منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(نوشہرہ)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کرپٹ ہیں، نوشہرہ میں جلسہ سے خطاب کے دوران عمران خان نے ججز کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا دو ججز نے نواز شریف کو جھوٹا اور کرپٹ کہا، پانچوں ججز نے قطری خط کو تسلیم نہیں کیا، تو میں سمجھتا ہوں قطری خط جھوٹ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ”میری زندگی بھر کی جدوجہد کا مقصد وزیراعظم بننا نہیں، چاہتے ہیں کہ ایسا ملک بنے جہاں کوئی غریب نہ ہو، غربت تب ختم ہو گی جب کرپشن ختم ہو گی، صادق اور امین لیڈر کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہوتی ہے، ہمارے وزیراعظم اسمبلی میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک جج صاحب نے میرا نام لیا، میری طرف سے کہا ہے کہ جھوٹ بولتے ہیں، میں واضح کردوں کہ میں نے کیا کہا ہے، میں نے یہ کہا ہے کہ دو ججوں نے نوازشریف کو جھوٹا بھی کہا ہے اور کرپٹ بھی کہا ہے اور کہا کہ اس کو نااہل قرار دیں، تین ججوں نے جو نواز شریف کا ڈیفنس تھا قطری خط، پانچوں ججوں میں سے کسی نے بھی اس کو تسلیم نہیں کیا ، میں اس پر یہ سمجھتا ہوں کہ جب ججوں نے قطری خط کو نہیں مانا ، اس کا مین ڈیفنس کا پیسہ یہاں سے باہر کیسے گیا؟ تو نواز شریف کا ڈیفنس ختم ہو گیا، یعنی کہ قطری خط جھوٹ تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے خواب کی تکمیل میں نو سال لگ گئے ، ٹاپ آل راﺅنڈ بننے کا خواب دیکھا ، اس میں بھی نوسال لگے، نوبرس کی عمر میں پاکستان کیلئے کھیلنے کا فیصلہ کیا، کئی وزیراعظم آئے اور گئے ، کوئی پوچھتا بھی نہیں ، نواز شریف جیسے کرپٹ سیاست دانوں کی وجہ سے خوشحالی نہیں آتی ، اس ملک کی دنیا میں عزت تھی اب نہیں رہی، ہمارا مقصد سبز پاسپورٹ کی عزت بحال کرنا ہے۔ نوازشریف جیسے حکمرانوں کی موجودگی میں ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی ، چیلنج کرتا ہوں مجھے عدالت بلائیں، ان تمام سیاستدانوں کو بلاﺅں گا جنہیں شریف برادران نے رشوت دی، میں چاہتا ہوں دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی عزت ہو ، نواز شریف میرے خواب کی تعبیر میں رکاوٹ ہیں۔
10 ارب روپے کی پیشکش پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے شہباز شریف کو مخاطب کر کے کہا ہر جانہ وہ کرتا ہے جس کی ساکھ ہوتی ہے ، آپ نے چھانگا مانگا ، بھوربن میں پیسے دے کر سیاستدانوں کے ضمیر خریدے ، 90 ءکی دہائی میں 6 ارب روپے کے پلاٹ سیاستدانوں کو دیئے گئے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) بھارت پاکستان دشمنی میں تمام حدیں پار کرگیا۔پاکستانیوں کیلئے میڈیکل ویزا کا حصول ناممکن بنا دیا،دو ماہ سے کسی مریض کو علاج کیلئے بھارت کا ویزا جاری نہیں کیا گیا۔
بھارتی فیصلے سے ہزاروں پاکستانی مریض متاثرہو رہے ہیں ۔ دل، جگر اور گردے کے امراض میں مبتلا لاکھوں افراد علاج کی غرض سے بھارت جاتے ہیں۔
متاثرہ افراد نے دفتر خارجہ کو دہائی دی جس پر پاکستان نے بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ بلا کر اظہار تشویش کیا۔
بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے پر کوئی تسلی بخش جواب سامنے نہ آیا ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ قوم کو مقروض کرکے ایوانوں میں بیٹھے لوگ معاشی دہشت گرد ہیں اور اِن معاشی دہشت گردوں کے خلاف بھی آپریشن ہونا چاہیے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ قوم ہر بار یہ سمجھتی ہے کہ انتخابات کے بعد زندگی میں انقلاب آئے گا لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا۔ عوام لوڈ شیڈنگ، بد امنی، بے روزگاری اور کرپشن سے تنگ آچکے ہیں اور اب قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرپٹ اشرافیہ نے قوم کو ترقی سے محروم کیا اور قوم کو مقروض کرکے ایوانوں میں بیٹھے لوگ معاشی دہشت گرد ہیں اِس لیے اِن معاشی دہشت گردوں کےخلاف بھی آپریشن ہونا چاہیے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے ارد گرد نوجوان ہوا کرتے تھے اور اُنہی کی حمایت کی بدولت قائد اعظم نے ہندوؤں اور انگریز کا ڈٹ کرمقابلہ کیا۔ قائداعظم نے انگریز اور ہندوؤں کو چیلنج کرکے پاکستان بنایا کیوں کہ ان کے نزدیک نظریہ پر کار بند ہونے پر جان کی قربانی بھی کوئی معنی نہیں رکھتی تھی۔
سراج الحق نے کہا کہ موجودہ سیاست ظالم جاگیردار اور وڈیرے کے لیے ہے بدقسمتی سے قائد اعظم کے بعد آج تک جتنے انتخابات ہوئے ان میں چند خاندان اور وڈیرے ہی سامنے آئے اور ہم معاشرے کو غلام بنانے والے اسی اسٹیٹس کو کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی صدارت میں پاکستان کی پہلی فلم، پروڈکشن اور براڈ کاسٹ پالیسی کی تشکیل کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات نشریات و قومی ورثہ مریم اور نگزیب کی سر براہی میں فلم انڈسٹری کے متعلقہ افراد اور اہم اسٹیک ہولڈرز کا یہ دو روزہ سیمینار اس صنعت کی بحالی کے عمل کو شروع کرنے کی ایک کوشش ہے۔
انہوں نے یہ بات گزشتہ روز کراچی میں دو روزہ پاکستان فلم پالیسی مشاورت کانفرنس2017 ء کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی سے پاکستان رواداری اور امن کے پیغام کو فروغ دے سکتا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم)نقل مافیا کے خلاف آصفہ بھٹو میدان میں آگئیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات میں جاری نقل مافیا کے خلا ف آصفہ بھٹو کا شدید رد عمل سامنے آگیا۔
 
 
آصفہ بھٹو کا سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا ہے کہ نقل کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کی ضرورت ہے اور امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پابند ی عائد کرنی چاہیئے

 

 

 

ایمزٹی وی(سیالکوٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے اور مغربی سرحد پر محاذ آرائی دلی کابل گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سےبات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے چل رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک میں ہم آہنگی پیدا ہو لیکن دوسری جانب مثبت جواب نہیں مل رہا، چمن میں کارروائی کابل اور دلی کی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ روز کی کارروائی پر افغانستان کو غلطی کا احساس ہوا ہے۔
 
وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہیں، ہماری خواہش ہے کہ دیشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان اور افغانستان مل کر لڑیں گے، اس جنگ میں ہمیں چین اور روس سمیت دیگر پڑوسی ملکوں کے تعاون کی بھی ضرورت ہے، جب تک افغان حکومت اپنے ملک کے مفاد کو مدنظر نہیں رکھے گی، ہم افغانستان کے ساتھ تعلقات کےفروغ اور تعاون کی کوششوں کو جاری رکھیں گے، اگر ہماری سرحدوں پر مزید کارروائی کی گئی تو بھر پور جواب دے دیں گے اور ہمارا کوئی نقصان کرے گا پھر ہم بدلہ لیں گے۔ ہماری سرزمین کی خلاف ورزی ہوئی اور نقصان ہوا تو پھر اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے4 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے لیکن اس کے باوجود ملک کے کسی بھی حصے میں کوئی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان کہلائے جا نے والے مصباح الحق نے 2010 میں قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں،مصباح الحق قیادت کے منصب پر طویل عرصہ گزارنے والے پاکستانی کپتان بن گئے۔
یہی نہیں بلکہ فتوحات کے اعتبار سے مصباح الحق نے عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،برج ٹاؤن بارباڈوس میں میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف 106رنز کے فرق سے ہارنے والی قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی بطور کپتان یہ 55 ٹیسٹ میچوں میں 19 ویں شکست ہے جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ناکامیوں سے دو چار ہونے والے کپتانوں میں مصباح الحق ابتدائی دس کپتانوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب ایشیا میں سب سے زیادہ میچ ہارنے والے کپتانوں میں مصباح الحق سری لنکا کے ارجنا رانا ٹنگا اور بھارت کے نواب منصور علی خان پٹودی کی صف میں جا کھڑے ہوئے ہیں،نواب پٹودی نے بطور کپتان 40 ٹیسٹ میں 9 جیتے اور 19 ہارے ،سری لنکا کے ارجنا رانا ٹنگا نے 60 ٹیسٹ میں 27 جیتے اور 19 ہارے ،جبکہ مصباح الحق نے 55 ٹیسٹ بطور کپتان کھیلے،25 جیتے اور 19میں انھیں شکست کا سامنا کر نا پڑا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/چیچہ وطنی)گورنمنٹ پرائمری اسکول میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کرکے ہیڈماسٹر، اسکول ٹیچرز اور طلبا کو زخمی کردیا۔
میڈِیا ذرائع کے مطابق چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 24/14 ایل کے گورنمنٹ پرائمری اسکول میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا جس کی زد میں اسکول ہیڈ ماسٹر، 4 اساتذہ اور 30 سے زائد بچے آکر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چیچہ وطنی پہنچا دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں میں 5 کی حالت تشویشناک ہے تاہم ڈاکٹرز نے تمام متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد دے کران کی جان بچالی ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع علامہ اقبال اوپن یورنیورسٹی میں بھی شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا تھا جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کا ایک ملازم جاں بحق جب کہ 5 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے 20 سال پرانے منصوبوں کو اپنے پاؤں پر لا کھڑا کیا اور دعا ہے کہ اللہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو ہدایت دے۔
 
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ منصوبے میں میٹرو بس شامل نہیں تھا لیکن عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے میٹرو بس کو اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور ایئرپورٹ کی تکمیل تک میٹرو بس منصوبہ بھی مکمل ہو جائے گا جب کہ ہزارہ موٹر وے منصوبہ بھی 14 اگست تک مکمل ہو جائے گا۔
 
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے 20 سال پرانے منصوبوں کو دوبارہ سے شروع کیا اور انہیں اپنے پاؤں پر لاکھڑا کیا، لواری ٹنل کا منصوبہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے لیکن آج بھی اس پر کام جاری ہے، لواری ٹنل بہت جلد مکمل ہو جائے گی۔ نیلم جہلم منصوبہ بھی اگلے برس فروری میں بجلی کی ترسیل شروع کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں بننے سے ہی اسکول، کالجز اور اسپتال بنیں گے اور کاشتکاروں کی زرعی پیداوار کو منڈی تک رسائی حاصل ہو گی اور عوام کا تعلیم و طبی سہولیات کے حصول کے لئے رجحان بڑھے گا۔
وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور دنیا پاکستان کا رخ کر رہی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کرپشن کے اتنے بہت بڑے بڑے اسکینڈل ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہئے لیکن اگر ہم اس میں لگ گئے تو پھر ترقیاتی کام کون کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اللہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو ہدایت دے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستان کی مشہور ماڈل قندیل بلوچ نے جتنی جلدی شہرت پائی اتنی ہی جلدی ان کی موت واقع ہوئی اور یہ گتھی اب تک سلجھ نہیں پائی ۔ قندیل بلوچ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا اور اب قندیل اور اس جیسی کئی لڑکیوں کی کہانی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کئی ہفتوں سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ صبا قمر ، قندیل بلوچ کا کردار ادا کریں گی اور ان کے انسٹاگرام پر موجود تصاویر بھی کچھ اسی جانب اشارہ کررہی تھیں اور اب آخرکار اداکارہ نے خود ہی اس خبر کی تصدیق کردی۔ یہ فلم پیراگان پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جائے گی ۔ فلم کا نام ’باغی‘ ہوگا۔