Reporter SS
کراچی: بحیرہ عرب کےجنوب مشرق میں موجود شدید سمندری طوفان "بائے پر جوائے" اس وقت کراچی کےجنوب سے 1340کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے مرکز کے گردہواؤں کی رفتار 90 سے 100اور کبھی 120 کلو میٹر فی گھنٹا ہے جب کہ طوفان آج شام یا رات مزید شدت اختیارکرلےگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ طوفان آج شام تک انتہائی شدید سمندری طوفان بن سکتا ہے، سمندری طوفان شمال اور شمال مغرب کی جانب حرکت کر رہا ہے اور اب تک پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم کو مانیٹر کررہا ہے۔
کراچی: سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے احسان ٹرسٹ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے تاکہ باہمی طور پر نہ صرف ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو مضبوط اور فعال بنایا جاسکے بلکہ ان کمیونیٹز اور افراد کو تعلیم فراہم کرنے میں اپنا کردار اد کریں جنہوں نے اپنی قابلیت کی بنیاد پر سرسید یونیورسٹی میں داخلہ لیا لیکن اب اس حالت میں نہیں ہیں کہ فیس اور دیگر اخراجات کا بار اٹھا سکیں۔
سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طلباء کو سالانہ 6 ملین روپے کابلاسود قرض حاصل کرنے کے لیے، انفارمیشن ٹیکنالوجی IT کی طرف سے ہر منتخب طالب علم کے ساتھ ایک مخصوص اور خاص معاہدہ کیا جائے گا۔
ضرورت کم قابلیت کی بنیاد پر بلاسود قرضہ فراہم کرنے کا معاہدہ کرنے سے قبل، طلباء کا ابتدائی انتخاب سرسیدیونیورسٹی کرے گی اور بعد ازاں آئی ٹی فائنل انٹرویو اور جانچ کرے گی۔
سرسید یونیورسٹی کے تمام طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے لیے اسلامک بینکنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موضوع پر سمینار کے انعقاد میں سرسید یونیورسٹی، آئی ٹی کو سہولت فراہم کرے گی۔سرسیدیونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرارکموڈور (ر) انجینئر سید سرفراز علی اور احسان ٹرسٹ کی جانب سے جنرل مینجر فیاض الرحمن نے معاہدے پر دستخط کئے۔
کراچی: فاسٹ نیشنل یونیورسٹی، کراچی کیمپس کے زیرِ اہتمام ڈیولپرز ڈے ہیکاتھون(Developers Day Hackthon 2023) مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس بیچ 2020 کے طلباء دنیش کمار، کاشان خان غوری، نمیر ناصر اور محمد زاہد نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔بعدازاں ان کو شیلڈ اور 20,000 نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔
سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہاکہ طلباء اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تاکید کی، جبکہ فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس اور فیکلٹی آف بزنس مینجمنٹ سائنسز،پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اساتذہ کی لگن اور طلباء کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔
اسلام آباد: وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات کے نوٹیفیکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے 10 جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گے، اداروں کے سربراہان ضروری اسٹاف کو بلا سکیں گے۔
چھٹیوں میں اداروں کا اسٹاک چیک، فرنیچر اور عمارات کی مرمت کی جائے۔
لاہور: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال ایشیاکپ نہیں کھیلےگا۔
دی ٹیلی گراف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کی موجودگی اور ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر پاکستان کے رواں سال ایشیاکپ نہ کھیلنے کے امکانات ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کے اگلے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے دوران بتایا جائے گا کہ دیگر تمام شریک ممالک سری لنکا میں کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل تجویز دیا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں گروپ مرحلے کے ابتدائی چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ بھارتی بورڈ نے اسے بھی مسترد کردیا جس پر ممکن ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کردے۔
رواں ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد تھی تاہم بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، اگر اجلاس میں پاکستان سری لنکا میں ٹورنامنٹ کھیلنے پر راضی ہوتا ہے تو پورا ایونٹ وہیں ہوگا جبکہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی بھارت کی تجویز کو مسترد کرچکے ہیں اور ایشیاکپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔
اگر پاکستان ایشیاکپ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اس صورت میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان وہ چار ٹیمیں ہوں گی جبکہ نیپال کو پانچویں ٹیم کے طور پر کھیلایا جائے گا۔
بھارت کا دورہ پاکستان سے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنا پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر غور کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔ پی سی بی نے مبینہ طور پر آئی سی سی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کا انحصار حکومتی منظوری اور ہائبرڈ ماڈل پر ہوگا۔
کراچی: صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردارشاہ سے “شاہ لطیف کی شاعری” پر موبائل ایپ بنانے والے نوجوان راجا ساندنےملاقات کی۔
عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان راجا ساند نے صوبائی وزیر ثقافت کو بتایا کہ شاہ لطیف کی شاعری پر بنائی گئی ایپ اینڈرائیڈ سسٹم کے ساتھ اب آئی او ایس/ آئی فون پر بھی موجود ہے۔راجا ساند نے صوبائی وزیر ثقافت کو بتایا کہ انہوں نے کچھ دوستوں کے ساتھ مل کر ایپ پر کام شروع کیا تھا جو اس سفر میں اب بھی ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شروع میں اس وقت کے کمیشنر میرپورخاص اور موجودہ سیکریٹری اطلاعات ندیم میمن ان کی مالی معاونت کی تھی۔
ملاقات میں وزیرتعلیم و ثقافت سندھ سردار علی شاہ نےراجا ساند کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ کی ایپ کی وجہ سے شاہ لطیف کی شاعری پڑھنا میرے لئے اب آسان ہوگیا ہے”انہوںنے راجا ساند کو مشورہ دیا کہ سندھ کے صوفی شعراء کی منتخب شاعری کو بھی ایپ میں شامل کیا جائے۔
محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے شاہ لطیف کی شاعری پر چھپنے والی کتب کا بھی ایپ کا حصہ بنایا جائےاس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے نوجوان راجا ساند کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 262 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 16 مئی کو 30 روپے کمی گئی تھی اور اس بار بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 253 فی لیٹر ہوگی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 164 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
کراچی: چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدرعلی نے کمرہ امتحان میں میڈیاکوریج کی مخالفت کردی۔
اس حوالے سے چیئر مین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بورڈز امتحانات میں ویجیلینس اور میڈیا کوریج کے نام پر بچوں اور بچیوں کی تشہیر اور افسران کی پبلسٹی امتحان کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔امتحانات کوئی تماشا نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خوفناک عمل ہے کہ اس کی بے پناہ تشہیر کی جائےامتحانی کمروں میں چھ چھ کیمروں سمیت آٹھ آٹھ افراد کا موجود رہنا بچوں بچیوں کے لئے ذہنی کوفت اور دباؤ کا سبب ہوتا ہے۔ امتحان دیتے ہوئے طلبہ و طالبات کی وڈیوز بنانا اور نشر کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
کیا کیمبرج امتحانات میں امتحانی کمروں اور مراکز کی میڈیا کوریج کی جا سکتی ہے؟ کیا کیمبرج امتحانات میں امتحانی کمروں اور مراکز کی میڈیا کوریج کی جاسکتی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر ایگزامینیشنز کو انویجیلیٹر کا کام کرنے کے بجائے کالج پرنسپل کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے کی ضرورت ہے۔ امتحانی کمروں میں کیمرے لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے ۔ خبر کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن ڈراماٹائزیشن کی نہیں۔ امتحانی عمل کو نقل اور چیٹنگ کے مفروضے سے جوڑ کر پیش کرنا پڑھنے والے لاکھوں بچوں کی توہین ہے اور سرکاری نظام امتحان کی تذلیل ہے۔
کرپٹ، بدعنوان اور نااہل لوگوں کی سزا طلبہ کو دینے کی روایت کو ختم ہونا چاہیے فرسودہ ویجیلینس سسٹم اور امتحان دینے والوں کو خوفزدہ کرنے کا موجودہ نظام ختم کیا جائےامتحان دینے والوں کو بنیادی سہولیات، پرسکون اور باوقار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے
کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے اساتذہ کو اسکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق بی ایڈ کرنے والے اساتذہ کو 50 فیصد فیس میں رعایت دی جائے گی جب کہ پی ایچ ڈی کرنے والے اساتذہ کو فیس کے لیے آسان قسطوں کی سہولت دی جائےگی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہےکہ سہولت صرف سرکاری اساتذہ کے لیے ہے، سرکاری اساتذہ آئی بی اے میں داخلہ لےسکیں گے جب کہ بی ایڈ کرنے والے اساتذہ کی ترقیاں بھی جلدی ہوں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان ان دنوں تعلیم حاصل کرنے کیلئے امریکا میں مقیم ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کپتان بابراعظم نے مداحوں سے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور رضوان کے ہمراہ ہارورڈ بزنس اسکول میں داخلے کے بعد پڑھتے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر میں بابراعظم صوفے پر لیٹے ہوئے پڑھائی کررہے ہیں جبکہ رضوان زمین پر بیٹھ کر نوٹس کا مطالعہ کرتے ہوئے مختلف پیپرز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بابراعظم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں کیپشن لکھا گیا ہے کہ ’’ یہ کیا ہورہا ہے‘‘ ؟۔
گزشتہ دنوں بابراعظم اور محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول کے پروگرام کا حصہ بنے تھے، وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز ہیں۔
دونوں کرکٹرز 31 مئی سے 3 جون تک امریکی ریاست بوسٹن میں ہارورڈ بزنس اسکول کیمپس کی کلاسز میں شرکت کریں گے جہاں وہ انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس تعلیم حاصل کریں گے۔