منگل, 26 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے انٹرنیٹ صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جاسوسی سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے کمپیوٹرز کے ویب کیمروں کو ڈھانپ کر رکھا کریں۔ ایف بی آئی کے سیکیورٹی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ویب کیمروں کو کھلا چھوڑ دینا ہیکرز کو ان کو کنٹرول کرنے اور صارفین کی ہر حرکت کو دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال کے شروع میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی بھی ایسی تصاویر سامنے آئی تھیں جس میں انہوں نے اپنے میک بک پرو کے ویب کیمرے کو کور کر رکھا تھا۔

اب اس کا مشورہ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے بھی دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ یہ وہ بہترین چیز ہے جو انٹرنیٹ صارفین کرسکتے ہیں۔ اگرچہ لیپ ٹاپس یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر لگے یہ کیمرے کافی کارآمد ہوتے ہیں مگر یہ وہ ڈیوائس بھی ہے جس تک رسائی ہیکرز کے لیے آسان ہوتی ہے۔ ایک بار وہ ایسا کرلیں تو وہ آسانی سے اس کمپیوٹر کے ارگرد کے مناظر اور آوازیں ریکارڈ کرکے بعد ازاں انہیں لوگوں کو بلیک میل کرنے، سیکیورٹی سسٹمز توڑنے یا کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ ایف بی آئی ڈائریکٹر کے مطابق سرکاری دفاتر سمیت عام لوگوں کو بھی اپنے ان کیمروں کو کور کرکے رکھنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل کی دنیا میں اکثر دفاتر میں کمپیوٹر اسکرین کے اوپر ایک چھوٹا سا کیمرہ ہوتا ہے اور اگر ان کو کور کرکے نہ رکھا جائے تو ایسے لوگ آپ پر نظر رکھ سکتے ہیں جن کو ایسا کرنے سے روکنا ضروری ہے۔ اس سے قبل امریکا کی ساﺅتھ فلوریڈا یونیورسٹی کی ایک ماہر پروفیسر کیلی برنس نے اپنے دعویٰ میں کہا کہ فیس بک ایپ لوگوں کے اسمارٹ فونز کے مائیک استعمال کرتے ہوئے لوگوں کا ڈیٹا اکھٹا کرتی ہے۔ فیس بک خود بھی تسلیم کرتی ہے کہ اس کی ایپ صارفین کے ارگرد کی آوازوں کو سنتی ہے مگر اس کا مقصد یہ جاننا ہوتا ہے کہ لوگ کیا سن یا دیکھ رہے ہیں تاکہ پوسٹس کے حوالے سے ان کی پسند ناپسند کا خیال رکھا جاسکے جبکہ اس سے لوگوں کی نجی بات چیت کو ریکارڈ نہیں کیا جاتا۔

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ نے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور موبائل کے لیے اسکائپ پریویو کا ایک فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے صارفین اپنے کمپیوٹر یا ونڈوز فون سے براہ راست ایس ایم ایس ارسال اور موصول کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ اسکائپ کی پیڈ سروس کے تحت بھیجے جانے والے ٹیکسٹ میسجز سے بالکل مختلف ہے بلکہ اس فیچر کے ذریعے مفت ایس ایم ایس کیا جاسکے گا۔ اس کے ذریعے صارفین ونڈوز 10 والے کمپیوٹرز سے ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس ارسال اور موصول کرسکیں گے جبکہ اس کے ذریعے گروپ چیٹس میں شرکت اور تصاویر کو بھی شیئر کیا جاسکے گا۔

 

مکمل طور پر یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران دستیاب ہوگا مگر اب بھی اسے پریویو کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مکمل اطلاق آئندہ چند ماہ میں ہوگا جس کے ساتھ دیگر نئے اضافے بھی کیے جائیں گے۔ تاہم ابھی اسے آزمانے کے لیے ونڈوز اسٹور سے اسکائپ کا نیا ورژن اپ ڈیٹ یا انسٹال کرلیں۔ ونڈوز فون کے صارفین اسکائپ پریویو اوپن کریں اور سیٹنگز میں جاکر ' Make Skype your default messaging app ' کا انتخاب کریں۔ اسی طرح ونڈوز ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر اسکائپ پریویو کھول کر سیٹنگز میں جاکر ' Enable Skype on this device to sync my SMS messages ' پر کلک کریں۔ تاہم ابھی مائیکرو سافٹ نے واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر کب تک اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر متعارف کرایا جائے گا یا وہاں پر پیش بھی کیا جائے گا یا نہیں۔ یہ فیچر کئی ماہ پہلے متعارف کرایا جانا تھا تاہم مشکلات کے باعث اسے التواءمیں ڈال دیا گیا تھا اور آخرکار اب اسے پیش کردیا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کوریا کے ماہرین نے ایک ایسی پٹی تیار کی ہے جو شہادت کی انگلی کو ہیڈ فون میں بدل کر آپ کے ہاتھوں کو موبائل فون بناسکتی ہے۔ اس کا نام سگنل Signl رکھا گیا ہے۔ جو آواز کی لہروں کو جسم کے اندر جذب کردیتا ہے اور لوگ اپنے ہاتھ کو فون کی جگہ استعمال کرسکتے ہیں۔ سگنل کمپنی کا نام پہلے ٹپ ٹاک تھا جس کی بنیاد جنوبی کوریا کے 3 ایسے لوگوں نے رکھی ہے جو 2015 سے قبل سام سنگ میں کام کرتے تھے۔ یہ فون اور بلیوٹوتھ سے جڑی کسی بھی اسمارٹ واچ ( مثلاً سام سنگ اور ایپل وغیرہ) پر لگے پٹے کے ذریعے آواز کی امواج آپ کی انگلی اور ہاتھ میں بھیجتی ہے اور یوں لگتا ہے کہ آپ کی انگلی اسپیکر بن گئی ہے جب کہ پٹے پر لگا مائیک آپ کی آواز کو آگے بھیجتا ہے۔

اس کے تخلیق کار کا کہنا ہےکہ بعض اوقات ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری گفتگو سنے اور سگنل کو اسی مقصد کے لیے بنایا گیا ہے۔ اسے تیار کرنے والی کمپنی کے حکام کا کہنا ہےکہ اسمارٹ واچ پہننے والے لوگ اس پر بہت کم بات کرتے ہیں کیونکہ ہر کوئی ان کی گفتگو سن سکتا ہے مگر یہ جادوئی پٹی اس کا مؤثر حل پیش کرتی ہے کیونکہ صرف اسے پہننے والا ہی اپنے ہاتھوں سے آنے والی آواز کو سن سکتا ہے۔ سگنل نامی گھڑی کا یہ پٹا 2 اہم ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے۔ اس میں ایک ایکچوایٹر ہے جو جسم میں تھرتھراہٹ پیدا کرتا ہے۔ دوسری شے ایک الگورتھم کا نظام ہے جو آواز کے سگنل کو بڑھا کر اسے سننے کے قابل بناتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی بیٹری ساڑھے 4 گھنٹے تک بات چیت کے لیے مؤثر ہے جب کہ اسے یوایس بی پورٹ سے چارج کیا جاسکتا ہے


ایمزٹی وی(کھیل) ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کیلیے ’’خوشخبری‘‘ سامنے آگئی، آندرے رسل ڈوپنگ تنازع کے سبب تینوں میچز سے باہر ہو گئے
تفصیلات کے مطابق آندرے رسل پر الزام ہے کہ انھیں تین مرتبہ ڈوپنگ ٹیسٹ کیلیے طلب کیا گیا مگر وہ ایک بار پھر نمونے دینے نہیں گئے، قوانین کے تحت تین مرتبہ ٹیسٹ کیلیے غیرحاضری پر کھلاڑی کو معطل کردیا جاتا ہے، رسل کے معاملے کا جمیکن اینٹی ڈوپنگ کمیشن جائزہ لے رہا ہے جس کے سامنے ان کی 19 اور20 ستمبر کوپیشی ہے،اسی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز سے مجبوراً دستبردار ہوگئے۔

انھوں نے رواں برس مارچ اپریل میں بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اپنی ٹیم کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، وہ دنیا بھر میں کھیلی جانے والی مختصر ترین فارمیٹس کی لیگ میں بہترین پرفارم کرتے رہے ہیں۔
گذشتہ برس سڈنی تھنڈر کو بگ بیش ٹائٹل توانے میں بھی ان کا کلیدی کردار رہا تھا،پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد اور سی پی ایل میں جمیکا تلاواز کے فاتح اسکواڈز میں بھی وہ شامل رہے،ان کی غیرموجودگی ویسٹ انڈیز کیلیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوسکتی ہے۔

اسکواڈ میں فاسٹ بولر کیسرک ولیمز کو شامل کرلیا گیا جنھوں نے اپنے کیریئر میں صرف 9 فرسٹ کلاس اور 6 لسٹ اے میچز میں حصہ لیا ہے، ان میں سے بھی آخری2014 میں کھیلا تھا، انھیں سی پی ایل ڈرافٹنگ کے 13 ویں راؤنڈ میں تلاواز نے صرف 5 ہزار ڈالر میں خریدا مگر انھوں نے حیران کن طور پر شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے 17 وکٹیں لیتے ہوئے سہیل تنویر اور ڈیوائن براوو کے بعد کامیاب بولرز کی فہرست میں تیسرا نمبر حاصل کیا۔


ایمزٹی وی(تعلیم)تلہ گنگ شہر کے رہائشی 16 سالہ نوجوان نے پسندیدہ کالج میں داخل نہ کرانے پر زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی۔

16 سالہ عمار نے مقامی دکان سے زہریلی گولیاں خرید کر کھا ئیں جس کے بعد ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ متوفی اپنے پسند کے کالج میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن اس کے گھر والے دوسرے کالج میں داخل کراناچاہتے تھے ۔


ایمزٹی وی(پشاور) چارسدہ روڈ پر مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ خزانہ کے علاقے لنڈے سڑک پر بے نظیر وومن یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں نائن ایم ایم اور 30 بور پستول استعمال کی گئی اور جائے وقوعہ سے تقریباً 20 خول ملے ہیں جنہیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دو روز قبل مہمند ایجنسی میں نماز جمعہ کے دوران کئے گئے دھماکے کے مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں مہمند ایجنسی دھماکے میں ملوث مشتبہ شخص کی شناخت کرلی ہے، مشتبہ شخص کی شناخت نادرا کے ڈیٹا کے ذریعے کی گئی تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ مشکوک شخص دھماکے میں ملوث تھا، سکیورٹی اداروں کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔

واضح رہے کہ مہمند ایجنسی کی تحصيل امبار میں نماز جمعہ كے دوران خود كش دھماكے کے نتیجے میں 36 نمازی شہيد اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

ایمز ٹی وی (تجارت) وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے فرانس سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان کے حوالے سے سفری ہدایات کو ختم کرے تاکہ ان فرانسیسی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے جو پاکستان میں کاروبار کے موقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ فرانس کے سرکاری دورے پر موجود وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قریبی معاشی تعلقات دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے فرانس سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹریول ایڈوائزری کو ختم کریں اور فرانسیسی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی آٹو موبل پالیسی بھی فرانسیسی وزیر کے ساتھ شیئر کی اور پاکستان میں بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال فرانس میں موجود سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھارہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے وطن میں سرمایہ کاری کریں اور اس سلسلے میں رہنمائی کے لیے بورڈ آف انوسیٹمنٹ (بی او آئی) سے رابطہ کریں۔ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ متعدد فرانسیسی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ نئی شراکت داریاں قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان موجود تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

پاک فرانس بزنس کونسل کے صدر تھیری فلملن نے اجلاس اسحٰق ڈار کو بتایا کہ فرانس سے تاجروں کا ایک وفد آئندہ سال پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر، تیل و گیس، فوڈ پروسیسنگ، مائننگ اور ریلوے وہ شعبے ہیں جن میں مستقبل میں فرانسیسی سرمایہ کار تعاون پر غور کررہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے فرانسیسی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں سوشل اکنامک زون کے قیام کی بھی پیشکش کی تاکہ وہ مقامی مارکیٹ تک بہتر طریقے سے رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ملکوں میں بھی اپنی مصنوعات برآمد کرسکیں۔

ایمز ٹی وی (تجارت) ہارورڈ یونیورسٹی نے پاکستان کو دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشت قرار دے دیا، پاکستانی معیشت سوائے بھارت کے چین سمیت خطے کے تمام ممالک سے زیادہ ترقی کرے گی۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ نے دنیا کے اہم ممالک کی معاشی ترقی سے متعلق ریسرچ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کی ترقی کی رفتارچین کی معاشی ترقی سے بھی زیادہ ہوگی۔

سی آئی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 10 سال تک پاکستان کی معاشی شرح نمو5 اعشاریہ 07 فیصد رہے گی، بھارت کی جی ڈی پی گروتھ 6.98 فیصد اور چین کی 4.28 فیصد رہے گی، امریکہ کی معاشی شرح نمو2.58 فیصد،،برطانیہ کی 3.22 فیصد اُور جرمنی کی صرف 0.33 فیصد رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکی، یو اے ای اور سری لنکا سے بھی زیادہ رہےگی تاہم دنیا بھر میں معاشی سست روی کے باعث کموڈیٹیز کی قیمتیں کمی کا شکار رہیں گی۔

 
 

ایمزٹی و ی (تجارت)سندھ ریونیو بورڈ نے مختلف شعبوں کی طرف سے حاصل کی ٹیلی کمیونیکیشن سروسز پر سیلز ٹیکس سے چھوٹ کا اعلان کیا ہے . پہلی ستمبر دو ہزار سولہ کو جاری کیے گئے تازہ ترین ٹیرف کے مطابق یہ چھوٹ تمام سافٹ وئیر ایکسپورٹ کرنے والی فرمز کو ملیں گیں، جو پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹرڈ ہوں اور ٹیلی کمونیکیشن سروسز کا استعمال کر رہی ہوں، جس میں بین الاقوامی لیزڈ یا بینڈ ویتھ سروسز بھی شامل ہیں۔

اسی چھوٹ کا اطلاق انڑ نیٹ سروسز پر بھی لاگو ہو گا چاہے وہ ڈائل اپ یا براڈ بینڈ ہو، دو میگا بائیٹ کی رفتار جس کی ماہانہ ادائیگی 15 سو روپے سے زائد نہ ہو، جس میں ای میل اور ڈیٹا کمونیکیشن نیٹ ورک سروسزشامل ہوں، اسی طرح دو میگا بائیٹ سے زائد اور چار میگا بائیٹ تک رفتار کے کنکیشن جس کی قیمت ڈھائی ہزار سے زائد نہ ہو شامل ہے۔

ایس آر بی کے اعلان کے مطابق ان تمام شرائط پر پورا اترنے والی ٹیلی کمونیکیشن سروسز پر ٹیکس کی شرح ساڑھے انیس کی جگہ انیس فیصد ہو گی، اس ٹیکس چھوٹ کا مکمل فائدہ ٹیلی مواصلات کی خدمات فراہم کرنے والے وصول کندہ کو منتقل کرنے کے پابند ہو نگے۔ ایس آر بی کے مطابق ان بیان کی گئی شرائط پر پورا نہ اترنے والی افراد کو 19.5 فیصد کی شرح سے قانونی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔