جمعہ, 17 مئی 2024

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) پاناما کیس میں وزیر اعظم نوازشریف اور انکے بچوں نے اپنے وکلاءپھر سے تبدیل کر لیے ۔


جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قائم 5رکنی بینچ کے سامنے 4جنوری کو پیش ہونے والے پاناما کیس کی سماعت سے قبل وزیر اعظم نوازشریف اور انکے بچوں نے وکلاءتبدیل کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر دی ہیں ۔


وزیرا عظم نوازشریف کی جانب سے 4جنوری کوسلمان اسلم بٹ کی جگہ اب سابق اٹارنی جنرل مخدوم علی خان پیش ہونگے جبکہ مریم صفدر اور حسن نواز کی وکالت کیلئے شاہد حامد اور حسین نواز کے حق میں دلائل دینے کیلئے ماہر قانون سلمان اکرم راجہ کو نیا وکیل مقرر کیا گیا ہے تاہم وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل سلمان اسلم بٹ ہی ہونگے۔اس سے قبل مریم صفدر ، حسین اور حسن نواز کی وکالت اکرم شیخ کر رہے تھے


ایمز ٹی وی(ریاض) سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا ہے

ان کا ملک ایرانی حجاج کرام سمیت دنیا بھرسے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کرتا ہے،ایران سمیت کسی بھی ملک سے آنے والے حجاج کرام کے ساتھ ان کے رنگ، نسل اور مسلک کی بنیاد پر امتیاز نہیں برت رہے ، بلکہ تمام حجاج کرام کو یکساں احترام دینے کے ساتھ سب پر ایک ہی ضابطہ اخلاق نافذ کرنے کے خواہاں ہیں۔


’’العربیہ ڈاٹ نیٹ ‘‘کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج وعمرہ نے ان خیالات کا اظہار ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب وزارت حج دنیا بھر کے 80 ملکوں سے حج وعمرہ محکموں کے وفود کے ساتھ آئندہ حج کی تیاریوں پر بات چیت کررہی ہے تاکہ اللہ کے مہمانوں کو حجاز مقدس آمد پر زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جاسکیں،


نیز مسلمان ملکوں اور غیرمسلم ممالک میں مسلمان اقلیت کو حج کے امور میں درپیش مشکلات کو حل کرنے میں بھی ان کی مدد کی جاسکے۔وزیرحج ڈاکٹر محمد صالح نے کہا کہ انہوں نے اسلامی ممالک اور غیرمسلم ملکوں میں مسلمان اقلیتوں کے نمائندگان سے ملاقاتیں کی ہیں، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔وزیر حج نے بتایا کہ آئندہ موسم حج کے لیے انتظامات آج ہی سے شروع کردیئے گئے ہیں،


شیڈول کے مطابق محکمہ حج کے تمام ذیلی اداروں، ٹرانسپورٹ یونین، کمیونٹی کے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان کورآرڈی نیشن بڑھانے، دوسرے ملکوں کے حج محکموں کے درمیان حجاج کی آمد ورفت کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے کرنے اور حجاج کرام کی سعودی عرب میں آمد کے بعد ان کی نقل وحرکت اور ان کے قیام کے مقامات کے تعین کے لیے بات چیت جاری ہے۔ڈاکٹر محمد صالح کا کہنا تھا کہ مملکت سعودیہ دنیا بھر سے آنے والے مسلمان عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی پابند ہے تاکہ حجاج کرام سہولت اور آسانی کے ساتھ حج اور عمرہ کے مناسک و فرائض کی انجام دہی کر سکیں

ایمز ٹی وی(دبئی ) عمومی طورپر خیال کیا جاتاہے کہ عرب کفیل اپنے ملازمین سے اچھاسلوک نہیں کرتے لیکن بحرین کے کفیل اور وزیرخارجہ نے اپنی بھارتی ملازمہ کیلئے اس کے گاو¿ں جاکر ایسا کام کردیاکہ سوشل میڈیا پر ہرکوئی داد دینے پر مجبور ہوگیا۔


بحرین کے وزیرخارجہ خالد بن احمد الخلیفہ بھارت کے دورے کے دوران 21سال تک گھر میں کام کرنیوالی بھارتی ملازمہ کے گھر پہنچ گئے اور انسٹاگرام پر تصویر شیئرکرتے ہوئے لکھاکہ ”آج لیلہ سے بھارت کے علاقے کولم کیرالہ میں اس کے گھر پر ملاقات ہوئی ، جنہوں نے اپنی زندگی کے 21سال نہایت محبت ، دیانتداری اور وفاداری سے ہمارے ساتھ بتائے “۔

وزیرخارجہ کی طرف سے تصویر شیئرکرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور خالد بن احمد کے اس اقدام کو سراہاگیا، وزیرخارجہ کے اس اقدا کو سراہا بھی جانا چاہیے کیونکہ عمومی طورپر بڑی شخصیات کھلے عام اپنے ملازمین کی وفاداری کا اعتراف نہیں کرتی

ایمز ٹی وی(کراچی) وزیر صنعت سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کے درمیان اختیارات کی جنگ چل رہی ہے اور نئے سال میں بھی یہ لوگ لڑتے رییں گے۔


کراچی میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ ہم جمہوریت ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن 2017 کا سال سرپرائز ہوگا، یہ ملک کے لیے اچھا سال ہوگا لیکن مسلم لیگ (ن) کے لیے اچھا نہیں رہے گا، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے درمیان اختیارات کی جنگ چل رہی ہے،

مریم نواز اور حمزہ شہباز کی لڑائی ذاتی معاملہ ہے،وہ اس پر زیادہ بولنا نہیں چاہتے، نئے سال میں یہ لوگ لڑتے رییں گے اور پیپلز پارٹی ترقیاتی کام کرتی رہے گی، مخالفین صرف پش اپس ہی لگاتے رہیں گے۔ 2017 میں عمران خان اور تحریک انصاف کی مقبولیت مزید کم ہوجائے گی۔


منظور وسان نے کہا کہ 2017 پاکستان بننے سے لے آج تک خفیہ رکھی گئیں تمام باتیں سامنے آجائیں گی، قاتلوں اور ان کےسرپرستوں کے ناموں کے راز سے پردہ اٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی سے ہل چل مچ گئی ہے، پاکستان آصف علی زرداری کا گھر ہے وہ جب دل چاہے واپس آئیں گے۔


کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ 42 کروڑ روپے کی لاگت سے تقریباً 22 کلو میٹرکی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، اس کے علاوہ منصوبے کے تحت پانی کی لائنوں کی مرمت اور سیوریج کی نئی لائنیں ڈالی جائیں گی

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وہ وفاقی کابینہ سے مطالبہ کریں گے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔


اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثارنے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ 2 سال میں ایف سی اوررینجرزپر75 ارب روپے خرچ کیے، ماضی میں بم دھماکے ہوتے رہے حکمران عوام کو میٹھی گولیاں دیتے رہے، پولیس کی تربیت کمانڈوز کی طرزپرکی گئی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں کچہری کے وکلا بھی شہید ہوئے، مجھ پران کا کیا دباؤ ہوگا جن کے پلے کچھ نہیں اور مجھ پراگرکوئی دباؤ ہوا بھی تووہ بس میرے ضمیرکا ہوگا۔


وزیر داخلہ نے کہا کہ کابینہ میں مطالبہ کروں گا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ پبلک کی جائے، سرے محل اورمحلات ہیں دبئی میں کیا ہم بھول گئے ہیں، جس شخص کی والدہ کانام پانامالیکس پرہے وہ دوسروں پربات کرتا ہے، عجب کرپشن کی غضب کہانی ہے جوجواب نہیں دیتے ، اچھا ہوتاوہ شخص کہتا کہ میری ماں کا کیس بھی سپریم کورٹ میں لے جایا جائے، پیپلز پارٹی کا کرپشن مخالف مہم چلانا ایسے ہے جیسے بھارت میں بی جے پی مسلمانوں کےحقوق کے لیے مہم چلائے۔


وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کے حوالے سے کہا کہ جبری رخصت پرگزشتہ روزایک انتہائی ایماندارآئی جی کا جوحال کیا گیا وہ بہت افسوس ناک ہے، ہمیں جب معلوم ہوا توہم نے آئی جی سندھ کو پیغام بھیجا لیکن وہ وفاق کے کہنے کے باوجود جبری رخصت پرچلے گئے لیکن اب چاہے وہ زبردستی گئے یا خود سے یہ کہہ نہیں سکتے، وہ بہت ایماندار ہیں اورسندھ میں بہت ساری تبدیلی ان ہی کی وجہ سے آئی ہے۔


اس سے قبل وزیرداخلہ چوہدری نثارنے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پولیس میں شامل ہونے والے پاکستان کا مان رکھیں، آپ نے قانون کی پاسداری کرنی ہے، اسلام آباد پولیس میں بہت بہتری آئی لیکن ابھی بھی بہت گنجائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھواورمجرموں، چوروں، کارکنوں کے لیے زمین تنگ کردو، مجھے خوشی ہے آپ اس جہاد میں شامل ہورہے ہیں، ایک جوان سب کچھ بدل سکتا ہے اور وہ تم بھی ہوسکتے ہو، آپ کی ذمہ داری چھوٹی نہیں ہے، آپ کے ہاتھ میں اللہ تعالی نے انصاف کی چھڑی دے دی ہے۔


چوہدری نثار نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ حلال کھانا اور انصاف کرنا ہے، میرہ التجا ہے کہ لوگوں کو انصاف دوگے ، دل میں اللہ کا خوف رکھو گے تو دنیا میں اورآخرت میں بھی فلاح پاؤ گے، آپ حکومت کے نہیں پاکستان کے ملازم ہیں اور حرام میں برکت اور سکون نہیں بس نیک نیتی اور انصاف میں سکون ہے۔ رینجرزکے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ رینجرزنے پولیس کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو پر سکون بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اسلام آباد پولیس کو رینجرز کے نوجوانوں کو دیکھ کر اپنا معیار مزید تبدیل کرنا چاہیئے کیونکہ وہ بہترین طرح سے اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔ چوہدری نثارنے کہا کہ مجھے کرائم ریٹ زیرو کے قریب چاہیئے،آپ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے تربیت لے چکے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ کا پہلا دستہ اسلام آباد پولیس کا ہے۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ملک کے ساتھ وفاداری نبھائیں، آپ کی مراعات
جتنی بھی ہوں کم ہیں، آپ سینہ سپرہوکر کام کرتے ہیں، آپ نے بہادری اور طاقت سے دہشت گردی کا مقبلہ کرنا ہے اور میں شہیدوں کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشتگردی کا قلع قمہ کیا۔ حکومتیں آنی جانی ہیں، پہلے دھماکے ہوتے رہے، حکومتیں خواب خرگوش کے مزے لیتی رہیں لیکن ہم نے اپنی حکومت میں ہمیشہ عملی کام کیا۔


ایمز ٹی وی(کراچی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں امن کی بحالی میں ایپکس کمیٹی پاکستان آرمی ، رینجرز، پولیس کی مشترکہ حکمت عملی اور سب سے بڑھ کر انکی حکومت کے عزم کے باعث کامیاب ہوئی ہے۔


اس مشترکہ حکمت عملی کے تحت بہتر طریقے سے جو کام ہوا ہے وہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے سب کاموقف ایک تھا کے باعث ہے مگر یہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا

یہ بات انہوں نے ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں آپریشن کی کارکردگی پر غور کیا گیا۔کیونکہ ایپکس کمیٹی کے دو سینئر اراکین کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارجوکہ اب ڈی جی آئی ایس آئی ہوگئے ہیں اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر جوکہ ترقی پاکر لیفٹننٹ جنرل ہوگئے ہیں وہ اپنی موجودہ پوزیشن کو چھوڑ کر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، صوبائی مشیر مولابخش چانڈیو،مرتضیٰ وہاب،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی وی ثناء اﷲ عباسی،کمشنر کراچی اعجاز علی خان،انٹیلی جنس ایجنسیوں کے صوبائی سربراہاں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جب ہم نے اس سفر(ایپکس کمیٹی)کا آغاز کیا تھا تو اس وقت امن امان کی صورتحال بہت خراب تھی اور اس شہر کے لوگوں کو مختلف علاقوں میں دہشت گردی اور دیگر مجرموں کے باعث بدامنی کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب صورتحال بہتر ہو چکی ہے اور حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کا اعتماد بھی حاصل کرلیا ہے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے اور بہت اہم تہوارخیروخوبی اور پرامن طریقے سے گذر گئے،جس کا کریڈٹ ہماری سیاسی قیادت کو جاتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو یقین دلایا کہ وہ جو جس کام کو نامکمل چھوڑکر جا رہے ہیں،وہ اس فورم کے ذریعے مکمل ہوگا،اور اس میں انکے بعد میں آنے والے/جانشین بھی انکے ساتھ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ آپ جس پوزیشن پر آپ جا رہے ہیں۔وہاں سے بھی مجھے آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اپنے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ رینجرز نے القائدہ،ٹی ٹی پی اور دیگر کالعدم تنظیموں کے اہم افراد کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے 1474دہشت گردوں ،9053ٹارگٹ کلرزکو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے انکی تحقیقات کے دوران چند ملزمان نے انفرادی طور پر دو سے تین افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے اور کچھ نے انفرادی طور پر 300افراد کو قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کیا، رینجرز نے 438بھتہ خوروں اور 115اغوا کندگان کو بھی گرفتار کیا۔ڈی جی رینجرز نے کہا کہ چند لوگوں نے بیریئرز نصب کرکے کمیونٹیزکویرغمال بنایا ہوا ہے،رینجرز نے انہیں ختم کیا ہے کراچی کو مزیدمحفوظ بنایا جا سکتا ہے، اگر پولیس کی استدادکا رمیں اضافہ کیا جائے۔

کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن کی اہم کامیابی عام لوگوں کے معیار زندگی میں تبدیلی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، آرمی، رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نتائج بہت واضح ہیں جس کیلئے ایپکس کمیٹی کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک طویل مسافت طئے کی ہے اور شہر میں پائیدار امن کے قیام تک واپسی ممکن نہیں ہے۔کورکمانڈر نوید مختار نے وزیراعلیٰ سندھ کی اس خصوصی اجلاس کو بلانے اور موجودہ ایپکس کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور نئے جوش کے ساتھ آپریشن کے نئے اہداف متعین کرنے کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ نے جانے والے کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز کو سندھی ٹوپی اجرک اور دیگر تحائف بھی پیش کئے

 


ایمزٹی وی(پنجاب) پنجاب کابینہ میں شامل کئے گئے 11 نئے وزرا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں شامل نئے وزرا کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، حلف اٹھانے والوں میں جہانگیر خانزادہ، نغمہ مشتاق، امانت اللہ خان شادی خیل، شیخ علاؤ الدین، منشااللہ بٹ، مہر اعجاز احمد، زعیم قادری، نعیم اختر بھابھہ، سید رضا علی گیلانی، احمد یار ہنجر اور خواجہ سلمان رفیق شامل ہیں۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے وزراءسے حلف لیا۔
اس کے علاوہ پنجاب کابینہ میں 3 مشیروں اور 2 معاونین خصوصی بھی شامل کئے گئے ہیں جن کے عہدے وزرا ہی کے مساوی ہوں گے۔

 

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) افغانستان میں پارلیمنٹ کی جانب سے وزیرخارجہ اور دیگر 5 وزرا کو برطرف کئے جانے پر صدر اشرف غنی طیش میں آگئے اور انہوں نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلا کر تمام وزرا کو بدستور کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں پارلیمنٹ اور صدر اشرف غنی آمنے سامنے آگئے اور معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ تین روز قبل پارلیمنٹ نے وزیرخارجہ اور دیگر 5 وزیروں کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ دے کر انہیں نااہل قرار دیا جب کہ وزیرخزانہ، دیہی ترقی کے وزیر اور وزیرانصاف اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ افغانستان کے قانون کے مطابق پارلیمنٹ کے پاس کسی بھی وزیر کو نااہل قرار دیئے جانے کا اختیار حاصل ہے جب کہ صدر اشرف غنی کی کابینہ کے مزید 8 وزیروں کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد لائی جانے کا امکان ہے۔

کابینہ کی جانب سے 6 وزیروں کو برطرف کئے جانے پر صدر اشرف غنی طیش میں آگئے اور انہوں نے فوری طور پر کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلا کر معاملے پر مشاورت کی اور پارلیمنٹ کی جانب سے وزیروں کو برطرف کئے جانے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ افغان صدارتی محل کی جانب سے جاری اعلامیئے میں تمام وزرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک تمام وزرا بدستور کام کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب وزرا کے خلاف عدم اعتماد کے لئے اراکین کو اکٹھا کرنے والے سرگرم رکن پارلیمنٹ فرہاد صدیقی کا کہنا ہے کہ کسی بھی وزیر کو نااہلی کی بنیاد پر برطرف کرنا پارلیمنٹ کا آئینی حق ہے اور ہم نے اداروں کو بچانے کے لئے اپنا حق استعمال کیا ہے اس لئے ہمیں امید ہے کہ حکومت ہمارے آئینی فیصلے کا احترام کرے گی۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) حکومت پاکستان نےایک بارپھرالطاف حسین کےگردگھیراتنگ کرناشروع کردیا۔وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانوی ہم منصب امبررڈ سے ملاقات کی اوربانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کاکہناہے کہ لندن میں الطاف‌ حسین کےخلاف منی لانڈرنگ کاکیس ختم ہونےاور عمران فاروق قتل کیس میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونےپرپاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔جس کی وجہ سےوفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکوخاص مشن پرلندن بھیجا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے لندن میں برطانوی ہم منصب امبر رڈ سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خلاف معلومات کے تبادلے، منظم جرائم کے تدارک اور بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف جاری مقدمات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے خاتمے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان الطاف حسین کے خلاف موثر تحقیقات اور کارروائی چاہتی ہے۔

توقع ہے کہ شرانگیز تقاریر پر برطانیہ اپنے قوانین کے تحت ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔دونوں ممالک کے داخلی امور کے وزیروں نے ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات، کاؤنٹر ٹیررازم ، انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور تکنیکی معلومات کے تبادلے پر اظہار خیال کیا جب کہ چوہدری نثار نے برطانوی ہم منصب کو پاکستان میں سائبر کرائم سے متعلق نئی قانون سازی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے قوانین انٹرنیٹ پر نفرت انگیز مواد کم کرنے میں مدد دیں گے۔

برطانوی حکومت کی تکنیکی مدد پاکستانی اداروں کے لئے سائبر کرائم روکنے میں مددگار ثابت ہوگی۔برطانوی ہم منصب امبررڈ نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور ان کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور خاص طور پر حب میں درگاہ شاہ نورانی دھماکے میں 52 افراد کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

ایمز ٹی وی(لاہور) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متنازع خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خط لکھ دیا اور کہا کہ کمیٹی میں شامل جسٹس(ر) عامر رضا خان کے حکومت سے قریبی مراسم ہیں انہیں کمیٹی پر اعتماد نہیں۔

عبدالقادر کے مطابق شیخ رشید نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متنازع خبر کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر)عامر رضا خان کے شریف خاندان کے قریبی مراسم ہیں،ان کا نام وزرائے اعلیٰ کی فہرست میں بھی تھا۔

شیخ رشید نے لکھا کہ عامر رضا خان کی بیٹی شریف میڈیکل کمپلیکس کے ذریعے حکومت سے مراعات وصول کررہی ہے، ایسی صورتحال میں تحقیقات کرنے والے کمیٹی کا یہ سربراہ قوم کو قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نام پر صرف وقت ضائع کیا جارہا ہے، جسٹس عامر کو کمیٹی کا سربراہ بنایا جانا درست عمل نہیں، ہمیں اس معاملے میں شفاف تحقیقات کی امید نہیں ہم نتائج قبول نہیں کریں گے۔ قبل ازیں تحریک انصاف، عوامی تحریک اور ق لیگ نے بھی کمیٹی کو مسترد کردیا تھا۔

واضح رہے کہ انگریزی اخبار ڈان اخبار میں شائع متنازع خبرکی اشاعت سے متعلق تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جسٹس (ر) عامررضا اجلاس کی صدارت کریں گے۔

کمیٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی اورآئی بی کے ارکان بھی شریک ہوں گے، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعیدبھی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔

Page 3 of 14