منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)گلگت بلتستان جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ہے ۔پولو ٹورنامنٹ کا مقصد گلگت بلتستان میں کھیلوں اور ثقافت کی ترویج ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں جشن بہاراں کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پرپولو ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں 8 سینئر اور 19جونیئر پولو ٹیموں سمیت مجموعی طور پر27 ٹیمیں اس مقابلے میں حصہ لیں گی ٹورنامنٹ رواں ماہ کی 15تاریخ تک جاری رہے گا۔ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں علاقائی رقص اور موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)معروف ستار نواز استاد رئیس خان عارضہ قلب کے باعث 77سال کی عمر میں انتقال کر گئے، استاد رئیس خان کے سوگواروں میں اہلیہ اور 2بیٹے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ستار نوازی میں نام کمانے والے استاد رئیس خان کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ جس کے باعث گذشتہ روز ان کا انتقال ہوگیا ۔ وہ ہندوستان کے شہر اندور میں 25 نومبر 1939ءکو پیدا ہوئے۔ انہوں نے برصغیر کے بڑے ستارنوازوں میں شامل اپنے نانا عنایت علی خان سے ہی ستار نوازی کی تعلیم حاصل کی۔موسیقی سے تعلق ہونے کے باعث بچپن میں ہی انہوں نے اپنے بڑوں سے ستار نوازی کی تعلیم حاصل کرنا شروع کردی تھی۔ استاد رئیس کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ ان کے صاحبزادے فرحان بھی موسیقار اور فن ستارنوازی میں ماہر ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(فرانس)فرانس میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے پولنگ آج ہو رہی ہے جس میں لی پین کے مقابلے میں میکرون کی جیت کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ آج ہو رہی ہے جس میں فرانسیسی شہری اپنے صدر کا انتخاب کریں گے۔ قوم پرست خاتون سیاست دان مارین لی پین اور آزاد امیدوار ایمنوئیل میکرون کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ تازہ پولز کے مطابق 49 سالہ مارین لی پین کی عوامی مقبولیت میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے انتخابات میں ان کی جیت کے 38 فیصد امکانات ہیں جب کہ 39 سالہ ایمنوئیل میکرون کی کامیابی کے امکانات 62 فیصد ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری ہفتے کے دوران دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے کے خلاف خوب الزامات لگائے۔ میکرون نے گزشتہ روز اپنی انتخابی مہم ہائی جیک ہونے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ دوسری جانب فرانس میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور عوامی مقامات سمیت اہم عمارتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم فرانسیسی شہریوں نے ایک روز قبل ہی ووٹ ڈال دئیے تھے، وہاں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)بلوچستان میں بی اے اور بی ایس سی کوختم کرکے بی ایس پروگرام کے اجرا ءکافیصلہ کرلیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت نے بی اے اور بی ایس سی کے پروگرامز کو ختم کرنے اور ان کی جگہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے اور اس کا اجراءآئندہ سال کردیا جائے گا۔
وزیرتعلیم بلوچستان عبدالرحیم زیارتوال کے مطابق تعلیمی اداروں میں بی ایس پروگرام کا اجراءآئندہ سال کیا جائے گا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ بی ایس پروگرام سے تعلیم کے شعبہ میں دور رس نتائج برآمد ہونگے۔

 

 

ایمزٹی وی (چمن)افغان فورسز کی جانب سے گولہ باری کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے باعث پاک افغان چمن بارڈر آج تیسرے روز بھی بند ہے۔
ذرائع کے مطابق 2 روز قبل چمن بارڈر پر افغان فورسز کی جارحیت کے بعد سرحد پر آج تیسرے روز بھی کشیدگی برقرار ہے جس کے باعث سرحدی علاقے میں بڑے بڑے تجارتی مراکز بدستور بند ہیں۔ سرحدی علاقوں سے بڑی تعداد میں انخلا کرنے والے افراد کیلئے پرانے چمن میں خیمہ بستی قائم کردی گئی۔
سرحد کے دونوں اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ہر قسم کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔ کلی مراد خان اور ویش منڈی میں آمدورفت رفتہ رفتہ بحال ہونے لگی ہے جب کہ کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں سرحدی حد بندی کے لیے آج دونوں طرف سے حکام کی آمد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل افغان بارڈر فورسز کی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا اور فائرنگ اور گولہ باری سے ایف سی اہلکاروں سمیت 11 پاکستانی شہید جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری پر افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(آواران)گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے آواران کا دورہ کیا جہاں انہیں جنوبی بلوچستان میں فوج اورایف سی کےکمیونٹی معاونت اقدامات پربریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر بریفنگ دی گئی جس میں آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آواران میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ایف سی بلوچستان کی جانب سےایک نیا اسکول بھی قائم کیا گیا جب کہ آواران کے 2 سو طلبا کو مفت تعلیم دی جارہی ہے۔
آرمی چیف نےامن و امان کی بہترصورتحال پر بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی کوششوں میں تعاون کرتے رہیں گے۔ آرمی چیف نے مقامی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور عمائدین نے سیکیورٹی اورترقی کے لیے پاک فوج کی کوششوں کوسراہا جب کہ آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسزکی حمایت کرنے پرمقامی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ترجمان دفتر خارجہ نے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نکیال سیکٹرمیں بھارتی فائرنگ سے 4 شہری زخمی ہوئے جب کہ 65 سال کی خاتون برکت بی بی اور12 سالہ لڑکا احسن نذیربھی بھارتی فائرنگ کانشانہ بنے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت سیزفائرمعاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جب کہ معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی علاقائی امن اوراستحکام کیلیے خطرہ ہے۔
واضح رہے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر میں گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 شہری زخمی ہوئے جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا بھرپور اور فوری جواب دیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)سندھ میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نقل کے تانے بانے بھارت سے ملنے لگے ،سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب نے انکشاف کیاہے کہ کراچی میں نقل کیلئے واٹس ایپ کو استعمال کیا جارہاہے ،جس میں بھارتی نمبر موجود ہیں ۔
نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مطابق ،وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب کا کہنا ہے کراچی میں نقل کے لیے واٹس ایپ کو استعمال کیا جا رہا ہے جس میں بھارتی نمبرز موجود ہیں، نقل کی روک تھام کے لئے ایف آئی اے،سی ٹی ڈی سے رابطہ کیا ہے،بھارتی نمبر کی موجودگی پر تحقیقاتی اداروں نے انکوائری شروع کردی۔
واضح رہے سندھ میں انٹرمیڈیٹ کا امتحان شروع ہوتے ہی نقل کا میدان جم گیا تھا،کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں طلبا وطالبات کھلے عام نقل کرنے میں مصروف ہیں جس میں موبائل سمیت کتابوں کا استعمال کیا جا رہا ہے،کسی طالبعلم نے بذریعہ ایس ایم ایس جواب حاصل کیا اور کہیں کتابیں ، گائیڈز اور پھرے چلتے رہے۔

 

 

ایمزٹی وی(سری نگر)بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے کشمیری بچے پر جاسوسی کا الزام عائد کر دیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بھارت نے گزشتہ روز غلطی سے سرحد پار کر نے والے 12سالہ کشمیری بچے اشفاق علی چوہان پر جاسوس ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اشفاق علی چوہان گزشتہ روز غلطی سے سرحد پار کر کے بھارتی علاقے میں داخل ہو گیا تھا جسے بھارتی فورسز نے حراست میں لیا ۔
یاد رہے اس سے قبل اڑی واقعے کے بعد بھی بھارت نے غلطی سے سرحد پار کر کے اس پار جانے والے 2کشمیری بچوں پر بھی جاسوس ہونے کا الزام عائد کیا تھا ۔ انسانو ں کے علاوہ بھارت کبوتراور اونٹوں پر بھی جاسوس ہونے جیسے الزامات عائد کر چکا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جے آئی ٹی کمیٹی کے سربراہ واجد ضیاءکی صدارت میں پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے تشکیل پانے والی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں دفتری امور اور جے آئی ٹی کے کام کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما کیس کی مزید تحقیقات کیلئے تشکیل پانے والی جے آئی ٹی پیر سے کام کا باقاعدہ طو ر پر آغاز کریگی اور ہر دو ہفتے بعد اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کریگی اور 2ماہ میں رپورٹ مکمل کر کے عدالت کو پیش کریگی۔
ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر واجد ضیا کی سربراہی میں تشکیل پانے والی جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی، سٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور نیب کے نمائندے شامل ہیں جو 60روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔
جے آئی ٹی کے ارکان میں اسٹیٹ بینک کے گریڈ 21کے افسرعامر عزیز ،ایس ای سی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال رسول،نیب کے گریڈ 20کے افسرعرفان نعیم منگی،آئی ایس آئی کے بریگیڈئیر محمد نعمان سعید اور ملٹری انٹیلی جنس کے بریگیڈئیر کامران خورشید شامل ہیں،یہ ارکان اپنے متعلقہ محکموں سے اسٹاف خود منتخب کریں گے۔
جے آئی ٹی کا سیکریٹریٹ جوڈیشل اکیڈمی ایچ ایٹ میں ہوگا،وفاقی حکومت جے آئی ٹی کے اخراجات برداشت کرے گی جبکہ فنڈز جے آئی ٹی کے سربراہ کے اختیار میں ہوں گے۔