جمعہ, 17 مئی 2024

ایمزٹی وی(لاہور) پاکستان نے بغیر ویزے کے ملک میں داخل ہونے والے بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو ملک بدر کردیا۔

پاکستان نے عدالتی حکم پر بغیر ویزے کے ملک میں داخل ہونے والے امریکی شہری کو ڈی پورٹ کردیا۔ امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پر نیویارک کے لئے روانہ کیا گیا،

اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور امریکی شہری کو اسلام آباد سے لاہور لانے والے ایف آئی اے کے 5 اہلکار میتھیو بیرٹ کے ہمراہ رہے۔

واضح رہے کہ بلیک لسٹ امریکی شہری کو 6 اگست کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا اور وزیر داخلہ نے بلیک لسٹ شہری کے ایئرپورٹ سے باہر آنے پر ایف آئی اے کی پوری شفٹ کو معطل کردیا تھا جب کہ امریکی شہری کا ویزہ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) جرمنی کے وزیر داخلہ تومس میزیوئر نے برقعے پر جزوی پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمن معاشرے میں برقعے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ معاشرتی ہم آہنگی کے لیے چہرے کا نظر آنا ضروری ہے۔ جرمن وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم خواتین کیلئے کسی بھی قسم کے پردے کو مسترد کرتے ہیں۔ اس کی ہمارے معاشرے میں جگہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنا چہرہ دکھانے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ جو بھی حکومتی اداروں میں کام کرنا چاہتا ہے وہ برقعے میں کام نہیں کر سکتا۔ خیال رہے کہ جرمن وزیر داخلہ کی تجویز کے مطابق تعلیمی اداروں، ارکاری محکموں اور گاڑی چلاتے ہوئے کوئی بھی خاتون برقع نہیں پہن سکے گی۔

ایمزٹی وی(کراچی) وزیر بلدیات کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلدیہ عظمی واحد کونسل ہے جسے ماہانہ گرانٹ دی جاتی ہے۔ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے سامنے یہ بڑا چیلنج ہوگا کہ وسائل بڑھائیں۔

جہاں تک انہیں اختیارات دئیے جانے کی بات ہے تو بلدیاتی نمائندوں کو وہ تمام اختیارات ملیں گے جو قانون نے دیئے ہیں۔‘‘

نئے سٹی کونسل ہال میں نشستوں کی تعداد 255 سے بڑھا کے 324 کردی گئی ہے۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر سمیت 309 اراکین ایوان کا حصہ ہوں گے اور اسی ہال میں ان کی نشستیں ہوں گی۔

سٹی کونسل ہال کو برطانوی دور کی تاریخی حالت میں بحال کیا گیا ہے۔ سرکاری طور پر بتایا جا رہا ہے کہ کراچی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کا انتخاب 24 اگست کو جبکہ ان کی حلف برداری 30 اگست کو ہوگی۔ مئیر کے انتخابات کے بعد یہاں چھ سال بعد اجلاس منعقد ہوگا۔

ڈائریکٹر کراچی میٹروپولیٹن غفران احمد کے مطابق چونکہ عمارت تاریخی ورثہ ہے۔ لہٰذا، اس کی بناوٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کرسکتے تھے۔ لہذا تاریخی طرز پر ہی تزئین کی گئی ہے۔

تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کا افتتاح 1933میں ہوا تھا۔ اس میں قائم سٹی کونسل ہال سندھ اسمبلی کی عمارت جیسی دلکش تو نہیں، لیکن اپنی مثال آپ ہے۔

غفران احمد نے بتایا کہ 2013 کے سٹی کونسل ایکٹ کے تحت میئر کونسل کے اجلاس کی صدارت کرے گا اور اسی کو اسپیکر کے فرائض انجام دینا ہوں گے، میئر کی عدم موجودگی میں ڈپٹی میئر یہ فرائض انجام دے گا۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات گزشتہ سال 5 دسمبر کو ہوئے تھے، لیکن ابھی تک بلدیاتی نمائندوں کو شہری حکومت کو قائم کرنے کا موقع نہیں مل سکا ہے، اب امید ہے کہ اگلے ماہ کے آغاز کے ساتھ ہی سٹی کونسل ہال آباد ہوجائے گا اور ملک کے سب سے بڑے و تجارتی شہر کے معاملات یہیں سے چلائے جائیں گے۔

5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں متحدہ قومی موومنٹ نے سب سے زیادہ 135 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ اس کے بعد ترتیب وار پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور اے این پی کا نمبر آتا ہے۔

ایمزٹی وی(بزنس)چئیرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشن کل سےمعمول کے مطابق کھولےجائیں گے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن وفد نے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہے جس میں وفاقی وزیر نے 10 سے 15 روز کے اندر معاملہ حل کرنے اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ وزیر پیٹرولیم نے اوگرا کو سی این جی کلو میں فروخت کرنے کے لئے طریقہ کار واضح کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

چیرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا کہ اوگرا نے سی این جی کلو کے بجائے لیٹر میں فروخت کرنے کا مطالبہ مان لیا ہے جب کہ اوگرا کی جانب سے تحریری ہدایت جاری ہونے تک سندھ میں سی این جی فی کلو کے حساب سے ہی فروخت ہوگی۔ اور کل سے سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشن معمول کےمطابق کھولےجائیں گے۔

سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کیلئے بند دوسری جانب اوگرا نے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا ہفتہ وار شیڈول بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی پیر ، بدھ اور جمعہ کے روز 24 گھنٹوں کے لئے معطل رہے گی۔

سی این جی پمپ مالکان اور ٹرانسپورٹرز کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا واضح رہے کہ اوگرا نے سندھ میں سی این جی کلو گرام کے بجائے لیٹر کی قیمت پر فروخت کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے لیٹر کے پیمانے سے سی این جی فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا جس پر سی این جی اسٹیشنز مالکان نے احتجاجاً گزشتہ روز سے غیرمعینہ مدت کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند کر دیئے تھے اور سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) فرانسیسی انتظامیہ نےگزشتہ 8 ماہ کے دوران ملک بھر میں قائم بیس مساجد کو انتہاپسندی پھیلانے کے شبے میں بند کردیا ہے،جبکہ مزید 100 مساجد کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں.

تفصیلات کےمطابق فرانس کے وزیر داخلہ برنارڈ کیزنیو کا کہنا ہے کہ فرانس میں ایسی مساجد اور عبادتی مقامات کی کوئی جگہ نہیں ہے،جہاں لوگوں کو نفرت کے لیے اکسایا جائے اور جہاں مخصوص جمہوری اقدار بالخصوص مردوں اور عورتوں کے درمیان مساوات کا احترام نہیں کیا جاتا.

انہوں نے کہا کہ ’ان ہی وجوہات کی بنا پر میں نے چند ماہ قبل یہ فیصلہ کیا کہ ایسی مساجد کو بند کردیا جائےاور اس سلسلے میں اب تک 20 مساجد بند کی جاچکی ہیں اور آگے مزید بند ہوں گی۔‘ فرانس میں دوہزار پانچ سومساجد و عبادتی ہالز ہیں،جن میں سے 120 میں مذہبی منافرت پر مبنی تعلیمات دیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جاتا ہے. فرانسیسی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 2012 سے اب تک فرانس سے 80 افراد کو بےدخل کیا جاچکا ہے،جبکہ مزید درجنوں افراد کی بے دخلی کا عمل جاری ہے.


یاد رہے گزشتہ دنوں فرانس کا ساحلی شہر نیس ممکنہ دہشت گردی کا نشانہ بنا تھا،تیزرفتار ٹرک قومی دن کی تقریب کےدوران شرکا پر چڑھ دوڑا،جس کے نتیجے میں 84 افراد ہلاک جبکہ 120 زخمی ہوگئے تھے۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے فرانس کے شہر روان کے قریب واقع چرچ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی،حملےمیں دو مسلح افرد نےپادری کو گلا کاٹ کر مار دیا تھا۔

واضح رہے کہ فرانس کے وزیراعظم مینوئل ویلس نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ مساجد کی غیر ممالک سے مالی مدد پر عارضی پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

ایمزٹی وی(لاہور) وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب پی آئی اے دنیا کی بہترین ائیرلائنز میں شامل ہوگی۔

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پی آئی اے کے لیز پر حاصل کردہ طیاروں کی تصاویر شئیر کیں۔

اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان ائیرلائن نے نئے طیارے لیز پر حاصل کرلیے اور اب وہ دن زیادہ دور نہیں جب پی آئی اے دنیا کی بہترین ائیرلائنز میں شمار ہوگی۔ مریم نواز نے وزیراعظم کے بارے میں اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ یہ نواز شریف کا دور ہے۔

ایمزٹی وی(کراچی) اختیارات نہ ملنے پر رینجرز نے سندھ میں ججوں کے علاوہ تمام اہم شخصیات کی سکیورٹی واپس لینا شروع کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں اہم شخصیات کی سکیورٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں کو واپس بلایا جا رہا ہے، صرف ججوں کو ہی سکیورٹی دی جا رہی ہے، وزراء، ارکان سمبلی اور غیر ملکیوں سمیت دیگر تمام وی آئی پیز کو مہیا کی گئی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہیں کی گئی جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے ڈی جی رینجرز سے رابطہ کیا تھا۔

ایمزٹی وی (کراچی) سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور صوبے میں قیام کی مدت 19 جولائی کو ختم ہونے کے بعد بھی صوبائی حکومت نے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جب اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں تاخیر پر چوہدری نثار کی تشویش

سندھ میں رینجرزاختیارات کا معاملہ ایک مرتبہ پھر الجھ گیا ہے، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور صوبے میں قیام کی مدت 19 جولائی کو ختم ہوگئی لیکن صوبائی حکومت اس معاملے پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے۔

رینجرزاختیارات کے معاملے پر ڈی رینجرز کا وفاقی وزیرداخلہ سے رابطہ

سندھ حکومت نے رینجرز کو 77 دن کے لیے خصوصی اختیارات دیئے تھے اور اس میں توسیع کے لیے محکمہ داخلہ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو سمری ارسال کی جاچکی ہے لیکن وزیراعلیٰ نے اس پر دستخط نہیں کیے۔

رینجرز کی اندرون سندھ کارروائیاں آئین سے متصادم ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

ذرائع کا کہنا ہےکہ رینجرز اختیارات کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کو پارٹی قیادت نے دبئی طلب کرلیا ہے اس لیے تینوں جلد آصف زرداری سے مشاورت کے لیے دبئی جائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ سال سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور کرکے رینجرز کو اختیارات سونپے تھے جس کے تحت رینجرز کو دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے اختیارات حاصل ہیں۔

ایمزٹی وی(بزنس)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 77 ارب روپے کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ ایکنک نے آئیسکو کے لیے 16 ارب سے زائد کا منصوبہ منظور کیا جس کے تحت ٹیکسلا میں آئیسکو کی جدید عمارت تیار کی جائے گی۔ لیسکو کے لیے 30 ارب روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا جس کے تحت پانچ سرکل اور ڈویژن کے لیے عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ اسلام آباد میں پانچ سو کے وی کی ٹرانس میشن لائن کے لیے 8 ارب سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ ایکنک نے آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 6 ارب سے زائد کا منصوبہ منظور کیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ سولہ میں جیل بنانے کے لیے چار ارب کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ ایکنک نے سندھ میں چھوٹے ڈیم بنانے کے لیے 10 ارب روپے کے منصوبہ کی منظوری بھی دی اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کی زمین کے متاثرین کے لیے چھ ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

ایمزٹی وی(بزنس)عالمی ادارہ خوراک وزراعت (ایف اے او) نے پاکستان سے کینو کی ایکسپورٹ اور پیداوار بڑھانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلادیا، اس سلسلے میں کینیاکے شہر نیروبی میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیرکے ساتھ اجلاس میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے خوارک وزراعت (ایف اے او) کے وفد نے کینو کی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے میں مدد دینے کا وعدہ کرلیا ہے۔ اس تعاون کے نتیجے میں کینو کے کاشت کاروں اور ایکسپورٹر کی صلاحیت میں واضح اضافہ ہو گا اور اس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ علاوہ ازیں نیروبی میں ہی دوسرا اہم اجلاس ایرانی وزیر تجارت سے ہوا جس میں کینو کی ایکسپورٹ کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کینو کی ایکسپورٹ پر پابندی اٹھانے پر زور دیا ۔ جس پر ایرانی وزیر نے ان سے وعدہ کیا کہ اگر مکمل پابندی نہیں اٹھائی جاسکی تب بھی پاکستان سے رواں سال کینو کی کچھ مقدار ضروردرآمد کی جائے گی۔ وزیرتجارت نے کہا کہ کینیا کا دورہ ہمارے لیے کارگر ثابت ہوا ہے اورہم نے کینو کے کاشت کاروں کے لیے 2 خوشخبریاں دی ہیں۔

Page 7 of 14