جمعرات, 19 ستمبر 2024

 

ایمزٹی وی(کراچی)شاہ زیب قتل کیس پر سول سوسائٹی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اپیل دائر کردی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ شاہ زیب کےاہل خانہ صلح کرچکے، حکومت ملزمان کی طرف داری کررہی ہے، ایسےمیں سول سوسائٹی ہی اس کیس کوآگےلےکرچلےگی۔
کراچی رجسٹری میں دائر اپیل میں کہا گیا کہ شاہ زیب قتل ذاتی نوعیت کا قتل نہیں، اس کے معاشرے پر سنگین نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی سمیت چار ملزمان کو ضمانت پر رہاکردیا گیاتھا۔
کراچی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں مقتول کے والداورنگزیب نے معافی کا حلف نامہ جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹے کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا، گھر والوں کی مرضی سے ملزمان کے اہل خانہ سے صلح کی۔ اس لئے ملزمان کی ضمانت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جیٹ فیول کی اوپن مارکیٹ میں فروخت اور2 ارب37کروڑ روپےکرپشن کے کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے انکوائری مکمل نہ ہونے پر نیب پراسیکیوٹر منصف جان ایڈووکیٹ اور تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 14 روز میں انکوائری اور ایک ماہ میں کیس فائنل کی قانونی پابندی ہے۔ عدالت نے نیب سے ملزم کے خلاف کیس کی تفصیلی رپورٹ کل طلب کرلی۔ جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک سال ہوگیا نیب سے انکوائری مکمل نہیں ہورہی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر نیب معاملہ کیا ہے کیا پیسے کھارہے ہو؟ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ’اپنا کام ایمانداری سے کررہا ہوں‘ جسٹس گلزار نے کہا کہ ’ آپ کی ایمانداری ہم نے جانچ لی‘۔ جسٹس گلزار کا کہنا تھا کہ کان کھول کرسنو، نیب حکام کو سونے کی اجازت نہیں، ہاتھ ڈالا ہے تو انجام تک پہنچایا جائے۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کررہے ہو، یہی سننا چاہتے تھے تو سنو، نیب نے ملک کو تماشا بنادیا ہے، نیب نے ملک کو تباہ کردیا، نیب سے ملک کو سوائے رسوائی کے کچھ نہیں مل رہا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)نیب نے سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں حدیببہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی درخواست کی تھی تاہم سپریم کورٹ نے زائد المعیاد ہونے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا تھا، قومی احتساب بیورو نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کے قانونی معاونین نے نظر ثانی اپیل دائر کرنے کے لیے ضابطے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، اس کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقول بھی حاصل کرلی گئی ہیں جب کہ آئندہ چند روز میں اپیل دائر کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ سپریمکورٹ کے تین رکنی بینچ نے 15 دسمبر کو حدیبیہ کیس دوبارہ کھولنے کے لیے نیب کی اپیل مسترد کردی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان چوہدری منظورکاکہنا ہےابے نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ دباؤ میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیاتھا۔
ترجمان پیپلزپارٹی چوہدری منظورنے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بابا خود ہی بتائے کہ عوام بابے کے فیصلوں پر کیا فیصلہ کریں، لوگ چیف جسٹس کی بات درست مان کر کیسے یقین کریں کہ سپریم کورٹ کا بابا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے، بابے نے مولوی تمیزالدین کیس سے لے کراب تک ہر طاقتور اور آمر کے حق میں فیصلے کئے، بابے نے ذوالفقارعلی بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری اور پہلے منتخب وزیراعظم کا عدالتی قتل کیا جب کہ بابے نے ہر آمر کے حق میں ڈنڈی ماری اور مارشل لاز کو غیر آئینی تحفظ فراہم کیا۔
ترجمان پی پی پی نے مزید کہا کہ اس بابے نے نصرت بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری، ضیاء الحق کے مارشل لاء کو جائز قرار دیا، اس بابے نے اسمبلیاں ٹوٹنے پر بھی بینظیر بھٹو اور نواز شریف میں امتیاز برتا اور ڈنڈی ماری، بابے نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ دباؤ میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیا، بابا آمروں کے دباؤ میں تو تھا ہی، اس نے تو نواز شریف کے کہنے پر بینظیر بھٹو کو سزا سنائی، بابے نے ظفر علی شاہ کیس میں ڈنڈی ماری، مشرف کے مارشل لاء کو تحفظ دیا، بابے نے آمر مشرف کو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا وہ اختیار بھی دیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا۔
ترجمان پی پی پی چودھری منظورکا کہنا تھا کہ بابے کے پانچ بیٹوں نے کہا کہ حدیبیہ ریفرنس کھولا جائے، تین نے کہا مقدمہ نہیں کھولنا، بابے نے مدت کی پابندی کو نظر انداز کرکے 9 سال بعد نوازشریف کی اپیل سنی اور منظور کی، اب مدت کی پابندی کی بنیاد پر اسی بابے نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے سے انکار کر کے شریف خاندان کے حق میں ڈنڈی ماری۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور)سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریر پر طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائی لارڈ کیا آپ کا بابا واٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا؟
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنزیہ انداز میں ٹویٹ کیا اور کہا کہ مائی لارڈ کیا آپ کا بابا واٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا؟
مائ لارڈ .....
کیا آپ کا بابا وٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا؟
ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ انصاف خود بولتا ہے، اسے کسی تشریح، تفسیر، تقریر یا اضافی نوٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انصاف خود بولتا ہے۔۔۔ اسے کسی تشریح، تفسیر، تقریر یا اضافی نوٹ کی ضرورت نہیں ہوتی ۔۔۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا آج لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدلیہ پرکوئی دباؤ نہیں، ہم آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ہرجج کو رائے دینے کا حق ہے، ہم پر دباؤ ڈالنے والا ابھی پیدا نہیں ہوا، ہم نے تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے، اگرکسی کا دباؤ ہوتا تو حدیبیہ پیپر ملز کیس کا فیصلہ وہ نہ آتا جو آیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عدالتی فیصلے کے بعد جہانگیر ترین نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کے عہدے سے استعفا دے دیا۔
جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے پر سرتسلیم خم کرتا ہوں، اخلاقی طور پر میرا پارٹی عہدہ رکھنا مناسب نہیں، امید کرتا ہوں عمران خان میرا استعفا قبول کرلیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان سمیت سخت احتساب کا سامنا کیا اور دونوں سرخرو ہوئے، نااہلی تکنیکی بنیادوں پر ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اپنی سیاسی زندگی اور تحریک انصاف پر فخر ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کی قیادت اور دوستی اثاثہ ہے جو مرتے دم تک برقرار رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کوسب سے بڑی سیاسی قوت بنایا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(لودھراں)لودھراں کے حلقہ نمبر این اے 154 میں ایک بار پھر ضمنی الیکشن ہو گا ، جہانگیر خان ترین نا اہل ہو چکے ہیں وہ اپنے بیٹے علی خان ترین کو میدان میں اتاریں گے جو کہ حلقہ میں مختلف تقریبات میں اپنے والد کی نمائندگی کرتے رہتے ہیں جبکہ دوسری طرف صدیق بلوچ ان کے مد مقابل امیدوار ہونگے، علی خان ترین پہلی دفعہ سیاسی میدان میں اتریں گے
حلقہ این اے 154 جو کہ کسی دور میں این اے 18 ہوتا تھا، یہاں سے یوسف رضا گیلانی ، سید ناصر رضوی، محمد ناصر بیگ اور محمد صدیق خان کانجو کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جہانگیرترین کو بطور پارٹی سیکرٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق عمران خان کراچی کا دورہ مکمل کرکے اسلام آباد پہنچنے کے بعد جہانگیر ترین کی رہائش گاہ گئے جہاں عمران خان نے ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے جہانگیر ترین سے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے ان کی دلجوئی کرتے ہوئے ہدایت کی وہ بطور پارٹی جنرل سیکریٹری اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت جہانگیر ترین کو تا حیات نااہل قرار دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ کل دوپہر دو بجے سنایا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے کاز لسٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق فیصلہ کل دوپہر دو بجے سنایا جائے گا ۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عدالت میں دو درخواستیں جمع کروا ئیں گئیں تھیں جو کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف تھیں ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے اپنے کا غذات نامزدگی میں سچ نہیں بولا ہے ،اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے جبکہ عمران خان نے جو الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروایاہے وہ بھی جھوٹا ہے ۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے متعدد سماعتوں اور دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ 14نومبر کو محفوظ کر لیا تھا جو کہ کل دوپہر سنایا جائے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے حدیبیہ ریفرنس کیس سے متعلق ٹاک شوزپرپابندی لگادی،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں حدیبیہ کیس کھولنے کے حوالے سے نیب کی درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس مشیر عالم پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی ۔
دوران سماعت اعلیٰ عدلیہ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ صرف کیس کی رپورٹنگ کی اجازت ہوگی،ٹاک شوزمیں کیس کے میرٹ پربات نہیں ہوسکتی۔