بیجنگ: چاند پر جھنڈا لگانے والا چائنہ دنیا کا دوسرا ملک بن گیا ۔چین کے نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری تصاویر میں چینی پرچم کو چاند کی سطح پر ساکن کھڑا دیکھا جاسکتا ہے
یہ تصویرجمعرات کے روز زمین پر واپسی سے چین کے غیر انسانی چاند مشن چینج 5 خلائی جہاز سے لی گئی ہے جسے چاند کی سطح سے چٹانوں کے نمونے لانے کیلیے بھیجا گیا تھا۔
اس سے قبل بھی دو بار چاند پر جانے والے چینی مشنز میں چینی جھنڈا موجود تھا تاہم وہ چاند کی سطح پر نصب نہیں کیا جاسکا تھا۔ تاہم اب چین نے کامیابی کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ چاند پر پرچم لگانے والا امریکہ دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے 1969 میں اپولو 11 انسانی چاند مشن کے دوران وہاں جھنڈا لگایا تھا۔ 1972 تک متعدد امریکی مشنز نے چاند کی سطح پر مزید 5 جھنڈے لگائے۔
امریکی خلائی اداے ناسا کی جانب سے 2012 میں جاری سیٹلائٹ تصویر میں دکھایا گیا تھا کہ پانچ جھنڈے اب بھی لگے ہوئے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ جھنڈے سورج کی تیز روشنی کی وجہ سے سفید ہوگئے ہیں۔
ریاض: امریکا میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹے نے نفسیات میں ایک ہی ساتھ اسکالر شپ پر اعلیٰ ڈگری حاصل کر کے عالمی شہرت حاصل کرلی۔
عرب میڈیا کے مطابق شاہ عبد العزیز یونیورسٹی میں تدریسی فرائض انجام دینے والی ریما الھویش اور اُن کے صاحبزادے عبدالرحمان کو امریکی یونیورسٹی میں اسکالر شپ پر بھیجا گیا تھا، ماں بیٹے نے ایک ہی مضمون میں اعلیٰ ڈگری حاصل کرکے مثال قائم کردی۔
ریما الھویش نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نفسیات میرا پسندیدہ مضمون ہے اور میں یونیورسٹی میں پڑھاتی بھی ہوں لیکن میرے بیٹے کو میڈیکل کے لیے اسکالر شپ ملی تھی تاہم اس کا دل نہ لگا تو اس نے بھی نفسیات میں داخلہ لے لیا۔
ماں نے امریکی یونیورسٹی میں نفسیات میں پی ایچ ڈی مکمل کی تو بیٹے نے اسی مضمون میں ایم اے کیا۔ دونوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک پروجیکٹ کے سلسلے میں کورونا کے مریضوں کو نفسیاتی مدد بھی فراہم کی۔
ماں بیٹے کی اعلیٰ تعلیم اور کورونا وبا کے دوران مریضوں کو امداد دینے پر امریکا کی جانب سے اسناد بھی پیش کی گئیں اور دونوں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ادارے ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر اور ہیمانی انٹرنیشنل کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں
معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کا نہ صرف مشترکہ طور پر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے میدان میں کام کرنا ہے بلکہ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی میں آر اینڈ ڈی یونٹ بھی قائم کرنا ہے جس میں بالخصوص کاسمیٹکس اور نیچرل ہیلتھ پر تحقیقی کام کیا جائے گا۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور ہیمانی انٹرنیشنل کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر علی عباس نے گزشتہ روز ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔
انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمارترقی پذیر دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے، بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" کے منصب پر بھی فائز ہے۔
ہیمانی انٹرنیشنل کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر علی عباس نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی و تحقیقی ادارے کے ساتھ ایک انڈسٹری کا مل کر کسی یونیورسٹی میں ”آر اینڈ ڈی“ یونٹ کے قیام سے یقینا ایک نئی مثال قائم ہوگی۔ یہ تحقیقی یونٹ نیچرل ہیلتھ اور بیوٹی پر مبنی سمیٹکس پرزیادہ توجہ دیگا۔
کراچی: بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری نے داخلہ برائے 2021 ۔ 2020 کے فارم جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے ترجمان کے مطابق بیچلرز، ماسٹرز کےمارننگ و ایوونگ پروگرامز،ایم فل ، ویکنڈ کلاسز میں داخلے کے لئے 15 دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے
داخلہ لینے والے خواہشمند امیدوار 15 دسمبر تک آفیشل ویب سائٹ www.bbsul.edu.pk پر آن لائن داخلہ فارم جمع کراسکتےہیں۔جبکہ داخلہ ٹیسٹ کےلئے تاریخ کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں آفیسرز ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے سال 2020-21 کا انعقاد کیا گیا ، تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
الیکشن کمشنر ڈاکٹر محمد افضل چھجڑو کی جانب سے جاری انتخابی نتائج کے نوٹیفکیشن کے مطابق مشتاق محمد گوپانگ صدر، اظہار حسین جنرل سیکریٹری، عبدالوحید جتوئی سینیئر نائب صدر، ممتازعلی سومرو نائب صدر، ، محمد سہیل بلوچ جوائنٹ سیکریٹری (میل)، نادیہ کرن جوائنٹ سیکریٹری (فی میل)، طلال حسن فنانس سیکریٹری اور صداقت حسین بلا مقابلہ پریس سیکریٹری منتخب ہوئے۔
نو منتخب عہدیداران کو ایسوسی ایشن کے تمام ممبران نے مبارکباد دیتے ہوئے اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا تاہم عہدیداران نے عہد کیا کہ وہ جائز حقوق و مطالبات اور جامعہ کی بہتری کےلئے کوشاں رہیں گے۔
واضح رہے کہ ایس ایم آئی یو میں آفیسرز ایسو سی ایشن کا قیام 22 اکتوبر 2020 کو عمل میں آیا تھا جس کے بعد یہ پہلی باقاعدہ منتخب کابینہ ہ
کراچی: جامعہ کراچی نے شعبہ ویژول اسٹڈیز کا داخلہ ٹیسٹ کااعلان کردیا
جامعہ کراچی شعبہ ویژول اسٹڈیز کا داخلہ ٹیسٹ 06 دسمبر کو ہوگا
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق شعبہ ویژول اسٹڈیز میں بیچلرز آف ڈیزائن(چارسالہ پروگرام)،بیچلرز آف فائن آرٹس(چارسالہ پروگرام) اور بیچلرز آف آرکیٹیکچرز (پانچ سالہ پروگرام)میں داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ اتوار06 دسمبر2020 ء کو منعقد ہوگا۔
طلبہ اپنے ایڈمٹ کارڈ اپنے پورٹل سے پرنٹ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امتحانی مرکز اور مقررہ وقت کی تفصیل ایڈمٹ کارڈ پر موجود ہو گی۔علاوہ ازیں طلبہ کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل بھی آگاہ کیا جائے گا۔
داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیزکے مطابق فیس ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔
کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے علوم شرقیہ کے امتحانات برائے سال 2020کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے ناظم امتحانات عبدالرزاق ڈیپر کے مطابق علوم شرقیہ کے امتحانات برائے سال 2020کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں لیٹ فیس کے ساتھ 15/دسمبر2020 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
لہٰذا جن طلباء و طالبات نے ابھی تک امتحانی فارم جمع نہیں کرائے ہیں وہ جلد از جلد اپنے امتحانی فارم کمرہ نمبر 15دوسری منزل بلاک Aسے چیک کرانے کے بعد نیشنل بینک، عسکری کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک بورڈ آفس بوتھ میں جمع کرا دیں۔
اس کے بعد تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹرخزاں2020ء میں داخلے کے منتخب امیدواروں کی میرٹ لسٹیں جاری کردی ہیں
جاری کردہ فہرست میں ایم ایس سسٹینیبل انوائرمنٹل ڈیزائن ،ْ ایم ایس سی پبلک نیوٹریشن اور ایم ایس سی ماس کمیونیکیشن پروگرامز میں داخلے کے منتخب امیدواروںکے نام شامل ہیں ۔
یونیورسٹی منتخب امیدواروں کو مطلوبہ داخلہ فیس جمع کرانے کے لئے ان کے دئیے گئے پتوں پر بذریعہ ڈاک خطوط ارسال کر رہی ہے ۔
داخلے کے منتظر امیدوار اپنے نام کی تصدیق یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر فراہم کردہ میرٹ لسٹوں سے بھی کرسکتے ہیں۔
وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم کی ہدایات پر میرٹ لسٹیں مقررہ اہلیت کے مطابق انتہائی شفاف اور خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر مرتب کی گئیں ہیں ۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2020ء میں میرٹ بیسڈ پروگرامز )پی ایچ ڈی ،ْ ایم فل ،ْ ایم ایس سی ،ْ ایم بی اے اور بی ایس پروگرامز( آفر کئے تھے۔
ٹیفل(TEFL)اور ایم ایس سی فارسٹری ایکسٹینشن پروگرامز کی میرٹ لسٹیں تیار کی جارہی ہے۔
عنقریب یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر لگادی جائے گی۔
راولپنڈی: مدرسے میں زیر تعلیم تیرہ سالہ طالب علم کے موبائل فون رکھنے پر معلم نے شاگردوں کے ساتھ مل کر طالب علم پر شدید تشدد کیا۔
محلہ حکمداد کے رہائشی بہادر خان نے مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ تیرہ سالہ بیٹا محمد رضوان مدرسے میں دینی تعلیم حاصل کررہا ہے اور وہیں رہائش پذیر ہے، اس کے پاس گھر میں رابطہ رکھنے کے لیے موبائل فون ہوتا تھا۔
بہادر خان نے بتایا کہ مدرسے کے استاد قاری مشتاق کو موبائل فون کا علم ہوا تو انہوں نے میرے بیٹے کو مارنا شروع کردیا جس پر بیٹے نے معافی مانگی لیکن قاری مشتاق کو بچے پر ترس نہ آیا اور انھوں نے تین لڑکوں کی مدد سے بیٹے کو پکڑ کر پاؤں میں زنجیر باندھ کر الٹا لٹکا کر تشدد کیا، بیٹے کی آنکھ پر بھی تشدد کے نشان ہیں۔
ایس ایچ او وارث خان انسپکڑ عبدل عزیز کا کہنا تھا کہ طالب علم پر تشدد کرنے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مدرسے کے معلم قاری مشتاق ، عرفان اور تیمور کو گرفتار کرلیا جبکہ تیسرا ملزم صدیق فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مارنے میں مصروف ہے۔
بیجنگ: چین کا تیسرا روبوٹک مشن چینگ 5 چاند پر کامیابی سےپہنچ گیا اور آئندہ دو ہفتوں میں وہاں سے پتھروں کے نمونے لے کر واپس زمین پر آئے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے خلائی مشن نے چین کی سطح پر لینڈنگ کی ہے جس کا مقصد چاند سے نمونے زمین پر لانا ہے اور اگر یہ مشن کامیاب ہوجاتا ہے تو 50 برس بعد چاند سے نمونے زمین پر لائے جائیں گے۔
چین کا خلائی مشن 2 اسپیس کرافٹ لینڈر اور چاند گاڑی پر مشتمل ہیں جو ایک دوسرے کے اوپر رکھے گئے ہیں۔ اس میں سے لینڈر ایک روبوٹک ہاتھ کو استعمال کرکے چاند کی سطح پر کھدائی کر کے چٹانوں کے نمونے ایک ڈبے میں جمع کرے گا جس کے بعد اس ڈبے کو چاند گاڑی میں منتقل کیا جائے گا۔
چاند سے نمونے جمع کرنے کے بعد خلائی مشن چینگ 5 زمین کی جانب سفر شروع کرے گا اور 16 یا 17 دسمبر کو زمین پر پہنچ جائے گا۔ یہ چین کا چاند پر بھیجے جانے والا تیسرا روبوٹک مشن ہے تاہم پہلی بار مشن چاند سے نمونے لانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
یوں تو چاند سے نمونے اس سے قبل روس اور امریکی مشن بھی لا چکے ہیں تاہم چین کی خلائی گاڑی ان سے کئی گنا بہتر نمونے لائے گئی جن سے چاند کی تشکیل اور وہاں ہونے والی آتش فشانی سرگرمیوں سے متعلق اہم معلومات ملنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل امریکا اور سوویت یونین کے خلائی مشنز بھی چاند سے نمونے زمین پر لانے میں کامیاب ہوگئے تھے، 1969 سے 1972 کے امریکی خلاباز چاند سے 382 کلوگرام چٹانیں اور دیگر نمونے واپس زمین پر لائے تھے۔