جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(سری نگر)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 3 کشمیری شہید ہوگئے۔
سری نگر سے 15 کلو میٹر دور ہدورا کے علاقے میں بھارتی فوج اور اسپیشل پولیس آپریٹنگ گروپ نے ایک گھر میں چھاپہ مارتے ہوئے 2 نوجوان کشمیریوں کو اٹھا کر جعلی مقابلے میں شہید کردیا جب کہ پولیس کا دعویٰ ہے سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارے جانے والے دونوں افراد غیرملکی ہیں۔
دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے قریب سندبانی سیکٹر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے ایک اور نوجوان کشمیری کی جان لے لی جب کہ فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے ایک گروپ کی جانب سے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی اور جوابی فائرنگ میں ایک شخص مارا گیا جب کہ دیگر افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام قابض فوج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(بیجنگ)جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے بیجنگ نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز رہے۔
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران جنوبی بحیرہ چین سے متعلق آئندہ امریکی حکمت عملی کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اس خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنائے گا۔
وائٹ ہاؤس کا یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے چین نے واضح کیا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین کا علاقہ ’’ناقابلِ تردید طور پر‘‘ اس کا حصہ ہے اور امریکہ اس خطے کو متنازعہ قرار دے کر وہاں دخل اندازی سے باز رہے۔
واشنگٹن کو جواب دیتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ امریکہ بحیرہ چین کے معاملے میں فریق نہیں اور اس خطے پر استحقاق کے حوالے سے چین کی پوزیشن بالکل واضح اور اس کے تمام اقدامات قانونی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے خلاف پروپیگنڈے کا کوئی موقع ضائع نہ کرنے والے بھارتی میڈیا نے اب دعویٰ کیا ہے کہ ہمسایہ ملک سے بھارت میں تربیت یافتہ خودکش کتے بھیجے جارہے ہیں۔
بھارتی چینل نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے بھارت کو خوفزدہ کرنے کیلیے خودکش جانورداخل کیے ہیں۔اس سے قبل بھارتی میڈیا نے پاکستان پرجاسوس کبوتربھیجنے کا الزام عائد کیا تھا اورپھرنام نہاد سرجیکل اسٹرائیکس جیسا بھونڈا دعویٰ کیا گیا اوریہ سلسلہ چلتے چلتے اب خودکش جانوروں تک آپہنچاہے اوربھارت آج تک ان الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن) نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ایک خصوصی صدارتی حکم نامے پر دستخط کریں گے جس کے تحت شامی پناہ گزینوں اور مسلم ممالک سے تارکین وطن کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی جبکہ امریکا کے ساتھ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر بھی شروع کردی جائے گی۔
اس حکم نامے کے بعد ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن سے آنے والے پناہ گزینوں کو امریکی سرزمین پر داخل ہونے نہیں دیا جائے گا اور یہ پابندی ممکنہ طور پر کئی ماہ کےلئے ہوگی۔
علاوہ ازیں تمام ملکوں سے تارکین وطن کی امیگریشن درخواستوں پر کارروائی بھی اس وقت تک کےلئے روک دی جائے گی جب تک امریکی محکمہ خارجہ اور ہوم لینڈ سیکیوریٹی ڈیپارٹمنٹ نئے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل نہیں دے دیتے، جو متوقع طور پر بہت سخت ہوں گے۔
گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں آنے والے دن کو ’’بڑا دن‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ بہت سی دوسری چیزوں کے علاوہ دیوار بھی تعمیر کریں گے۔ اندازہ ہے کہ مذکورہ صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکہ میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کو بھی بے دخل کردیا جائے گا۔

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پانامہ پیپرز کا مقدمہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف، وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کے باہمی ’تحائف‘ کا معاملہ بھی اٹھا چکی ہے۔ ایسے میں خودتحریک انصاف کے سرکردہ رہنماءجہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے متعلق ایسا انکشاف سامنے آ گیا ہے کہ عمران خان کو بھی خفت کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔
انگریزی اخبارنے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ”شریف خاندان پر تحائف کے الزامات عائد کرنے والی پی ٹی آئی کے اہم ترین رہنماءجہانگیرترین اور ان کی فیملی نے بھی 2009ءسے 2013ءکے درمیان 5سالوں میں ایک دوسرے کو 1ارب 64کروڑ 70لاکھ روپے کے تحائف دیئے ہیں۔
“اس چشم کشا انکشاف سے عمران خان کے حکمران خاندان پر لگائے گئے رقوم کے ایسے ہی تبادلوں کے الزامات کی قلعی کھل گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواہ ایسی ٹرانزیکشنز 100فیصد قانونی ہوں لیکن جیسا کہ عمران خان خود بارہا کہہ چکے ہیں کہ رقوم کی ایسی ٹرانزیکشنز کا اخلاقی پہلو متنازعہ ہوتا ہے اوراس کی جانچ پڑتال ضروری ہوتی ہے۔
کیا اب عمران خان جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے متعلق بھی ایسی ہی جانچ پڑتال کروائیں گے؟ پی ٹی آئی کے الزامات کے مطابق شریف خاندان نے 2009ءسے 2012ءتک 4سالوں میں ایک دوسرے کو 51کروڑ روپے مالیت کے تحائف دیئے، جبکہ جہانگیر ترین اور ان کے خاندان وہی طریقہ استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے کو اس سے تین گنا سے زائد مالیت کے تحائف دیئے اور اپنی دولت کو ہم آہنگ کیا۔
اس خبر پر ردعمل کے لیے جب جہانگیر ترین سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ”ٹیکس دہندہ کے طور پر میرا ریکارڈ بہترین ہے اورمیرے خاندان میں ایک دوسرے کو جتنے تحائف دیئے گئے وہ میری ٹیکس سٹیٹمنٹ میں ظاہر کیے گئے ہیں۔
مجھے ان میں سے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ تمام ٹرانزیکشنز قانونی تھیں۔“انہوں نے مزید کہا کہ ”پاکستانی قوانین کے تحت ایسے تحائف کا تبادلہ بالکل معمول کی بات ہے۔ یہ تمام تحائف میرے اور میرے بچوں کے ٹیکس ریکارڈ میں واضح کیے گئے ہیں جو خود اپنے آزادانہ کاروبار کر رہے ہیں۔“جب ان سے ایسی ٹرانزیکشنز کے اخلاقی پہلو کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ”میں ٹیکس چوری پر یقین نہیں رکھتا اور میری ٹیکس ریٹرنز میرے شفاف ریکارڈ کی گواہی دیتی ہیں۔“
واضح رہے کہ عمران خان کی طرف سے 20جنوری کو پریس کانفرنس میں اور بعدازاں بھی کئی مواقع پر شریف خاندان کی ایسی ہی ٹرانزیکشنز کا تمسخر اڑایا گیا ہے اور اسے ان کی کرپشن کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)ایٹمی بٹن پر کہیں امریکی صدرٹرمپ کی انگلی نہ آ جائے۔ ڈیموکریٹس نے ایٹمی حملے میں پہل کا اختیار واپس لینے کابل کانگریس میں جمع کرا دیا جس کے مطابق ایٹمی حملے میں پہل کا اختیار کانگریس کی منظوری سے مشروط کیا جائے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ بل 2ڈیموکریٹ سینیٹرز کی جانب سے کانگریس میں جمع کرایا گیا ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹرز کا کہنا تھاکہ انہوں نے یہ بل اس لیے جمع کرایا ہے کہ ٹرمپ صدارتی مہم کے دوران ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے خطرناک دعوے کرتے رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ٹرمپ اس حوالے سے امریکی صلاحیتوں سے پوری طرح آگاہ نہیں ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پی سی بی آف سیزن میں بھی غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو مصروف رکھے گا، چیئرمین شہریارخان کے مطابق انھیں ڈومیسٹک میچز دیکھ کر نئے ٹیلنٹ پر نظر رکھنے کی تاکید کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس وقت پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں غیرملکیوں کی بھرمار ہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، فٹنس کوچ گرانٹ لیوڈن اور فزیوتھراپسٹ شین ہیز سب ہی فارنرز ہیں، بالنگ کوچ سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود بھی اب برطانوی شہریت کے حامل اور وہیں رہتے ہیں، بورڈ چاہتا ہے کہ یہ سب آف سیزن کے دوران بھی پاکستان میں زیادہ وقت گزاریں، اس حوالے سے چیئرمین شہریارخان نے بتایا کہ ہم کوچنگ اسٹاف سے کہیں گے کہ جب قومی ٹیم مصروف نہ ہو تب وہ ملک میں ڈومیسٹک میچز دیکھ کر نئے ٹیلنٹ پر نظر رکھیں۔
غیرملکی کوچز کے ناکام ثابت ہونے کے سوال پر شہریارخان نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ٹیم چند ماہ قبل ہی ٹیسٹ نمبر ون بھی بنی تھی۔ یہ درست ہے کہ ون ڈے میں رینکنگ آٹھویں ہے مگر بہتری کیلئے یقینا کوششیں ہوں گی، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی میں بھی کارکردگی بہتر بنانا لازمی ہے، اس کیلئے سب سے اہم شعبہ فیلڈنگ ہے، جب تک اس میں بہتری نہ آئے آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔
انھوں نے کہا کہ آپ چاہے کھلاڑیوں کو 6،6 گھنٹے ٹریننگ کرائیں مسائل راتوں رات حل نہیں ہو سکتے، ہمارے ڈومیسٹک کرکٹ میں فیلڈنگ اور فٹنس کا کلچر نہیں ہے، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ وغیرہ ہم سے آگے ہیں، ہمیں فرسٹ کلاس میچز میں بھی فیلڈنگ کا معیار بہتر بنانا ہوگا تاکہ کھلاڑی جب قومی ٹیم میں آئیں تو بالکل تیار ہوں، اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ آئندہ ماہ پی ایس ایل کے بعد مارچ میں پاکستانی کرکٹرز کو ویسٹ انڈیز جانا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کاپانچواں اور آخری میچ کل(جمعرات کو)کھیلا جائیگا۔ یہ میچ اوول کے ایڈیلیڈ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر20 منٹ پر شروع ہوگا۔
آخری میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی جبکہ سٹیون سمتھ آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ چوتھے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کو 86 رنز سے شکست کا سامنا کرنا ہے جس کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز آسٹریلیا جیت چکا ہے۔ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کو تین ایک کی برتری حاصل ہے جبکہ آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ کیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) برازیل کو ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کوچ و منیجر لوئز فلپ سکولری نے کرسٹیانو رونالڈو کو لیونل میسی سے بہتر کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرتگالی اسٹرائیکر نے سخت محنت کے بل بوتے پر یہ مقام حاصل کیا۔
ایک انٹرویو میں دنیا کے دو بڑے کھلاڑیوں لیونل میسی اور رونالڈو کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ویسے تو دونوں کھلاڑی الگ الگ خصوصیات کے حامل ہیں لیکن میری نظر میں رونالڈو دنیا کا سب سے بہترین کھلاڑی ہے۔سکولری نے کہا کہ رونالڈو نے اس مقام تک پہنچنے کیلئے سخت محنت کی ہے اور خود کو دنیا کا بہترین فٹبالر بنایا ہے اسی لیے وہ مختلف کھلاڑی ہے جبکہ میسی چیزوں کو بہت آسان کر کے کھیلتے ہیں اور بلا کے ذہین ہیں۔
برازیل کے سابق منیجر نے کہا کہ سخت محنت کو شعار بنانے پر وہ رونالڈو کو دنیا کا سب سے بہترین کھلاڑی مانتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے دو سال میں برازیل کے میسی اور رونالڈو کو دنیا کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے محروم کر دیں گے کیونکہ ان کا کھیل اس مقام تک پہنچ جائیگا جس معیار کا کھیل یہ دونوں آج کل کھیل رہے ہیں۔
چائنیز سپر لیگ میں کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے فلپ سکولری نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو بارسلونا کے بجائے ریال میڈرڈ کی کوچنگ کرنے کو ترجیح دیں گے کیونکہ بارسلونا کے مقابلے میں ریال میڈرڈ میرے طرز کی فٹبال کے زیادہ قریب ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں مؤثر کردار ادا کیا،فوجی عدالتوں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، نیشنل ایکشن پلان سے،پنجاب میں دہشتگردی کی کمر توڑ دی ہے۔
میڈِیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ہونے کی باتیں پروپیگنڈہ ہیں, ،پنجاب میں دہشتگردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں ہے, ،پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرکے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے, ،پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہورہا ہے تو باقی صوبوں میں کیوں نہیں ہورہا؟.انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،فوجی عدالتوں نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے