منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب ) چشتیاں کے نواحی قصبہ بخشن خان میں واقع نجی سکول کی ٹیچر نے ساتویں جماعت کے طالبعلم کو سبق یاد نہ کرنے پر ڈنڈے سے تشدد کرکے آنکھ پھوڑڈالی۔
زخمی طالبعلم کو تحصیل ہسپتال چشتیاں لایاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ریفرکردیاگیا۔
پولیس کے مطابق ٹیچر ارم نے طالبعلم محمد کیفی کو ڈنڈے سے مارا اور اس دوران طالبعلم کے بچنے کی کوشش کے دوران ڈنڈا آنکھ پر جالگا اور وہ زخمی ہوگیا، فوری طورپرطالبعلم کو نظرآنا بند ہوگیا۔
پولیس نے ٹیچر اور ہیڈمسٹریس کیخلاف دفعہ 328کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) لاہور میں پی ایس ایل فائنل کھیلنے پر سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن بدستور نہال ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا چھوٹا سا حصہ بننے پر بھی مطمئن ہوں۔
 
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، وہ ان چند کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنھوں نے سیکیورٹی خدشات کی پروا نہ کرتے ہوئے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلے اور اسی وجہ سے انھیں یہاں پر کافی پذیرائی بھی حاصل ہوئی تھی۔ وہ ابھی تک اس کو نہیں بھول پائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے چھوٹا سا حصہ ڈالنے پر کافی مطمئن ہوں۔
 
واضح رہے کہ ڈیرن سیمی اب ایک فری لانس کرکٹر ہیں اور دنیا بھر میں نجی لیگز کھیلنے میں مصروف رہتے ہیں۔ ان کی قیادت میں گذشتہ برس کے آغاز پر پر ویسٹ انڈیز نے دوسری مرتبہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم اسی ایونٹ کی فاتح ٹرافی وصول کرنے کے موقع پر سیمی نے اپنے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کی وجہ سے انھیں پھر انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔
 
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ یہ کافی افسوسناک ہے کہ میرا آخری انٹرنیشنل ورلڈ ٹونئٹی 20 فائنل تھا، میں بدستور محدود اوورز کی کرکٹ کیلیے دستیاب ہوں مگر منتخب ہونے پر روتا نہیں ہوں، میں دنیا بھر میں مختلف لیگز کھیل رہا ہوں تاہم اگر ویسٹ انڈین بورڈ مجھے سلیکٹ کرتا ہے تو میں دستیاب ہوں لیکن میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو دودھ گرجانے پر رونے لگتے ہیں، میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 جیتنے کے بعد جو کچھ کہا وہ میرے دل کی آواز تھی، میں نے وہی کہا جومجھے کہنا چاہیے تھا، اس کے بعد میں نے راتیں جاگ کر نہیں گزاریں، خدا نے مجھ پر بہت مہربانی کی ہے، وہی میرا سلیکٹر ہے، اس لیے اب جوکچھ ہوتا ہے مجھے اس کی کوئی پریشانی نہیں ہے، میں اب بھی ویسٹ انڈین کرکٹ کی فکر کرتا ہوں لیکن اگر وہ مجھے منتخب نہیں کرتے تو مجھے بھی کوئی پروا نہیں ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)پاک فوج کے شیر جوانوں کے خوف کے باعث سرحد پر ڈیوٹی کے لیے منتخب ہونے والے 16 بھارتی افسران نے ڈیوٹی سے ہی انکار کر دیا۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیرا ملٹری فورس کے60 فیصدسے زائد گزٹڈ افسران نے رواں سال بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) جوائن کرنے سے انکار کیا تاہم ان افسران میں سے بعض پاک فوج کے شیر جوانوں سے سرحد پر مقابلے کی ہمت نہ ہونے کے باعث دم دباکربھاگ گئے جبکہ کچھ افسران نے تیج بہادر یادیو کی ویڈیو کو دیکھ کربی ایس ایف جوائن کرنے سے انکارکیا۔
رپورٹ کے مطابق مقابلے کے امتحان میں پیراملٹری فورسزکی خالی نشستوں کے لیے بھرتی کیے جانے والے افسران میں سے28 کوبی ایس ایف میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ کی پوسٹ کی پیشکش کی گئی تاہم ان میں سے16 لوگوں نے بارڈر پر ڈیوٹی کرنے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی 31 میں سے صرف17 سورماؤں نے بی ایس کو جوائن کیا تھا جبکہ گزشتہ سے پیوستہ سال امتحان دینے والوں میں سے 110 میں سے صرف 69 افسران نے بی ایس ایف جوائن کی تھی اوران میں سے بھی 15 نے دوران ڈیوٹی استعفیٰ دے کر گھروں کی راہ لے لی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(فرانس)فرانس میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہوگئی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق اعتدال پسند پارٹی کے سربراہ ایمونیئل میکخواں واضح اکثریت سے ملک کے صدر منتخب ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں صدارتی انتخاب کے لئے قوم پرست خاتون سیاست دان مارین لی پین اور اعتدال پسند پارٹی کے سربراہ ایمونئیل میکخواں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع تھی تاہم دوسرے مرحلے کی پولنگ میں ووٹرز کی بھاری تعداد نے میکرون کے حق میں ووٹ دیا۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق ووٹنگ ٹرن آؤٹ 65.3 فیصد رہا جو گزشتہ انتخاب کے مقابلے میں کم ہے اور 25 فیصد ووٹرز غیر حاضر رہے۔
غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایمونئیل میکخواں 66 فیصد ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے جب کہ مخالف خاتون امیدوار مارین لی پین صرف 34 فیصد ووٹ حاصل کرسکیں۔ مقامی میڈیا میں میکخواں کی کامیابی کی خبریں آنے کے بعد ان کے حامی سڑکوں پر آگئے اور خوب آتشبازی کی۔ دوسری جانب مارین لی پین نے صدارتی انتخاب میں شکست قبول کرتے ہوئے میکخواں کو انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) بی سی سی آئی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے لئے ویرات کوہلی کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مہندرا سنگھ دھونی، یووراج سنگھ، شیکر دھون، روہت شرما، اجنکیا رہانے، امیش یادیو، رویندرا جڈیجا، روی چندرن ایشون، محمد شامی، بھونیشور کمار، ہردیک پانڈے اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بی سی سی آئی نے آئی سی سی اور بھارتی سپریم کورٹ کے دباؤ میں آ کر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی یکم جون سے 18 جون تک انگلینڈ کے 3 شہروں میں کھیلی جائے گی جس میں پاک بھارت ٹاکرا 4 جون کو شیڈول ہے۔ بی سی سی آئی نے 14 روز کی تاخیر کے بعد ٹیم کا اعلان کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں قائم 6 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) آج سے کام کا آغاز کریگی۔
سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرارمحمد علی پہلے اجلاس میں پاناما کیس کے عدالتی فیصلے اورعدالت میں پیش کردہ ریکارڈ جے آئی ٹی کے سپرد کریںگے تاہم اس موقع پر وہ ٹیم کوکیس سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے قیام کے نوٹیفکیشن میں اس کے ٹی او آرز بھی درج کیے گئے ہیں اور تحقیقات کے لیے ٹائم فریم بھی مقرر کیا گیا ہے، جے آئی ٹی ان شخصیات کو بھی طلب کریگی جن پرالزامات عائدکیے گئے ہیں جبکہ بیرون ملک موجود سرمائے کی منتقلی سے متعلق شواہد تلاش کیے جائیں گے اور قطر سمیت دیگر ممالک سے رابطہ کر کے وہاں کی گئی سرمایہ کاری سے متعلق بھی شواہد کی فراہمی درخواست کی جائیگی۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی روزانہ کی بنیاد پراپنا کام کرے گی اور اس کے تمام اجلاس اور کارروائی ان کیمرہ ہوگی، یاد رہے کہ ملک کے تمام اداروں، وزارتوں اور ڈویژنوں کو جے آئی ٹی کے ساتھ پاناما کیس کی تحقیقات میں تعاون کا کہا گہا ہے جبکہ فنڈزبھی فراہم کردیے گیے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(صحت)فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن، ڈاکٹرعیسیٰ لیبارٹری، قوسین ویلفیئر آرگنائزیشن، میڈیکل مائیکروبایولوجی ایسوسی ایشن آف پاکستان اور انویسنٹ پیٹس شیلٹر کےباہمی اشتراک سے " ذوناٹک" ڈیزیز اوران کا علاج" کے موضوع پر آگہی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے سربراہ فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹر زین الحسنین نے کہاکہ ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کی گائیڈ لائن کے مطابق فارماسسٹ کمیونٹی اورکلینکل فارمیسی پریکٹس کے ذریعے اینمیل سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں کی کاؤنسلنگ اور شعور بیدار کریں بانی چیئرمین میڈیکل مائیکروبایولوجی ایسوسی ایشن آف پاکستان سکندر شیروانی نے کہاکہ نیگلیریا کی بیماری تالاب اور سوئمنگ پول میں نہانے سے حملہ آور ہوتی ہے جس کاوائرسن ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچ کر اسے کھاجاتا ہے اور انسان فوراً مرجاتا ہے جس کا ابھی تک کوئی علاج نہیں ، چیئرمین قوسین ویلفیئر آرگنائزیشن ڈاکٹر جواد شمسی نے کہاکہ چکن گنیا ایڈیز ایلبویکٹس کے کاٹنے سے پھیلتے ہیں جن کا تدارک، تشخیص اور علاج کے لیے جامع حکمت عملی اپنانی ہوگی،ایڈمنسٹریٹر انوسینٹ پیٹس شیلٹر محمدعیل نے کہاکہ انسانی جانوں کو بچانے کے ساتھ جانوروں کا تحفظ، دیکھ بھال اور علاج بھی انسانی فریضہ ہے و یٹرنی ڈاکٹر فرید ،ڈین فارمیسی فیکلٹی نذیر حسین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نگہت رضوی نے، سیکرٹری فارمیسی کونسل سندھ ڈاکٹرتنویر احمد صدیقی ،ڈرگ کنسلٹنٹ ڈاکٹر ظہیراحمد نے ،ڈاکٹرلیاقت رضا، ڈاکٹر سنبل شمیم، ڈاکٹرشوکت خالد،ڈاکٹرعارفہ اکرم، ڈاکٹر عبید کورائی، ڈاکٹرامرعلی،ڈاکٹرحمزہ ارشاد، ڈاکٹر مدیحہ بتول، ڈاکٹر تسنیم احمدشریک تھے