جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(کراچی)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نماز جمعہ کے مقامات پر سکیورٹی انتہائی سخت کرنے کی ہدایت کردی
 
۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے مرکزی مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہرقسم کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پر بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے
اے ڈی خواجہ نے مزید کہا کہ سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت اور ٹھوس بنایا جائے اور مزارات ،درگاہوں کی سکیورٹی کا لائحہ عمل فول پروف بنایا جائے اور مشتبہ افراد اور مشکوک یا لاوارث اشیاءکی کڑی نگرانی کی جائے۔یاد رہے کہ سیہون شریف درگاہ پر دھماکے کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) شاہ رخ خان بالی ووڈ کے واحد سپر اسٹار ہیں جنہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز چھوٹی اسکرین یعنی ٹی وی سے کیا تھا اور فلموں میں کامیابی کے بعد بھی انہوں نے کچھ شوز کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ٹی وی کے ذریعے اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اب چھوٹے پردے پرجلوہ گر ہونے جارہے ہیں جہاں وہ ایک کانفرنس ”ٹیڈ ٹاکس“ کی میزبانی کریں گے۔
اداکار کا اپنے میزبان بننے پرکہنا تھا کہ جس کانفرنس کا میں حصہ بننے جارہا ہوں وہ معاشرے میں تبدیلی کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے جہاں بات چیت سے بہت سی نئی چیزیں رونما ہوتی ہیں۔اداکار نے کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھرکو متاثر کرے گی کیونکہ مجھے وہ تمام چیزیں پسند ہیں جن سے انسان معلومات حاصل کرسکے، میں اس کانفرنس کا بطور مقرر حصہ بھی بننا چاہوں گا، مجھے کانفرنس کے تمام ہی مرحلے بے حد پسند ہیں جب کہ خود کو میزبان کا سوچ کر مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔واضح ر ہے کہ اداکار اس سے قبل بھی بھارت کے مایہ ناز شو ”کون بنے گا کروڑپتی“ میں میزبانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ہالی ووڈ کے سب سے بڑے اور معتبر ترین ایوارڈآسکرزکی89ویں تقریب میں بس کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں اسی سلسلے میں تیاریاں بھی زور و شو رسے جاری ہیں۔
ایک طرف جہاں تقریب کے شرکاء اور اداکار اپنے اسٹائل کو سب سے منفرد دکھانے کی کو شش میں مصروف ہیں تو وہیں مورتیوں کی تزئین و آرائش کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
کہیں کسی اداکارہ کو جیولری کی فکر کھائی جا رہی ہے تو کوئی اپنے ڈریس کی تیاری میں خوب جوش وخروش دکھا رہا ہے ۔
اس ایوارڈ شو میں کل60اسٹیچیوز مختلف کیٹیگریز جیتنے والوں میں دئیے جائینگے جس کی تیاری بھی اب آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے۔
ماہر کاریگر ان مورتیوں کو دن رات محنت کے بعدمکمل کرتے دکھائی دے رہے ہیں جن میں معمولی سے معمولی باریکی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا ۔
معتبرترین تسلیم کئے جانیوالے ایوارڈز کی یہ مورتی کس کس کے حصے میں آئے گی اس کا حتمی فیصلہ تو تقریب کے دن ہی ہو گا جس کا مزیدچند دن اور انتظار کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ اکیڈمی ایوارڈزکی یہ رنگا رنگ پر وقارتقریب26 فروری کو کیلیفورنیا ڈولبی تھیٹر میں منعقد کی جائے گی جس میں دنیا بھر سے فلمی ستارے پوری سج دھج کے ساتھ شرکت کیلئے پہنچیں گے۔
 
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)لعل شہباز قلندر دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے رینجرز کے قافلے پر حملہ کر دیا اور جوابی وار میں 7دہشت گرد مارے گئے جبکہ سپر ہائی وے پر فائرنگ کے تبادلے میں 11دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا گیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کاٹھور اور منگھو پیر میں رینجرز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 18شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ 3اہلکارزخمی ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سیہون دھماکے کا ریسکیو آپریشن مکمل کر کے آنے والے پاکستان رینجرز کے قافلے پر سپرہائی وے کاٹھور کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کر دیا گیا۔ دہشتگردوں اور رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سات دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔
دوسری جانب ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر مائی گاڑی منگھوپیر میں رینجرز نے کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت اسکالرشپ پروگرام کا فارم مشکل، پیچیدہ اور تاریخ میں توسیع نہ ہونے کے سیکڑوں طلباء و طالبات فارم فل کرنے سے محروم ہوگئے ہیں طلباء و طالبات نے بتایا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے Indgenious Scholarship کیلئے آن لائن فارم فل کرنے کیلئے جو طریقہ بتایا گیا ہے اس کےذریعے ہزاروں طلباء و طالبات متعدد بار کوششوں کے باوجود اسکالرشپس کیلئے فارم پر کرنے میں مسلسل محروم ہیں۔
ان طلباء و طالبات کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی کی جانب سے اس مرتبہ آن لائن ویب پورٹل نہایت ہی سست اور پیچیدہ بنایا گیا ہے اور طلباء و طالبات کو اپنی جامعات اور ڈگری پروگرامز کی تفصیلات کو ایڈ کرتے وقت ایچ ای سی آن لائن پورٹل پر کافی مشکلات درپیش آرہی ہیں۔ انکا کہنا کہ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کے متعلقہ افراد سے رابطے کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے اور جامعات کے فوکل پرسنز اسکو ایچ ای سی پورٹل کا ٹیکنیکل مسئلہ قرار دے رہے ہیں۔ ایچ ای سی ویب سائٹ پر مذکورہ تکنیکی مسئلے کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سال ہزاروں طلباء و طالبات اسکالرشپ کے حصول سے محروم رہ جائینگے۔
وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر جاوید میمن نے جنگ کو بتایا کہ تاریخ میں 22فروری تک توسیع کردی گئی ہے انھوں نے کہا کہ پی کیو آر کی وجہ سے طلبہ کوپریشانی کا سامنا تھا لیکن جامعہ کراچی کے طلبہ کو زیادہ مشکلات پیش آرہی تھیں لیکن اب وہاں ڈاکٹر بلقیس گل کو فوکل پرسن مقرر کر کے ڈیٹا مکمل کرنے کی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔

 

ایمزٹی وی(سہیون)مزار حضرت لعل شہباز قلندر کے گدی نشین شاہ ولی نے خودکش دھماکے کی تمام ذمہ داری محکمہ اوقاف پر ڈال دی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سیہون شریف درگاہ پر دھماکے کے بعد گدی نشین نے کہا کہ درگاہ پر جو کچھ ہوا ذمہ دار محکمہ اوقاف ہے اور درگاہ کا تمام انتظام محکمہ اوقاف چلاتا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ شب مزار حضرت لعل شہباز قلندر میں دھمال کے وقت خودکش دھماکہ ہونے سے 76 زائرین جاں بحق جبکہ 300 زخمی ہوگئے ۔

 

ایمز ٹی وی(تعلیم /کراچی) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ ضلع وسطی میں مختلف اسکولوں کو ایک ہی اسکول میں ضم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے ۔ ایک ہی عمارت میں مختلف شفٹوں میں چلائے جانے والے اسکولوں کو باہم ضم کرنے سے ان اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کے ساتھ انتظامی امور میں بھی سہولت ہوگی ۔

یہ بات انہوں نے بلدیہ وسطی کراچی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ضلع وسطی فیض احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی کے مشیر برائے ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن نے سر آغا خان اسکول کریم آباد میں واقع 5اسکولوں کو ایک اسکول میں ضم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ ضلع وسطی میںکل149اسکول57عمارتوں میں واقع ہیں جبکہ ٹیچرز کی تعداد 1875ہے اور ان میں تقریباً 16 ہزار طلبا و طالبات زیرتعلیم ہیںجہاں جگہ کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے مختلف شفٹوں میں تعلیم دی جاتی ہے ، ماڈل پروجیکٹ کے طور پر لئے جانے والے آغا خان اسکول میں کل 674طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں، صبح کی شفٹ میں 4اسکولوں میں 548جبکہ دوپہر کی انگلش میڈیم شفٹ کے ایک اسکول میں 126طالبعلم موجود ہیں۔
ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں موجودہ اسکول انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور ایک اسکول کو ماڈل پروجیکٹ کے طور پر لینے کے بعد اسی طرز پر ڈسٹرکٹ میں واقع دیگر اسکولوں کو بھی باہم ضم کرکے انہیں بہتر اور جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے کی شکل دی جائے، انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے قبل طالبعلموں کے والدین اور اساتذہ سے بھی مشاورت کی جائے تاکہ ان کی ضروریات کا بھی خیال رکھا جاسکے،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اسکولوں کی عمارتیں موجود ہیں، صرف انہیں بہتر خطوط پر استوار کرنا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (سیہون)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ زخمیوں کی عیادت کیلئے تعلقہ ہسپتال سیہون پہنچ گئےجہاں انہوں نے انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھنے کی ہدایت کی ۔ ادھر سندھ حکومت نے سانحے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے
سیہون پہنچ کر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ زخمیوں کا علاج معالجہ ہماری اول ترجیح ہے۔” اولیا کے مزارات پر حملہ کرنیوالے وحشی، کافر اور درندے ہیں تاہم قوم دہشتگردوں کو نیست و نابود کرنے کیلئے ایک ہوجائے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ون تھرٹی طیارے تیار ہیں اوروقت پڑنے پر انہیں استعمال کیا جائےگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے افسوس ناک واقعے پر صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) بیرونی قرضوں اور دیگر ادائیگیوں کی مد میں 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا ہوگئے ۔مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر گھٹ کے 21 ارب 82 کروڑ ڈالر رہ گئے ۔ساڑھے چار ماہ میں ذخائر میں 2 ارب 20 کروڑ ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی ۔
اسٹیٹ بینک کے جاری اعداوشمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بیرونی قرضوں اور دیگر ادائیگیوں کی مد میں 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا ہونے پر مرکزی بینک کے ذخائر گھٹ کر سترہ ارب ڈالر سے نیچے آگئے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب 83 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں ۔
اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2016 میں زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب 2 کروڑ ڈالر کی بلند سطح پر تھے ۔ جس میں ساڑے چار ماہ میں 2 ارب 20 کروڑ ڈالر کمی ہوچکی ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہورہی ہے لیکن ہم ملک کا تحفظ کرتے ہوئے ان حملوں کا بھرپور جواب دیں گے ۔
درگاہ لعل شہباز قلندر پر خودکش حملے کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہورہی ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی ہدایات بھی افغانستان سے آرہی ہیں لیکن ہم ملک کا تحفظ کرتے ہوئے ان حملوں کا بھرپور جواب دیں گے۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج قوم کے ساتھ ہے اور دشمن طاقتوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 4 روز کے دوران 6 خودکش حملوں میں درجنوں افراد شہید اورسیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

 

افغان بارڈر غیر معینہ مدت کے لئے بند