جمعرات, 28 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی ( لاہور ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ منفی سیاست کرنے والوں کوبلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں پر بھی بری طرح شکست ہوئی، انہیں اپنی پے درپے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چا ہیے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے انتخابات میں بھی خدمت محنت اورشفاف سیاست کی جیت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الزام تراشی کی سیاست ناکام ہو گئی، خدمت کی سیاست کے سامنے کسی کی کوئی حیثیت نہیں

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ڈیفنس میں چوکیدار نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر عمارت کی پانچویں میزل سے پھینک دیا، خاتون اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی، ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔جبکہ کورنگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں چوکیدار نے اپنی بیوی سکینہ کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر عمارت کی پانچویں منزل سے مبینہ طور پر نیچے پھینک دیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرخاتون کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کیلیے اسپتال پہنچایا، مذکورہ خاتون کی حالت پولیس کو بیان دینے کے بھی قابل نہ تھی۔

خاتون طبی امداد کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے شوہر کے فرار ہونے سے یہ لگتا ہے کہ اسے عمارت سے گرایا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق خاتون کے ہاتھوں اور پیروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کو جب لایا گیا تو اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔

پولیس کا کہنا ہے واقعے کے بعد چوکیدار موقع سے فرار ہوگیا گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ جلد ہی کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ جہاں نامعلوم افراد نے حساس ادارے کے اہلکار زاہد فاروق کو گولیاں مار دیں۔

حساس ادارے کے اہلکار کو زخمی حالت میں سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاسکا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا معاملہ لگ رہا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی ( لاہور )وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے تاریخی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ لاہور میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے اصلاحاتی پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب اس مقصد کے لئے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، ہیلتھ کیئر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اصلاحاتی پروگرام وضع کیا گیا ہے اور اس پروگرام پر عملدرآمد کے لئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں، اگر طبی شعبے سے وابستہ افراد اپنے فرائض محنت اور دلجمعی سے انجام دیں۔

 

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں خود ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحاتی پروگرام کی نگرانی کروں گا اور اسٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ہفتے باقاعدگی سے اجلاس منعقد ہوگا، اب متعلقہ اداروں کو جاگنا ہوگا اور باتوں کی بجائے ہیلتھ کیئر سستم کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کے اجرا کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی پروگرام کو آگے بڑھانا ہوگا اور اس ضمن میں ترکی کے ہیلتھ کیئر سسٹم سے بھرپور استفادہ کر کے مریضوں کو اس کے ثمرات پہنچائے جائیں۔

 
 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں فاٹا اصلاحاتی کمیٹی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت نے سارک کانفرنس کو سبوتاژ کیا لیکن پاکستان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا اور میں خود اس کانفرنس میں شرکت کروں گا جب کہ بھارت جا کر بھارتی ہم منصب سے سائیڈ لائن ملاقات پرابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو اپنی ذمہ داری بخوبی جانتا ہے اس لئے کل کی شہادتوں اور سرحدی خلاف ورزی کے باوجود ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کر کے اپنا موقف پیش کریں گے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لئے یہاں ملکی قوانین کے نفاذ کو دیکھنا ہوگا، فاٹا میں اصلاحات سے تعمیر اور ترقی کا نیا سورج طلوع ہوگا جب کہ یہاں اربن سینٹرز کا قیام عمل میں لانے کے علاوہ تعلیم، صحت اور آبپاشی سے متعلق کئی منصوبے شروع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں جرگے کی جگہ رواج ایکٹ متعارف کرایا جائے گا جو جرگہ کا نعم البدل ہوگا جس میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے گا جب کہ معاملے کو پارلیمان بھیج کر اس حوالے سے آرا بھی طلب کی جائے گی۔

مشیر خارجہ نے یقین دلایا کہ 20 ہزار افراد کو لیویز میں بھرتی کیا جائے گا اور اگر فاٹا کا اسٹیٹس بدلنا ہوگا تو صدر مملکت جرگے سے بات کریں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نہیں بلکہ عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نہیں بلکہ عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، گزشتہ 7 ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ ہم احتساب کے لیے ہر فورم پر پیش ہونے کو تیار ہیں لیکن عمران خان بتائیں کہ وہ 2 سال سے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں کیوں تلاشی نہیں دیتے، آج بھی الیکشن کمیشن نے عمران خان سے جواب مانگا جب کہ وہ سپریم کورٹ سے بھی بھاگ گئے ہیں لہذا عمران خان اداروں کی پاسداری کریں اور جواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پارٹی فنڈنگ کیس میں تلاشی کیوں نہیں دیتے، کرپشن کی نشاندہی کرنے پر انہوں نے اپنا احتساب کمیشن خود ختم کر دیا اور آج ایک بار پھر عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں جب کہ افضل خان نے عدالت سے معافی مانگی تھی اور عمران خان نے بھی معافی مانگنی ہے۔

اس موقع پر رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان (ن) لیگ کی دشمنی میں پاکستان سے دشمنی کیوں کررہے ہیں، ہم لوگ عمران خان کی طرح الف لیلی کی کہانیاں نہیں ثبوت لیکر آئے ہیں، 20 سال سے بیروزگار انسان جہاز میں گھومتا ہے اور 300 کنال کا گھر کالے دھن سے خریدا۔
ان کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں سے لیکر بچوں اور جائیدادوں تک عمران خان نے غلط بیانی کی ہے، عمران خان دوسروں کی تلاشی کی بات کرتے ہیں لیکن چور تو آپ ثابت ہوگئے لہذا اب تلاشی ہوکر رہے گی۔

 

 


ایمزٹی وی(گوادر) گوادر پورٹ کے باقاعدہ افتتاح کے بعد پاک بحریہ کے جہازوں کی زیر حفاظت بندرگاہ سے کارگو شپمنٹ کا آغاز ہوگیا ہے پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ کا شغر سے اولین کارگوکنٹینرزکے گوادر پہنچنے کے ساتھ کامیابی سے شروع ہوگیا۔

پاک بحریہ کے اعلامیے کے مطابق 46ارب ڈالر کے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے (CEPEC) جس میں گوادر پورٹ مرکزی اہمیت کی حامل ہے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان اور چین کے مابین دیرپادفاعی اور تجارتی اشتراک کی واضح علامت ہے درپیش چیلنجز کامکمل ادراک رکھتے ہوئے پاک بحریہ اس منصوبے کے بحری معاملات یعنی گوادر پورٹ اور اس کے درمیان سمندری راستوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

بعدازاں ان کارگو کنٹینرز کو مرچنٹ ویسل کاسکو ویلنگٹن اور الحسین کے ذریعے خلیج کی جانب روانہ کردیا گیا پاکستان نیوی نے راہداری منصوبے کے بحری پہلو اورگوادرپورٹ کی حفاظت کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے اس بحری تجارتی قافلے کو مغربی راستے سے بحفاظت بین الاقوامی پانیوں تک پہنچانے کیلیے اپنے بحری اورہوائی جہازوں کوتعینات کیا۔


راہداری منصوبے اور گوادر پورٹ پروجیکٹ کی کامیابی کا دارومدار بحرہند بالخصوص بحیرہ عرب میں محفوظ تر بحری ماحول پر ہے۔ گوادر پورٹ کے آغاز کے ساتھ پاکستانی بندرگاہوں کے درمیان بحری جہازوں کی آمد ورفت کئی گنا بڑھنے کی توقع ہے لہذا راہداری منصوبے کی مکمل کامیابی کے لیے زمینی راستوں کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ بحری راستوں کی سیکیورٹی بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے حالیہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان نیوی نے ہمہ جہتی طریقہ کار اپنایا ہے جس میں گوادر پورٹ کی سیکیورٹی، حفاظتی گشت اور مشقیں، بحری معاملات کا شعور اجاگر کرنے اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اس ضمن میں پاک بحریہ پوری طرح پر عزم ہے اور پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون(EEZ) میں بحری تجارتی قافلوں کی آزادانہ نقل و حمل کے لیے محفوظ تر بحری ماحول کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(حب)کوئٹہ سے کراچی جانے والی بس حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس بیلہ کے قریب الٹی۔

تفصیلات کے مطابق ایدھی ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ سے کراچی کے لیے جانے والی بس بیلہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی اور تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 2 افراد جاں بحق ہوگئے اور 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے نااہلی ریفرنس میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور درخواست گزار محمد خان ڈاہا کو نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیرترین کی نااہلی سے متعلق ریفرنسوں کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر جہانگیر ترین کے وکیل نے مواقف اختیار کیا کہ اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میرے موکل کو سنے بغیر ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جب کہ درخواست گزار بھی غیر حاضر ہے اس لئے ریفرنس کو مسترد کیا جائے۔

۔چیف الیکشن کمشنرنے درخواست گزار محمد خان ڈاہا کی دوسری سماعت پر بھی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام درخواستوں کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی اور عمران خان سے جواب طلب کر لیا۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے سینیٹر لیاقت ترکی کی نااہلی سے متعلق درخواست
پر بھی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار بشریٰ گوہر کا کہنا تھا کہ لیاقت ترکئی نے کاغذات نامزدگی اور ایف بی آر میں جمع کروائی گئی دستاویزات پر مکمل نام نہیں لکھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سینیٹر لیاقت ترکئی سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد/تعلیم) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ایگرکلچراینڈ فوڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام یونیسف اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے تعاون سے آئیو ڈین ‘ اس کے فوائد اور کمی کے نقصانات پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کے مہمان خصوصی سیکر ٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر سعیداللہ خان نیازی تھے۔ ،سیکر ٹری خوراک رشید علی خان اور کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی ۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد/تعلیم)قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے جامعہ کی اراضی پر قبضہ مافیا کا تسلط ختم کرانے کے لئے سی ڈی اے سے مل کر جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیاہے۔
اس حوالے سے وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے چیئرمین سی ڈی اے و میئر اسلام آباد کو باقاعدہ طور پر یونیورسٹی کی قبضہ شدہ اراضی دکھانے اور قانونی کارروائی عمل میں لانے کے لئے دعوت نامہ ارسال کر دیا، یہ فیصلہ وزیر مملکت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کے بعد کیا گیا جبکہ اراضی واگزار کرانے کے لئے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے بھی مدد مانگ لی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وی سی کی جانب سے شیخ انصر عزیز کو بھیجے گئے دعوت نامہ میں ان سے یونیورسٹی کی دو سو ایکڑ اراضی واگزار کرانے کی درخواست کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آئندہ چند روز میں یونیورسٹی کا دورہ کریں تاکہ انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے ، ڈاکٹر جاوید اشرف نے یہ بھی بتایا ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی 1709ایکڑ اراضی کی ادائیگی کر چکی ہے مگر دو سو ایکٹر اراضی اس سے چھین لی گئی ہے ۔