جس کی نیلامی کی جائے گی ساتھ ہی فائیو جی بھی متعارف کروائی جائے گی، پاپا کے نام سے ایک نیا ادارہ بھی قائم کرنے جارہے ہیں۔