سندھ ٹیکسٹ بورڈ اور محکمۂ تعلیم کاعملہ کراچی میں سرکاری اسکولوں کو فراہم کی گئیں کتابیں اور کاپیاں فروخت کرنےلگا۔
پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں کتابیں اور کاپیاں برآمد کی گئی ہیں، یہ کتابیں اور کاپیاں ایک گھر میں چھپائی گئی تھیں۔
کتابیں اور کاپیاں برآمد ہونے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے اور 2 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے معاملے میں سندھ ٹیکسٹ بورڈ اور محکمۂ تعلیم کے عملے کے ملوث ہونے کا بتایا ہے۔
درج مقدمے کے مطابق ملزمان سرکاری اسکول کی کتابیں اور کاپیاں کور تبدیل کر کے فروخت کرتے تھے، ملزمان سے برآمد کی گئی سرکاری کتابیں 11 مختلف مضامین کی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان محمود آباد، ملیر اور کورنگی میں دکانداروں کو یہ کتابیں اور کاپیاں فروخت کرتے تھے۔
ایم ڈی کیٹ کا پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے کےخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 150 طلبہ اور طالبات کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز 96 طلباء ایف آئی اے کے دفتر میں تفتیش کے لیے پیش ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام طلباء کے والدین کی موجودگی میں بیانات قلمبند کیے گئے، طلباء نے پرچہ یا گیس پیپر کے مبینہ طور پر لیک ہونے کی تفصیلات فراہم کیں۔
کچھ طلباء نے بتایا کہ واٹس ایپ کے ذریعے ایک روز قبل انہیں ملتا جلتا پرچہ موصول ہوا تھا، طلباء کی جانب سے پرچہ بیچنے والے افراد کے نمبرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک کی تفتیش میں 100 فیصد لیک پرچے کے حوالے سے معلومات نہیں ملیں، چند روز میں تمام طلباء کے بیانات سامنے آنے کے بعد مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب کیے جانے والے 150 طلباء نے ایم ڈی کیٹ میں 200 میں سے 190 نمبر حاصل کیے تھے۔
بالی وڈ اداکار دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے بیٹی کا نام رکھ دیا۔
رواں سال ستمبر میں دپیکا اور رنویر کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی تاہم اس کا نام سامنے نہیں آیا تھا۔ دپیکا نے بیٹی کا نام دعا پڈوکون سنگھ رکھا ہے۔ دپیکا نے بیٹی کے نام کا مطلب بتایا اور کہا کہ یہ ہماری دعاؤں کا جواب ہے۔
دپیکا نے بیٹی کی تصویر بھی پوسٹ کی لیکن اس میں چہرہ چھپا ہوا ہے اور یہ بھی ان کی بیٹی کی پہلی تصویر ہے۔
خیال رہے کہ دپیکا اور رنویر 2018 میں رشتہ اذدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
جامعہ کراچی کے تحت 04 نومبر2024 ء کومختلف شعبہ جات میں داخلے کےلئے اوپن ہائوس کاانعقاد کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق شعبہ جرمیات،شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور شعبہ ابلا غ عامہ میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقاد چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم میں صبح 10:00 تا11:30 بجے جبکہ شعبہ ایجوکیشن،ٹیچرایجوکیشن اور اسپیشل ایجوکیشن میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لئے اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقاد صبح 11:45 تادوپہر1:00 بجے تک کیا جائے گا۔
مذکورہ پروگرام میں امیدواروں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی شرکت کرسکتے ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی ڈاکٹر آف فارمیسی میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کی سہولت کے لئے گزشتہ روزکلیہ ہذا میں اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔
جس میں داخلے کے خواہشمند 300 سے زائد امیدواروں نے اپنے والدین کے ہمراہ شرکت کی۔
پروگرام میں داخلے کے خواہشمندامیدواروں اور ان کے والدین کو کوکلیہ ہذاکے اسکوپ،پڑھائے جانے والے کورسز اور داخلہ ٹیسٹ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پررئیس کلیہ علم الادویہ جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر حارث شعیب،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزپروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام ڈاکٹر عمران احمد صدیقی،رکن کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس ڈاکٹر انیلہ امبرملک، ڈاکٹر نوشین رضا، ڈاکٹر غزل خواجہ اور کلیہ علم الادویہ کے اساتذہ نے داخلے کے خواہشمند امیدواروں کو داخلہ ٹیسٹ کے طریقہ کار اور کامیابی کی شرائط سے آگاہ کیا۔
کراچی: جامعہ کراچی میں انجمن محبان رسول ﷺ کے زیر اہتمام سالانہ میلاد النبی ﷺ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام اور ملک کے معروف علماء کرام و نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خصوصی شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، علامہ عبد الجبار احمد نقشبندی، ڈاکٹر عزیز محمود الازہری، ڈاکٹر انتخاب الفت، ڈاکٹر ارمان احمد، محمود الحسن اشرفی، خاور نقشبندی اور اسد ایوب شامل تھے۔
میلاد النبی ﷺ کی میزبانی میں ڈاکٹر مجید اللہ قادری، منصور حسن قادری، ڈاکٹر صادق علی خان اور انجمن محبان رسول ﷺ کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ ڈالا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا، ہم اس نبی کے امتی ہیں جسے ہمارے مخالف مغربی فلسفی بھی انسانیت کی عظیم ترین شخصیت قرار دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہآج فلسطین، لبنان اور کشمیر جیسے خطوں میں جو ظلم جاری ہے وہ تاریخ انسانیت نے نہیں دیکھی، جس کی وجہ مسلم اُمہ کی نبی کریم ﷺ کے وژن سے دوری اور اسلامی ممالک میں لیڈرشپ کا فقدان ہے۔۔
علامہ عبد الجبار احمد نقشبندی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فتنے سر اٹھا رہے ہیں اور ہم غفلت کی نیند میں ہیں۔ بطور مسلمان ہمیں اس غفلت سے بیدار ہونا ہوگا اور اپنے ایمان کی حفاظت کرنی ہوگی۔
انجمن محبان رسول ﷺ کے بانی رکن ڈاکٹر پروفیسر مجید اللہ قادری نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور حب نبی ﷺ سے وابستگی کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔انجمن کے رکن منصور حسن قادری نے کہا کہ جامعہ کراچی میں پہلے مختلف سطحوں پر چھوٹے پیمانے پر جشن میلاد النبی ﷺ منعقد کیے جاتے تھے، جنہیں انجمن نے اکٹھا کرکے ملک کی جامعات میں سب سے بڑے میلاد کا مقام دلایا۔
یہ میلاد جامعہ کراچی میں طلبہ و طالبات کو دین و اخلاقی اقدار کی طرف راغب کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے اور نوجوانوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ کو اجاگر کرتا ہے
اسلام آباد: نسٹ کے 43محققین دنیا کے دو فیصد بہترین سائنسدانوں میں شامل کر دیئے گئے ۔
درجہ بندی کا ڈیٹااسٹینفورڈ یونیورسٹی نے مرتب کیا ہے جو ایلسیویئر نے شائع کیا ہے ۔
محققین میں ڈڈاکٹر فیصل شفاعت، ڈاکٹر محمد بلال نیازی، اکٹر محمد شاہد، ڈاکٹر حسن علی ،ڈاکٹر نورین ، ڈاکٹر معراج مصطفی ،ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر رضوان الحق، ڈاکٹر شہزاد ادیب، ڈاکٹر سید شعیب ، ڈاکٹرعاصم شہزاد، ڈاکٹر مبشر جمیل،ڈاکٹر طیبہ نور، ڈاکٹرمحمد عثمان ، ڈاکٹر صفیہ اکرم، ڈاکٹر حسن الٰہی ، ڈاکٹر آصف حسین ، ڈاکٹر فرقان،ڈاکٹر نعیم راشد، ڈاکٹر افتخارحسین گل، ڈاکٹر عدیل وقاص،، ڈاکٹرواجد ممتاز، ڈاکٹر محمد خورشید، ڈاکٹر شاہد علی ، ڈاکٹر زیب جہاں، ڈاکٹر نثار احمد ڈاکٹر محمد تقی ،ڈاکٹر غلام علی، ڈاکٹر سید علی حسن، ڈاکٹر حیدر عباس، ڈاکٹر محمد یاسین، ڈاکٹر مدثر اقبال، ڈاکٹر ارشد خان، ڈاکٹر طاہرمحمود، ڈاکٹر سید رضوان ، ڈاکٹر جاوریہ اکرم، ڈاکٹر محمد عمر خان، ڈاکٹر اسدوقار ملک، ڈاکٹر عفیرہ شفیع،ڈاکٹر عرفان احمد ، ڈاکٹر عمران مخدوم، ڈاکٹر عمران اختر اور ڈاکٹر عمران میرشامل ہیں ۔
لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے میں متعدد طلبہ زخمی ہو گئے ۔
گزشتہ روزجامعہ میںطلبہ تنظیم نے دوسری تنظیم پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے ۔
پولیس کو طلب کیا گیا تو طلبہ نے ایک پولیس اہلکار کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
ترجمان جامعہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے حالات کنٹرول میں ہیں جبکہ جھگڑے میں ملوث طلبہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
پاکستان سپر لیگ کی چیمپئین فرنچائز لاہور قلندرز نے سابق انگلش کرکٹر ڈیرن گوف کو ہیڈکوچ مقرر کردیا۔
لاہور قلندرز نے سابق ہیڈکوچ عاقب جاوید کےپی سی بی سے منسلک ہونے کے بعد نئے سربراہ کا اعلان کیا۔
لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق انگلش کرکٹر ڈیرن گوف گلوبل سپر لیگ میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے۔
اس موقع پر ڈیرن گوف کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ جڑنا اور کام کرنا اعزاز کی بات ہے، پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوران فرنچائز کی معاونت کرچکا ہوں۔
لاہور قلندرز کے اونر ثمین رانا نے کہا کہ پرجوش انداز میں ڈیرن گوف کو خوش امید کہتے ہیں، ان کے تجربے سے ہماری بنیاد کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، ڈیرن گوف 23 نومبر کو گیانا میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ گلوبل سپر لیگ کا گیانا میں آغاز 26 نومبر سے ہوگا۔
لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ چیلنج کردیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 35 پیسے اضافہ کردیا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے 84 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے۔