منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)وفاقی جامعہ اُردو انجمن اساتذہ کےجنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے وزیر اعظم پاکستان اور صدر مملکت و چانسلر ممنون حسین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایچ ای سی کے چیئر مین کی جامعہ اُردو کے معاملات میں مبینہ مداخلت بندکروائیں ۔
شیخ الجامعہ جامعہ اُردو کے خلاف ‘ خلا ف ضابطہ کارروائی کروائی پر کراچی یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے چار اراکین نے نکتہ اعتراض بھی جمع کروادیا ہے اور جامعہ کراچی کی انجمن نے اس حوالے سے منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں ایچ ای سی کے چیئرمین کے دبائو کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(رپورٹ)عظیم پاکستانی بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا، جس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13ویں کرکٹر بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں یونس خان نے چوکا لگا کر 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر اپنے بہترین مستقبل کا اشارہ دیا تھا۔

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔


۔
یونس خان کے 1000رنز مکمل by aimstv_tv

 

یونس خان نے 116 ٹیسٹ میچز میں 34 سنچریوں اور 33 نصف سنچریوں کی بدولت 52.39 کی اوسط سے 10 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔

سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو پیغام میں یونس خان کا کہنا تھا کہ ” یہ کامیابی صرف میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے، اپنی اس کامیابی کو اپنی والدہ، مرحوم والد اور باب وولمر کے نام کرتا ہوں۔“ یونس خان نے مزید کہا کہ ” میں اپنے تمام دوستوں اور مداحوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے پورے کیریئر کے دوران مجھے بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا۔“

وزیراعظم نوازشریف نے مایہ ناز بلے باز یونس خان کو 10 ہزار رنز مکمل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ یونس خان نے یہ سنگ میل عبور کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے اور قوم کو ان کے اس اعزار پر فخر ہے۔

انہیں یہ اعزاز حاصل کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں نے مبارکباد پیش کی جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز میں عمران خان، انضمام الحق، مشتاق احمد، محمدحفیظ، یاسر حمید، محمدعرفان، رمیزراجہ، شاہد آفریدی، شعیب اختر نے یونس خان کو 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے یونس خان اپنا بیٹ نیلام کرکے رقم فلاحی ادارے کو عطیہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(سری نگر) ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجی کیمپ پر نامعلوم افراد کے حملے میں افسران سمیت 5 اہلکار ہلاک جب کہ 5 زخمی ہو گئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجی کیمپ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 افسران سمیت 5 اہلکار ہلاک جب کہ 5 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمی فوجی میں ایک کیپٹن بھی شامل ہے۔ بھارتی فوج کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔
واقعے کے بعد بھارتی فوج کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورعلاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا۔ دوسری جانب سری نگر سے بھارتی سیکیورٹی فورسز نےحریت رہنما آسیہ اندرابی کو بھی گرفتار کرلیا جب کہ آسیہ اندرابی کے شوہر کو گزشتہ روز بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پرظلم وستم کے باعث قابض فوج پرحملوں میں شدت آ چکی ہے جس کے بعد حملوں کا سلسلہ بھی تیزہوگیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹ بولنے کا ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا ، الزام غلط ثابت ہوا تو عدالت صادق اور امین کا فیصلہ کر دے ۔
ایوان اقبال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے عمران خان کے 10 ارب روپے کی پیشکش کے الزام پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ، انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے کرکٹ کے ریکارڈ کے بعد جھوٹ بولنے کے بھی ریکارڈ قائم کر دیئے ، عمران خان کیخلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔
شہباز شریف نے سی پیک منصوبے کا کریڈٹ لینے پر آصف زرداری پر بھی لفظوں کے تابر توڑ حملے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر زرداری نے چین سے معاہدہ کیا تھا تو منصوبے کا سنگ بنیاد کیوں نہیں رکھا ؟ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام 2018 میں بھی ن لیگ کو ہی منتخب کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پی پی کے سابق ایم این اے مرتضیٰ ستی نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک اور وکٹ گرادی ہے اور سابق رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ ستی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ ستی عمران خان سے ملاقات کے بعد شمولیت کا اعلان کریں گے جبکہ وہ این اے 50 راولپنڈی سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔قبل ازیں سابق گورنر پنجاب اور ذوالفقار بھٹو کے قریبی ساتھی غلام مصطفی کھر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا جس پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور بات ہاتھا پائی تک پہنچنے کو ہی تھی کہ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے درمیان میں آکر معاملے کو ٹھنڈا کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے آج تین بجے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنی تھی اور اس حوالے سے تمام میڈ یا کو دعوت نامے بھی بھیجے گئے تھے ۔تاہم مقررہ وقت پر جب میڈ یا نمائندگان اور تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی اور نعیم الحق پی آئی ڈی پہنچے تو انہیں اندر جانے سے روک دیا گیا جس پر لفظی تکرار شروع ہو گئی ۔
 
پی آئی ڈی کے ڈپٹی ڈی جی ریٹائرڈ میجر بلال نے جب تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو روکا تو ہنگامہ برپا ہو گیا ۔تاہم اس موقع پر نعیم الحق درمیان میں آئے اور انہوں نے کہا کہ ہم نے پی آئی ڈی کو پریس کانفرنس کے لیے درخواست بھیجی تھی تاہم ریٹائرڈ میجر بلال نے کہا کہ درخواست ملی تھی تاہم اجازت نہیں دی گئی ۔بعد ازاں نعیم الحق نے پی آئی ڈی کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اگر پیشکش کرنے والے کا نام نہ لیا تو انہیں سیاست سے ہاتھ دھونا پڑے گا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیس کو دبانے کے لیے پیسے دئیے جا رہے ہیں ،اس سے بڑھ کر معاشرے میں اور کیا جرم ہو سکتا ہے ؟۔ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کو بھی رقم کی پیشکش کرنے والے شخص کا نام لینا پڑے گا ،اس معاملے کی تحقیقات بھی ہونی چاہیے ۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اگر دوستوں میں بیٹھ کر یہ بات کرتا تو شائد یہ مطالبہ نہ کرتا لیکن انہوں نے پریس کے سامنے بات کی اس لیے اب انہیں نام لینا ہو گا ،ورنہ انہیں سیاست سے ہاتھ دھونا پڑے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) ایم کیو ایم پاکستان نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت سے اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کئے جائیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سندھ حکومت اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کرے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 144 اے کی روح کے مطابق اختیارات اور وسائل سندھ حکومت بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کیے جائیں، آرٹیکل 140 (اے) پرعمل کیا جائے، اختیار صوبے سے بلدیاتی اداروں اور کونسل کو منتقل کئے جائیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ کا نام نہاد بلدیاتی نظام بہت بڑا فریب ہے، میئر اور بلدیاتی ادارے نمائشی ہیں کیونکہ سارے وسائل اور اختیارات صوبے کے پاس ہیں، اختیارات صوبوں سے نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں جب کہ اختیارات کو گلیوں اور محلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

 

 

یمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف ایکشن ہیروڈیوین جانسن اور پریانکا چوپڑا کی کامیڈی سے بھرپور نئی ایکشن فلم ’بے واچ‘ کا انٹرنیشنل ٹریلر منظرِ عام پر آگیا ہے

۔ ہدایتکار سیٹ گورڈن کی یہ فلم مشہور امریکی ٹی وی سیریز پر مبنی ہے، جس کی کہانی کیلیفورنیا کے ساحل پر اپنے فرائض سر انجام دیتے ایسے لائف گارڈز کے گِرد گھوم رہی ہے، جو لوگوں کی جان بچانے کیلئے سمندر کی خطرناک لہروں سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔

ایوان ریتمین، ٹام پولک اور ڈیوین جانسن کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں ڈیوین جانسن، الیگزینڈرا ڈیڈیریو، زیک ایفرون، پریانکا چوپڑا، جان بیس، کیلی روہربیچ، یحییٰ عبدالمتین اور پامیلا اینڈریسن شامل ہیں۔ ایکشن، کامیڈی، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور یہ فلم 26مئی کو پیرا ماؤنٹ پکچرز کے تحت سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی۔