Reporter SS
ایمزٹی وی(روالپنڈی) پاک امریکا کی9 روزہ مشترکہ جنگی مشقیں اختتام پزیر ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 روزہ پاک امریکا مشترکہ جنگی انسپائرڈ گمبٹ مشقیں جنوبی کیرولینا میں جاری تھیں جو اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اسپیشل سروسزگروپ اورایوی ایشن کے دستوں نے مشقوں میں حصہ لیا جب کہ مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔
ایمزٹی وی(حیدرآباد)شہر میں نامعلوم افراد ایک بار پھر سرگرم ہوگئے جنہوں نے راتوں رات بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر وال چاکنگ کردی۔
ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے 2 روز قبل ہی حیدر آباد کی مصروف ترین شاہراؤں پر نامعلوم افراد نے بڑے پیمانے پر وال چاکنگ کردی ہے جس میں الطاف حسین کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے اور متحدہ کے بانی سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی سالگرہ ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے منائے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ ان کے کارکنان ہر سال 17 ستمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مناتے تھے تاہم الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اپنی پارٹی کے بانی سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کر رکھا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)گورنمنٹ انٹرکالج ملوٹ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میرپور کے زیراہتمام ہونے والے امتحان میں شاندار نتائج دے کرتاریخ رقم کر دی،ادارے کا نتیجہ 87فیصد رہا’1985ء میں کالج قائم ہوا تب سے لیکر اب تک کی تاریخ میں یہ سب سے منفرد نتیجہ رہا جس کا سہرا ادارہ کے پرنسپل سردار محمد اشفاق خان اور ان ٹیم کو جاتا ہے-
کالج بننے کے بعد پہلی مرتبہ اس قدر اچھا نتیجہ آنے پر ہرشخص کی ادارہ ہذا کے پرنسپل کو مبارکباد،شاندار نتائج آنے پر ادارہ کے طلباء نے خوشی کا اظہار کیا اور جشن منایا۔طلباء کے والدین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔پرنسپل اور ان کی ٹیم کومبارکباد اور دعائیں،ادارہ کے میتھ کے پروفیسر سردار اعجاز خان نے مسلسل تین سال تک 100فیصد رزلٹ دے کر آزاد کشمیر بھر میں ہیٹرک کرنے کا ریکارڈبھی اپنے نام کر لیا۔
ادھر ملوٹ ’ بنگراں’ سارمنڈل’ پیل’ مندری’ بیس بگلہ ’چناٹ’ بھٹی شریف’ غنی آبادکی سیاسی اور مذہبی شخصیات نے گورنمنٹ انٹرکالج ملوٹ کا شاندار رزلٹ آنے پر پرنسپل سردار اشفاق خان اور ان کی پوری ٹیم کو دل کھول کرمبارکباد دی ہے
ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد میں دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے مرکزی ملزم راجا ارشد کو 23 ستمبر تک کے لیے جیل بھیج دیا۔
مرکزی ملزم راجا ارشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم راجا ارشد کا اب تک 13 روز کا جسمانی ریمانڈ لیا جاچکا ہے، ملزم پر سابق سینیٹ چئیرمین میاں محمد سومرو کے بھانجے فہد ملک کے قتل کا الزام ہے، پولیس نے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کرلیا ہے۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ گاڑی کی برآمدگی کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے ملزم راجا ارشد کو کمرہ عدالت میں وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی جس کے بعد ملزم کو 23 ستمبر تک کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ افغانستان کو زمینی راستےسے رسد پہنچانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ بھارت بہانے بازی کے بجائے سمندری راستے افغانستان کو رسد بھجواتا تو اب تک پہنچ بھی جاتی ۔بھارت سیاسی مقاصد کے لیےپاکستان کو بدنام کرنے کاکوئی موقع ضائع نہیں کرتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے افغانستان کو گندم بھجوانے کی درخواست مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کو شہید کرنے سے پہلے کی تھی۔
بھارت انسانی بنیادوں کی بات کرتا ہے لیکن کشمیر میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں 100 سے زائد افراد شہید ، 7000 کی بینائی متاثر اور 10 ہزار کشمیریوں کو زخمی کیا گیا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بیان دیا تھا کہ بھارت لاکھوں ٹن گندم افغانستان بھجوانا چاہتا ہے مگر پاکستان نےدرخواست کا جواب نہیں دیا۔
ایمزٹی وی(کراچی)ڈی آئی جی ٹریفک نے شارع فیصل پر واٹر ٹینکرز اور لوڈنگ گاڑیوں سمیت رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر واٹرٹینکرز اور لوڈنگ گاڑیوں سمیت رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے جس کا اطلاق پیر سے ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کا کہنا ہے کہ رکشے، واٹرٹینکر اور لوڈنگ گاڑیاں ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں اس لیے اب شارع فیصل پر لوڈنگ گاڑیاں، واٹرٹینکر اور رکشے نہیں آسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر بسوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے لیے الگ لائنز بنائی جائیں گے۔
ایمزٹی وی(کراچی)سانحہ 12 مئی کے کیس سے متعلق پولیس نے اپنے چالان میں دعویٰ کیا ہےکہ میئر کراچی وسیم اختر نے سانحہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جب کہ ان کے خلاف چالان منظور کرکے کیس اے ٹی سی کو بھجوادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان اور مئیر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل سمیت 4 مزید مقدمات کا چالان منظور کرلیا گیا ہے جب کہ تمام کیسز کو سماعت کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کردیا گیا ہے۔
عدالت میں پیش کیے گئے پولیس چالان کے مطابق مئیرکراچی وسیم اختر نے سانحہ 12 مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے اور انہی کی نشاندہی پر ملزم اسلم کالا کو گرفتار کیا گیا ہے۔
چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقدمے میں وسیم اختر اور 2 ارکان اسمبلی کامران فاروقی اور محمد عدنان سمیت 49 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے کچھ مقدمات میں کامران فاروقی اورمحمد عدنان سمیت 49 ملزمان تاحال گرفتارنہیں ہوسکے جب کہ وسیم اختر،اسلم کالا سمیت 20 ملزمان گرفتار ہیں، ملزمان پرتھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں ہنگامہ آرائی ، فائرنگ ، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزامات ہیں۔
ایمزٹی وی(سندھ)سندھ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکورٹی سے متعلق اجلاس ہوا ۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن، آئی جی سندھ، مشیر قانون ،پرنسپل سیکریٹری، ہوم سیکریٹری سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اقتصادی راہداری منصوبے کیلیے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن بنائی ہےجس میں 6 ونگز ہوں گےجبکہ 9 ہزار آرمی اہلکارہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کیلیے ایس او پی جاری کرچکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایئرپورٹ پراترنے والے ہر چینی شہری کا مکمل ڈیٹا رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
ایمزٹی وی (کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ بلوچستان سرحد کو محفوط بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت بین الصوبائی سرحد پر تعینات اہلکاروں کو ہر قسم کے جدید آلات فراہم کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کا تہوار امن و امان سے گزرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مرہون منت ہے ، بلاشبہ تمام فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں گزشتہ روز خانپور میں ممکنہ طور پر ہونے والے دھماکے اور سانحے کو پولیس نے اپنی جرات اور بہادری کے ذریعے ناممکن بنایا ہماری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا دیاہے اور اس کی بہتری میں فورسز کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی بھرپور تعاون اور اہم کردار رہا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ بلوچستان سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے لائحہ عمل تیارکرلیا گیا ہے، بین الصوبائی سرحدی فورسز کو مزید بہتر بنانے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، بارڈر پر جس قسم کے آلات کی ضرورت پڑی حکومت سندھ مہیا کرے گی اور اس کے ساتھ حکومت کی جانب سے پولیس کو جدید آلات فراہم کریں گے جبکہ پولیس ٹریننگ کو مزید بہتر اور جدید تربیت کے لئے ٹریننگ سینٹرز پر جدید انتظامات کئے جارہے ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے بعد شہر میں بکھری آلائشوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں آلائشوں کے ڈھیر کی شکایات مل رہی ہیں نومنتخب بلدیاتی نمائندے اب اس کام کو سنبھال لیں اور جہاں میری ضرورت ہوگی میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ہوں گا۔
ایمزٹی وی(ملتان)جناح پارک میں جھولا ٹوٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
ذرائع کےمطابق ملتان کے جناح پارک میں ڈریگن جھولا ٹوٹنے سے 12 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ریسکیو 1122 کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم 4 افراد کو شدید زخمی ہونے کے باعث نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
نمائندہ کے مطابق ڈریگن جھولے پر پابندی کے باجود اسے کھولا گیا، جھولے پر20 افراد سوارتھے اوراس کا درواز کھلنے کے باعث 12 افراد نیچے آگرے۔
نمائندہ نے بتایا کہ پچھلی عیدالاضحیٰ پربھی جناح پارک میں اسی جھولے کے ٹوٹنے کے سبب کئی افراد زخمی ہوئے اور اس بار ڈی سی او نے جھولے کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے جب کہ واقعہ پر ٹھیکیدار اور اس کے اسسٹنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔