جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے آج پاناما کیس کی سماعت کی اورجسٹس عظمت سعید شیخ کی علالت کے باعث پاناما کیس کی مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی ہے تاہم پیرکو ہونے والی سماعت بھی جسٹس عظمت سعید شیخ کی موجودگی سے مشروط ہو گی اور پیر کے روز وزیر اعظم کے صاحبزادوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ اپنے دلائل کا تسلسل جاری رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پاناما کیس کو سننے والے 5رکنی بینچ میں شامل جسٹس عظمت سعید شیخ کو گزشتہ روز بلڈ پریشر اور دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا تھا جہاں انکی انجیو پلاسٹی کی گئی ہے اور اب انکی طبعیت میں مسلسل بہتری آرہی ہے ۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے درخواست گزاروں کو بتایا کہ جسٹس عظمت کاکوئی آپریشن نہیں ہوا،شریانوں میں حائل رکاوٹ ہٹادی گئی۔خطرےکی کوئی بات نہیں،جسٹس عظمت صحت یاب ہورہےہیں۔جسٹس عظمت صحت یاب ہوئےتوان کےعدالت آنےکی صورت میں سماعت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیر کو سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی موجودگی سے مشروط ہو گی ۔’’جسٹس عظمت سعید شیخ کی صحت پر اللہ کے شکر گزار ہیں‘‘۔ڈاکٹر نے جسٹس عظمت کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ کی شریانوں کی بندش ختم ہو چکی ہےتاہم وہ 3 سے 4 ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں جو انکی صحت کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے، بورڈ کے لوگ مجھ سے زیادہ تجربہ کار ہیں ان کا مشورہ ماننا چاہیے،کپتان کیلئے میں کسی کا بھی نام نہیں لوں گا یہ بورڈ کا فیصلہ ہے اوروہ ہی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق دل کھول کر اپنے دل کی بھڑاس نکالی اور کہا کہ میں تو 1 سال پہلے ریٹائر ہوگیا تھا تو قوم نے کہا کہ واپس آجائیں تو اب کہا جارہا ہے کہ شرم کرنی چاہیے اور چلے جانا چاہیے ۔کپتان کے سوال پر مصباح نے کہا کہ اگر میں کارکردگی نہیں دکھا سکا تو میرے مشورے کی ضرورت نہیں ہے،میرے خیال میں جس کو بورڈسمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے لئے بہتر ہے اس کو کپتان بنا نا چاہیے اور بورڈ میں میرے سے زیادہ عقل مند لوگ مشورے کے لئے بیٹھے ہوئے ہیں تو ان کا مشورہ سننا چاہیے،مگر کپتان جو بھی ہوگا اس کا مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔مصباح نے اعتراف کیا کہ ہم نئے ٹیلنٹ کی کارکردگی کو بہتر نہیں بنا پارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے باہر تمام ٹیمیں جیت کیلئے کوشش کرتی ہیں۔کیوں صرف پاکستان کو اس با ت کا کہا جاتا ہے کہ صرف دبئی میں ہی جت سکتے ہیں ہم انگلینڈ ،جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ون ڈے سیریز جیت چکے ہیں۔
ہوم سیریز میں دنیا بھر کی ٹیمیں اچھا کھیل رہی ہیں ہم اتنا برانہیں کھیلے جیتنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ کپتان نے کہا کہ بھارت بھی بھارت میں ہی جیت کر نمبرون بنا ہے۔ سکل کا تعلق ٹریننگ سے ہے مگر سکل بھی بہت ضروری ہے پاک فوج کی ٹریننگ سے بہت فرق پڑا مگر ٹرینر جو بھی ہو فٹنس بہتر ہونی چاہیے ،فٹنس بہتر ہوگی تو کاکردگی میں نکھا ر آئے گا۔
سلیکشن سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے مصباح نے کہا کہ ضروری نہیں کے سارے لڑکے پرفارم کریں،میرے خیال میں سلیکشن کمیٹی نے اپنی بہتر ٹیم بنائی،سلیکشن کا سوال سلیکشن کمیٹی سے کریں تو بہتر ہوگا۔ پی ایس ایل کے بعد ٹیم میں تبدیلی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کے مجموعی طور پر سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمںٹ) بالی ووڈ کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار نے انکشاف کیا ہے کہ پیسوں کے عوض انہیں کئی بار ایوارڈز کی آفر کی گئی لیکن میرا جواب ہمیشہ یہ ہوتا کہ میرے لیے مداحوں کی حوصلہ افزائی سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔ بھارت کے مشہور شو ”آپ کی عدالت“ میں رجت شرما کو انٹریو دیتے ہوئے اکشے کمار نے بھارتی ایوارڈ شوز کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے کئی راز افشا کردیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کئی بار پیسوں کے عوض ایوارڈ لینے کی آفرز موصول ہوئیں جب کہ ہر ایوارڈ شو سے ایک رات قبل مجھے پیغام بھیجا جاتا کہ آپ ایوارڈ شو میں پرفام کریں جس کے عوض آپ کو آدھی فیس دی جائے گی اور ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا لیکن میں انہیں یہ جواب دیتا ہوں کہ میرے لیے مداحوں کی حوصلہ افزائی سب سے بڑا ایوارڈ ہے البتہ میں تقریب میں پرفارم کرنے کی پوری فیس لوں گا اور آپ اپنا ایوارڈ اپنے پاس رکھیں۔
49 سالہ اداکار کا کہنا تھا کہ میری بیوی ٹوئنکل کھنہ طعنہ دیتی ہے کہ ان کے والدین (راجیش کھنہ اور ڈمپل کباڈیہ) کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن مجھے اب تک ایوارڈ نہیں ملا، اگر مجھے اب تک کسی بڑے ایوارڈ سے نہیں نوازا گیا تو یہ میرے لیے فکر کی بات نہیں اور نہ یہ سوچ کر مجھے اپنے حوصلے میں کمی لانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی کہا گیا کہ میں اس انڈسٹری میں فٹ نہیں ہوتا کیوں کہ میں دیگر ادکاروں کی طرح رات دیر تک پارٹی یا شوٹنگ نہیں کرتا ، بچپن سے ہی میری عادت بنی ہوئی ہے کہ میں جلد سوتا اور اٹھتا ہوں۔
دوسری جانب اکشے کمار کے بیان نے بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کی بات کو درست ثابت کردیا جو گزشتہ 15 سالوں سے کسی ایوارڈ شو کا حصہ نہیں بنے جب کہ حال ہی میں انہیں بالی ووڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ شو فلم فیئر میں بلاک بسٹر فلم ”دنگل“ میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا تاہم عامر خان تقریب کا حصہ نہیں بنے۔واضح رہے بلاک بسٹر فلم ”دنگل“ میں بہترین ادکار کے لیے نامزد ہونے کے بعد عامر خان نے ایک انٹریو میں بھارت کے سب سے بڑے ایوارڈ شو فلم فیئر میں جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمرشل فلم ایوارڈز کی میرے نزدیک کوئی اہمیت نہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے کنگ خان فلم ’رئیس‘ کی کامیابی کے بعد ننھے بیٹے ابرام کے ساتھ گولڈ ن ٹیمپل پہنچ گئے۔
بالی ووڈ کے کنگ خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’رئیس‘ کی کامیابی پر کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز شاہ رخ خان اپنے بیٹے ابرام کے ساتھ امرتسرمیں گولڈن ٹیمپل پہنچے جہاں انہوں نے دربار صاحب میں ماتھا ٹیکا اور شکریہ بھی ادا کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں ممبئی میں فلم کی کامیابی کی خوشی میں ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شاہ رخ خان سمیت فلم کی کاسٹ نے شرکت کی اور اس خوشی کو بھرپور انداز میں منایا اوراس کے بعد کنگ خان نے اپنے چہیتے بیٹے ابرام کے ساتھ گولڈن ٹیمپل کا رخ کیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘سو کروڑ کلب میں شامل ہوگئی ہے اور شائقین میں بے حد مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ورلڈ بلائنڈ ٹی20 میں بھارت نے پاکستان کوجیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے جانیوالے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ ورلڈ بلائنڈ ٹی 20 میں پاکستان اپنا تیسرا میچ کھیل رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو ٹھکانے لگایا تھاجبکہ تیسرے میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے صدر میں مقابلے کے بعد نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کا تعلق تالا توڑ گروپ سے ہے۔
صدر کے علاقے تبت سینٹر کے قریب ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے دوساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم اسد اللہ تالا توڑ گروپ کا کارندہ ہے اورنقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور تالا کاٹنے کےاوزار بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ملزم کا آبائی تعلق افغانستان سے ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)امریکہ میں ٖغذائیت اور اس کے اثرات کے ماہر ڈاکٹر جونی باؤڈن کہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ ساتھ عمررسیدگی سے دماغی صلاحیتیں اور یادداشت متاثر ہوتی ہیں جبکہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال ’دماغی صلاحیتوں کی کمی کو 19 اتنا دور کردیتا ہے جو 19 سال کے برابر عرصہ تصور کیا جاسکتا ہے۔
سائنسدانوں کے ایک گروہ نے 40 ممالک میں 27 ہزار سے زائد افراد کا 5 سال تک مطالعہ کیا ہے۔ ان میں سے صحتمند غذائیں کھانے والوں میں دماغی صلاحیتوں کی کمی اوسطاً 24 فیصد کم رونما ہوئی۔ ماہرین دماغ ، حافظے اور دیگر صلاحیتوں کو بہترین بنانے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کا مشورہ دیتے ہیں۔
بعض تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مشروم، انڈے، جگر، مچھلی، شاخ گوبھی (بروکولی)، ٹماٹر، ٹیونا مچھلی، مونگ پھلی اور مٹر سے انسانی دماغ پر اچھے اثرات مرتب ہوتےہیں۔دوسری جانب ناریل کا تیل دماغ کے لیے ’ راکٹ ایندھن‘ کا کام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کیٹوجینک غذائیں بھی ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہیں۔
پالک
انہی صفحات پر ہم پالک کے ہت سے فوائد پیش کرچکے ہیں۔ پالک الفا لیپوئیک ایسڈ سے مالامال ہوتا ہے۔ چوہوں پر الفا لیپوئیک ایسڈ کے تجربات سے انکشاف ہوا ہے کہ ان سے چوہوں کی یادداشت اور ذہنی صلاحیت دونوں پر ہی بہتر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
وٹامن بی
وٹامن بی 12 کی کمی سے فوری طور پر ڈپریشن، یادداشت کی کمی اور دماغی الجھاؤ کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ بزرگ افراد میں اس کی کمی مزید شدید اثرات مرتب کرتی ہے۔ بوڑھے افراد کو وٹامن بی 12 کے ٹیکے لگائے گئے تو اس کے حیرت انگیز اثرات مرتب ہوئے۔ سوئزرلینڈ کے پنیر، دلیہ اور سیریل، بادام اور ناریل کا دودھ، میکرل مچھلی اور دیگر کھانوں میں وٹامن بی 12 کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے۔
کولائن سے بھرپور غذائیں
کولائن سپلیمنٹ کی بوتلوں پر اکثر جی پی سی لکھا ہوتا ہے جو ایک کیمیکل ’گلائسیروفاسفوکولائن‘ کا مختصر نام ہے ۔ اسے استعمال کرنے سے توجہ، کارکردگی، ارتکاز کی قوت بڑھ جاتی ہے۔ کولائن دودھ، سویابین، بندھ گوبھی، پالک، پھلیوں اور گریپ فروٹ میں پایا جاتا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہو گا۔
جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں کپتان اے بی ڈویلیئرز، ہاشم آملہ، فرحان بہاردین، کوینٹن ڈی کوک، جے پی ڈومنی، فاف ڈوپلیسیس، عمران طاہر، ڈیوڈ ملر، کرس موریس، لونگی اینجی ڈی، وین پارنل، اینڈی فیلوک وائیو، ڈوین پریٹوریس، کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی شامل ہیں جبکہ حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے کچھ دیر قبل کیا جائے گا۔
سری لنکا کے اسکواڈ میں کپتان اوپل تھرنگا، ویکوم سنجیا، دنیش چندی مل، دھنانجیا سلوا، چتورنگا دی سلوا، نیروشن ڈیکویلا، اسیلا گونارتنے، نووان کلاسیکرا، لاہیرو کمارا، سورنگا لکمل، لاہیرو مدوشانکا، کوشل مینڈس، سشیتھ پتھیرانا، لکشن سنداکن، جیفری ویندرسے اور سندون ویراکودی شامل ہیں جبکہ حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے کچھ دیر قبل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم )لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جام شورو میں طلبہ وطالبات کی صلاحتیں اجاگر کرنے کے غرض سے ماڈل یونائیٹڈ نیشن کا انعقاد کیا گیا ہے منعقد تقریب سے ڈاکٹر انیلہ عطائ،ڈاکٹر منیر احمد جونیجو،ڈاکٹر رسول بخش بھن، ڈاکٹر سجن ہالیپوٹو ،ڈاکٹرروشن علی بھٹی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لمس کی جانب سے طلبہ کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے غیر نصابی پروگرام کیے جاتے ہیں

اس موقع پر مختلف جامعات کے طلبہ کے مابین کوئز پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خفیہ و مشکوک اقتصادی سرگرمیوں پر جرمانے بڑھانے، بیرون ملک اثاثے وبینک اکاؤنٹس ظاہر نہ کرنے والے پاکستانیوں کے پاکستان میں موجود اثاثے ضبط کرنے سمیت دیگر تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ایف بی آر نے بجٹ کے ابتدائی خدوخال کا مسودہ تیار کرلیا ہے،آئندہ بجٹ میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کی باقی رہ جانے والی سفارشات کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کی سربراہی میں قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لیے ٹیکس سے متعلقہ تجاویز کے ابتدائی خدوخال کا جائزہ لینے کے لیے ٹیکس اصلاحات کمیشن کی عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کو منعقد ہوگاجس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کریں گے.

اجلاس میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کے ممبران اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 2017-18 کے وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے رپورٹ مرتب کی جائے گی اور مارچ میں مذکورہ کمیٹی کے تسلسل کے ساتھ اجلاس ہوں گے جن میں ان تجاویز کو فائنل کیا جائے گا جو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی فنڈنگ کے لیے بہت زیادہ آمدنی کمانے والے اداروں اور انفرادی ٹیکس دہندگان پر عائد سرچارج ٹیکس ایئر 2018 تک برقرار رکھا جائے گا۔