جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں گول میز کانفرنس سے لاعلم رکھا تاہم کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے اور اگر شرکت کی دعوت ملی تو ضرور جاﺅں گا۔
چاندی کا تمغہ جیتنے والی تھروبال ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں قومی ٹیموں کی بہتری کیلئے لاہور میں بلائی جانے والی گول میز کانفرنس سے لاعلم رکھا گیا ہے اور شرکت کی دعوت بھی نہیں دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس سے متعلق میڈیا کے ذریعے پتہ چلا اور اگر واقعی ایسا ہورہا ہے تو پی سی بی کا یہ اقدام خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ اور ملک کی خدمت کیلئے ہمیشہ حاضر ہوں، پی سی بی جب بھی کرکٹ کیلئے بلائے گی، اپنی زیادہ سے زیادہ خدمات پیش کروں گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی کہ لیگ کے اس سیزن میں کم از کم ایک اچھا فاسٹ باﺅلر اور مڈل آرڈر بلے باز دیکھنے کو ملے گا جو قومی ٹیم کیلئے رنز کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع مل رہا ہے اور امید ہے کہ اس کے ذریعے قومی ٹیم کیلئے ابھرتے ہوئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو ملک کا نام روشن کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت /راولپنڈی) فروری میں موسم کی شدت میں کمی کے باوجود ڈینگی کا مریض ہولی فیملی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ 37سالہ ظہیر نامی شخص کا تعلق ڈھوک کشمیریاں سے ہے جہاں گزشتہ سال سب سے زیادہ مریض ڈینگی میں مبتلا ہوئے تھے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر راولپنڈی اسلام آباد کی انتظامیہ نے ابھی سے احتیاطی اقدامات نہ کئے تو آنیوالے موسم میں ڈینگی کی وباء میں خطرناک حد تک اضافہ کا امکان ہے۔

داخل کرایا جانیوالا مریض چار دن سے بیمار تھا اور اُسکے پلیٹ لیٹ 84اور ڈبلیو بی سی 4.6تھے جبکہ این ایس ون نیگٹو تھا۔ مریض کی آمد کے ساتھ ہی اسپتال انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو ڈینگی کے خلاف فوری اقدامات کرنا ہونگے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت /کراچی ) سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے 250ملازمین کی تنخواہیں روکنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر اسپتال کے اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر عبدالقادر صدیقی کو عہدے سے ہٹا دیا ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے طبی ونیم طبی عملے کو بغیر اطلاع کے چھٹی کرنے پر اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے جس پر انہوں نے ایم ایس کے سامنے حاضر ہو کر وجوہات پیش کر دی تھیں جس پر معاملہ ختم ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود ملازمین کی تنخواہیں روک دی گئیں۔ جس پر انہوں نے ایم ایس سے رابطہ کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر عبدالقادر صدیقی نے ان کی تنخواہیں رکوائی ہیں

جس پر ایم ایس نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔ اس ضمن میں اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ذوالفقار علی سیال نے بتایا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے اے ایم ایس جنرل کا کوئی تعلق نہیں نہ ہی انہیں تنخواہیں روکنے کا اختیار حاصل ہے اس کے باوجود انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان نے چار روزہ ٹیسٹ کی تجویز مسترد کر دی، چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے مطابق جب بارش ہوئی تو ایسے میچز کا کیا ہو گا؟دبئی میں جاری آئی سی سی میٹنگ میں چار روزہ ٹیسٹ پر بھی بات ہونی ہے، شہریار خان نےمیڈیا سے بات چیت میں اس حوالے سے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے زیادہ چھیڑ چھاڑ مناسب نہیں، پانچ روزہ میچ ہی کھیل کا اصل حسن ہے، ایک دن کم کرنے سے کچھ فائدہ نہیں ہونے والا، ہم اس کی مخالفت کریں گے.
چار دن کا میچ کر دیا اور درمیان میں بارش کے سبب وقت ضائع ہوا تو کیسے نتیجہ برآمد ہو سکتا ہے؟۔دوسری جانب آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ کو دو درجات میں بھی تقسیم کرنے پر غور کر رہی ہے، بڑی ٹیمیں ایک اور دیگر دوسرے درجے میں ہوں گی۔ ان کے آپس میں میچز ہوا کریں گے، بنگلہ دیش اور سری لنکا نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے کھل کر اس کی مخالفت کر رہے ہیں، بھارت نے بھی ان کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے گزشتہ عرصے اس تجویز کو منظوری نہیں مل سکی تھی، اب معاملہ پھر آئی سی سی میٹنگ میں زیرغور آئے گا۔
ادھر چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے مجوزہ دو درجاتی نظام کے بارے میں کہا کہ ہمیں ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بھی ٹاپ لیول پر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا ہوگا، جیسے آئرلینڈ اور افغانستان اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں تو انھیں ٹیسٹ اسٹیٹس مل سکتا ہے، اس حوالے میں آئی سی سی میٹنگ میں بات چیت کرکے ہی مزید تفصیلات کا علم ہوگا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)وزیر تعلیم سندھ اور پرو چانسلر جامعہ کراچی جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک جس ٹیکنالوجی کو چھوڑ کراس سے بہتر اور جدید ٹیکنالوجی پر منتقل ہورہے ہیں ،ہم اس متروک شدہ ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کی کاوشوں میں مصروف ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔

دورحاضر مقابلے کا دور ہے جس میں ہمارے طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ناگزیر حیثیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور عصری تقاضوں کے عین مطابق سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار اداکریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کی سینٹر ل کیفے ٹیریا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ عصر حاضر سائنس کا دور ہے جس میں ہم کافی پیچھے رہ گئے ہیں ، سائنس کے ذریعے ہی ترقی ممکن ہے۔

اس موقع پر رئیس کلیہ سماجی علوم وکنوینر مارکیٹنگ اینڈ اینوویشن کمیٹی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر نے بھی خطاب کی

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) شہریوں سے اضافی بلنگ کے معاملےپرنیپرا نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو غلطی کی سزا دینے کی بجائے اپنا فیصلے بدلتےہوئے اسے کلین چٹ دے دی ۔
'کے الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر نے فیلڈ اسٹاف کو ای میل کے ذریعے صارفین کو اضافی بھاری بلنگ کی ہدایات جاری کیں، یہ شکایات 2012 میں نیپر ا کوموصول ہوئی۔ سماعت پر ڈپٹی جنرل منیجر نے الزام تسلیم کرتےہوئےکہا کہ اضافی بھاری بلنگ کی ہدایات کے الیکٹرک انتظامیہ کی طرف سے آئی تھیں تاہم انتظامیہ نےکہا کہ ایسی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں۔
نیپرا نے10 جون دوہزار چودہ کو اپنے فیصلے میں قراردیا کہ کے الیکٹرک کے ریجنل سر براہان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اضافی بلنگ کے احکامات دینے میں ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے، کے الیکٹر نے فیصلے کےخلاف نظرثانی اپیل کردی، نیپرا نے معاملہ نمٹاتے ہوئے نئے تبدیل شدہ فیصلے میں کہاکہ درخواست گزار بھاری بجلی بلوں کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت/ کراچی ) بلدیہ عظمیٰ کراچی کا سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ سندھ گورنمنٹ،محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی، کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، عیسیٰ لیبارٹری اورسیلانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کیلئے جمعہ کے روز صبح 10 تاشام 4بجے کے ایم سی بلڈنگ میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کر رہا ہے۔

جس میں بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول، ہڈیوںجوڑوں کے امراض، ٹی بی، ہومیو پیتھک اوپی ڈی اور ادویات کی فراہمی، دمہ اور سماعت کے مختلف ٹیسٹس، دانتوں اور آنکھوں کا معائنہ اور موتیا کا مفت آپریشن بھی کیا جائیگا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/پنجا ب)پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں ان پڑھ قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کیلئے منصوبہ تیار کر لیا گیاہے۔ جیلوں کو جرائم کی نرسریاں بننے کی بجائے درس گاہوں میں تبدیل کریں گے، قیدی خواتین و حضرات کو جیل کے اندر تعلیم یافتہ قیدی بنیادی تعلیم دیں گے، علم کی روشنی سے قیدیوں کو معاشرے کا تعمیری اور کارآمد رکن بنایا جائے گا ، 4 ماہ کے تعلیم بالغاں کورس سے قیدیوں کو لکھنے پڑھنے کے قابل بنایا جائے گا، قیدیوں کو کتابیں،اسٹیشنری اور تمام ضروری سامان محکمہ لٹریسی فراہم کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ جاوید نے پنجاب بھر کی جیلوں میں ان پڑھ قیدیوں کیلئے تعلیم کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر نوید احمدچوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری اکرم جان ، پراجیکٹ ڈائریکٹر شکیل احمد سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لٹریسی ماضی میں جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے پائلٹ منصوبے پر خوش اصلوبی سے کام مکمل کر چکا ہے۔پنجاب میں لاہور، ساہیوال، ملتان، راولپنڈی،بہاولپور، میانوالی اور ڈی جی خان سمیت بڑی جیلوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا چکا ہے اور باقی پر کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر لٹریسی ڈاکٹر فرخ جاویدنے اس موقع پرسیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر نوید چوہدری اور آئی جی جیل خان جات میاں فاروق نذیر کو ہدایت کی کہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جلد لائحہ عمل تشکیل دیں ۔یاد رہے کہ اس وقت پاکستان میں شرح خواندگی 60جبکہ پنجاب میں 63فیصد ہے جس میں بہتری کیلئے محکمہ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے۔ اب تک صوبہ بھر میںNFBES اور NFEFS کے13,274 سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں 4,35,804 اسکول سے باہر بچوں کو پرائمری تعلیم مہیا کی جا رہی ہے۔
پنجاب بھر میں6,860 ALC اورNFEAC سینٹرز بنائے گئے ہیں جن میں 1,33,844 نوجوان اور بزرگ تعلیم و فنی تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ ایک لاکھ سے زائد ان پڑھ افراد کو بنیادی تعلیم دی گئی اور مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں، جدیدانفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس مانیٹرنک اسیسمنٹ سسٹم رائج کیا گیاہے اور تمام سکولوں کی مستقل اسیسمنٹ کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر لٹریسی ڈاکٹر فرخ جاوید کی ہدایت پرپنجاب بھر کی جیلوں قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کیلئے پروگرام مرتب کر لیا گیا ہے جس کے تحت لاکھوں قیدیوں کو تعلیم کے زیور سے آرستہ کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ واٹر بورڈ کا سربراہ مئیر کراچی کو ہونا چاہیے، اسپتالوں میں پیسے لگانے کے بجائے پانی پر لگائیں ،پہلے ہم لوگوں کو بیمار کرتے ہیں بعد میں علاج کرتے ہیں۔
فراہمی و نکاسی آب کمیشن کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت میں سابق مئیر مصطفیٰ کمال،ایم ڈی واٹر بورڈ،سیکریٹری انڈسٹریز و دیگر پیش ہوئے۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ نے کمیشن کو بتایا کہ 2007 میں مئیر ہی واٹر بورڈ کا چیئرمین ہوتا تھا،کے تھری کا منصوبہ 2007 میں شروع ہوا اور انکے دور میں شہر کی آئندہ 50 سال میں پانی کی ضرورت پر اسٹڈی کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو روزانہ 1250 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے اور شہر کو 640 ملین گیلن پانی فراہم کیاجارہا ہے۔ پانی کے منصوبے کے فور کے فیز ون کا منصوبہ 260 ملین گیلن کاہے جبکہ ضیاء الحق دور میں کراچی کو 1200 کیوسک پانی کا کوٹا دیا گیا تھا اور 1200 کیوسک پانی سے کراچی کو صرف ڈیڑھ فیصد دیاجاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج کے دور میں بھی وال مین کے ہاتھ میں سب کچھ ہے۔
کمیشن میں پیش ہونے کےبعد مصطفیٰ کمال نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے کمیشن میں پانی کے حوالے سے بات کی ہے،کراچی کو ضرورت سے آدھا پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) کراچی کا اولڈ سٹی ایریا شہر کا کاروباری حب ہے۔ بدامنی کے دور میں اولڈ سٹی ایریا دہشت کا شکار رہا لیکن بحالی امن نے بازار کی رونقیں بحال کرنا شروع کردی ہیں۔
زیادہ پرانی بات نہیں جب کراچی کے کھجور بازار میں خوف کے ڈیرے تھے، بھتہ مافیا کا زور تھا، مارکیٹ پر دکاندار کام کے لئے سر پر کفن باندھے کرآتے تھے اور جب عصر سے پہلے بازار بند ہوجاتے تھےلیکن اب مارکیٹ کی گہما گہمی اپنا مدعا آپ بیان کررہی ہے۔
اس مارکیٹ اور شہر کا امن چاندی کے پرانے زیوارت پر چڑھی کالک کی طرح تھی جسے کراچی آپریشن کے ذریعے قابو میں لایا گیا۔ اب صورتحال بہتر ہے، دکاندار بلا کسی خوف وخطر کام کررہے ہیں۔
کھجور بازار میں اب رات دیر تک کاروبار ہوتا ہے اور یہاں کے دکانداروں کو پرامن کراچی کی جھلک نظر آنا شروع ہوگئی ہے۔