Reporter SS
کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحت کیمیائی علوم میں نئے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز15اگست2023سے جامعہ کراچی میں ہوگا، چار ماہ پر مشتمل اس انٹرن شپ پروگرام کے تحت طالب علموں کو کیمیائی علوم سے متعلق مختلف شعبہ جات میں تربیت دی جائے گی، جبکہ انٹرن شپ کے شرکاء کواُن کی کارکردگی کی بنیاد پرماہوار10ہزار روپے فیلوشپ بھی دی جائے گی۔
آئی سی سی بی ایس،جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس انٹرن شپ پرگرام میں شمولیت کے لیے درخواست گزار کا ایم ایس سی، بی ایس (یا کوئی اور مساوی سند) یا ایم فل ڈگری کا حامل ہونا ضروری ہے۔ اس پروگرام میں شرکت کے لیے درخواستیں 15جولائی2023تک آن لائن درخواستیں جمع کروائی جاسکتی ہیں مزید تفصیلات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں۔
بعداذاں کامیاب اُمیدواروں کانام اُن کے سپروائزر کے نام کے ساتھ ویب سائٹ پر نمایاں کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق متعلقہ انٹرن شپ پرگرام ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اور تھرڈ ورلڈ سینٹر فار سائینس اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوگا جبکہ اس میں شرکت کرنے والے طالب علموں کو نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، اطلاقی کیمیاء، طبعی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، ٹیکسٹائل کیمیاء، کیمیکل اینجنیرنگ اور بائیو کیمسٹری جیسے اہم شعبہ جات میں تربیت دی جائے گی۔ جو طالب علم بین الاقوامی معیار کے تحقیقی و تعلیمی ادارے میں کام کرنے کا تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اُن کے لیے یہ انٹرن شپ پروگرام بہترین موقع ہے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ دوسرے مرحلہ میں انٹرمیڈیٹ سال اول کے تمام گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء بروز جمعرات 6 جولائی سے شروع ہورہے ہیں۔
21جولائی 2023ء تک جاری رہنے والے ان امتحانات میں سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات لیے جائیں گے۔
ان امتحانات میں تقریباً ایک لاکھ 23 ہزار طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔ انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر214 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 118 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 96 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔
امتحانات کا شیڈول انٹربورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk اور آفیشل فیس بک پیج www.facebook.com/BIEKarachi سے ڈاؤن لو ڈ کیا جاسکتا ہے۔
لاہور: پنجاب یونیورسٹی انڈرگرایجویٹ پروگرامزکے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ14جولائی ہے، تمام تعلیمی پروگرامز کے لئی8 مختلف امتحان لئے جائیں گے۔پنجاب یونیورسٹی میں انڈرگریجوایٹ داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ لازمی ہے ۔پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق طلباو طالبات کی سہولت کے لئے ملک کے اہم شہروں میں پنجاب یونیورسٹی انڈرگرایجویٹ انٹری ٹیسٹ منعقد ہوں گے جس کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ14جولائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں کے لئے 25 فیصد نمبر تحریری داخلہ امتحان کے لئے مختص ہیں جبکہ امیدوار اہلیت کے معیار اور دیگر تفصیلات کے لئے www.pu.edu.pkپر رجوع کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پری انجینئرنگ کے شعبہ میں PU-E، پری میڈیکل کے شعبہ میںPU-M کا انٹری ٹیسٹ ہو گا۔ اسی طرح آرٹس، ہیومینٹیز و سوشل سائنسز کے شعبے میں PU-AHS، فزکس اور آئی سی ایس کے شعبوں کے لئیPU-CSP کا انٹری ٹیسٹ ہو گا۔
شماریات اور آئی س ایس کے شعبوں کیلئے PU-CSS کا انٹری ٹیسٹ ہو گا۔اکنامکس اور آئی سی ایس کے شعبوں کیلئے PU-CSE کا انٹری ٹیسٹ ہوگا۔ جنرل سائنس کے شعبے میںPU-GS اور کامرس کے شعبے کیلئے PU-COM کا انٹری ٹیسٹ ہو گا۔داخلہ ٹیسٹ23جولائی 2023کو ہوگا۔
ویب ڈیسک: ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2023 جاری کردی
26 قومی اداروں کو ٹی ایچ ای نے درجہ دیا ہے، باقی کو فہرست میں رپورٹرـ کا درجہ دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی (QAU) پاکستانی جامعات کی فہرست میں سرفہرست ہے۔ QAU کے بعد یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) فیصل آباد ہے۔جبکہ جامعہ کراچی 29ویں نمبر پر ہے
ایشیا یونیورسٹی کی درجہ بندی میں وہی 13 کارکردگی کے اشاریے استعمال کیے جاتے ہیں جو عالمی یونیورسٹی کی درجہ بندی کے ہیں، لیکن ان کی توجہ ایشیائی اداروں کو نمایاں کرنے پر مرکوز ہے۔
2023 کی درجہ بندی میں 31 ممالک کی 669 یونیورسٹیاں شامل ہیں جن کی درجہ بندی تدریس، تحقیق، علم کی منتقلی اور بین الاقوامی نقطہ نظر کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
پچھلے سال کی طرح، چین نے پہلے دو مقامات پر قبضہ کیا ہے جبکہ جاپان مسلسل تیسرے سال ایشیا یونیورسٹی رینکنگ میں سب سے زیادہ نمائندگی کرنے والا ملک ہے۔
جامعہ کراچی نے14 جون 2023 ء کو ملتوی ہونےوالے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفرحسین کے مطابق بی اے، بی ایس سی (پاس) سال دوئم اور ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل ضمنی امتحانات کے 14 جون کو ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کردیاگیاہے جس کے مطابق بی اے ریگولر وپرائیوٹ اوربی ایس سی (پاس) سال دوئم کے سالانہ امتحانات برائے 2022 ء اور ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل ضمنی امتحانات برائے 2022 ء کے 14 جون2023 ء کو ملتوی ہونے والے امتحانات اب 27 جون 2023 ء کو منعقد ہوں گے۔
واضح رہے کہ امتحانی مراکز اور مقررہ وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین گیمز کے لیےکرکٹ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت ایشین گیمز کے مرد و خواتین کے ایونٹس میں حصہ لے گا، جب کہ بھارتی مینز کرکٹ ٹیم ایشین گیمز میں ڈیبیو کرے گی۔
ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوں گے، ایشین گیمز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخیں متصادم ہیں۔تاہم ایشین گیمز میں کسی بھی ٹیم میں اسٹار کرکٹرز شامل نہیں ہوں گے۔
ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے ایشیائی ممالک کی دو دو ٹیمیں بیک وقت انٹرنیشنل کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔ایشین گیمز 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک ہینگزو چین میں شیڈولڈ ہیں۔
تاہم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا، جب کہ ٹیموں کو وارم اپ میچز بھی کھیلنا ہیں۔
کراچی: حکومت ِسندھ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت کےجاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 28 جون سے یکم جولائی تک صوبے بھر میں تعطیلات ہوں گی۔تمام سرکاری و نیم اور نجی ادارے بند رہیں گے۔
یاد رہےوفاقی حکومت نے پہلے ہفتے میں 6 دن کھلے رہنے والے دفاتر میں 29 جون سے یکم جولائی تک چھٹی ہونی تھی جبکہ عید الاضحیٰ کے لیے ہفتے میں 5 دن کھلے رہنے والے دفاتر میں 2 روز کی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔تاہم گزشتہ روز وفاق نے 28 جون کو بھی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا۔
قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل 2 روزہ وارم اَپ میچ کھیلے گی، بعدازاں پہلا ٹیسٹ میچ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا، یادرہےیہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں قومی ٹیم نے گزشتہ سال 342 رنز کا ہدف عبور کرکے چار وکٹوں سے ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔
24 سے 28 جولائی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کولمبو اسٹیڈیم کے سپر دہے، قومی ٹیم نے یہاں آخری مرتبہ 2014ء میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ اس میدان میں پاکستانی ٹیم 6 ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جن میں سے ایک جیتا ہے ایک میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ 4 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 29 جون بروز جمعرات، 30 جون بروز جمعہ اور یکم جولائی بروز ہفتے کو ملک میں عید کی تعطیل ہوں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز ذی الحجہ کا چاند نظر آیا تھا جس کے تحت ملک میں عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی۔
اسکے علاوہ عرب ممالک میں عید الاضحیٰ 28 جون کو منائی جائے گی۔
لاہور: نگراں پنجاب حکومت نے 1719 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجٹ کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اور پینشن میں 5 فیصد اضافے جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے پینشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
بجٹ میں جاری اخراجات میں 4 ماہ کے لیے 721 ارب روپے ، پنشن کے لیے 116 ارب روپے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 325 ارب روپے، کیپیٹل اخراجات کے لیے 277 ارب اور اکاؤنٹ فوڈ میں 395 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ذرائع آمدن کے حصول کے لیے 579 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی محاصل میں 393 ارب اور نان ٹیکس میں 186 ارب روپے مختص کیے گئے۔ سیلز ٹیکس میں 240 ارب، نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں 30 ارب کا تخمینہ ہے۔
وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق بزنسز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا، اسٹامپ ڈیوٹی پر ٹیکس ایک فیصد رکھا گیا، 65 ارب روپے زراعت کے لئے رکھے گئے ہیں، صحت و تعلیم کے بجٹ میں 31 فیصد اضافہ کیا گیا۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بجٹ کی منظوری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران کابینہ کے آرٹیکل 126 کے تحت چار ماہ کے آمدن اور اخراجات کی منظوری دے دی ہے، کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، صوبہ پنجاب 194 ارب روپے اپنے طور پر اکٹھے کرے گا ، پنجاب میں 1 ارب روپے سے جرنلسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی ادائیگیوں پر 600 ارب روپے کا قرض اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس قرض پر روزانہ 25 کروڑ روپے سود ادا کر رہے تھے، جس کی وجہ سے 600 ارب روپے کا قرضہ ادا کرنا تھا، اگر یہ قرضہ ادا نا کرتے تو یہ اس سال کے آخر میں 1100 ارب روپے ہو جانا تھا ، کابینہ کی منظوری سے 600 ارب روپے کا قرض اتارنے کا سلسلہ شروع کیا گیا، جو چار ماہ میں اتار دیا جائے گا۔