آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کیلئے تین وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی ہار پر خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ روز میلبرن میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ اس میچ میں حارث رؤف نے 9 اوورز میں 67 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں تھی۔
آسٹریلیا نے صرف 34 اوورز میں 8 وکٹوں پر 207 رنز بناکر میچ اپنے نام کیا۔
اس میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ اگر ہم بیٹنگ میں مزید 20 سے 30 رنز اسکور کرلیتے تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آجاتے۔
انہوں نے میچ میں ہیٹرک ملنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے موقع ملا لیکن بدقسمتی سے اس بار ایسا نہیں ہو سکا، ہم نے سخت مقابلہ کیا تاہم کچھ قدم دور رہ گئے۔ ہماری طرف سے غلطیاں تھیں اور ایکسٹراز کی صورت میں ہم نے میزبان ٹیم کو اضافی رنز دیے۔
امریکا میں عالمی شہرت یافتہ اور تسلیم شدہ ماہر نجومی نوسٹراڈیمس کی حیثیت رکھنے والے ایلن لِچٹ مین نےامریکی صدارتی انتخابات سے متعلق پیش گوئی کردی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایلن لچٹ مین نے مستقبل کے صدر کی پیش گوئی کے لیے اپنے تاریخی انڈیکس ماڈل کو استعمال کیا ہے جسے وہ "وائٹ ہاؤس کی چابیاں" کہتے ہیں۔ جس کے ذریعے وہ پچھلے 10 میں 9 انتخابات کی درست پیش گوئیاں کرچکے ہیں۔
امریکا مستند ترین ماہر نجومی سمجھے جانے والے ایلن لچٹ مین نے 2024 کی صدارتی دوڑ میں کامایب ہونے والے امیدوار کے بارے اپنی حتمی پیش گوئی کردی۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق 77 سالہ ایلن لچٹ مین نے کہا کہ جولائی میں جو بائیڈن کے دستبردار ہونے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے نامزد امیدوار بننے والی کملا ہیرس اپنے سخت ترین حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیدیں گی۔
ماہر نجومی نے بتایا کہ ان کے پیش گوئی کے تاریخی انڈیکس ماڈل "وائٹ ہاؤس کی چابیوں" کی تعداد 13 ہے جن میں سے 8 ڈیموکریٹ کی امیدوار کملا ہیرس کے حق میں ہیں جب کہ صرف 3 ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔
لاہور: ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ مقابلوں میں انٹرنیشنل بلیئرڈ اسنوکر فیڈریشن کے پاکستان کے محمد آصف نے یو اےای کے پلیئر کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر کے کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے یو اے ای کے محمد شہاب کو شکست دی، پاکستانی کیوئسٹ نے اماراتی پلیئر کے خلاف مقابلہ 1-4 کے اسکور سے جیتا۔پہلے فریم میں شکست کے بعد محمد آصف نے کم بیک کرکے مسلسل 4 فریم جیتا اور محمد آصف کی کامیابی کا اسکور 111-7، 5-54، 0-109، 1-112، اور 48-60 رہا۔
محمد آصف نے میچ کے دوران 2 سنچری بریک بھی کھیلے۔
یاد رہے کہ محمد آصف ٹورنامنٹ میں اب تک4 سنچری بریک کھیل چکے ہیں۔
مزید برآں ایونٹ کے سیمی فائنل آج رات کھیلے جائیں گے
ممبئی: بشنوئی گینگ کی جانب سےبالی وڈ کے بجرنگی بھائی جان سلمان خان کو ایک بار پھر قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو ایک بار پھر بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکی ملی ہے جس میں ان سے بچاؤ کے لیے 5 کروڑ تاوان دینے یا مندر جاکر معافی مانگنے کا آپشن دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات ممبئی پولیس کے ٹریفک سیکشن کو اپنے نمبر پر ایک میسج موصول ہوا جس میں کہا گیاہے کہ لارنس بشنوئی کا بھائی بات کررہا ہوں، اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں تو مندر جاکر معافی مانگیں یا پھر یا 5 کروڑ دیں۔
واٹس ایپ میسج میں مزید کہا گیا کہ اگر سلمان خان نے ہماری بات نہیں مانی تو انہیں قتل کردیں گے اور ہمارا گینگ اب بھی فعال (ایکٹو) ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) ایک متنازع تبدیلی پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
ایکس کے ایک آفیشل اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ بلاک فیچر میں کی جانے والی اپ ڈیٹ کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ابھی اگر ایکس پر آپ کو کوئی بلاک کردے اور پھر آپ اس فرد کی پروفائل دیکھنے کی کوشش کریں تو یو آر بلاکڈ لکھا نظر آتا ہے۔
آپ اس فرد کے اکاؤنٹ کے فالوورز، ریپلائیز یا دیگر تفصیلات بھی نہیں دیکھ سکتے، مگر اس نئی تبدیلی کے بعد اس صارف کی پبلک پوسٹس اور پروفائل پیج کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
البتہ اب بھی بلاک ہونے پر آپ اس صارف کو فالو نہیں کرسکیں گے، ڈائریکٹ میسج یا پوسٹس پر ریپلائی نہیں کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک بلاک فیچر کے سخت مخالف ہیں اور اگست 2023 میں انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ بلاک کا آپشن ختم کیا جا سکتا ہے۔
یہ فیچر ایکس پر بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے مگر کمپنی کے مطابق ہمارا مقصد صارفین کو زیادہ کنٹرول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پوسٹس تک عوامی رسائی کو برقرار رکھنا ہے۔
یونیورسٹی آف واہ میں 7ویں پاک ترک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
جس کا عنوان ’’سائنس اور انجینئرنگ کے میدان میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز‘‘ تھا ۔
کانفرنس میں 121سے زیادہ ماہرین نے شرکت کی۔کانفرنس کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئرنفیس افضل ستی منیجنگ ڈائریکٹر تھے ۔
کانفرنس میں جاپان، ترکیہ، آسٹریا ،ملائشیا ، پاکستان، یوکرائن، کینیڈا، ڈنمارک اور سعودی عرب نے متعلقہ شعبے میں اپنا تحقیقی کام پیش کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر جمیل النبی وائس چانسلر نے ابھرتی ٹیکنالوجیز بالخصوص مصنوعی ذہانت بائیو ٹیکنالوجی اور پائیدار توانائی کے مستقبل کے لئے بین الاقوامی تعاون پر زور دیا ۔
کانفرنس میں ترکی اور پاکستان کے درمیان ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہوا جس میں کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کو پیش کی جانے والی حج پالیسی کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار210 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق حج پالیسی کے تحت حج کوٹا گورنمنٹ اسکیم اور پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم ہوگا جب کہ سرکاری حج پیکج 10لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان ہوگا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ کابینہ کی منظوری کے بعد حج درخواستوں کی وصولی کا شیڈول جاری ہوگا اور بینکوں کے انتخاب کے لیے خواہش مند بینکوں سے 25 اکتوبر تک کوا ئف طلب کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ منظور شدہ ڈرافٹ وزارت مذہبی امور کو بھجوائے گی جس کے بعد وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2025کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
کراچی : کراچی کے شہریوں کیلئےنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی مزید مہنگی کردی۔
نیپرا کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے 40 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی ہونے کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے شہریوں کیلئے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 40 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔
نیپرا نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کےالیکٹرک صارفین سے وصولی جنوری کے بلوں میں کی جائے گی جب کہ ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے مدرسوں میں 300 سے زیادہ آلٹرنیٹ لرننگ پاتھ وے پروگرام سینٹرز کھولنے کا اعلان کردیا۔
قبائلی اضلاع میں 70فیصد لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں، تعلیمی اداروں سے باہر لاکھوں بچوں کو اسکول کے دریچوں تک لاناکے پی حکومت کیلئے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔
دوسری جانب قبائلی اضلاع میں ہونے والی دہشتگردی کے باعث بھی لڑکیوں کے اسکولوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، ان بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے کہا کہ اے ایل پی پروگرام کے تحت صوبے کے 27 اضلاع میں 1250 سے زیادہ سینٹرز قائم کیے گئے جہاں 62 ہزار سےزائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
لاہور: لاہور بورڈ نے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کےسالانہ امتحانات برائے2025 سے بائیو میٹرک حاضری متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔
امتحانی سنٹر میں داخل ہونے سے قبل بچوں کی بائیو میٹرک کی جائے گی، اس اقدا م سے جعلی امیدوار امتحانی سنٹر میں داخل نہیں ہو سکے گا۔رواں سال امتحانات میں درجنوں جعلی امیدوار وں کے خلاف یو ایم سی بنائے گئے ۔
بائیو میٹرک کا آغاز میٹرک امتحان 2025 سے کئے جانے کا امکان ہے ۔بورڈ حکام کے مطابق داخلے بھجواتے وقت بچوں کی انگلیوں کے نشانات اور لائیو تصاویر بھی لی جائیں گی۔