جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نادرا کی جانب سے معذرت کے بعد پانامہ لیکس کیس کی 67 آف شور کمپنیوں میں شامل گمنام پاکستانیوں کا سراغ لگانے کا ٹاسک ماتحت اداروں کو دے دیا ہے۔
اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے ملک بھر میں قائم ماتحت اداروں کو نہ صرف باقاعدہ طور پر ہدایات جاری کردی گئی ہیں بلکہ ان گمنام پاکستانیوں کے نام اور دیگر دستیاب معلومات کی تفصیلات بھی فراہم کردی گئی ہیں اور ماتحت اداروں سے کہا گیا ہے کہ ہر ماتحت ادارے کا سربراہ اپنی حدود میں ان لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کرے اور پانامہ لیکس میں شامل ان گمنام پاکستانیوں کے عزیز و اقارب کے بارے میں اگر کچھ معلومات ملیں تو انہیں بھی ضرور بورڈ کے ساتھ شیئرکیا جائے تاکہ نادرا کے پاس موجود ڈیٹا سے مدد لینے کے لیے کوئی اضافی معلومات نادرا کو فراہم کی جا سکیں اور انہیں استعمال کرکے مصدقہ معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ اب بھی نادرا حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، اگر ایف بی آر کو پانامہ لیکس میں شامل گمنام پاکستانیوں کے بارے میں کوئی کوائف یا تفصیلات ملیں گی تو انہیں نادرا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، اس کے علاوہ ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ (جنوری)کے آخری عشرے میں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نامکمل کوائف کی وجہ سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو پانامہ لیکس کیس میں شامل 67آف شور کمپنیوں کے گمنام پاکستانی مالکان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر میں قائم اپنے ماتحت اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اسی فیصلے کے تحت اب فیلڈ فارمشنز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ فارمشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو نام بھجوائے گئے ہیں، ان کا سراغ لگایا جائے یا ان کے کسی قریبی عزیز کا نام، پتہ، شناختی کارڈ نمبر یا ان کے علاقے کی تفصیلات یا دوسری کوئی بھی ایسی متعلقہ معلومات دی جائیں جس سے ان کا سراغ لگایا جاسکے اور ان معلومات کو نادرا ودیگر اداروں کے ساتھ شیئر کرکے مدد لی جاسکے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں نے احتجاج کیا اور عملے نے کارکنوں کوپریس کانفرنس کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ناراض کارکنوں نے بنی گالہ کے باہر پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی جس پر چیئرمین سیکرٹریٹ کے عملہ نے بنی گالہ کے راستے کی ناکہ بندی کرکے کارکنوں کو راستے میں روک دیا اور کہا کہ عمران خان کے گھر کے باہر احتجاج نہیں کرنے دیں گے۔ ناراض کارکن عبدالقیوم کنڈی نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر میڈیا سے بات کرنی ہے،پارٹی میں اختلافات سے آئندہ انتخابات میں منفی اثر پڑے گا۔
عبدالقیوم کنڈی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں گروپس بنے ہوئے ہیں اور پارٹی کے آئین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اقرباءپروری کے کلچر کو اہمیت دی جارہی ہے جس پر عملے نے ان کی ایک نہ سنتے ہوئے کارکنوں کو بنی گالہ داخل ہونے سے روک دیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) آئی سی سی ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل چوتھی فتح حاصل کر لی۔
 
سری فورٹ کرکٹ گراؤنڈ نیو دہلی میں جاری میگا ایونٹ میں پاکستان نے چوتھا میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا، سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 164 رنز بنائے، پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایونٹ میں پاکستان کی مسلسل چوتھی کے ساتھ پاکستان ٹیم ٹائٹل کیلیے فیورٹ بن گئی ہے۔
 
گزشتہ روز گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ اس سے قبل پہلے میچ میں نیوزی لینڈ جبکہ دوسرے مقابلے میں انگلینڈ کو شکست سے دوچار کر چکی ہے۔ گرین شرٹس اپنا پانچواں میچ کل نیپال کے خلاف کھیلیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت دیگرممالک کےمعاملات میں دخل اندازی کے بجائے اپنے معاملات درست کرے، بھارتی ریاستی عناصر کی پاکستان میں مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور وہ دیگر ممالک کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے،بھارت دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اورکشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے 14 کشمیریوں کو گرفتاراور40 افراد کو زخمی کیا گیا جب کہ وہ عالمی برادری کی توجہ تحریک آزادی سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور دوسری جانب مودی سرکار جموں و کشمیر میں غیرقانونی ڈومیسائل جاری کرکے کشمیر کی آبادی کوہندو اکثریت میں تبدیل کررہی ہے،پاکستان غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتا ہے اورعالمی برادری بھی غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے کا نوٹس لے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے اور مسئلے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے کیوں کہ یہ مسئلہ قراردادوں کی روشنی میں ہی حل ہو سکتا ہے،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نفیس زکریا نے بتایا کہ گزشتہ برس نارووال میں 3 پاکستانی لڑکے غلطی سے سرحد پار چلے گئے اور انہیں بھارت میں گرفتار کر لیا گیا تھا، ستمبرمیں پاکستان نے لڑکوں کی رہائی کے لیے بھارت سے رابطہ کیا اورتاحال جواب کا انتظار ہے. دفتر خارجہ کے مطابق یکم مارچ کو ہونے والے ای سی او کے سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے جس میں آر سی ڈی کے رکن ممالک بھی شرکت کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)کراچی سے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے لئے کوئلہ لے جانے والی ٹرین کی ایک بوگی سے 22 ٹن کوئلہ غائب ہو گیا، چینی حکام کی نشاندہی پر محکمہ ریلوے نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ کے لیے کوئلہ لے جانے والی چین کی دوسری اسپیشل ٹرین، 18 بوگیاں اور ہر بوگی میں 22 ٹن کوئلہ، ٹرین ساہیوال اسٹیشن پر پہنچی تو پوری ایک بوگی خالی تھی، 22 ٹن کوئلہ زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا،ریلوے گارڈز نے اے ایس ایم کواطلاع دی،بوگی نمبر96239 میں کوئلہ نہیں،بوگی کےپہیوں کے ساتھ نچلے دروازے کھلے ہوئے تھے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے چلنے کے بعد بہاولپور کے نزدیک کلاب ریلوے اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے رُکی تھی، ترجمان ریلوے کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جار ی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)محمد زبیر عمر نے سندھ کے 32 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں محمد زبیر کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے محمد زیبر سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں سمیت اہم سیاسی شخصیات، اعلیٰ سرکاری حکام اور معززین کے علاوہ ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیرعمر 23 مارچ 1956 كو ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے۔ محمد زبیر نے ابتدائی تعلیم ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں حاصل كی۔ زبیر عمر نے 1984 میں کراچی کے معروف تعلیمی ادارے آئی بی اے سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز كی ڈگری حاصل كی، وہ امریكی كمپنی آئی بی ایم سے وابستہ رہے اور پیرس، روم، میلان اور دبئی میں تعینات رہے۔
واضح رہے 14 سال تک سندھ کے گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا 31 واں گورنر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تاہم وہ خرابی صحت کی بنا پر زیادہ عرصے تک گورنر کی ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور 12 جنوری 2017 کو انتقال کرگئے۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکار ہریتھک روشن کی فلم 'قابل' کی نمائش پاکستانی سینما گھروں میں ہوئی، جس کے ساتھ ہی طویل عرصے سے سینما میں بولی وڈ فلموں پر لگی پابندی کا اختتام بھی ہوگیا۔فلم 'قابل' کراچی کے ایٹریم سینما میں گزشتہ رات 11 بجے نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
جب پاکستان میں فلم 'قابل' کی نمائش کی خبر ہریتھک روشن تک پہنچی تو انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔انہوں نے کہا کہ 'قابل آج رات کراچی میں ریلیز کردی گئی، ہندوستان سے اس فلم کو بےحد پیار ملا، امید ہے پاکستان میں بھی اسے اتنا ہی پسند کیا جائے'۔
فلم 'قابل' ایک تھرلر ایکشن کہانی پر مبنی ہے، جس میں ایک نابینا شخص اپنی اہلیہ کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا بدلہ لیتا ہے۔سنجے گپتا کی ہدایات اور راکیش روشن کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم میں ہریتھک روشن کے ساتھ یامی گوتمی، رونت روئے اور روہت روئے نے اہم کردار ادا کیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے کام پر پابندی عائد کردی تھی، جس کے بعد پاکستان میں بھی سینما مالکان نے بولی وڈ فلموں کی نمائش سے انکار کرتے ہوئے ان پر پابندی لگائی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(راولپنڈی) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی ہے۔اور چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کی سربراہی میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔ جس میں چیئر مین پی این ڈی،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور کمشنر راولپنڈی بھی شامل ہیں۔جبکہ صدر راولپنڈی تا موٹروے گرین لائن بس سروس شروع کرنے کیلئے فز بیلٹی رپورٹ کی تیاری کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ رنگ روڈ منصوبہ کے کوآرڈنیٹرسپیشل سیکرٹری ٹو سی ایم پنجاب ساجد ظفر ڈال نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ رنگ روڈ منصوبہ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ہو گا ۔جس پر کام کاآغاز جون جولائی میں متوقع ہے۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے بھی صدر سے موٹر وے چوک کے درمیان بس سروس شروع کر نے کےمنصوبہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا اعلان وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات میں کیا گیا ۔ملک ابرار احمد نے وزیراعلی پنجاب سے درخواست کی کہ صدر سے موٹر وے چوک تک میٹرو بس سروس شروع کی جائے اس سے صدر اور بیرون اضلاع سے آنے والے مسافر باآسانی موٹروے چوک ‘نئے انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر بغیر کسی روکاٹ کے پہنچ سکیں گے ۔ملک ابرار نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے حلقہ این اے 54کی مختلف ترقیاتی سکیموں کے لئے 30کروڑ روپے ‘ ڈھوک سیداں گرلز کالج کی تکمیل کے لئے باقی فنڈز ‘خدیجہ ڈگری کالج سے ملحقہ پلاٹ کی خریداری کے لئے ایک کروڑ روپے کے فوری اجراء اور راولپنڈی کینٹ کی 9ڈسپنسریوں میں ڈاکٹر اور معاون عملے کی تعیناتی کے لئے سیکرٹری ہیلتھ کو سروے کر کے فوری عملہ تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔ چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے بتایا کہ وزیراعلٰی پنجاب نے این اے 54کے ترقیاتی کاموں کیلئے 20کروڑ روپے جبکہ پی ایچ اے کیلئے 24ملین روپے کی گرانٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ -انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب نے راولپنڈی کے شہریوں کو صدر سے موٹروے چوک تک میٹرو بس سروس کا تحفہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعلٰی پنجاب کو حلقہ این اے 54کے مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعلٰی پنجاب انہیں مزید گرانٹ کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)خوبصورت آنکھوں کے مالک بالی ووڈ ایکشن ہیرو ریتک روشن نے بعد از مرگ اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔
ریتک روشن نے حال ہی میں اپنی فلم ’کابل‘ میں نابینا شخص کا کردار ادا کیا ہے ، اس لئے نابینا افراد کے مسائل کو قریب سے دیکھنے کے بعد ایکشن ہیرو نے زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ کرلیا ہے ۔
انہوں نے اپنے فیصلے سے آنکھوں کے خیراتی اسپتال کوبھی آگاہ کردیاہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے تمام کھلاڑی شاید یہ بات جانتے ہیں کہ پاکستانیوں کو دو چیزوں کا جنون ہے، ایک کھانا اور دوسرا کپڑے! اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس کھیل سے ریٹائر ہونے کے بعد اپنے کیریئر کا رُخ ان شعبوں کی طرف موڑ دیتے ہیں۔
 
3 
اگر معروف پاکستانی کھلاڑی انضمام الحق کی بات کی جائے تو انہوں نے بھی کرکٹ کے بعد پاکستانیوں کے لیے کھانے اور اب ملبوسات دونوں کا کام شروع کردیا ہے۔'میٹ ون' شاپ کھولنے کے بعد انضمام الحق نے اب لاہور میں اپنے ملبوسات کا اسٹور 'لیجنڈ آف انضمام الحق' بھی لانچ کردیا۔
16492158 347733572286554 1875479743 o
لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر واقع اس اسٹور میں مردوں اور خواتین دونوں کے ملبوسات موجود ہیں۔اس اسٹور کے افتتاح کے موقع پر کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے متعدد کھلاڑی جمع ہوئے اور انضمام الحق کے اس اقدام کو سراہا۔
 
2 
مصباح الحق اس تقریب میں اپنی اہلیہ کے ساتھ شریک ہوئے، جبکہ محمد یوسف بھی ایونٹ میں پرجوش نظر آئے۔احمد شہزاد ہمیشہ کی طرح تصاویر کے لیے تیار رہے۔اس موقع پر کرکٹرز کے علاوہ شوبز شخصیات نتاشا حسین اور ڈیزائنر سیم علی بھی موجود تھے۔کھلاڑی محمد عرفان اور سلمان بٹ بھی نہایت بہترین انداز میں جلوہ گر ہوئے۔