ھفتہ, 04 مئی 2024

اسلا م آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں یکساں نصاب کا نفاذ نئے تعلیمی سال سے شروع ہوگا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود مارٹن ڈاؤاور نٹ شیل کانفرنسز کے زیر ِ اہتمام منعقد ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی جاری وبا کے دوران اسکول جانے والے بچوں کی صحت سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں تعلیم کے یکساں نظام کو متعارف کرائے گی تاکہ ملک میں تعلیم کے متعدد نظام کو ختم کیا جاسکے۔گذشتہ 70 سالوں میں حکومت کے زیر انتظام تعلیمی نظام کو نظرانداز کیا گیا تھا اور اگر ہم متعدد سیکھنے کے نظام کو جاری رکھیں گے تو اس نظام میں مزید خرابی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں اسکول سے باہر کے بچوں کے داخلے کے لئے ایک خصوصی پروگرام شروع کرے گی۔
کلاس ایک سے پانچ تک کے طالب علموں کو پڑھانے کے لئے ریڈیو کا میڈیم استعمال ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کوڈ 19 ایمرجنسی کی وجہ سے ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ لینے کے لئے وزیر تعلیم کے بین الصوبائی اجلاس 23 نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت ملک کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو 100 ارب روپے کے فنڈ مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی سندھ میں نظام تعلیم کے امور کی اصلاح کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں تعلیمی نصاب میں کمی کی گئی ہے۔

اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے صوبوں کو تجاویز بجھوا دیں۔
سمری میں تجاویز پیش کی گئی ہیں کہ تعلیمی ادارے 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کر دیئے جائیں۔

تمام تعلیمی ادار سلسلے وار بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے مطابق 24 نومبر سے پرائمری اسکول ، 2 دسمبر سے مڈل اسکول اور 15 دسمبر سے سکینڈری اور ہائر سکینڈری اسکول بند کر دیئے جائیں۔

جبکہ تعلیمی سیشن 31 مئی اور میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان جون میں لینے کی تجویز دی گئی ہے۔
اساتذہ کو آن لائن کلاسوں کی تیاری کے لیے اداروں میں بلوایا جائے۔
23 نومبر کی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں صوبے اپنی تجاویز دیں گے۔

کراچی : ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے گزشتہ روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے المرکز اسلامی عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں دوسرے سی ایس ایس کارنر کے افتتاح کردیا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سی ایس ایس مقابلے کا امتحان ہے اس کے لئے اسمارٹ ریڈنگ، اپنے مضامین پر فوکس، لائبریری میں بیٹھ کر مطالعہ اور انگلش مضمون نگاری پر عبور ہونا ضروری ہے ، یہ کوئی مشکل امتحان نہیں ہے ہر اچھا طالب علم اسے پاس کرسکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ متوسط و غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ذریعے موجودہ بیوروکریٹس کی جگہ لیں اور خود کو اعلیٰ سرکاری عہدے کا اہل ثابت کردکھائیں، کراچی کے ہر علاقے کے نوجوان طلبہ و طالبات کو سی ایس ایس امتحان کی تیاری کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جس کے مستقبل میں انتہائی مثبت نتائج سامنے آئیں گے

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل پارکس طحہ سلیم، ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈاکٹر وقاص روشن، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر ویمن اسپورٹس کمپلیکس ناہید عابدہ، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کنور ایوب، ڈائریکٹر کلچر شمس مسعودی ، سابق سینئر بیوروکریٹس، اعلیٰ افسران اور طلبا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

 

مانیٹرنگ ڈیسک : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے فلِیٹس نامی نیا فیچر متعارف کرادیا ہے
جو اسنیپ چیٹ اور انسٹاگرام اسٹوریز سے ملتا جلتا ہے جو ٹیکسٹ، فوٹوز، ویڈیوز کو 24 گھنٹے بعد غائب کردیتا ہے۔یعنی انسٹاگرام اسٹوریجز جیسا جو کہ خود اسنیپ چیٹ اسٹوریز کی نقل ہے۔

درحقیقت ٹوئٹر نے اس فیچر کو اپنانے میں کافی وقت لگایا ہے جو حیران کن ہے کیونکہ فیس بک کی تمام ایپس میں اسے پہلے ہی پیش کیا جاچکا ہے۔
یہ فیچر ٹوئٹر کے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کے تحت شیئر کیے جانے والی تصاویر،پیغامات اور ویڈیوز کو لائیک ،ری ٹوئٹ،یا رئیپلائی کے بجائے ان پر ڈائریکٹ میسجز پر رئیپلائی کیا جاسکے گا۔

ٹوئٹر کے گروپ پراڈکٹ منیجر مو الڈہام کے مطابق اس فیچر کو صارفین روزمرہ کے خیالات کے لیے کریں گے جو کہ روایتی ٹوئٹس کے اسٹرکچر سے الگ ہوں گے، اسی لیے ان کو لائیک یا ری ٹوئٹ نہیں کیا جاسکے گا۔

اسلام آباد :  علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پرگزشتہ روز منعقد ہونے والے بی اے ، بی ایس، ایم اے ، ایم ایس سی، بی ایڈ اور ایم ایڈ پروگراموں کے مختلف مضامین کے امتحانی پرچہ جات راولپنڈی شہر اور اسلام آباد ریجن کے تمام علاقوں میں ملتوی کر دیئے ہیں

اس فیصلے کا اطلاق ملک کے دوسرے علاقوں پر نہیں ہو گا۔کنٹرولر امتحانات کے دفتر سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ملتوی ہونے والے امتحانی پرچہ جات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔

یونیورسٹی کے ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی نے چند انتظامی معاملات کی بنا پر امتحانی سینٹر نمبر 177 (تنویر حسین شہید ماڈل کالج فاربوائز(IMCB) سٹریٹ نمبر 43 ، سیکٹر7/4 G-اسلام آباد)سے امتحانی سنٹر نمبر 171 (آذان خان شہید ماڈل اسکول برائے طلبہ (IMCB) سٹریٹ نمبر 10 ، سیکٹر F-8/3 )میں منتقل کر دیا ہے ۔

 کراچی: وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت گزشتہ روز جامعہ کراچی کے اکیڈمک کونسل کا اجلاس کلیہ فنون وسماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں داخلے برائے سال 2021 ء سے متعلق پالیسی کی منظوری دی گئی،داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد اور طریقہ کار سے متعلق فیصلہ کرونا وائرس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

اجلاس میں کووڈ 19 ہنگامی صورتحال کے تناظر میں پالیسی برائے آن لائن امتحانات،اسسمنٹ اینڈ ایویلیشن کی منظوری دی گئی بورڈ برائے کلیہ تعلیم اور ایڈوانسڈاسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ پر تین اراکین کی بحیثیت نمائندہ اکیڈمک کونسل تین سال کی مدت کے لئے نامزدگی کی منظوری دی گئی ۔
کلیہ تعلیم کے لئےشعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری ،شعبہ نفسیات کی پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال، اور شعبہ ارضیات کی پروفیسر ڈاکٹر ارم بشیر جبکہ ایڈوانسڈاسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے لئے شعبہ بائیوکیمسٹری کے پروفیسر ڈاکٹرشاہ علی القدر،شعبہ فارماسیوٹیکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب اور شعبہ جینیات کے پروفیسر ڈاکٹر مقصود علی انصاری کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔الحاق کمیٹی پر ایک رکن کی دوسال کی مدت کے لئے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔
ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے اجلاس منعقدہ16 اور 22 فروری،28 مارچ،25 اپریل،31 مئی،25 جون،30 جولائی،03 ستمبر2019 ء اور23 جنوری،04 مارچ،07 مئی اور18 جون 2020 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی۔

سیکریٹری الحاق کمیٹی کے توسط سے وصول ہونے والے پرنسپل آرمی پبلک ڈگری کالج کے خط مورخہ 20 فروری 2020 ء کی روشنی میں کالج میں جاری بی بی اے چارسالہ پروگرام میں سال میں صرف ایک مرتبہ داخلے کی اجازت دی گئی اور نشستوں کو 30 سے بڑھاکرپچاس کرنے کی منظوری دی گئی۔

صدف طاہر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمیشن اینڈ کوآرڈینیشن (اے اینڈ سی) ڈویژن،ہائرایجوکیشن کمیشن کے ای میل مورخہ 12 اگست 2020 ء کے تحت ارسال کردہ انڈرگریجویٹ پالیسی 2020 ء کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان،پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال،پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب اور پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید شامل ہیں جو اپنی سفارشات مرتب کرکے آئند ہونے والے اجلاس میں پیش کریں گے۔

معادلہ کمیٹی کے اجلاس منعقدہ 26 ستمبراور21 نومبر2019 ء کی روداد کی توثیق کی گئی۔بورڈ برائے کلیہ فارمیسی اینڈ فارما سیوٹیکل سائنسز کے اجلاس منعقدہ یکم اکتوبر 2020 ء کی روداد کی توثیق کی گئی۔اکیڈمک کونسل کے اجلاس منعقدہ 22 نومبر2019 ء اور خصوصی اجلاس05 جون 2020 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی

کراچی: صدرآل پاکستان پرائیویٹ ا سکولز فیڈریشن نے وزرائے تعلیم کانفرنس کے اعلامیہ کا خیرمقدم کرتےہوئے کاشف مرزا نے کہا ہے کہ کوویڈ میں 7.5کروڑطلباءکی تعلیم کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہےوقت قلت کی وجہ سےموسم سرماتعطیلات نہیں ہونگی۔

انہوں نے مزید کہا ہےتعلیمی سال اپریل کے بجائے اگست تک کرنےکی تجویزمستردکرتے ہیں اقوامِ متحدہ،یونیسف،یونیسکووعالمی بینک کی ایڈوائزری کےمطابق کورونا کے خدشات میں بھی اسکولز کھلے رکھے جائیں،بند کرنے سے نقصانات زیادہ ہیں۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے ثابت کیا ہےکہ طلباءتعلیمی اداروں میں مکمل محفوظ ہیں پرائیویٹ اسکولز SOPs پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔SOPs پر عملدرآمد کیلئے50ارب روپے چاہیے، فوری ادا کیے جائیں۔

صدرکاشف مرزانےبڑھتے ہوئےکرونا کیسز کی وجہ حکومتی نااہلی اور سیاسی اجتماعات و جلسے کوقراردیتے ہوئے شدید لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اجتماعات و جلسوں سے کرونا پھیلنےاور کروڑوں پاکستانیوں کو جان کا خطرہ ہے۔ وزیراعظم،چیف جسٹس،آرمی چیف اور NCOC غیر قانونی سیاسی اجتماعات و جلسوں کا نوٹس لیں اور رکوائیں۔سیاسی اجتماعات و جلسےحکومتی پالیسی وNCOC کے فیصلوں کی تحضیک ہے۔
 
انہوں نے مزید کہاہے کہ اسکولزکو بند کرنے کی افواہوں پر کان نہ دھریں، ماسک پہنیں اور SOPs پر لازمی عمل کریںسول سوسائٹی وحکومت ملکرSOPs کو یقینی اور بچوں کو محفوظ بنائےبچوں کی تعلیم،صحت وتحفظ اولین ترجیح،کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔


مری : کوہسار یونیورسٹی مری کے سنڈیکیٹ کی پہلی میٹنگ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز، ایم این اے صداقت علی عباسی اور وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم عباسی کی زیرِ صدارت ہوئی۔

اجلاس میں قوانین کی منظوری اور داخلے کرنیکی اجازت دی گئی صوبائی وزیر راجہ یاسر سرفراز نے کہا کہ ان شاء اللہ کوہسار یونیورسٹی کو ملک کی بڑی یونیورسٹیز کی صف میں شامل کروائیں گے۔

، ادارہ کے تعلیمی معیار پر کوئی کسر نہیں رکھی جائیگی،صداقت علی عباسی نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا سب سے بڑا خواب اپنے حلقے میں تعلیمی ادارے بنانا تھا۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس جاری ہے ۔

تعلیمی اداروں میں کورونا کیسزایس اوپیز پر عملدرآمد اور کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

صوبائی وزراء، محکمہ تعلیم کے حکام،وزارت صحت اور این سی او سی کے حکام اجلاس میں شریک ہیں
موسم سرما کی تعطیلات جلد اور طویل رکھنے تجاویز پر غورکیا جارہاہے۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر او رپرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2021کے جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

میٹرک بورڈ کے ناظم امتحانات عبدالرزاق ڈیپرکی ہدایت کے مطابق ایسے طلباء وطالبات جو نہم جماعت 2020، گزشتہ سالوں میں ناکام، امپروومنٹ آف گریڈ، اضافی پرچے یا دیگر بورڈز کے امتحانات2021 میں شریک ہونا چاہتے ہیں وہ بھی امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں جبکہ گورنمنٹ اسکولوں کو بھی ہدایات کی جاتی ہے کہ وہ امتحانی فارم بغیر کسی فیس کے اسی شیڈول کے مطابق جمع کرا ئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ فارم 16نومبر سے15دسمبر تک بغیر لیٹ فیس کے ساتھ وصول کئے جائیں گے جبکہ 16دسمبرسے 31دسمبر2020 تک200 روپے،یکم جنوری 2021سے 15جنوری تک500 روپے،18جنوری سے 29جنوری تک800 روپے،یکم فروری سے12فروری تک 1200 روپے،15فروری سے26فروری تک 1500 روپے، یکم مارچ سے12مارچ تک 1800روپے اور آخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائنس وجنرل گروپ ریگولر کے امتحانی فارم بورڈ ہذا کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع ہوں گے، فارم کیساتھ بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کی رجسٹریشن کی کاپی اور پریکٹیکل سیکشن سے جاری کردہ سوالنامہ کی فوٹو کاپی منسلک کرنا لازمی ہے جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات کے امتحانی فارم متعلقہ بینکوں میں جمع کئے جائیں گے۔

انہوں نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ امتحانی فارم نیشنل بینک،عسکری کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ بورڈ آفس بوتھ سے حاصل کر سکتے ہیں جبکہ یہ فارم بورڈ کے امتحانی اسٹور پر بھی دستیاب ہوں گے جو سیکرٹری بورڈ کے نام فارم کی قیمت (مبلغ 100روپے فی فارم) کے پے آرڈر کے ذریعے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی جاتی ہے کہ فارم کو جمع کرانے کیلئے طلباء و طالبات کو انفرادی طور پر بورڈ آفس نہ بھیجیں۔

Page 10 of 1156