جمعرات, 28 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی()سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو میڈ یا کے سامنے پیش کرنے کی تیاری کر لی ،سیکیورٹی ادارے کچھ دیر بعد اہم پریس کانفرنس کر کے ملزمان کو میڈ یا کے سامنے پیش کریں گے۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق دہشتگردوں میں امجد صابر ی کا قتل بھی شامل ہے ۔

تفصیل کے مطابق سی ٹی ڈی کی کارروائی میں گرفتار ہونے والے پانچ ٹارگٹ کلرز کو میڈ یا کے سامنے پیش کرنے کے لیے سی پی او آفس میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جو کچھ دیر بعد متوقع ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ خود ان کارروائیوں سے متعلق پریس کانفرنس کریں گے ۔

سیکیورٹی اداروںنے گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا بارودی مواد ،خود کش جیکٹس ،پسٹل بیگ اور خطرناک ہتھیار برآمد ہوئے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جو ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے ۔دنیانیوز کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں امجد صابری کا قاتل بھی شامل ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی سلامتی کمیٹی کی خبر لیک ہونے پر حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ عامر خان رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جس میں آئی ایس آئی ،آئی بی اور ایم آئی کا بھی ایک ایک رکن ہو گا ۔

کمیٹی میں ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور ،سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز اور محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید بھی کمیٹی کے ممبر ہونگے ۔تحقیقاتی کمیٹی قومی سلامتی سے متعلق خبر لیک ہونے پر اس میں ملوث افراد سے تفتیش کرے گی ۔

واضح رہے کہ نجی اخبار میں متنازع خبر شائع کی گئی تھی جس سے دنیا میں فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچا ،اس خبر کے لیک ہونے کے بعد حکومت نے آزادانہ تفتیش کے لیے پرویز رشید کو بھی وزارت اطلاعات سے سبکدوش کیا تھا ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) معروف مذہبی اسکالر علامہ مرزا یوسف کو اشتعال انگیز تقریر کرنے پر 14دن کے ریمانڈپر جیل بھیج دیا گیا ۔مسجد نورِامام کے خطیب اور مذہبی رہنما علامہ مرزا یوسف کو گزشتہ رات پولیس اور رینجرز نے ناظم آباد میں مشترکہ کارروائی کر کے گرفتار کیا تھا ۔

فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آگئے اور گزشتہ رات شہر قائد میں مختلف کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی اداروں نے 40لوگوں کو گرفتار کر لیا ۔

ملیر 15میں حالات کشیدہ ہوگئے

ادھر ملیر کے علاقے میں گرفتاریوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیااور اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ بھی کیا جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے ۔مظاہرین نے پولیس کی جانب سے آنسو گیس پھینکنے کے بعد مشتعل ہو کر پتھراﺅ بھی کیا ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/سندھ)سندھ یونیورسٹی جامشورو میں نئے وائس چانسلر کے لیے سرچ کمیٹی نے تین نام فائنل کر د یے ،ذرائع کے مطابق پروفیسر پروین منشی کا نام شارٹ لسٹ کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ یونیورسٹی جامشورو میں گزشتہ کئی ماہ سے وائس چانسلر کی تقرری نہیں ہو سکی ہے ،مرحوم وی سی عابدہ طاہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سیٹ پر قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹرصدیق کلہوڑو مقرر ہیں اور انہوں نے اپنی تقرری میں تمام تر اختیارات استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی میں بھرتیوں کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام بھی شروع کیے ہیں

ذرائع کے مطابق سندھ یونیورسٹی میں نئے وی سی کی تقرری کے لیے سرچ کمیٹی نے تین نام فائنل کردیے ہیں جس میں سب سے سینئر نام کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر فتح محمد برفت کا ہے ، دوسرا سندھ یونیورسٹی کے سابق پروفیسر عنایت علی شاہ اور تیسرا قائم مقام وی سی پروفیسر ڈاکٹر صدیق کلہوڑو کے ناموں کو فائنل کیا گیا ہے۔

سرچ کمیٹی کے چیئر مین جسٹس دیدار حسین شاہ نے وی سی کے لئے 30امیدواروں میں سے مذکورہ افراد کے نام فائنل کر کے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردیے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فائنل کئے گئے ناموں کو نظر انداز کرکے پروفیسر پروین منشی کا نام شارٹ لسٹ کر دیا گیا ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹر ٹینمنٹ )بالی ووڈ فلموں پر پابندی کے باعث مسائل کاشکار پاکستانی سینما گھروں کے لیے ہالی ووڈ فلم’’ڈاکٹراسٹرینج‘‘ تنکے کے سہارے کے مترادف ہے۔ اسکاٹ ڈیریکسن کی ہدایات میں بننے والی اس فلم میں بینڈکٹ کمبربیچ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں مائیکل اسٹال برگ، چیویٹل ایجیوفور، ریچل میکیڈم، میڈز میکلسین اورٹیلڈا سوائنٹن شامل ہیں۔ فلم کی کہانی سٹیون اسٹرینج نامی ایک ایسے ماہر نیورو سرجن پر مبنی ہے جس کا کیرئیر ایک خطرناک کار حادثے کے بعد تباہ و برباد ہو جاتاہے کیونکہ اس کے ہاتھ مکمل طور پر کام نہیںکرپاتے تاہم وہ ہار نہیں مانتا اور حالات کامقابلہ کرتے ہوئے مشرقی ادویات کے لیے کھٹمنڈو نیپال پہنچ جاتا ہے تاہم اس تلاش کے دوران وہ مشرقی فنون کی غیر معمولی طاقت حاصل کر کے برائی کے خاتمے کی جنگ پر نکل پڑتا ہے۔

 

اس فلم کی کہانی کا پلاٹ دیگر سپر ہروز فلموں کی طرح ہے لیکن اسکے مسحور کن ویژول ایفیکٹس اسے دیگر فلموں کی فرست میں نمایاں کرتے ہیں اس لیے یہ کہنا غلط نہیںکہ یہ سپر ہیروز فلم میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے، فلم کی ایک اور خاص بات اس کے مزاح اور معنی خیز برجستہ مکالمہ دیکھنے والوں کو فلم سے باندھے رکھتے ہیں ۔فلم کے آخر میں یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ ’’ڈاکٹر سٹرینج‘‘ کا دوسرا سلسلہ بھی جلد فلم بینوں کے لیے پیش کیا جائیگا جس میں وہ ’’تھور‘‘ کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔ فلم 4 نومبر سے ملک بھر کے سینما گھروں میں پیش کی جارہی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹر ٹینمنٹ )بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور اداکار سیف علی خان کے درمیان شادی کے بعد اب تک کوئی بھی ناخوشگوار خبر سننے میں نہیں آئی اور دونوں ہی بہت پرسکون زندگی گزارنے میں مصروف ہیں۔ تاہم کرینہ کپور نے ایک انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا ہے بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران کرینہ کپور خان کا کہناتھا کہ بہت سے لوگوں نے مجھے کہا کہ شادی کے بعد کسی بھی اداکارہ کا کیرئیر ختم ہو جاتا ہے اور ابھی سیف علی خان کے شادی نہ کرنا لیکن میں اپنے فیصلے سے پیچھے نہ ہٹی۔

اب جب میں ایک ماں بننے جا رہی ہوں، میں جانتی ہوں کہ لوگ اس پر بھی ایک لیبل لگا دیں گے لیکن اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کوئی چیز مجھے کام کرنے سے نہیں روک پائی اور میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کو ایک دوسرے سے الگ کیسے رکھنا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ یہ بہت ہی بہترین تجربہ ثابت ہو گا لیکن میں یہ نہیں چاہتی کہ گھر بیٹھوں، ہم ہر آنیوالے دن کو نئے دن کی طرح ہی لیں گے۔

کرینہ کپور نے مزید کہا کہ ’’میں ہمیشہ کام کروں اور چھٹیاں بھی مناؤںگی، اس لیے کچھ بھی تبدیل نہیں ہونے جا رہا۔ جب میں بچے کیساتھ ایک روٹین میں آ جاؤں گی تب ہی جان پاؤں گی کہ میں کیا محسوس کرتی ہوں۔ فی الحال میں تو میں ایک اسکرپٹ پڑھ رہی ہوں جو بہت ہی زبردست ہے۔ لوگوں نے کہا تھا کہ شادی کے بعد مجھے کام نہیں ملے گا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ میں نے زیادہ کام کیا۔ سیف نے ہمیشہ مجھ سے کہا کہ دیکھا تم نے شادی کے بعد زیادہ کام کیا اور بچہ پیدا ہونے کے بعد بھی ایسا ہی ہو گا۔

 
 

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) ملیر 15نیشنل ہائی وے میدان جنگ بن گیا ، مظاہرین سے مذاکرات کیلئے ایس ایس پی کورنگی کی قیادت میں آئے پولیس اہلکاروں پر مظاہرین نے پتھراﺅ کر دیا جس سے متعدد اہلکار زخمی ہو گئے تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کیاگیا جبکہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی
اس دوران پولیس نے مجلس وحدت المسلمین کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے ۔ مظاہرین مجلس وحدت المسلمین کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر آگئے اور سڑک کو دونوں اطراف سے بند کر دیا جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی ان سے مذاکرات کیلئے پہنچے تھے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے نیشنل ہائی وے کا ایک ٹریک کھول دیا ہے جہاں پر ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی ہے تاہم ابھی بھی دوسرے ٹریک پر مظاہرین اور اہلکاروں کے درمیان تصادم جاری ہے اور مظاہرین گلیوں سے پولیس اہلکاروں پر پتھراﺅ کر رہے ہیں ۔
دوسری جانب زخمی پولیس اہلکاروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور نیشنل ہائی وے پر حالات کشیدہ ہیں ۔ پولیس کے جانب سے مظاہرین کے ساتھ بار بار مذاکرات کیے گئے مگر احتجاج ختم نہیں کیا گیا اور آج مظاہرین نے نیشنل ہائی وے کو بھی بند کر دیا تاہم تصادم ہونے کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو بار بار نیشنل ہائی وے کھولنے اور پرامن رہنے کی ہدایت کی مگر انہوں نے ایک نہ سنی اور دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی بند کیے رکھی جبکہ پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ بھی کیا جاتا رہا ۔

 

 


ایمزٹی وی(روالپنڈی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے 9 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان دہشت گردوں کو سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں ثابت ہونے پر فوجی عدالت سے سزائے موت سنائی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں فضل حق ولد شاہ داد، فضل الرحمان ولد فضل کریم، رحمت سعید ولد اسماعیل خان، بخت ولی ولد عمل خان، نذیر احمد ولد اللہ داد، زاہد خان ولد کتاب شاہ، عمر سعید ولد حضرت سعید اور جاوید خان ولد فقیر گل شامل ہیں۔ یہ تمام دہشت گرد مختلف سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عمر سعید سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا جبکہ ساجد ولد ابراہیم خان نے پشاور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے میں فائرنگ کر کے ایک خاتون کو ہلاک اور 2 مسافروں کو زخمی کیا تھا۔ دہشت گرد فضل حق کالعدم تحریک طالبان کا سرگرم کارکن تھا جس نے 4 پولیس اہلکاروں کو اغواءکر کے ان کے ہاتھ کاٹے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد فضل الرحمان نے میجر احسان سمیت دیگر جوانوں کو شہید کیا تھا۔ واضح رہے کہ فوجی عدالتوں سے اب تک دہشت گردی کے 197 مقدمات کا فیصلہ آیا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)بلوچستان میں 2سو سے زائد فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے ،سول و عسکری قیادت نے فراریوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر گلے لگانے اور نظام زندگی چلانے کے لیے وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ ہاوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سمیت دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔

اس موقع پر 200سے زائد فراریوں نے ہتھیار ڈال کر ملک سے وفاداری کا عہد لیا ۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صبح کا بھولا اگر شام کو گھر واپس آجائے تو اسے بھولا نہیں کہتے ۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی دھارے میں واپس آنے والوں کو گلے لگانے کے لیے تیارہیں ۔ادھر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے وفاداری کرنے والوں کو ریاست کی جانب سے نظام زندگی چلانے کے لیے وسائل فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہتھیا ر ڈالنے والے اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں جس کے لیے حکومت نے انتظامات کر رکھے ہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( مقبوضہ کشمیر )یوم شہدائے جموں کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز نے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری رکھا اور مظاہرے اور ریلیاں روکنے کے لئے پابندیاں برقرار رکھیں ۔

گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں رہنے والےکشمیریوں نے یوم شہدائے جموں منایا۔نومبر 1947 میں مہاراجہ ہری سنگھ، بھارتی فوجیوں اور انتہاپسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں سے پاکستان ہجرت کر نیوالے 5لاکھ مسلمانوں کو شہید کردیا تھا ۔

حریت کانفرنس نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے مظاہروں اور ریلیوں کی کال دی تھی۔

قابض انتظامیہ نے احتجاجی مارچ ،ریلیاں ،مظاہرے اور دیگر پروگرام روکنے کے لئے سری نگر اور دیگر علاقوں میں کرفیو اور نقل حمل کی پابندیاں برقرار رکھیں