پنجاب: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی اقبال ٹاؤن کا دورہ کیا۔
گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں قائم لیب کی اپ گریڈیشن کے بعدافتتاح کیا گیا۔لیب میں 25 کور آئی 5 کمپیوٹر، 86 ایل ای ڈی اور دیگر ضروری آئی ٹی کے آلات نصب کئے گئے ۔
صوبائی وزیر نے کورس کے تیسرے سال کیلئے چین جانے والے طلبا میں ویزے اور ائیر ٹکٹس تقسیم کئے۔
ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت 38 طلبا 7 نومبر کو چین روانہ ہوں گے، رہائش اور تعلیم کے اخراجات چین کا ادارہ تھینگ برداشت کرے گا۔
لاہور: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیرکی زیرِصدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس ہوا۔
اجلا س میں متعدد نئے تعلیمی پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
منظور کئے گئے پروگرامز میں بی ایس سی اپلائیڈ کمپیوٹنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،گیمنگ اینڈ اینیمیشن، انفارمیشن سسٹمز ٹیکنالوجی،ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام انفارمیشن ٹیکنالوجی اورکمپیوٹر انجینئرنگ شامل ہیں۔
کونسل نے بورڈ فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ پلاننگ کی سفارشات پر بیچلر آف سائنس انٹیریئرڈیزائن کی بھی منظور ی دی۔
لاہور: پنجاب کی جامعات میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔
مختلف جامعات کی جانب سے ٹھیکیداروں کو21 کروڑ 70 لاکھ کی رقم زیادہ دینے کا انکشاف ہو اہے۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غلط اعدادوشمار کرکے ٹھیکیداروں کو زیادہ پیسے دئیے گئے ۔ کنسلٹنٹ سے بلڈنگ گرنے کے باوجود ریکوری نہیں کی گئی۔ مختلف ٹھیکیداروں کوزیادہ ریٹس پر کام دیا گیا ۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات نے الحاق شدہ کالجوں سے وصولیاں بھی نہیں کیں ۔
یاددہانیوں کے بعد پنجاب یونیورسٹی نے کالجوں سے 15 کروڑ 40 لاکھ روپے نہیں لئے ۔ خواجہ فرید یونیورسٹی نے 50 لاکھ کے قریب ریکوری نہیں کی ۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ نئے وائس چانسلر نے اس کا نوٹس لیا اور کافی اداروں سے ریکوری ہو چکی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کیخلاف شکست کے بعد لب کشائی کردی۔
میلبرن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں وکٹوں سے شکست کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں، ہم لڑیں گے اور جیت کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کینگروز کیخلاف ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا البتہ نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔ ٹیم نے جس طرح فائٹ کی اس پر فخر ہے، رضوان نے حارث رؤف کی بالنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انکی غیر معمولی کارکردگی نے پاکستان کو میچ میں رکھا۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے رضوان نے سب سے زیادہ 71 گیندوں پر 44 رنز بنائے جب کہ نسیم شاہ نے 39 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف 46.4 اوورز میں صرف 203 رنز بناسکی اور پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا نے صرف 34 اوورز میں 8 وکٹوں پر 207 رنز بناکر میچ اپنے نام کیا، اس میچ میں حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا کو 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج پھر تیزی کا رجحان ہے اور انڈیکس ایک بار پھر 92ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بازارِ حصص میں 41 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 91979 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا اور ایک موقع پر 176 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 92114 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 91 اور 92 ہزار کی دونوں نفسیاتی سطحیں عبور کرگیا تھا
ملک بھر میں پولیو کی کل تعداد 46 تک پہنچ گئی۔
متعلقہ لیب نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے ایک بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (WPV1) کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد قلعہ سیف اللہ سے پولیو کا یہ دوسرا کیس ہے جب کہ ملک بھر میں کیسز کی کل تعداد 46 ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کئی ماحولیاتی نمونوں میں WPV1 کے لیے مثبت تجربہ کیا گیا ہے۔ اب تک صوبہ بلوچستان سے 23، صوبہ سندھ سے 12، کے پی سے 9 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
نئے سامنے آنے والے کیس میں بچے سے جمع کیے گئے نمونے کی جینیاتی ترتیب جاری ہے۔ 76 اضلاع میں WPV1 کا پتا چلا ہے، جو وائرس کی وسیع پیمانے پر گردش اور بچوں کی صحت کے لیے ایک ایسی بیماری سے مسلسل سنگین خطرے کی نشاندہی کرتا ہے جو انہیں زندگی بھر کے لیے مفلوج کر سکتا ہے۔
بلوچستان اس سال سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ مہم کے نفاذ کو گزشتہ مہینوں میں مقامی سطح پر ہونے والے مظاہروں اور عدم تحفظ کی وجہ سے اس خطے میں چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کیسز کی زیادہ تعداد اس نقصان کی نشاندہی کرتی ہے جو بچوں کو ویکسینیشن کے مواقع سے محروم ہونے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں اور 5سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لیے معمول کے قطرے پلانے کے شیڈول کی تکمیل انہیں محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے مائیکروبایولوجی میں ایف سی پی ایس ٹریننگ کے لیے منظوری حاصل کر لی ہے۔
یہ منظوری جے ایس ایم یو کے مستند مائیکروبایولوجی پروگرام کی کامیاب تکمیل اور جدید تربیتی تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت کا اعتراف ہے۔
جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر، پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا، "سی پی ایس پی کی جانب سے یہ منظوری ہمارے فیکلٹی اور عملے کی محنت اور ہمارے عالمی معیار کی طبی تعلیم فراہم کرنے کے عزم کا اعتراف ہے۔ اس سے ہمارے طلبہ کے لیے نئے مواقع کھلیں گے اور سندھ میں صحت کے شعبے کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔"
جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیب کے انچارج اور پروفیسر آف پیتھالوجی ڈاکٹر محمود حسن نے بتایا کہ ایف سی پی ایس ٹریننگ جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیب میں ڈاکٹر بینش عارف کی زیر نگرانی منعقد کی جائے گی۔ ڈاکٹر محمود حسن اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ٹریننگ سیشنز سی پی ایس پی کے اصولوں کے مطابق ہوں۔
پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر در محمد نے کہا، "ہم اپنے پروگراموں کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ طبی شعبے کی بدلتی ضروریات کو پورا کر سکیں اور صوبے کے عوام کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔"
اس منظوری کو برقرار رکھنے کے لیے، جے ایس ایم یو ہر پانچ سال میں ایک بار دوبارہ معائنہ کروائے گا جس میں سی پی ایس پی کے تمام اصول و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔
لاہور: پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے شکست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ردعمل سامنے آگیا۔
محسن نقوی نے شکست کے باوجود قومی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ایک مشکل میچ میں لڑنے پر پاکستانی ٹیم کو شاباش دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر محسن نقوی نے لکھا کہ آپ لڑکوں نے اپنا سب کچھ دیا اور بہترین طریقے سے مقابلہ کیا، یہ صرف پہلا میچ ہے اور ہمیں یقین ہے آپ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر کرنے کا موقع دیں گے۔
آسٹریلیا نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے، دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔
مانیٹرنگ ڈیسک : مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز ہیلو آتھنتیکیشن کے یوزر انٹرفیس کو نیا کیئے جانے کااعلان کیاگیا ہے۔
چہرے اور فنگرپرنٹ سمیت دیگر طریقوں سے صارف کی شناخت کی تصدیق کرنے والے اس سسٹم کو ونڈوز 11 میں ری ڈیزائن کیا جارہا ہے۔
ابھی ونڈوز ہیلو کا نیا ڈیزائن بیٹا (beta) ورژن میں محدود افراد کو دستیاب ہے۔
نئے ڈیزائن میں نئے آئیکونز دیے گئے ہیں اور پاس کیز کے فیچر کو بہتر بنایا گیا ہے۔
یہ نیا یوزر انٹرفیس نہ صرف ونڈوز 11 کے لاگ ان اسکرین پر نظر آئے گا بلکہ جب آپ ویب سائٹس اور ایپس پر پاس کیز کے ذریعے سائن ان ہوں گے تو جب بھی یہ کام کرے گا.
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہم نے ونڈوز میں پاس کیز کے ذریعے صارف کی تصدیق کے سسٹم کو ری ڈیزائن کیا ہے تاکہ یہ عمل زیادہ محفوظ اور برق رفتار ہو جائے۔
بیان میں بتایا گیا کہ صارفین آتھنتیکیشن آپشنز جیسے پاس کیز اور دیگر کا انتخاب کرسکیں گے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے ابھی صرف ونڈوز 11 پاس کیز سپورٹ دی گئی ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائسز سے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوتا ہے۔مگر نئے یوزر انٹرفیس میں اس عمل کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے۔
کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال سےلاپتاہونے والے 9 بلوچ طالب علموں میں سے 7 کوبازیاب کروالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو گلشن اقبال کے علاقے سے لاپتا 9 بلوچ طالب علموں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں گمشدہ طلبہ کی بازیابی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ پولیس نےگمشدہ ہونے والے طالبعلموں کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی ہے جس میں بتایا گیا کہ 7 لاپتا طالب علم واپس آگئے ہیں۔
پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ واپس آنے والے طالب علموں میں شعیب علی، اشفاق، شہزاد، بیبگر امیر، زبیر، قمبر علی اور سعید اللہ شامل ہیں۔ محمد جاوید نامی طالب گمشدگی کے ایک روز بعد واپس آگیا تھا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ لاپتا طالب علم محمد حنیف کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیے کہ اچھی بات ہے، خیریت سے واپس آگئے۔
درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ دن دیہاڑے طالب علموں کو اٹھا کر لے جایا گیا تھا۔ پولیس نے طالب علموں کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ بھی درج ہوجائے گا۔ عدالت نے واپس آنے والے طالب علموں اور درخواست گزار کو پولیس تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے طالب علم حنیف کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 9 بلوچ طالب علم 16 اکتوبر کو گلشن اقبال کے علاقے سے لاپتا ہوگئے تھے