Reporter SS
ایمزٹی وی(اسلام آباد) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداری میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، شیخ رشید نے ہاتھ جوڑ کر خورشید شاہ سے سوال کیا کہ شاہ جی آپ عمران خان کی مخالفت کیوں نہیں چھوڑتے ہیں، جس پرخورشید شاہ نے کہا کہ میں سیاست دان ہوں بے غیرت نہیں، اس کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بے غیرت تو عمران خان بھی نہیں۔
خورشید شاہ نے مزاحیہ اندازمیں شیخ رشید کو کہا کہ یہاں ن لیگ والے کھڑے ہیں اس لیے ہم علیحدگی میں بات کریں گے، میں آپ کے ذریعے عمران خان کو اہم پیغام بھجواؤں گا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہےکہ علامہ اقبال نے جنوبی ایشیا كے مسلمانوں كوقائد اعظم جیسی عظیم قیادت دی جنہوں نے ناممكن كو ممكن بنایا جب کہ پاكستان علامہ اقبال كا فیضان ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے یوم اقبال كے موقع پر قوم كے نام اپنے پیغام میں كہا ہے كہ اقبال ہمارے قومی افق پر طلوع ہونے والا وہ روشن ستارہ ہے جس نے ایك ایسے وقت میں ہمیں راستہ دكھایا جب غلامی كے اندھیروں میں ہم اپنی منزل كا نشان كھو چكے تھے، اقبال نے اپنی شاعری كے ذریعے ہم میں وہ قوتِ عمل پیدا كی جس كے سہارے نہ صرف ہم نے مایوسی كو شكست دی بلكہ اپنی منزل تك بھی پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقبال ہی تھے جنہوں نے جنوبی ایشیا كے مسلمانوں كوقائد اعظم جیسی عظیم قیادت دی جنہوں نے ناممكن كو ممكن بنایا جب کہ پاكستان علامہ اقبال كا فیضان ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال نے نہ صرف پاكستان كا خواب دیكھا بلكہ یہ بھی بتایا كہ یہ خواب جب تعبیر آشنا ہوگا تو اسے كس طرح كے فكری اور عملی مسائل كا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے خطبہ الہٰ آباد میں جنوبی ایشیا میں مسلمانوں كے محفوظ مستقبل كا نقشہ پیش كیا اور اپنے علمی خطبات میں ان فكری اورعملی مسائل كی نشاندہی كی جو ایك نئی مملكت كو درپیش ہو سكتے ہیں یہ اُس دانائے راز كی نگاہ دوربین تھی كہ انہوں نے برسوں پہلے ہی ان مسائل كی پیش گوئی كی جن كاہمیں آج بھی سامنا ہے
ایمز ٹی وی( تعلیم/راولپنڈی) نجی اسکولوں کی بلڈنگ، بچوں ، اساتذہ کی تعداد ،ان کی تعلیم سمیت دیگر معلومات اکٹھی کی جائینگی، سروے 15نومبر تک جاری رہیگا ۔
راولپنڈی میں نجی تعلیمی اداروں کا ڈیٹا بیس بنانے کے لئے اسکول شماری پروگرام شروع، نجی فرم سروے کرے گی،ٹھیکہ دے دیا گیا جسے محکمہ تعلیم راولپنڈی دیہی علاقوں میں فی اسکول 150اور شہری علاقوں میں فی اسکول 125روپے اداکرے گا۔
صوبائی حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ تعلیم راولپنڈی نے ضلع بھر کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے اسکول شماری پروگرام شروع کردیا ہے اس سلسلے میں نجی اسکولوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے پرائیویٹ فرم سیم انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔
اس فرم کو محکمہ تعلیم ضلع بھر میں نجی اسکولوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے لاکھوں روپے اداکر ے گا جس کے تحت محکمہ تعلیم اور فرم کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیاہے ۔
نجی اسکولوں کی بلڈنگ، بچوں ، اساتذہ کی تعداد ،ان کی تعلیم سمیت دیگر معلومات اکٹھی کی جائیں گی ۔
ایمز ٹی وی (تعلیم/اسلام آباد) قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی 202 ایکڑ زمین پر قبضہ ہے ، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے یونیورسٹی کی 56 کنال اراضی پر گھر اور زرعی فارم بنا رکھا ہے۔
سی ڈی اے نے زمین کی قیمت لینے کے باوجود ہمیں ساری زمین کا قبضہ نہیں دلایا، 26سالوں سے خطوط لکھ رہے ہیں، ڈاکٹر جاوید اشرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سال کے عرصہ میں یونیورسٹی کے گردونواح میں تجاوزات کی بھرمار ہو گئی۔
ہمارے پاس تجاوزات ہٹانے کیلئے فورس نہیں ہے ، انتظامیہ بھی مدد نہیں کر رہی، زمین قبضہ مافیاسے واگزار کرانے کیلئے ہم قانونی طریقے سے آگے بڑھیں گے ۔ ہمیں غیر قانونی قابضین کو قانونی طور پر بسانے کا کہا گیا ہے.
یونیورسٹی کے ترجمان ڈاکٹر الہان نیاز نے بتایا کہ یونیورسٹی کیلئے 1709 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی تھی جس کی مکمل ادائیگی کی جا چکی ہے ،
قبضہ کا سلسلہ جاری رہا تو پانچ سے دس سالوں کے اندر یونیورسٹی میں کچی آبادیاں بن جائیں گی، حکومت، سی ڈی اے اور متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ زمین کا رقبہ واگزار کرانے میں ہماری مدد کریں۔
انتظامیہ نے سکیورٹی کے حوالے سے خبردار کیا ہے ، اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں سب سے غیر محفوظ قائد اعظم یونیورسٹی ہے ، ہمارے سکیورٹی گارڈز کم ہیں، پوری یونیورسٹی کیلئے 130 گارڈز ہیں، چار دیواری تعمیر نہ ہونے کے باعث طلبا و طالبات و فیکلٹی ممبرز عدم تحفظ کا شکار ہیں، خدانخواستہ نا خوشگوار واقعہ ہوا تو ذمہ دار سی ڈی اے ہوگا۔
ایمز ٹی وی( تعلیم/کراچی) پاکستانی طلبہ نے ملک کے لیے ایک اور اعزاز جیت لیا، سائنسی تجربات کے عالمی مقابلوں میں پاکستانی طلباء نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ۔
پاکستانی طلباء نے امریکہ میں منعقدہ تجرباتی مقابلوں میں پہلی بارحصہ لیا اور ضرر رساں بیکٹیریا کو مفید بنانے کا کامیاب تجربہ پیش کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کردیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والی طالبات بھی کامیاب ٹیم کا حصہ رہیں، جو اپنی جیت پرخوشی اور روشن مستقبل کے لئے پرامید ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت اور نجی یونیورسٹی کے تعاون سے ہی عالمی مقابلے میں شرکت ممکن ہوئی ہے۔
ایمز ٹی وی(تعلیم/ لاہور) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے بی ڈی ایس فرسٹ پروفیشنل کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔
13ڈینٹل کالجوں کے 784طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے539پاس جبکہ 243فیل قرار پائے۔
کامیابی کا تناسب68.93فیصد رہا۔ڈی مونٹ مورنسی کالج آف ڈنٹسٹری لاہورکی عائشہ سہیل نے605 نمبر لے کر پہلی پوزیشن ،ڈینٹل سیکشن پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کی مریم اسلم نے593 نمبر لیکر دوسری جبکہ اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور کی آمنہ خالد ے589 نمبرلیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم/خیرپور) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے ناظم امتحانات کا دفتر کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں بدل دیا گیا ہے اب طلبہ اپنی اسناد کمپوٹرائزڈ طریقے سے حاصل کر سکیں گے۔
یہ بات یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر پروین شاہ نے ناظم امتحانات کے دفتر میں کمپیوٹرائزڈ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ ناظم امتحانات کا دفتر کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں تبدیل ہونے سے کرپشن اور دیگر شکایات ختم ہو جائیں گی ۔
جبکہ اس سسٹم کے آنے سے شفافیت کا عنصر مضبوط ہو گا اور ملازمین پر کام کا بوجھ بھی کم ہو گا ناظم امتحانات ڈاکٹر آصف علی شاہ نے اس موقع پر بتایاکہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم امتحانی ونگ کے پروگرامر اعجاز احمد سومرو نے بنایا ہے ۔
جو لطیف یونیورسٹی کے امتحانی شعبے کے ملازم ہیں جس پر یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے اعجاز سومرو کی عقلمندی سے متاثر ہو کر اپنی تنخواہ میں سے ان کو 10ہزار روپے ماہانہ جبکہ ڈاکٹر آصف علی شاہ نے اپنی تنخواہ میں سے اعجاز سومرو کو 5ہزا ر روپے ماہانہ انعام کے طور پر دینے کا اعلان کیا ۔
دریں اثناء الائیڈ کنسلٹنٹ کراچی کے وفد نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کا دورہ کیا بعدازاں انہوں نے ڈاکٹر پروین شاہ کے ساتھ ملاقات کر کے ان کو یونیورسٹی کے بہتر انتظامی و تدریسی امور چلانے پر مبارکباد دی وفد نے اس موقع پر کہاکہ یونیورسٹی کے تمام شعبوں کو دیکھ کر ان کو یقین ہو گیا ہے کہ خیرپور یونیورسٹی بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بن جائے گی۔
اس موقع پر پرووائس چانسلر ڈاکٹر نور احمد شیخ ،رجسٹرار اسد رضا عابدی،پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری،مداحسین قریشی ،غلام شبیر کنبھر،پروفیسر غلام علی ملاح اور دیگر موجود تھے ۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم/جوہی) جوہی مین پرائمری اسکول کے 5 کمروں میں دراڑیں پڑنے سے سیکڑوں بچوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا۔
گذشتہ 3سال سے خستہ حال عمارت کی مرمت اور تعمیر کیلئے منتخب نمائندوں کے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسران کی جانب سے بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکا ۔
تفصیلات کے مطابق جوہی شہر کے مین پرائمری اسکول کے پانچ کمروں میں گذشتہ 3سال سے دراڑیں پڑ گئی ہیں خستہ حال عمارت میں سیکڑوں بچے زیر تعلیم ہیں ان بچوں پر ہر وقت تلوار لٹک رہی ہے۔
لیکن بار بار توجھ دلانے کے باوجود محکمہ تعلیم کے اعلی افسران نے کوئی نوٹس نہیں لیا واضح رہے کہ محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران نے جوہی میں پرائمری اسکول کو خطرناک عمارت قرار دیکر بچوں کو اس عمارت میں تعلیم دینے سے منع بھی کیا تھا۔
لیکن محکمہ تعلیم جوہی اور دادو کے افسران کی لاپرواہی اور بے توجہی کے باعث سینکڑوں بچوں پرخوف کی تلوار لٹک رہی ہے ۔
اس سلسلے میں اسکول کے ہیڈماسٹر غلام محمد، اساتذہ عزیز سومرو ،علی نواز روسمانی نےبتایا کہ اسکول کے 5کمرے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں لیکن کوئی اس اہم مسئلے پر توجہ دینے کیلئے تیار نہیں جوہی کے مختلف سیاسی سماجی کاروباری ادبی مذہبی، ثقافتی اور انسانی حقوق سے وابستہ تنظیموں کے رہنماؤں غلام قادر ببر، علی نواز سومرو، یونس سولنگی رشید لغاری سمیت دیگر شہریوں نے ہنگامی بنیادوں پر اسکول کی عمارت نئے سرے سے تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مشقوں میں تمام اہداف حاصل کرلیے اورکامیاب مشقوں سے جنگی تیاریوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا جب کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلیے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج کی سینٹرل کمانڈ کی جنگی مشقوں کا معائنہ کیا، پاک فوج کے سربراہ نے رات اور سحر کے آپریشنز دیکھے۔
ترجمان کے مطابق سینٹرل کمانڈر کی جنگی مشقوں میں پہلی بار ورچوئل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا استعمال ہوا جب کہ مشقوں میں ملکی ساختہ مائن ڈسپنسنگ سسٹم کا پہلی بار مظاہرہ کیا گیا جس کے ذریعے میدان جنگ میں بارودی سرنگیں بچھائیں جاتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مشقوں میں تمام اہداف حاصل کرلیے، کامیاب مشقوں سے جنگی تیاریوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا اور ملکی ساختہ سسٹم کی شمولیت سے خود انحصاری میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی کسی بھیمہم جوئی سے نمٹنے کیلیے تیار ہیں۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آج نادرا کے آن لائن شکایات سیل کا افتتاح کرینگے۔ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان آج نادرا کے آن لائن شکایات سیل کا افتتاح کرینگ اور اس موقع پرملکی سیکیورٹی کی صورت حال پر میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر نادرا میں آن لائن شکایات سیل قائم کیا گیا ہے جس میں شہری نادرا کی سروسز اور عملے سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت درج کرا سکیں گے۔شکایات کے اس خود کار نظام کا وزیر داخلہ آج افتتاح کرینگے۔
اس نظام کا مقصد نادرا کی سروس کو بہتر بنانے کے ساتھ جعل سازی کی روک تھام اور عملے کے رویے کو بہتر بناناہے۔