Reporter SS
کراچی : کراچی یونیورسٹی کلینک کے زیر اہتمام ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی یونیورسٹی کلینک میں منعقدہ آگاہی سیمینار اورآگاہی واک کا انعقادکیا گیا۔
اس موقع پرنیشنل ایسوسی ایشن آف ڈائیبیٹس ایجوکیٹر پاکستان کے صدر ڈاکٹر محمد سیف الحق نے کہا کہ پاکستان ذیابیطس کے شکارافراد کے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبرپر جبکہ ذیابیطس کے پھیلاؤ کی شرح میں سرفہرست ہے۔بدقسمتی سے پاکستان کا شمار ان ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہے جہاں پر دوران حمل پائی جانے والی ذیابیطس بعد میں ٹائپ ٹو میں تبدیل ہوجاتی ہے۔حالیہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے شکارافراد کی تعداد تین کروڑ تیس لاکھ تک پہنچ چکی ہے،جبکہ ایک بہت بڑی تعداد ایسی ہے جن کو شوگر ہوچکی ہے لیکن انہیں اس کا ادراک ہی نہیں ہے اوروہ اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ ہمیں شوگر کیوں ہوگی۔
ڈاکٹر سیف الحق نے مزید کہا کہ سب سے پریشان کن صورتحال یہ ہے 12 تا20 برس کے بچوں میں ذیابیطس تیزی سے پھیل رہاہے جو قابل توجہ اور لمحہ فکریہ ہے۔دنیا بھر میں اندھے پن،گردوں کے فیل ہونے،ٹانگیں کٹ جانے،دل کادورہ اور دل کے دیگر امراض کی بڑی وجہ ذیابیطس ہے۔جامعات کسی بھی معاشرے کی ترقی،درپیش مسائل کے حل اور بہتری کے لئے مثبت اور کلیدی کردار اداکرتی ہیں کیونکہ جامعات ہی پالیسیاں مرتب کرنے کی بہترین جگہ اور معاشرے میں آگاہی پھیلانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
س موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ2019 ء میں پاکستان ذیابیطس کے شکار افراد اور اس کے تیزی سے پھیلاؤ والے دنیا کے دس سرفہرست میں ممالک میں شامل تھاجبکہ حالیہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان ذیابیطس کے سب سے زیادہ پھیلاؤ والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آتاہے جس کی بڑی وجہ اس معاملے میں عدم سنجیدگی اور طرززندگی میں عدم تبدیلی ہے۔پاکستان اب ذیابیطس کے پھیلاؤ میں چین اور بھارت کے بعد تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ بین الاقوامی ذیابیطس فیڈریشن (IDF) ذیابیطس اٹلس کے 10ویں ایڈیشن جو 14 نومبر 2021 کو جاری کیا گیا ہے نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں تقریباً 33 ملین لوگ ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ حکومتی حکام نے ذیابیطس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کو کم کرنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی اور عام لوگوں نے بھی ملک میں ذیابیطس کے تناسب کو کم کرنے کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنانے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔اگرذیابیطس کی شرح میں اسی تیزی سے اضافہ ہوتارہا اور ہم نے اس مرض کی روک تھا م کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ کئے اور اپنا طرز زندگی تبدیل نہ کیاتوپاکستان ذیابیطس کے شکار افراد کے ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد عراقی نے اعلان کیا کہ اگلے مہینے سے جامعہ کراچی میں ہفتے میں ایک دن ”وہیکلز فری ڈے“ طور پر منایاجائے گا۔ اساتذہ اورطلبہ میں پیدل چلنے کی اہمیت اجاگرکرنے کے لئے یہ قدم اُٹھایاجارہاہے۔اس طرح آگاہی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی ذیابیطس کی روک تھام کے لئے بھی اپنا کردار اداکرسکے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکراچی ڈاکٹر محمد عرفان فاروقی نے کہا کہ حکومت سندھ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور اسی سلسلے میں صوبے کے تمام اضلاع کی سطح پر قائم ہیلتھ سینٹر میں ذیابیطس کی تشخیص،اس کی روک تھام سے متعلق آگاہی اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔مذکورہ ڈیسک قائم کرنے کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو معذورسے بچانا ہے۔ڈاکٹر اکمل وحید نے سیمینار میں نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس کے سرفہرست ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر آتاہے جو ایک خطرناک صورتحال ہے،جس کی روک تھام کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ناگزیر ہوچکے ہیں کیونکہ بیمارافرادپر مشتمل معاشرہ ایک بیمار قوم کو جنم دیتی ہے
راولپنڈی:راولپنڈی بورڈ نے بارہویں جماعت کی ڈیٹ شیٹ برائےخصوصی امتحانات جاری کردیاہے۔
امتحانات کاآغاز27 نومبر سےدومرحلوں میں ہوگا۔
پہلے مرحلے کا امتحان صبح8:30بجے جبکہ دوسرے مرحلے کاپرچہ دوپہر1:30بجےشروع ہوگا۔
جمعۃ المبارک کے دن دوسرے مرحلے کا پرچہ 2:30بجے ہوگا۔
امتحانی مراکز میں حکومتی احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایس او پیز پرعمل در آمد کیاجائے گا
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق ٹاپ ٹین میں بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جب کہ محمد رضوان کی بھی ایک درجے ترقی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بلے بازی کے شعبے میں بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ڈیوڈ مالان اور ایڈن مارکرم بدستور دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ڈیون کونوے 3 درجے ترقی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں، محمد رضوان کو ایک چھلانگ نے پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔
نئی ریکنکنگ کے مطابق لوکیش راہول ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹے اور ایرون فنچ 3 قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ساتویں پوزیشن پر آگئے، ویرات کوہلی آٹھویں اور جوز بٹلر نویں نمبر پر برقرار رہے، راسی وان ڈر ڈوسین کو ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں پوزیشن پر آنا پڑا۔
کراچی : ضیاء الدین یونیورسٹی کی پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونی کیشنز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے’’ ہمارے معاشرے میں صنفی شمولیت کو مرکزی دھارے میں لانا ‘‘ کے موضوع پر نویں زیڈ یو ڈائیلاگ کا اہتمام کیا گیا
جس کا مقصد پیشہ وارانہ ترقی ، قیادت کے مواقع اور دیگر پیشہ وارانہ معاملات میں امتیازی سلوک روا رکھے جانے پر ماہرین کی رائے اور تجزیہ حاصل کرنا تھا ۔
مباحثے میں ضیاء الدین یونیورسٹی کی پرو چانسلر ڈاکٹر ندا حسین ، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹرکی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی ، انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارم کی ڈائریکٹر بورڈ ڈاکٹر خالدہ غوث، ویمن چیمبر آف کامرس کراچی ساوتھ کی سینئر وائس پریزیڈنٹ مصباح اسحاق اور گلوبل نیبرہوڈ فار میڈیا انوویشن کی پریزیڈنٹ ناجیہ اشعر نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ندا حسین کا کہنا تھا کہ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان اس وقت صنفی مساوات کے حوالے سے دنیا کا سب سے کم ترین ملک ہے۔ ہمارا تعلق ایک مختلف ایک معاشرے سے ہے۔ کچھ کو آزادی حاصل ہے اور کچھ اسے برا سمجھتے ہیں۔ اور وہ بھی ہیں جنہیں خواتین کی تعلیم پر اخراجات کو پیسے کا ضیاع سمجھتے ہیں۔
صنفی عدم مساوات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ندا کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رہ کر مذہبی اعتبار سے خواتین اور مرد دونوں کو مکمل آزادی اور احترام دیا جاتا ہے لیکن معاشرہ ایسا کرنے سے قاصر ہے۔ ہمارے یہاں کچھ کمیونیٹی ایسی ہیں جہاں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے، جبری شادی پر مجبور کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالدہ غوث کا کہنا تھا کہ اب وقت بدل گیا ہے اب اکیسویں صدی کا زمانہ ہے۔ خواتین گھریلو ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمتیں بھی سنبھال سکتی ہیں۔ آج جس طرح سے مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے خواتین کو مکمل پیشہ وارانہ فعال ہونے کی ضرورت ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے ضروری ہے گھر کا انتظامات اور معاملات چلا نے کے لیے مرد و خواتین ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم صنف کو مرکزی دھارے میں لانے کی بات کرتے ہیں تو معاشرے میں کئی رکاوٹوں اور تنازعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کے اثرات ہمارے معاشرے پر پڑتے ہیں۔
خواتین کو ہمارے معاشرے میں مساوی حقوق پر بحث کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں عزت اور وقار کے ساتھ کام کرنے کا حق دیتا ہے۔ سب سے پہلے ہمیں خواتین کی تعلیم پر کام کرنے کی ضرورت ہے اسے عام کرنا ہوگا۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں خواتین کی تعلیم کو کوئی اہمیت نہیں مل رہی ہے۔ تعلیم صرف آپ کو سکھاتی ہے اور رہنمائی ہی نہیں کرتی بلکہ یہ ہر طرح سے ہماری اصلاح بھی کرتی ہے۔
مصباح اسحاق نے ایک ورکنگ وومن ہونے کے اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں میڈیا کے شعبے سے گزشتہ تیس برس سے منسلک ہوں۔ میرے گھر اور کام کو ایک ساتھ سنبھالنا آسان نہیں تھا لیکن میں نے کسی نہ کسی طرح سے اپنی دونوں ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ہماری زندگی میں گھر والوں کا اعتماد حاصل کرنا بہت ضروری ہے جو آپ کو ایک بہتر انسان بناتا ہے او ریہ اعتماد آپ کو گھر کے مرد حضرات سے ہی ملتا ہے۔
پاکستا نی ڈراموں میں خواتین کو خود مختار ہونے کی تصویر کشی کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناجیہ اشعر کا کہنا تھا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ ہمارا میڈیا ثقافتی تاثرات اور صنف کے بارے میں رویہ کو بہتر یا بدتر بنا سکتا ہے۔ ٹیلی وژن ڈرامے جو مواد تیار کررہے ہیں وہ اس پر منحصر ہے کہ آپ اسے کیسے جذب کرتے ہیں۔ اگر کوئی ڈرامہ خواتین کو خود مختار بناکر دکھا رہا ہے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ مردوں کو عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ ہم خواتین آج جس مقام پر ہیں اس تک پہنچانے میں ہمارے مردوں نے ہی ہمارا ساتھ دیا ہے۔
کراچی: اقرا یونیورسٹی کیے زیر انتظام تین روزہ آئی یو بک فیئر 2021کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔اقرا یونیورسٹی کراچی کے مین کیمپس میں منعقدہونے والے کتابوں کے اس بڑے میلے کا آغاز 18 نومبر 2021کو ہوگا اور اس کا اختتام 20 نومبر 2021 کو ہوگا۔کتب نمائش مسلسل 3 روز تک جاری رہی گی جس سے کتب بینی سے محبت کرنے والے استفادہ حاصل کر سکیں گے کتب میلہ 2021 میں پاکستان بھر سے تقریباً پچیس نامور کتب فروش حصہ لیں گے۔
یاد رہے کہ ہر سال اقرا یونیورسٹی آئی یو بک فیئر کا انعقاد کرتی ہے، جس میں پاکستان بھر سے مختلف کتب فروش شرکت کرتے ہیں اور اپنے مجموعات کی نمائش کرتے ہیں۔ .اقرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور صدر ڈاکٹر وسیم قاضی 18 نومبر 2021 بروز جمعرات کتاب میلے کا افتتاح کریں گے۔
کتب فروش اپنے اسٹالز پر یونیورسٹی کے نصاب سے متعلقہ مختلف اصناف اور زبانوں کی مقامی اور بین الاقوامی مطبوعات آویزاں کریں گے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر وسیم قاضی نے یونیورسٹی کے نظریہ اور "اقرا" کے مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام علم کو ہر ایک تک پہنچانے کے لیے کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ اقراء" کا مطلب ہے "پڑھنا"، اور یہ قرآن پاک کا پہلا لفظ ہے۔ اس لیے علم کو پھیلانا اور سیکھنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہی ہمارا نصب العین ہے، ہم طلباء کو نصاب میں پڑھائی جانے والی چیزوں کے علاوہ نئی چیزیں سیکھنے کی ترغیب دینے کی کوشش کرتے ہیں، اور آئی یو بک فیئر ہمیں ایسا کرنے میں مدد کرتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے طلباء اور فیکلٹی ممبران کی سفارشات ہماری یونیورسٹی کی لائبریری میں کچھ بہترین نئے عنوانات شامل کرنے میں ہماری مدد کریں گی۔
اقراءیونیورسٹی کے انفارمیشن ریسورس سینٹر میں اسی ہزار سے زائد کتب موجود ہیں جو بہت سے مضامین، پیشوں)پروفیشنل) اور عام پڑھنے کے مواد کا احاطہ کرتی ہیں۔آئی آر سی مجموعہ میں تازہ ترین نصابی کتب اور حوالہ جات کی اشاعتیں بشمول نصاب سے متعلقہ سرکاری اشاعتوں کا تازہ ترین ریکارڈ مسلسل شامل کی جاتی ہیں ۔ آئی آر سی تعلیمی مقاصد کے لیے ثانوی ڈیٹا کے کام کےلیے بہترین زریعہ مانا جاتا ہے ۔
جامشورو : مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی جامشورو کےنئے بیچ (21ویں بیچ) کی تعارفی تقریب 22 نومبرکوہوگی
تفصیلات کے مطابقمہران یونیورسٹی جامشوروکےتحت تعارفی تقریب 22 نومبرکو صبح جامعہ کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی بعد از تعارفی تقریب نئے بیچ کے تمام شعبہ جات کی کلاسز بھی شروع ہو جائیں گے۔
تعارفی تقریب میں تقریباً 1200 طالبعلم حصہ لیں گے، تقریب میں نئے آئے طالب علموں کو جامعہ اور اساتذہ و افسران کا تعارف کروایا جائے گا، جبکہ وائس چانسلر نئے طالب علموں سے خطاب بھی کریں گے۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کےتحت ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا آغاز 2دسمبر سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اوپن یونیورسٹی کےزیراہتمام ملک بھر میں سمسٹر بہار 2021ء کے ایم اے ، ایم بی اے، ایم ایس سی ، ایم کام ، ایم ایل آئی ایس ، ایم ایڈ اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگراموں کے فائنل امتحانات ایک ساتھ 2۔دسمبر سے شروع ہونگے جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔طلبہ کو رہائش گاہوں کے قریب مقامات پر سہولت فراہم کرنے کے لئے ملک کے ہر حصے میں امتحانی مراکزقائم کردیئے گئے ہیں۔
امیدواران کی رول نمبر سلپس اُن کے داخلہ فارم پر دئیے گئے پتہ جات پر ارسال کر دی گئی ہیں۔
طلبہ رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں جو امتحانات میں شرکت کے لئے قابل قبول ہوں گی۔
کراچی:جامعہ این ای ڈی کےزیراہتمام کرکٹ میدان میں فلڈ لائٹس کے افتتاح پرمنعقدہ کرکٹ میچ میں مین آف دی میچ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےحاصل کرلیا
کرکٹ میدان میں فلڈ لائٹس کے افتتاح کے موقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے این ای ڈی المنائی الیون اور شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے این ای ڈی الیون کی قیادت سنبھالی۔
اس موقع پر وائس چانسلر این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اساتذہ کا فرض ہے تاکہ معاشرہ پروان چڑھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جامعہ، کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار اداکرتی رہی ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ ہماری جامعہ نے قوم کو مشہور و معروف کھلاڑی کو دیئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کو چاہیے کہ سندھ کے دیگر شہروں خاص کر دیہی علاقوں میں جائیں اور وہاں پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لائیں۔ کرکٹ میچ کے مین آف دی میچ آل راؤنڈر پرفارمنس دے کر وزیر اعلی سندھ، بیسٹ بالر بابر ثانی اور بیسٹ بیٹس مین اعجاز قاضی قرار پائے. تقریب میں معروف کرکٹر شعیب محمد اور معین خان نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی.
جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ اپنے نوجوانوں کو کھیل کی سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں ایسی سہولتوں کا فقدان تھا جب کہ این ای ڈی کے موجودہ عالمی معیار کی اسپورٹس کی سہولتیں قابل تعریف ہیں.
یادرپےاین ای ڈی یونی ورسٹی کی سوسالہ تقریبات کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے کرکٹ میدان میں فلڈ لائٹس کے افتتاح کے موقعے پر کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیاتھا۔
نئی دہلی: بھارت کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن بھی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔
گزشتہ روز آسٹریلیا نے دبئی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی تھی اور آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
وی وی ایس لکمشن
سابق بھارتی بیٹسمین وی وی ایس لکمشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے محمد رضوان کی ہمت کی داد دیتے ہوئے کہا ’’محمد رضوان جرات،عزم اور قوت کی شاندار مثال ہیں، میچ کا اختتام پاکستان کی جیت پر تو نہیں ہوا البتہ محمد رضوان کا دو دن تک آئی سی یو میں رہنے کے بعد اس طرح کی فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا بہت متاثر کن ہے۔
وی وی ایس لکمشن نے کہا کہ کھیل ایک بہترین استاد ہے اور اس میں سب سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔
ہربھجن سنگھ
بھارتی ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔سیمی فائنل میچز پر تبصرہ کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بہت اچھا اسکور کیا تھا
قومی ٹیم کے اوپنرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف بابر اعظم اور محمد رضوان نے بڑا تگڑا اسٹارٹ فراہم کیا، دونوں بہت ہی شاندار ہیں لیکن بدقسمتی سے بابر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا تاہم رضوان نے پورے ٹورنامنٹ میں آؤٹ اسٹینڈنگ بلے بازی کی۔
محمد رضوان کو کریڈٹ دیتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس کلینڈر ائیر میں 1000 رنز بنا لیے ہیں، وہ خود کو کمال کے اوپنر کے طور پر سامنے لائے ہیں اور اتنے رنز بنانا قابل تعریف ہے، ویلڈن رضوان۔
تاہم بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں محمد رضوان میچ سے پہلے دو دن تک آئی سی یو میں رہے اور ان کی میچ میں شمولیت بھی مشکل دکھائی دے رہی تھی تاہم انہوں نے بیماری کے باوجود انہوں نے بیٹنگ اور فیلڈنگ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دبئی: میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی نے بائیو سیکیور ببل ختم ہونے کے باوجود عوام کے سامنے آنے سے گریز کیا۔
ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کیخلاف آخری لمحات میں میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے والے حسن علی نے بائیو سیکیور ببل ختم ہونے کے باوجود عوام کے سامنے آنے سے گریز کیا۔
بائیو سکیور ببل ختم ہونے پر کھلاڑی ہوٹل کی لابی میں شائقین سے گھل مل گئے لیکن حسن علی شائقین اور میڈیا کو دیکھ کر واپس چلے گئے۔حارث رؤف اورشاہین شاہ آفریدی نے شائقین سے گفتگو کی، سیلفیزبنوائیں اور آٹو گراف دیے۔