منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

 
ایمزٹی وی(اسلام آباد)حج 2017 کیلیے سرکاری اسکیم کے تحت کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کرلیاگیا ہے جس کے مطابق ایک لاکھ7ہزار526 خوش نصیب پاکستانی رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔
گزشتہ روز وزارت مذہبی امور میں سرکاری اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیرمملکت برائے مذہبی امور پیرامین الحسنات شاہ سمیت وزارت مذہبی امور، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال2لاکھ 80ہزاردرخواستیں جمع ہوئیں۔ بہترین حج انتظامات کی وجہ سے عوام کا سرکاری اسکیم پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ7سال کے دوران حج کرنے والا درخواست دینے کا مجاز نہیں ہوگا۔ حج درخواستوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم شریعہ اکاؤنٹ میں رکھی گئی ہے۔ رواں سال 60فیصد سرکاری اور40فیصد پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج آپریشن مکمل کیاجائے گا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ 100سال سے زائد عمر کے27 جبکہ 90 سال سے 100سال عمرکے170افرادنے درخواست دی ہے۔ وزیراعظم کی امارات سے394لوگ بغیرقرعہ اندازی کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔ تمام کامیاب درخواست گزاروں کو ایس ایم ایس اور ویب سائٹ کے ذریعے اطلاع کردی جائیگی۔ کامیاب درخواست گزاروں کو10 مئی 2017 تک متعلقہ بینکوں میں پاسپورٹ جمع کرانا لازمی ہوگا۔ ناکام امیدوار اپنے بینکوں سے رقوم واپس لے سکتے ہیں۔ ملک کے10ہوائی اڈوں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ50 فیصد کامیاب درخواست گزاروں کو اطلاع کی جائے گی جبکہ10 فیصد کامیاب درخواست گزاروں کوعدالتی فیصلے کے بعد مبارکباد کے خطوط لکھے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ رواں سال منیٰ میں ناشتے کے علاوہ 2 وقت کا کھانا دیاجائے گا۔ جدہ اور مدینہ کے ہوائی اڈوں پر ایکسپریس کلیئرنس وے کی سہولت دی جائے گی۔ یکم ذیقعد کو پہلی حج پرواز روانہ ہوگی۔وزیر مذہبی امور نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا عمل شروع کیا۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ میں60اور 40فیصد کے حکومتی فیصلے کو ہوپ نے چیلنج کررکھاہے اس کا فیصلہ9مئی کو آنا ہے۔ ہارڈ شپ کوٹا کم کرکے2فیصد کردیا گیاہے۔ ہم نے پی آئی اے سے کہاہے کہ وہ اپنا خسارہ کسی اور طریقے سے پورا کریں اور حج کرایوں میں مزید کمی کرے۔ وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج ٹوورز آپریٹرز سے ان کے پیکیجز مانگے ہیں۔ اس کا مقصد اس سارے عمل کی مانیٹرنگ ہے۔ ہم پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کرنے والے عازمین سے باقاعدہ فیڈ بیک لیتے ہیں۔ معاہدے کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹور آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال41شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 22شکایات معمولی قسم کی تھیں۔ 10آرگنائزرز کو 49لاکھ جرمانہ کیا گیا، 2ٹور آپریٹرز کی سرگرمیاں معطل کی گئیں۔ ایک کا کوٹا معطل کیا گیا۔ یہ رقم حاجیوں کو واپس کرائی گئی۔ 792کمپنیاں حج آپریشن میں حصہ لیں گی۔ حج آپریشن27جولائی سے6 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ رواں سال 89040 گروپ بنائے گئے ہیں جبکہ رواں سال ملک بھر سے17 اپریل سے26اپریل تک قومی ونجی بینکوں کی مجازشاخوں میں 3لاکھ 38ہزار696درخواستیں جمع کی گئیں۔
ذرائع ابلاغ کو بتایا گیا کہ گروپ لیڈرز کے نام سے قرعہ اندازی کی گئی ہے۔ پہلے 3خوش نصیبوں میں لسبیلہ سے محمد رمضان، ٹنڈو محمد خان سے محمد قاسم اور قلعہ سیف اللہ سے حمد اللہ کے نام شامل ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) شہر میں بڑی تعداد میں چکن گونیا کے کیسز سامنے آنے پر عوام پریشانی و خوف کا شکار ہیں۔ ہلکے بخار اور جسم میں معمولی درد کو بھی چکن گونیا سمجھا جارہا ہے اور بڑی تعداد میں اسپتالوں سے رجوع کیا جارہا ہے۔
عوام میں ایک عام تاثر یہ بھی پایا جارہا ہے کہ چکن گونیا سے بچاؤ کے لئے کوئی خاص انجیکشن، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک موجود ہے جو لگانے سے اس مرض سے نجات مل سکتی ہے ،جبکہ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ ایک وائرل مرض ہے جو متاثرہ شخص کی قوت مدافعت کے مطابق 5سے 7دن میں ٹھیک ہو جاتی ہے ،اس لئے عوام کو چاہیے کہ خوف کا شکار نہ ہوں۔
انڈس اسپتال کے شعبہ انفیکشیئس ڈیزیز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نےبتایا کہ بخار کے ساتھ انڈس اسپتال آنے والے تقریباً تمام مریض یہی سمجھ رہے ہیں کہ انہیں چکن گونیا ہو گیا ہے اور وہ خوف کا شکار نظر آتے ہیں حالانکہ انہیں معمولی بخار ہوتا ہے۔
 
اس کے علاج کےلئے کوئی خاص اینٹی وائرل ڈرگ اورویکسین موجود نہیں ہے۔ اس سے متاثرہ مریض پانی کا زیادہ استعمال کریں، آرام کریں، صرف بخار دور کرنے کی دوا استعمال کریں، درد کی دوائیں نہ استعمال کریں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم نےبرج ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بھرپور ٹریننگ کی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل اتوارکےروزسےبرج ٹاؤن میں شروع ہو گا۔
ٹریننگ سیشن کےدوران قومی کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر زور دیا گیا۔
پاکستان کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
قومی ٹیم نے اس عزم کااظہار کیا ہےکہ وہ سابقہ کارکردگی کو دہراتے ہوئے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(حیویلیاں) ضلع ایبٹ آباد کے شہر حویلیاں میں بڑا موڑ کے قریب 2 ٹرالر پھسلن کے باعث 4 گاڑیوں سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس اور بے نظیر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)کراچی میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی شہر ایک شخص کے ہاتھوں یرغمال تھا، وہ کہتا تھا کہ آگ لگا دو تو پورے شہر میں آگ لگا دی جاتی تھی اور عوام کی املاک جلا دی جاتی تھیں، وہ کہتا تھا کہ شہر بند کرادو تو پورا شہر بند ہو جاتا تھا لیکن آج حالات بہت بدل چکے ہیں، کراچی میں امن کے لئے انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن میں ہماری تمام انٹیلی جنس ایجنسیز نے تاریخی کردار ادا کیا جب کہ شہر کو دہشت گردی اور جرائم سے بچانے کے لئے جو انٹیلی جنس شیئرنگ کی ہے وہ بھی تاریخی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سالوں میں رینجرز اور دیگر انٹیلی جنس اداروں نے اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر فرائض انجام دیئے، رینجرز نے ساڑھے 9 ہزار انٹیلی جنس آپریشن کئے جس میں منوں کے حساب سے اسلحہ و بارود پکڑا گیا۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، اس شہر میں امن ہو گا تو پورے پاکستان میں امن ہوگا اور دشمن کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ہر تین مہینے بعد صرف رینجرز اختیارات کو بنیاد بنا کر جو رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں یہ سلسلہ بند ہونا چاہیئے کیونکہ یہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ کراچی میں امن کے لئے کارروائی کرتے ہیں، انہیں تنقید کرنے کی نہیں بلکہ ان کی خدمات کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کا سامنا صرف بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ افراد سے نہیں بلکہ غیر ملکی طاقتوں سے بھی ہے اور کچھ ہمارے دوست نما دشمن بھی ہیں، فورسز کو آپریشن کے ساتھ عوام کی خدمت بھی کرنی ہے اور عوام کے دل جیتنے کی جنگ میں بھی کامیابی سے آگے بڑھنا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کپ میں پنجاب کی ٹیم کے کپتان عمر اکمل اور فاسٹ بالر جنید خان کے درمیان تنازع پر چیف سلیکٹر بھی ناراض نظر آتے ہیں، جس کے باعث عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی سے چھٹی کا امکان ہے۔

 

پاکستان کپ کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی پر چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ناراض ہیں، جبکہ پی سی بی انکوائری کمیٹی نے عمر اکمل اور جنید خان کے بیانات ریکارڈ کر لئے ہیں۔

  

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجر اور کوچ نے بھی عمر اکمل کے خلاف بیان دیدیا ہے اور قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی سے چھٹی کر دی جائے گی۔

 

 

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں عوام اور کمپنیز میں دلچسپی عروج پر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کا تڑکا لگایا ہے۔ نئی ٹیم کی شمولیت کے لیے دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں سے بولیاں طلب کرلیں ہیں۔ چھٹی ٹیم کے لئے نیلامی 31 مئی 2017 کو کی جائےگی۔
پاکستان کر کٹ بورڈ نے چھٹی فرنچائز ٹیم کے لئے پانچ ریجن کی ٹیموں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے، جن کا انتخاب ڈومیسٹک کر کٹ کی پر فارمنس اور میرٹ پر کیا گیا ہے ان میں حیدر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں۔
پی سی بی نے اس حوالے سے خواہش مند اداروں سے رابطے کو کہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا سیزن 2018 میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیزن کے دوران ہی پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کردیا تھا کہ اگلے سیزن میں ایک اور ٹیم کو شامل کر کے ٹیموں کی تعداد 6 کردی جائے گی، جس کی بدولت میچز کی تعداد اور شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔
اب اس ٹیم کی شمولیت کے لیے پی سی بی نے اشتہار جاری کردیا ہے جس میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں سے بولی طلب کرلی گئی ہے۔ اشتہار میں طریقہ کار کی بھی تفصیلی وضاحت کردی گئی ہے۔
اس سے پہلے دبئی میں آئی سی سی اجلاس سے واپسی پرنجم سیٹھی نے بتایا کہ ستمبر میں پاکستان میں ورلڈ الیون کی ٹیم آئے گی، جس کی قیادت سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے کریں گے اور تمام میچز لاہور میں کرائے جائیں گے۔
ٹیم میں تمام ممالک سے ایک سے دو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیگی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایک لاکھ 72 ہزار شناختی کارڈ مستقل طور پر بلاک کردیے گئے ہیں تاہم 5 لاکھ شناختی کارڈز بلاک کرنے کی بات جھوٹ ہے۔
کراچی میں نادرا کے میگاسینٹرز کے افتتاح کے موقع پر وزیردخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نادرا کے میگا سینٹرز عوام کے لیے کھولے جارہے ہیں جس کا مقصد شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ہے، دونوں میگا سینٹرز کی لاگت 37 کروڑ روپے ہے تاہم تیسرے میگا سینٹر کا افتتاح مئی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اچھی عمارت بنا دینے سے اچھی سروس نہیں دی جاسکتی، تمام میگا سینٹرز میں شکایتی ڈیسک بنائیں جائیں اور عوام سے جو بھی بد تمیزی کرے اسے ادارے سے نکالا دیاجائے جب کہ نادرا میگا سینٹرز میں 3 ہزار درخواستیں نمٹانے کی صلاحیت ہوگی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں بڑی تعداد میں جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈز بنائے گئے، موجودہ حکومت نے اس کام کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے اور 600 افسران کو برطرف کیا۔ صرف کراچی میں 5 لاکھ شناختی کارڈز بلاک کرنے کی بات بے بنیاد ہے، ملک بھر میں 3 لاکھ شناختی کارڈ بلاک کیے تھے جن میں سے ایک لاکھ 72 ہزار شناختی کارڈ مستقل طور پر بند کردیے گئے ہیں جب کہ دیگر شناختی کارڈز کو مرحلہ وار بحال کیا جارہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ کوئی بعید نہیں شریف خاندان نے عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش کی ہوگی کیوں کہ سیاسی مخالفین کو خریدنا (ن) لیگ کا وطیرہ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شریف خاندان نے عمران خان کو 10 ارب روپے کی ضرور پیشکش کی ہوگی کیوں کہ ماضی میں بھی یہ لوگ سیاسی مخالفین کو خریدتے رہے ہیں۔
اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی مصلحت کے تحت پیشکش کرنے والے کا نام نہیں لے رہے لیکن اگر یہ معاملہ عدالت میں چلا گیا تو پھر عمران خان کو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت نے عارضی طور پر لوڈشیڈنگ ختم کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے اور وہ بدعنوان افسروں کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اسٹیل ٹائیکون سے ملاقات نے جہاں یہ ثابت کیا کہ نوازشریف کا بھارت میں بھی کاروبار ہے وہیں ان کے محب وطن ہونے پر شکوک و شبہات پیدا کردیئے ہیں اور اب ان کے لئے خود کو محب وطن ثابت کرنا مشکل ہوچکا ہے، دولت کے نشے میں دھت وزیراعظم ایسے تعلقات بنار ہے ہیں۔ چھپ چھپ کے ملاقاتیں کرنا نوازشریف کی پرانی عادت ہے وزیراعظم بھارتی بزنس مین سے ملاقات سے متعلق قوم کو آگاہ کریں۔
وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے اور وہ کرپشن اور بدعنوان افسران کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں وہ کب تک کرپشن کی حمایت کرتے رہیں گے، پاناما کیس میں ملوث وزیراعظم کرپشن کو کیسے روک سکتا ہے ان پر متعدد مقدمات ایسے ہیں جن میں وہ صادق اور امین نظر نہیں آتے۔