بدھ, 27 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد:  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے شبقدر، پشاور، نوشہرہ،مردان، سوات،کوہاٹ، صوابی، لوئر دیر، بنوں اور چار سدہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز چترال کے مغرب میں 237 کلومیٹر کےفاصلے پر تھا، زلزلے کی شدت 5.6 اور زیر زمین گہرائی 190 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے باعث تاحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

کراچی: جامعہ کراچی کے تحت شعبہ کمپیوٹرسائنس بی ایس ایس ای/ بی ایس سی ایس اوراپلائیڈ فزکس کا داخلہ ٹیسٹ22 جنوری کو ہوگا۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق ایوننگ پروگرام میں داخلے برائے سال 2023 ء کے لئے شعبہ کمپیوٹرسائنس بی ایس ایس ای/ بی ایس سی ایس اوراپلائیڈ فزکس کا داخلہ ٹیسٹ22 جنوری2023 ء کو منعقدہوگا۔

تمام امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردیئے گئے ہیں جس پر رپورٹنگ ٹائم امتحانی مرکزاور کمرہ امتحان کا نمبردرج ہے۔طلبہ اپنے ایڈمٹ کارڈ اپنے پورٹل سے پرنٹ کرسکتے ہیں۔ امتحانی مرکز اور مقررہ وقت کی تفصیل ایڈمٹ کارڈ پر موجودہے۔علاوہ ازیں طلبہ کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل بھی آگاہ کردیاگیاہے۔علاہ ازیں ایسے طلباوطالبات جنہوں نے ان شعبہ جات کے مارننگ پروگرام کے داخلوں کے لئے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں 50 یا اس سے زائد نمبرز حاصل کئے ہیں انہیں دوبار ہ داخلہ ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے

۔مارننگ پروگرام کے داخلہ ٹیسٹ میں حاصل کردہ نمبرز کی بنیاد پر ہی ایوننگ پروگرام میں داخلہ دیاجائے گا۔ ایوننگ پروگرام کی حتمی داخلہ فہرست 26 جنوری 2023 ء کو جاری کی جائے گی۔واضح رہے کہ صرف ان امیدواروں کا داخلہ ٹیسٹ ہوگا جنہوں نے شعبہ کمپیوٹرسائنس بی ایس ایس ای/ بی ایس سی ایس اوراپلائیڈ فزکس کا انتخاب کیا ہے،اس کے علاہ تمام شعبہ جات میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے جارہے ہیں۔

کراچی: جامعہ کراچی نےجعلی مارکس شیٹ جمع کرانے کی بناء پرمارننگ پروگرام کے دوطلبہ کے داخلے منسوخ کردیئے۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی سے تصدیق کرانے پرمارننگ پروگرام داخلے برائے سال 2023 ء کے شعبہ جیولوجی بی ایس فرسٹ ایئر کے طالبعلم محمدمعراج ولدمحمد رفیق فارم نمبر627654 اور شعبہ ہسٹری کے عمران ولد رسول بخش فارم نمبر627693کی مارکس شیٹ جعلی ثابت ہوئی جس کی بناء پر ان کے داخلے فی الفور منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ڈاکٹرآف فزیکل تھراپی(ڈی پی ٹی) میں داخلے کیلئے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں 1200 امیدواروں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر فاطمہ عابد نے بتایا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی(ڈی پی ٹی) 5 سالہ پروگرام کی 100 نشستوں پر داخلے کیلئے 2 ہزار 200 خواہشمندامیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں ۔

جن میں سے 1211 امیدوار اہل قرار پائے، انٹری ٹیسٹ میں 40 ایم سی کیوز سوالات بائیولوجی، 20 کیمسٹری، 20 فیزکس اور 20 انگریزی سے پوچھے گئے تھے، 100 نشستوں میں سے 90 پر اوپن میرٹ اور 10 پر سیلف فنانس پر داخلے دیئے جائیں گے۔

داخلہ ٹیسٹ کے موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، آئی پی ٹی آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خان، ڈائریکٹرایڈمیشنز ڈاکٹر فاطمہ عابد، ناظم امتحانات ڈاکٹر انیتا شاہ، قاضی شبیر و دیگر نے مختلف شعبوں میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امیدواروں کو دی جانے والی سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ لیا.

وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے امیدواروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبا صرف ڈگری کیلئے نہیں بلکہ انسانی خدمت کے جذبے کیساتھ اس پروفیشن میں قدم رکھیں، ڈی پی ٹی کی اہمیت وقت کےساتھ ساتھ بڑھتی جارہی ہے، طلبا اچھی تعلیم حاصل کرکے معاشرے کیلئے کارآمد شہری ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے سان فرانسسکو کے دفتر کی 100 سے زائد نایاب اشیاء آن نیلامی کیلئے پیش کردیں۔

گزشتہ سال ٹوئٹر کے مالک بننے کے بعد ایلون مسک نے پہلے سیکڑوں ملازمین کو فارغ کیا اس کے بعد دفتر میں موجود ملازمین کے لیے مفت کھانے کی سروس ختم کی اور اب ان کی جانب سے سان فرانسسکو کے دفتر کی پرانی اور قیمتی اشیا کی نیلامی کی جارہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کے مشہور پرندے والے لوگو کا مجسمہ 11 ہزار ڈالرز میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دفتر کی کافی میز، پرنٹنگ کا سامان ، صوفے، کچن کا سامان اور فرنیچر بھی نیلامی کے لیے پیش کیا گیاہے۔

گزشتہ سال نومبر میں ایلون مسک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انتباہ جاری کی تھی کہ کمپنی مالی نقصان میں جارہی ہے،ہوسکتا ہے کہ ٹوئٹر بینک کرپٹ میں ہوجائے۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر پر سان فرانسسکو کے دفتر کا کرایہ نہ دینے پر مقدمہ کیا گیا ۔

کراچی: کراچی میں سردی کی نئی شدید لہراور درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان پر اثر انداز ہے جس کے باعث کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔

جواد میمن نے بتایاکہ سسٹم کے زیر اثر آج دوپہر سے کراچی میں تیزگرد آلود اور سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جب کہ گرد آلود ہواؤں کے باعث فضائی معیار بھی متاثر رہے گا۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے نکلنے کے بعد سردی کی لہر بڑھ سکتی ہے، کراچی میں سردی کی نئی لہر پچھلی لہر سے شدید ہوسکتی ہے جس سے شہر کے مضافات میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک آسکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق 23 یا 24 جنوری سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے شیڈول کو فائنل کرلیا گیا حتمی اعلان کل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 13 فروری سے ہوگا جبکہ فائنل 19 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کی میزبانی ابھی تک ملتان کے ہی پاس ہے، اس پروگرام میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 4 وینیوز پر کھیلا جائے گا، میزبان شہروں میں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان شامل ہیں،ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ ملتان اور کراچی جبکہ لاہور اور راولپنڈی کے میچز ایک ساتھ ہوں گے۔

پی ایس ایل سے قبل ایک نمائشی میچ کوئٹہ میں بھی کھیلے جانے کا امکان ہے، جس میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی کی جانب سے اس بار پی ایس ایل کے کچھ میچز کا پشاور میں بھی انعقاد کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کی دوسری فرنچائزز کی جانب سے حمایت بھی کی گئی تھی تاہم اس ایڈیشن میں پشاور میں میچز کا انعقاد مشکل ہے، اسی طرح کوئٹہ میں بھی صرف ایک نمائشی میچ کھیلنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کی واپسی کے بعد پہلی بار پی ایس ایل کا انعقاد ہوگا، اس لیے بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ اس بار ایونٹ کا شایان شان انعقاد چاہتے اور اس کیلیے کافی پرعزم بھی ہیں۔

شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی پی ایس ایل کی تیاریوں میں بھی تیزی آجائے گی۔ مقامی پلیئرز اور شائقین سب ہی اس ٹورنامنٹ کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔

لاہور قلندرز اس بار دفاعی چیمپئن کے طور پر میدان سنبھالیں گے، ٹیم کی قیادت نوجوان پیسر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں میں ہوگی جوکہ فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد پریکٹس کا آغاز کرچکے اور پی ایس ایل میں واپسی کیلیے پراعتماد ہیں۔

ریاض: اسٹار فٹبالرزکرسٹیانو رونالڈاورلیونل میسی آج آپس میں ٹکرائیں گے۔

پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئین بنوانے والے لیونل میسی آج مشرق وسطیٰ کے میدان پر ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) اور سعودی آل سٹار الیون کے درمیان میچ آج 19 جنوری کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی آل اسٹار الیون میں النصر اور الہلال کلب کے کھلاڑی شامل ہوں گے، یہ نمائشی میچ کنگ فہد اسٹیڈیم ریاض میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں جبکہ حکام نے اعلان کیا کہ ایک سعودی ریئل اسٹیٹ بزنس مین نے نیلامی میں 10 ملین ریال کی بولی لگانے کے بعد میچ دیکھنے کا ٹکٹ اپنے نام کرلیا ہے۔

قبل ازیں ٹکٹ کی پہلی بولی تاجر عبد العزیز بغلف نے ٹکٹ کی 30 لاکھ ریال کی بولی لگائی تھی، جس کے بعد متعدد تاجروں نے ٹکٹ کی قیمت کو 10 ملین ریال یعنی (ایک کروڑ ریال) تک پہنچادیا۔

واضح رہے کہ فرانسیسی کلب پی ایس جی اپنی ویب سائٹ پر میچ کو لائیو اسٹریم بھی کرے گا جبکہ میچ کی کمنٹری انگلش، عربی اور فرانسیسی زبان میں ہوگی۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کی این ای ڈی اکیڈمی اور یونائیٹڈ نیشن انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (UNIDO) کے تحت "کلسٹر ڈیولپمنٹ ایجنٹ ٹریننگ" کا اہتمام کیا گیا ہے.

جس میں سندھ کے 5 اضلاع سمیت کراچی سے 23افسران کو تربیت دی جارہی ہے. اس پروگرام میں اقوام متحدہ کے بین الاقوامی ٹرینرز پیٹر انتھونی اور ابراہیم ویڈت سمیت معروف ماہر معاشیات قیصر بنگالی، افسران کو تربیت فراہم کریں گے.

جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق UNIDO کے پروجیکٹ Poverty Alleviation and inclusive development across rural Sindh program (PAIDAR)، این ای ڈی اکیڈمی، بزنس انکیوبیشن سینٹر اوریک کے زیرِاہتمام چھ ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ کا انعقاد این آئی سی بلڈنگ، این ای ڈی میں کیا جارہا ہے. جس میں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، لاڑکانہ، تھر پارکر اور کراچی سے افسران شریک ہورہے ہیں. اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے معین الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ یہ صرف تربیتی پروگرام نہیں بلکہ انفرادی شخصیت کو انٹرپرنیور میں ڈھالنے کا نظام ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں تک انٹر پرنورشپ کے آئیڈیا کا فروغ ہے.

پروگرام کوآرڈینیٹر (UNIDO) بدرالااسلام، ڈائریکٹر جنرل این ای ڈی اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر بلال زاہد اور منیجر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر سندس علی کا کہنا تھاکہ اس طرح کے تربیتی پروگرام وژن کو وسیع کرتے ہیں. ان کامزید کہنا تھا کہ عصرِحاضر انٹرپرنورشپ کا دور ہے. دور کے تقاضوں کے مدِنظر رکھتے ہوئے اس تربیت سے معاشی اور روزگار کے حوالے سے بہتری کی راہیں اُستوار ہوسکیں گی.

مانیٹرنگ ڈیسک : دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نےصارفین کو بلاک کرنے کے نئے طریقہ کار کو متعارف کروانے اعلان کردیا۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر سے صرف ان واٹس ایپ صارفین کو ہی بلاک کرنا ممکن ہوگا جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوں گے۔یعنی ایپ یا اس فرد کی چیٹ اوپن کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی مگر یہ فیچر آغاز میں محدود ہوگا۔بہت جلد صارفین پش نوٹیفکیشنز کے ذریعے ہی کسی فرد کو بلاک کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارف کسی بھی فرد کو بات چیت شروع کیے بغیر ہی بلاک کرسکے گا جو اس ٹول کا بنیادی مقصد بھی محسوس ہوتا ہے۔

یہ فیچر ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں بلکہ واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں اس کی آزمائش کی جارہی ہے۔

اس لیے ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کو کب تک یہ فیچر دستیاب ہوگا مگر امکان ہے کہ آنے والے مہینوں میں اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں واٹس ایپ کی جانب سے پراکسی سرور سپورٹ کا فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

اسی طرح بہت جلد کیپشن کے ساتھ میڈیا کو فارورڈ کرنے، اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ اسٹیٹس، کال اینڈ چیٹ انڈیکٹرز اور دیگر فیچرز کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔