جمعرات, 28 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی (تعلیم/ سندھ) سندھ بھر کی جامعات اور تعلیمی بورڈز کے رجسٹرار، ناظم امتحانات، سیکرٹریز اور دیگر عہدوں کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو تین ناموں کا پینل اب نمبروں کے بجائے حروف تہجی کے اعتبار سے بھیجا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق سکھر بورڈ اور لاڑکانہ میں میرٹ کے مطابق نمبروں کے لحاظ سے اول نمبر پر آنے والے امیدوار کے بجائے تیسرے نمبر کے سفارشی امیدواروں کی تقرری کر دی گئی اور یہ خبر میڈیا میں آگئی جس کے بعد اصولی طور پر یہ طے کر لیا گیا کہ اب نمبروں کے بجائے نام حروف تہجی کے اعتبار سے بھیجے جائیں گے

اس سلسلے میں سب سے پہلے سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کے امیدواروں کے نام حروف تہجی کے اعتبار سے بھیج دیئے گئے ہیں جن میں سندھ یونیورسٹی کے ڈین فارمیسی عبداللہ ڈایو، جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات کے سربراہ فتح محمد برفت اور بدین کیمپس کے پرو وائس چانسلر محمد صدیق کلہوڑو شامل ہیں تاہم انتہائی قریبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نمبروں کے لحاظ سے صدیق کلہوڑو پہلے نمبر پر، فتح محمد برفت دوسرے اور عبداللہ ڈایو تیسرے نمبر پر ہیں۔

تلاش کمیٹی نے حاصل کردہ نمبروں کی فہرست بھی وزیر اعلیٰ ہائوس کو فراہم کر دی ہے تاہم وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب سے ناموں کی فہرست حروف تہجی کے اعتبار سے بھیجی جا چکی ہے

۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ ماہ قائم کی گئی نئی تلاش کمیٹی کے نوٹیفکیشن میں بھی یہ درج کرایا گیا تھا کہ تلاش کمیٹی حروف تہجی کے اعتبار سے نام بھیجے گی تاکہ وزیر اعلیٰ سندھ اپنی مرضی سے کسی بھی ایک نام کی بطور وائس چانسلر منظوری دے سکیں ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جامعہ کراچی پر اس شرط کا اطلاق نہیں ہو گا اور پرانی تلاش کمیٹی کے قواعد کے مطابق نمبروں کے ساتھ نام وزیر اعلیٰ کو بھیجے جائینگے یہ علیحدہ بات ہے کہ وزیر اعلیٰ ہائوس نے تاحال جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے ناموں کی سمری وزیراعلیٰ کے پاس نہیں بھیجی ہے اور جامعہ کراچی فروری سے قائم مقام وائس چانسلر کے رحم و کرم پر ہے

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یوای بی) نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 162طلبا کے لیے تقریب ستائش ʼہائی اچیورز ایوارڈʼ منعقد کی۔
اے کے یو کے صدر فیروز رسول نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا، "ہمیں اے کے یوای بی سے فارغ التحصیل طلبا پر فخر ہے المرتضی اسکول، کراچی کی علینہ فاطمہ اور آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کراغ، چترال کی حرا ناز نے مشترکہ طور پر اول پوزیشن حاصل کی۔ ناصرہ اسکول، کراچی کی روحینہ ندیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تیسری پوزیشن بھی مشترکہ طور پر دو طالبات نے حاصل کی جن میں مریم صدیقہ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، چنیوٹ کی شہلا تنویر اور نصرت جہاں اکیڈمی گرلز ہائی اسکول، چنیوٹ، پنجاب کی مریم احسان شامل ہیں۔

اول پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ حرا ناز نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا "اے کے یوای بی کے طلبا کے پاس تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا بھرپور موقع ہوتا ہے آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی کی اریج المدینہ نے مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کی جبکہ حبیب گرلز اسکول، کراچی کی اریبہ ایم امین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی سے ہی فاطمہ ایم اسد خان نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی

پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان طلبا کے والدین، صدور مدرس اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب ستائش میں شرکت کی۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)وفاقی جامعہ اردو کراچی کیمپسز میں بی ایس اور ماسٹرز (صبح) کے پروگرام میں داخلہ برائے2017جاری ہیں ۔

طلبا و طالبات کی سہولت مد نظر رکھتے ہوئے جامعہ اردو نے بی ایس اور ماسٹرز میں داخلوں کی تاریخ میں30نومبرتک توسیع کردی ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ سکھر) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھرنے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، ناظم امتحانات عبدالسمیع سومرو نے تعلیمی بورڈ سکھر میں سائنس اور جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کیا۔

نتائج کے مطابق ایس ایس سی پا رٹ ون نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے سائنس گروپ میں 48665 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 35135 امیدواروں نے پانچوں مضامین میں کامیابی حاصل کی، 3399 امیدوار تین پرچوں میں، 1362 دو پرچوں میں اور 360امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے ،171 امیدوار فیل قرار پائے اور 50 امیدواروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بناپر روک دیئے گئے ہیں۔

جبکہ جنرل گروپ میں2779 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 1353 پانچوں مضامین میں کامیاب ہوئے ، 853 چارپرچوں، 368تین پرچوں، 112دو پرچوں اور 54امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے جبکہ 11امیدوارفیل قرار پائے اور 8امیدواروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بناء پر روک دیئے گئے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) ترک صدر رجب طیب اردوان 16 سے 17 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے ۔انھیں صدر پاکستان ممنون حسین کی جانب سے اس دورے کی دعوت دی گئی تھی۔دورہ میں ترک صدر کی وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات ہوگی جس میں اہم علاقائی ، بین الاقوامی، تجارتی امور سمیت دیگر کئی اہم امور پر مذاکرات بھی ہوں گے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر طیب اردگان اس سے پہلے بھی کئی بار پاکستان آ چکے ہیں۔

صدر ممنون حسین ترک صدر کے اعزاز میں آج ظہرانہ دیں گے۔ طیب اردوان 17 نومبر کو لاہور بھی جائیں گے جہاں وزیر اعظم نواز شریف ان کے اعزاز میں شاہی قلعے میں ظہرانہ دیں گے ۔
دورے میں ترک صدر کےہمراہ وزراء ، اعلیٰ حکام اور تاجروں کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ترک صدر کی آمد کے موقع پر ایک سیاسی جماعت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔سی پیک میں تاخیر کے حوالے سے تمام تر ذمہ داری عمران خان کی بچگانہ، ضدی اور انا پرستانہ سیاست پر عائد ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ترک صدر کی آمد کے موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ افسوسناک ہے۔ عمران خان کو سیاست اور قومی مفاد میں فرق نہیں پتا تو بہتر ہے کہ وہ لوکاٹ بیچ لیں۔ اعتزاز احسن اور شیخ رشید کی جلن کیلئے ہمارے پاس کوئی برنول نہیں ہے۔

سی پیک کو متنازعہ بنانے کیلئے عمران خان نے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا ہے۔کشمیریوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو نیا لب و لہجہ بخشا اور جب ہم نے اس معاملے پر سٹینڈ لیا اور قوم کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی تو بھی انہوں نے جوائنٹ سیشن کا بائیکاٹ کردیا جس پر انڈین میڈیا نے پاکستان کا خوب مذاق اڑایا اور کہا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیر کاز پر متفق نہیں ہے۔ عمران خان نے تحریک آزادی کشمیر کو نہ صرف نقصان پہنچایا بلکہ اس پر معافی بھی نہیں مانگی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت کنٹرول لائن کی صورتحال پرجائزہ اجلاس ہوا جس میں مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننت جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ اور بھمبر میں 7 پاکستانی فوجیو ں کی شہادت پر حکومتی ردعمل سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا۔

جلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت پر انتہائی صبروتحمل کا مظاہر کر رہا ہے تاہم ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہماری فوج پہل نہیں جوابی کارروائی کرتی ہے جب کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کشیدگی میں اضافہ علاقائی امن و سلامتی کےلے خطرہ ہے اور یہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے لہذا اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا میں سات دہائیوں سے تزویراتی شراکت داری قائم ہے لہذا پاکستان علاقائی امن واستحکام کے لیے نئی امریکی حکومت سے مل کر کام کرے گا۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)چہلم حضرت امام حسین پر صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں پیر21نومبر کو تعطیل ہوگی۔
میٹرک بورڈ کے قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے طلباء و طالبات کوآگاہ کیا ہے کہ (میٹرک)سائنس و جنرل ریگولر اور پرائیویٹ کے جاری ضمنی امتحانات کا 21نومبر کو ہونے والا پرچہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
لہٰذا اب یہ پرچہ جمعہ 25؍نومبر کو لیا جائیگا

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے سال 2016کے سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون (جماعت نہم) جنرل گروپ ریگولر کی مارکس شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ تاریخوں کو اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس میں کمرہ نمبر 7 پہلی منزل بلاک A سے صبح 9:30بجے سے شام 5:00بجے کے دوران مارکس شیٹس حاصل کر سکتے ہیں ۔

شیڈول میں مزید کہا گیا ہے کہ جماعت نہم ریگولر اور پرائیویٹ کے طلبہ و طالبات 15دسمبر 2016تک اپنے اسکروٹنی فارم متعلقہ بورڈ کے برانچوں نیشنل بینک، حبیب بینک، یو بی ایل، عسکری بینک بورڈ کی برانچوں میںجمع کروا سکتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)وفاقی جامعہ اردو کے تحت ایم فل ، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کا داخلہ ٹیسٹ اتوار20نومبرصبح ساڑھے10 بجے اکیڈمک بلاک(نیو بلڈنگ) گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوگا